Baaghi TV

Blog

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا یوم عاشورہ پر 2 چھٹیوں کا اعلان

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا یوم عاشورہ پر 2 چھٹیوں کا اعلان

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے یوم عاشورہ پر چھٹیوں کا اعلان کیا ہے-

    اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ٹریڈنگ رائٹس سرٹیفکیٹ ہولڈرز، اسٹاف اور متعلقہ افراد کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ 25 جون 2026 (جمعرات) اور 26 جون 2026 (جمعہ) کو 9 اور 10 محرم الحرام 1448 ہجری کے موقع پر بند رہے گی، اسٹاک مارکیٹ عیدالفطر، عیدالاضحیٰ، عاشورہ اور ربیع الاول کے مواقع پر عام تعطیلات کے دوران بند رہتی ہے اور ان دنوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہتی ہیں۔

    وفاقی حکومت اور سندھ حکومت نے بھی پیر کے روز ملک بھر میں 25 اور 26 جون یعنی جمعرات اور جمعہ کو یوم عاشور کے موقع پر عام تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔

    دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر مثبت رجحان ریکارڈ کیا گیا، جہاں انڈیکس میں تقریباً 500 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ایک موقع پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 178,970.18 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 498.32 پوائنٹس یعنی 0.28 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

    مارکیٹ میں سیمنٹ، کمرشل بینکس، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور پاور جنریشن کے شعبوں میں خریداری کا رجحان غالب رہا،حبکو، او جی ڈی سی ایل، پاکستان آئل فیلڈز، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان اسٹیٹ آئل، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک اور یونائیٹڈ بینک جیسے بڑے انڈیکس شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ ہوتے رہے۔

  • قومی اسمبلی نے قومی بجٹ 2026.27 کی منظوری دے دی

    قومی اسمبلی نے قومی بجٹ 2026.27 کی منظوری دے دی

    وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی پہنچنے پر محمود خان اچکزئی اور دیگر اپزیشن لیڈرز سے مصافحہ کیا۔

    قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت جاری ہے۔وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزراء کے ہمراہ اجلاس میں پہنچے، انہوں نے اپنی سیٹ پر بیٹھنے سے پہلے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، اسد قیصر سمیت دیگر رہنماؤں سے مصافحہ کیا۔

    قومی اسمبلی نے قومی بجٹ 2026.27 کی منظوری دیدی، قومی اسمبلی نے فنانس بل 2026 منظور کرلیا،فنانس بل وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیش کیا، تحریک انصاف منظوری کے دوران موجود نہ تھی، بجٹ میں شامل ٹیکس و ڈیوٹی سے متعلق ترامیم پر عمل درآمد یکم جولائی سے شروع ہوگا ،بجٹ کا مجموعی حجم 18 ہزار ارب روپے سے زائد ہے

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ یہ حکومت جائز نہیں ہے اگر 2018 کی حکومت جائز تھی تو یہ حکومت بھی جائز ہے اس وقت تو جہاز بھر بھر کر پٹے پہنا کر حکومت بنائی گئی ،آپ کو تحقیقات کا شوق ہے تو 2018 سے شروع کرلیں اس کے بعد 2024 کے انتخابات پر بھی آجائیں گے۔

    سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اپوزیشن لیڈر کے ان پر الزامات پر برس پڑے منہ توڑ جواب دیا اچکزئی سپیکر کا جواب سنے بغیر ایوان سے واک آؤٹ کرگئے ،سپیکر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ مجھے کہا گیا میں نے آئین توڑا ،مجھے بتایا جائے میں نے کون سا آئین توڑاہے ،اگر آپ پاکستان کے مقابلے میں افغانستان کا ساتھ دینے کا اعلان کریں گے تو میں اپکو نہیں کرنے دوں گا اگر آپ فوج اور عدلیہ کے خلاف بات کریں گے تو نہیں کرنے دوں گا ۔اگر پاکستان کے آئین پر عمل کرنا آئین توڑنا ہے تو بار بار توڑوں گا۔سپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر کے الزامات کا جواب دیتے جذباتی ہوگئے

