Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • مزید حملے ہوئے تو ایران یو اے ای کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔پاسداران انقلاب

    مزید حملے ہوئے تو ایران یو اے ای کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔پاسداران انقلاب

    ایران کی پاسداران انقلاب نے متحدہ عرب امارات پر حملوں کا اعتراف کرلیا۔

    پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یو اے ای ایران پر حالیہ حملوں میں ملوث ہے، متحدہ عرب امارات پر کارروائی جوابی ردعمل تھا۔پاسداران نے یہ بھی کہا کہ مزید حملے ہوئے تو ایران اہم تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔

    علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے ملکی سلامتی کیلئے براہ راست خطرہ اور سنگین کشیدگی کی نشانی ہیں، اپنی خودمختاری اور سلامتی کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ترجمان اماراتی وزارت خارجہ نے ایرانی حملوں پر رد عمل جاری کردیا، بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے شہری مقامات اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف ورزی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات ایرانی حملوں کا بھرپور جواب دینے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔

    دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے لگی، آبنائے ہرمز پر امریکا کا پروجیکٹ فریڈم جاری ہے، ایرانی سویلین کشتیوں کو نشانہ بنا ڈالا، 5 شہری شہید ہوگئے۔ایرانی فوج نے بھی امریکی جہاز پر میزائل داغ دیے تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے تردید کردی۔ کہا امریکی بحری جہاز پر کوئی حملہ نہیں ہوا۔پاسداران انقلاب نے بحری جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت کیلئے آبنائے ہرمز کا نیا نقشہ جاری کردیا۔ صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی دھمکی دے دی۔ خبردار کیا کہ ایران نے امریکی جہازوں پر حملہ کیا تو اس کا نام ونشان مٹادیں گے۔وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکی صدر چند دن میں ایران کیخلاف فوجی کارروائی کی منظوری دے سکتے ہیں۔

  • آبنائے ہرمز میں کشیدگی، امریکا اور ایران کے متضاد دعوے

    آبنائے ہرمز میں کشیدگی، امریکا اور ایران کے متضاد دعوے

    آبنائے ہرمز میں حالیہ حملوں کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان بیانات اور جوابی دعوؤں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

    ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی نے مقامی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوج نے ایک امریکی جنگی جہاز کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا، جب اس نے آبنائے ہرمز میں داخل نہ ہونے کی وارننگ کو نظر انداز کیا۔ رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد مذکورہ جہاز ایرانی بندرگاہ جاسک کے قریب سے واپس مڑ گیا۔

    دوسری جانب امریکی فوج کے مرکزی کمانڈ، امریکی سینٹرل کمانڈ نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے کسی بحری جہاز کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز اب بھی خلیج میں معمول کے مطابق سرگرم ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایرانی مؤقف کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دو امریکی پرچم بردار تجارتی جہاز کامیابی سے آبنائے ہرمز سے گزرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فوج نے سات چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا، جب ایران نے ایسے جہازوں پر فائرنگ کی جو جنگ سے متعلق نہیں تھے، جن میں جنوبی کوریا کا ایک جہاز بھی شامل تھا۔

    ادھر تہران کا کہنا ہے کہ امریکی کارروائی میں ایران کی جانب جانے والی دو سویلین کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔دریں اثنا، جنوبی کوریا نے تصدیق کی ہے کہ اس کے پرچم بردار جہاز میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور جہاز میں سوار تمام 24 افراد محفوظ ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کی اصل وجہ کا تعین جہاز کے معائنے کے بعد کیا جائے گا۔

    ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز سے جہازوں کی محفوظ گزرگاہ کے لیے "پروجیکٹ فریڈم” کے نام سے ایک نیا منصوبہ بھی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس آپریشن میں 100 سے زائد زمینی اور بحری طیارے، بشمول ایف-16 لڑاکا طیارے، حصہ لے رہے ہیں۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ آپریشن دفاعی نوعیت کا ہے جس کا مقصد امریکی افواج اور تجارتی جہازوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔دوسری جانب ایران نے اس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے "پروجیکٹ ڈیڈلاک” قرار دیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں بلکہ یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے۔

    آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی بیان بازی نے عالمی برادری کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