  • کیمرے کی آنکھ دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم ٹیکس چوری کو پکڑے گا،وزیراعلیٰ پنجاب

    کیمرے کی آنکھ دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم ٹیکس چوری کو پکڑے گا،وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: پنجاب حکومت نے ٹیکس چوری اور مالی بے ضابطگیوں کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑی فوڈ چینز کی مؤثر مانیٹرنگ کیلئے جدید کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق جعلی رسیدیں جاری کرنے، سیلز چھپانے اور ٹیکس فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بڑے ریسٹورنٹس میں نقد ادائیگی کے بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ کو لازمی قرار دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ مالی لین دین کو شفاف بنایا جا سکے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا نقد ادائیگیوں سے ڈیجیٹل نظام کی جانب منتقل ہو سکتی ہے تو پاکستان بھی یہ تبدیلی اپنا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہر قسم کی بے ضابطگی پر نظر رکھی جائے گی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ "کیمرے کی آنکھ دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم ٹیکس چوری کو پکڑے گا”، جبکہ متعلقہ اداروں کو ٹیکس وصولیوں اور مختلف شعبوں کی سیکٹرل میپنگ سے متعلق ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

  • بلوچ یکجہتی کمیٹی کاریاست مخالف مسنگ پرسنزبیانیہ ایک بارپھربری طرح فلاپ

    بلوچ یکجہتی کمیٹی کاریاست مخالف مسنگ پرسنزبیانیہ ایک بارپھربری طرح فلاپ

    فتنہ الہندوستان کی حمایت یافتہ بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے ریاست مخالف ’’مسنگ پرسنز‘‘ بیانیے کو ایک بار پھر شدید دھچکا پہنچا ہے، جب تنظیم کی جانب سے لاپتہ قرار دیے گئے ایک شخص کے بارے میں نئی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی نے 17 اگست 2025 کو یوسف نامی شخص کو جبری گمشدگی کا شکار قرار دیتے ہوئے اس کی گمشدگی کا الزام ریاستی اداروں پر عائد کیا تھا۔ یوسف کو بی وائی سی کے احتجاجی دھرنوں اور بیانات میں بطور ’’لاپتہ فرد‘‘ پیش کیا جاتا رہا۔تاہم بعد ازاں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق یوسف درحقیقت 2025 میں بھارتی پراکسی دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان میں شامل ہوا تھا، جس کا اعتراف خود تنظیم کی جانب سے بھی کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسف 5 مارچ 2026 کو ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز پر کیے گئے ایک دہشت گردانہ حملے کے دوران مارا گیا۔ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد بلوچ یکجہتی کمیٹی کے اس دعوے پر سوالات اٹھ رہے ہیں کہ جن افراد کو ’’لاپتہ‘‘ قرار دیا جاتا ہے، ان میں سے بعض بعد میں دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ وابستہ پائے جاتے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یوسف کے معاملے نے ایک بار پھر مسنگ پرسنز سے متعلق پیش کیے جانے والے بعض بیانیوں کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔

    سیکیورٹی حلقوں کے مطابق ریاستی ادارے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ایسے واقعات حقائق کی بنیاد پر تحقیقات اور معلومات کی تصدیق کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔

  • پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام

    پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام

    پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک بڑی سازش ناکام بنا دی۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے ایک کامیاب آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی سامان برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے چار راکٹ فیوز، متعدد دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) اور دیگر حساس مواد قبضے میں لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا دھماکہ خیز مواد کسی بڑے دہشت گرد حملے میں استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں علاقے کو ممکنہ بڑی تباہی اور جانی نقصان سے محفوظ بنا لیا گیا۔ فورسز نے برآمد شدہ مواد کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دہشت گرد نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔علاقے کے مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • ایران امریکا  مذاکرات:عالمی میڈیا نے بھی پاکستان کے مثبت کردار کو نمایاں کوریج دی ہے،وزیراعظم

    ایران امریکا مذاکرات:عالمی میڈیا نے بھی پاکستان کے مثبت کردار کو نمایاں کوریج دی ہے،وزیراعظم

    وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بین الاقوامی پیشرفت خطے کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، سفارتکاری اور پرامن حل کی حمایت کی ہے اور قومی مفاد کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ایک تاریخی دن ہے اور وہ قومی معاملات پر ایوان کو اعتماد میں لینا چاہتے ہیں پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور بین الاقوامی سطح پر سفارتی کوششیں مسلسل جاری ہیں حالیہ بین الاقوامی پیشرفت خطے کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، سفارتکاری اور پرامن حل کی حمایت کی ہے اور قومی مفاد کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں، مذاکر ات میں تاریخی پیش رفت ہوئی ہے جو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے لیے خوش آئند ہے۔

    شہباز شریف نے بتایا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے سوئٹزرلینڈ میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ملاقاتیں ہوئیں جبکہ پاکستان نے دونوں فریقوں کے درمیان فاصلے کم کرنے اور مذاکرات کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان نے خلوص نیت اور سنجیدگی کے ساتھ سفارتی کوششیں کیں، مذاکراتی عمل دن رات جاری رہا اور رات گئے تمام فریقین کے اتفاق سے مشترکہ اعلامیہ تیار کیا گیا، جس کی بعد ازاں تمام متعلقہ فریقوں نے توثیق بھی کی۔

    وزیراعظم کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی ہو چکی ہے جبکہ آئندہ 60 روز کے دوران تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری رہیں گے ان مذاکرات میں جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل پروگرام اور منجمد اثاثوں سمیت دیگر اہم معاملات پر بات چیت کی جائے گی، پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی کم ہوئی ہے اور ملک نے امن و استحکام کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے 60 روز کے اندر مفاہمتی یادداشت ایک مستقل اور دیرپا معاہدے کی شکل اختیار کر سکتی ہے، جس سے خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کی امید پیدا ہوئی ہے۔

    شہباز شریف نے پوری قوم، پارلیمنٹ اور اپوزیشن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مذاکراتی عمل میں کلیدی اور تاریخی کردار ادا کیا ہے عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے اور عالمی میڈیا نے بھی اس مثبت کردار کو نمایاں کوریج دی ہے وزیراعظم نے اسے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا مثبت عالمی تشخص اربوں روپے خرچ کرنے سے بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا تھا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ایرانی صدرآج پاکستان پہنچ رہے ہیں ایرانی صدر پاکستان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں اور اس دوران دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، علاقائی امن اور استحکام سمیت مختلف امور پر اہم ملاقاتیں ہوں گی پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مضبوط اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔

    اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے ملکی سیاسی صورتحال کا بھی ذکر کیا اور اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اختلافی معاملات اٹھانے کا نہیں تھا بلکہ قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے تھااگر پاکستان تحریک انصاف کو تحقیقات کا اتنا ہی شوق ہے تو پھر تحقیقات کا آغاز 2018 سے کیا جانا چاہیے تاکہ تمام معاملات قوم کے سامنے آسکیں۔

  • مقبوضہ جموں وکشمیر کے شہری کا پاکستان کی عسکری قیادت  سے والہانہ محبت کااظہار

    مقبوضہ جموں وکشمیر کے شہری کا پاکستان کی عسکری قیادت سے والہانہ محبت کااظہار

    مقبوضہ جموں وکشمیر کے شہری کا پاکستان کی عسکری قیادت سے والہانہ محبت کااظہار سامنے آیا ہے

    مقبوضہ جموں وکشمیر کے شہری نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کیخلاف سخت ایکشن لینےکی اپیل کر دی، سری نگر کے لال چوک سےکشمیری شہری کاویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں شہری کا کہنا تھا کہ امریکا، ایران امن معاہدے کے پس پردہ پاکستان کی عسکری قیادت کا اہم کردار ہے. جنگ بندی کرانے پر پاکستانی عسکری قیادت کوسلام پیش کرتےہیں.مقبوضہ جموں وکشمیرکے شہری نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کوبھی آڑے ہاتھوں لےلیا.