  • امریکا کسی کے کہنے پر دوبارہ جنگ کے دلدل میں نہ پھنسے۔ایران

    امریکا کسی کے کہنے پر دوبارہ جنگ کے دلدل میں نہ پھنسے۔ایران

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کوششوں سے مذاکرات میں پیشرفت ہورہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی بحران کا فوجی حل نہیں ہوتا، امریکا کسی کے کہنے پر دوبارہ جنگ کے دلدل میں نہ پھنسے۔عباس عراقچی نے یو اے ای کو بھی تنبیہ کی کہ متحدہ عرب امارات بھی محتاط رہے، پروجیکٹ فریڈم دراصل پروجیکٹ ڈیڈلاک ہے۔

    دوسری جانب ایران کے چیف مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کا کہنا ہے امریکا اور اس کے اتحادیوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، امریکا اوراتحادیوں نےجہاز رانی اور توانائی کی ترسیل کی سلامتی خطرے میں ڈال دی ہے۔باقر قالیفاب کا کہنا تھا آبنائے ہرمز سے متعلق ایک نئی حکمتِ عملی اب مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

    علاوہ ازی ایرانی فوج کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے خبردار کیا ہے کہ امریکی ائیرکرافٹ کیرِیئر کی آبنائے ہُرمُز کی طرف بڑھنے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ ایک بیان میں کمانڈر ان چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایران نے دشمن سے نمٹنے کے لیے کروز میزائل اور لڑاکا ڈرون تعینات کردیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی ائیرکرافٹ کیریئر سمجھتا ہے کہ وہ خفیہ رہ سکنے والے ریڈار کی مدد سے آبنائے ہُرمُز تک پہنچ جائے گا۔ لیکن انہیں پتہ ہونا چاہیے کہ ایران کا جواب "فائر” ہوگا۔ ایرانی فوج کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایرانی فوج خلیج فارس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ایرانی سمندروں کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا۔

  • فجیرہ بندرگاہ پر بڑا سائبر حملہ، لاکھوں خفیہ دستاویزات چوری ہونے کا دعویٰ

    فجیرہ بندرگاہ پر بڑا سائبر حملہ، لاکھوں خفیہ دستاویزات چوری ہونے کا دعویٰ

    متحدہ عرب امارات کی اہم تجارتی گزرگاہ فجیرہ بندرگاہ کے خلاف مبینہ طور پر ایک بڑے سائبر حملے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس میں ہیکرز کی جانب سے لاکھوں خفیہ دستاویزات چوری کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

    ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق "حنظلہ” نامی ہیکر گروپ نے فجیرہ بندرگاہ کو نشانہ بناتے ہوئے ایک منظم سائبر آپریشن کیا۔ دعوے کے مطابق اس کارروائی کے دوران شپنگ، مالیاتی معاملات اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق 4 لاکھ 30 ہزار سے زائد حساس دستاویزات حاصل کی گئیں۔رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ حاصل کردہ خفیہ معلومات کو فجیرہ بندرگاہ پر ممکنہ ٹارگٹڈ حملوں میں معاونت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جس سے خطے میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ہیکر گروپ "حنظلہ” نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری تعاون ان کی نگرانی میں ہے اور اس کے "سنگین نتائج” برآمد ہو سکتے ہیں۔

    تاہم اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ خلیجی خطے میں سائبر سکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے، جس کے اثرات عالمی تجارت پر بھی مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

  • معرکہ حق، عشرہ تشکر،مرکزی مسلم لیگ نے سب کو پھر متحد کر دیا

    معرکہ حق، عشرہ تشکر،مرکزی مسلم لیگ نے سب کو پھر متحد کر دیا

    معرکہ حق کا ایک سال،مرکزی مسلم لیگ کے عشرہ تشکر کی تقریبات جاری،لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی ،گوجرانوالہ، شیخوپورہ، احمد پورشرقیہ، حیدرآباد، پشاور ،کوئٹہ، چنیوٹ، ایبٹ آباد،سیالکوٹ،پاکپتن، سمیت دیگر شہروں میں آل پارٹیز کانفرنسز ،اجلاسوں میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کے دفاع کی بات آئے گی تو بچہ بچہ جان قربان کرنا باعث سعادت سمجھتا ہے،معرکہ حق کی کامیابی سے بھارت آج تک دنیا بھر میں رسوا ہو رہا ہے

    معرکۂ حق “بنیان المرصوص” کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر مرکزی مسلم لیگ کی ملک بھر میں عشرۂ تشکر کی تقریبات جاری ہیں۔ اسلام آباد میں مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں سابق سینیٹر سید ظفر علی شاہ ،ن لیگی رہنما انجم عقیل ،سی ڈی اے مزدور یونین کے رہنما چوہدری یاسین و دیگر نے شرکت کر کے عسکری و سفارتی کامیابیوں کو سراہا۔ راولپنڈی میں آل پارٹیز کانفرنس سے مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، چیئرمین تحریک نوجوانان پاکستان عبداللہ گل، امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی عارف شیرازی،شہیر سیالوی، شیخ عبدالوحید و دیگر نے شرکت کی،ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی و دیگررہنماؤں کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کو جو عزت ملی یہ رب کا فضل ہے، شہدا کی قربانیوں کی بدولت، مسلح افواج کے شاندار کردار، قوم کے اتحاد کی وجہ سے پاکستان سرخرو ہوا،عشرہ تشکر کی تقریبات دس مئی تک جاری رہیں گی،پاکستان کا دفاع قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے،حیدر آباد میں جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر،مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم و دیگر نے اے پی سی سے خطاب کیا،اقلیتی ہندو کمیونٹی کے نمائندہ رہنما ڈاکٹر امریش کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندو ضرور ہیں مگر پاکستان ہمارا وطن ہے، اور ہمیں اپنی افواجِ پاکستان سے بے پناہ محبت ہے۔ ہم اپنے ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں،پاکستان میں تمام مذاہب اور طبقات ایک پرچم تلے متحد ہیں، پشاور ،گوجرانوالہ، چنیوٹ،ایبٹ آبا،احمد پور شرقیہ میں ،شیخوپورہ ،کوئٹہ ،سیالکوٹ ،پاکپتن،میں اے پی سیز اور اجلاسوں میں مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے تمام طبقات مل کر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے،دشمن کی جانب سے ہر سازش کے خلاف پاکستانی قوم بنیان مرصوص نظر آئے

  • راولپنڈی سے بھارتی شہری گرفتار

    راولپنڈی سے بھارتی شہری گرفتار

    راولپنڈی میں پولیس نے مشکوک سرگرمیوں پر بھارتی شہری کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    پولیس کا مقدمے میں کہنا ہے کہ مشکوک شخص دھمیال جارہا تھا، پولیس کو دیکھ کر واپس مڑا، مشکوک شخص کے پاس کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں۔پولیس نے مزید کہا ہے کہ ملزم نے اپنا نام دلیر مشتاق اور بھارت کا رہائشی ہونے کا بتایا، مشکوک شخص سے 2 بال پین اور 1750 روپے پاکستانی کرنسی ملے۔

    راولپنڈی کے تھانہ ویسٹریج پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم بھارت شہری کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے خلاف فارنر ایکٹ 1946 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی 2 مئی 2026 کو چوہر چوک کے علاقے میں معمول کی گشت اور پڑتال کے دوران کی گئی۔ پولیس پارٹی میں سب انسپکٹر رجب علی اور دیگر اہلکار شامل تھے جو مشکوک افراد کی چیکنگ میں مصروف تھے۔گشت کے دوران ایک شخص مصریال روڈ کی جانب سے پیدل آتا ہوا دیکھا گیا جو پولیس کو دیکھ کر واپس مڑنے کی کوشش کرنے لگا۔ مشکوک رویے پر پولیس نے اسے قابو میں لے کر پوچھ گچھ کی۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنا نام دلیر مشتاق ولد مشتاق احمد صوفی اور خود کو بھارت (انڈیا) کا رہائشی ظاہر کیا۔ تاہم وہ پاکستان میں داخلے اور رہائش کے حوالے سے کوئی سفری یا قانونی دستاویزات پیش نہ کر سکا۔پولیس کے مطابق ملزم کی جامہ تلاشی کے دوران اس کی قمیض کی جیب سے دو عدد بال پوائنٹ پین، چار سفید کاغذات اور 1750 روپے پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی، جنہیں قبضے میں لے لیا گیا۔پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو کر یہاں مقیم تھا، جس پر فارنر ایکٹ 1946 کی دفعہ 14 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تھانہ ویسٹریج منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

  • لاہور ہائیکورٹ، میشا شفیع کی مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد

    لاہور ہائیکورٹ، میشا شفیع کی مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد

    لاہور ہائیکورٹ نے گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ مشروط طور پر معطل کردیا، مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی۔

    لاہور ہائیکورٹ نے میشا شفیع کے سیشن عدالت کے 50 لاکھ ہرجانے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر میشا شفیع کو 50 لاکھ ہرجانے کا فیصلہ مشروط طور پر معطل کردیا،میشا شفیع کو جرمانےکی آدھی رقم 25لاکھ روپے کیش جمع بطور گارنٹی جمع کروانے کا حکم دے دیا،عدالت نےمیشا شفیع کو 25لاکھ روپے کی شورٹی جمع کروانے کاحکم دیتے ہوئے میشا شفیع کی اپیل پر علی ظفر کو نوٹس جاری کردیا. عدالت نے میشا شفیع کے وکیل کی ٹرائل کورٹ کا مکمل فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی.لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے اپنے فیصلے میں میشا شفیع کو دوبارہ جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرنے سے روکا ہے. ٹرائل کورٹ کے اس فیصلے کو معطل نہیں کرسکتے. کسی کو اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے.

  • بھارت سمجھ گیا تھا پاکستان سے لڑنا ممکن نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    بھارت سمجھ گیا تھا پاکستان سے لڑنا ممکن نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی میں حکومت سندھ کے زیر اہتمام معرکہ حق کی تقریب میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر صوبائی وزراء اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کو تھوڑی دیر میں پتہ چل گیا تھا پاکستان متحد ہے، بھارت سمجھ گیا تھا پاکستان سے لڑنا ممکن نہیں، معرکہ حق میں کامیابی ہماری مسلح افواج اور پوری قوم کی فتح ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 10 جنوری 1972ء کو قائد عوام ذوالفقار بھٹو کی میٹنگ میں ایٹمی طاقت بننے کا فیصلہ ہوا، پیپلزپارٹی پاکستان کے دفاع میں کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر زبردست قیادت کررہے ہیں، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کرانا بھی کسی معرکے سے کم نہیں۔

    سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاک فوج کا دشمن کو منہ توڑ جواب دینا ہمارے لیے عید کا دن تھا، ہماری افواج نے بھارت کو عبرتناک جواب دیا، پاکستان مضبوط ملک ہے، دشمن میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا۔

  • شکیرا کا تاریخی فری کنسرٹ، دو ملین افراد کی شرکت

    شکیرا کا تاریخی فری کنسرٹ، دو ملین افراد کی شرکت

    عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا کا جادو چل گیا اور ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے کانسرٹ میں لاکھوں کا مجمع گلوکارہ کی آواز کے سحر میں کھو گیا۔

    ریوڈی جنیرو کے کوپا کبانا ساحل پر چودھویں کے چاند کی روشنی کے دوران گلوکارہ شکیرا کی سحر انگیز آواز کو براہ راست سننے کے لیے 20 لاکھ کا مجمع امڈ آیا، لاطینی موسیقی کی ملکہ نے لاکھوں دلوں کو جیت لیا اور ہر کوئی جھومنے پر مجبور ہو گیا،کولمبو سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ کے کانسرٹ کو اسی مقام پر گزشتہ برس ہونے والے لیڈی گاگا اور 2024 میں ہونے والے میڈونا کے کانسرٹس سے تشبیہ دی جا رہی ہے جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی تھی۔

    برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے میئر کے مطابق اس کنسرٹ میں تقریباً 20 لاکھ (دو ملین) افراد نے شرکت کی، جو حالیہ برسوں کے سب سے بڑے عوامی اجتماعات میں سے ایک شمار کیا جا رہا ہے۔یہ کنسرٹ 3 مئی 2026 کو منعقد ہوا، جہاں شکیرا نے اپنے مداحوں کے لیے یادگار پرفارمنس پیش کی۔ ساحلِ سمندر پر موجود لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا، جبکہ پورا علاقہ موسیقی، روشنیوں اور جشن کے ماحول میں ڈوبا رہا۔کنسرٹ کے دوران شکیرا نے اپنے کیریئر کے مشہور گانے پیش کیے، جن میں Hips Don’t Lie، La Tortura اور La Bicicleta شامل تھے۔ ان گانوں پر لاکھوں افراد جھومتے اور گنگناتے دکھائی دیے۔اپنے خطاب میں شکیرا نے جذباتی انداز میں کہا “میں جب 18 سال کی تھی تو یہاں آئی تھی اور آپ سب کے لیے گانے کا خواب دیکھا تھا، اور آج یہ منظر دیکھیں، زندگی واقعی جادوئی ہے۔”

    یہ کنسرٹ نہ صرف شکیرا کے کیریئر کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا بلکہ ریو ڈی جنیرو کی ثقافتی سرگرمیوں میں بھی ایک بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی عالمی شہرت یافتہ گلوکارائیں جیسے Lady Gaga اور Madonna اسی مقام پر بڑے پیمانے پر کنسرٹس کر چکی ہیں، جن میں بھی لاکھوں افراد شریک ہوئے تھے۔سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ اتنے بڑے ہجوم کو محفوظ رکھا جا سکے۔ مقامی حکام کے مطابق تقریب پُرامن رہی اور کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ماہرین کے مطابق اس طرح کے مفت کنسرٹس نہ صرف سیاحت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ شہر کی عالمی سطح پر تشہیر کا بھی باعث بنتے ہیں۔ شکیرا کا یہ کنسرٹ بھی برازیل کے ثقافتی منظرنامے میں ایک یادگار باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

  • جس نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے اس کے پیچھے جانا چاہیے، محسن نقوی

    جس نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے اس کے پیچھے جانا چاہیے، محسن نقوی

    وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے حوالے سے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،

    لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کا خیال ہے کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو غیرقانونی تھا،جس طریقے سے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو بیچا گیا، تمام معاملے پر کمیٹی بن گئی ہے، کمیٹی کے سامنے بھی یہی موقف رکھیں گے، جیت قانون کی ہوگی،ہر ایک کے لیے قانون ہونا چاہیے، چاہے وہ امیر ہے یا غریب، یہ نہیں ہو سکتا کہ امیر کے لیے کچھ اور غریب کے لیے کچھ اور قانون ہو،میرا نہیں خیال پاکستان کی تاریخ میں اتنا بڑا فراڈ ہو گا، جس میں ججز، بیوروکریٹس، سیاستدان، بینکرز سب شامل ہیں۔ 21 سال وہ پیسے کھلاتا رہا اور یہ پیسے کھاتے رہے،میں تجویز دوں گا کہ جس نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے اس کے پیچھے جانا چاہیے، سی ڈی اے کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہوں اور ان کو سپورٹ کروں گا۔

    دوسری جانب خیبر پختونخوا کے عوام کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد میں ون کانسٹیٹیوشن ایونیو آپریشن اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف حکومتی کارروائی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔متعلقہ نوٹیفکیشن میں واضح تھا کہ اس زمین پر صرف ہوٹل تعمیر ہونا تھا، تاہم مبینہ طور پر بعض عناصر نے اسے رہائشی سوسائٹی اور اپارٹمنٹس میں تبدیل کر دیا۔عوام کاکہنا ہے کہ عدالتوں کی جانب سے بھی اس منصوبے میں اپارٹمنٹس کی تعمیرکرنے والوں کو سخت سزا دی جاۓ اور ہوٹل کے مقصد کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔خیبر پختونخوا کے شہریوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مبینہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کریں۔خیبر پختونخوا کے عوام کے مطابق سرکاری زمین کو صرف عوامی مفاد اور ہوٹل منصوبے کیلئے استعمال ہونا چاہیے تھا، نہ کہ غیر قانونی رہائشی یونٹس کیلئے۔اس معاملے میں مکمل شفافیت اور قانونی عمل کی سختی سے پیروی ضروری ہے تاکہ ریاستی اثاثوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔خیبر پختونخوا کے عوام کے مطابق اصل ضرورت یہ ہے کہ تمام فیصلے قانون، شفافیت اور عوامی مفاد کے مطابق کیے جائیں۔