    مقبوضہ کشمیر کےشہری نےکالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو بھارتی ایجنٹ قراردے دیا،کہاآزادجموں وکشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی بھارتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے.بیرونی طاقتوں کےایجنڈے پر کام کرنے والوں کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے. پورا یقین ہےکہ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیرمقبوضہ کشمیرسےاٹھنے والی آوازوں کاساتھ دینگے.

  • کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کوبڑا جھٹکا،باغ سے  کور ممبر افتخار  محمود کا لاتعلقی کا اعلان

    کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کوبڑا جھٹکا،باغ سے کور ممبر افتخار محمود کا لاتعلقی کا اعلان

    بیرونی ایماء پر آزاد جموں و کشمیر میں افراتفری اور قتل وغارت پھیلانے والی انتشاری کمیٹی سے اپنے ارکان بھی لاتعلقی کا اعلان کررہے ہیں،کور ممبر افتخار محمود نے ویڈیو پیغام میں کالعدم کمیٹی کے انتشار کو مسترد کر کے نوجوانوں کو مثبت سیاست کی جانب واپس آنے کی اپیل کر دی

    باغ سے تعلق رکھنے والے کالعدم ایکشن کمیٹی کے کور ممبر افتخار محمود نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بطور کور ممبر وچیئرمین آل آزاد کشمیرانجمن تاجران انتشاری کمیٹی کی سرگرمیوں سے شدید اختلاف کرتا ہوں،ریاست مخالف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث کالعدم ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی اور بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہوں، ہماری پرامن تحریک کا رخ موڑ کر اسے پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے کو نقصان پہنچانے کیلئے استعمال کیاگیا ہے، انتشاری کمیٹی کے کچھ لوگ پاکستان کیخلاف زہرالگنے کیلئے پلیٹ فارم استعمال کر رہے ہیں ، نوجوانوں اپنے مستقبل کو پاکستان مخالف سرگرمیوں کی بھینٹ نہ چڑھائیں ، ریاست پاکستان کیخلاف اٹھنے والی کسی آواز ،سرگرمی یا پھرعلیحدگی پسند تنظیم سے نہ ہمارا کوئی تعلق نہیں،

    کورممبر افتخار محمود سے قبل کورممبرانجم زمان اور امجد علی خان ایڈووکیٹ بھی کالعدم ایکشن کمیٹی سے اظہار لاتعلقی کر چکےہیں ،ماہرین کا کہنا ہے کہ کالعدم کمیٹی کےکورممبر افتخار محمود کی طرف سے دیئے جانے والے پیغام سے شرپسند ٹولے کا انتشاری ایجنڈا کھل کر سامنے آگیا ہے، کالعدم ایکشن کمیٹی کے ممبران کی علیحدگی سے واضح ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر کےعوام اس انتشاری کمیٹی کے مذموم مقاصد کو خود ناکام بنا رہے ہیں ،

  • بھارتی فن ٹیک کمپنی کریڈ کے بانی واٹس ایپ کے نئے سربراہ مقرر

    بھارتی فن ٹیک کمپنی کریڈ کے بانی واٹس ایپ کے نئے سربراہ مقرر

    میٹا نے بتایا ہے کہ واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھ کارٹ (Will Cathcart) سات سال سے زائد عرصے تک خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

    میٹا کے مطابق ول کیتھ کارٹ کی جگہ بھارتی فن ٹیک (Fintech) کمپنی کریڈ کے بانی کنال شاہ واٹس ایپ کی قیادت سنبھالیں گے میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی ول کیتھ کارٹ کے ساتھ کام جاری رکھنے کے منتظر ہیں اور ول کیتھ کارٹ میٹا میں ہی اپنی ٖخدمات جاری رکھیں گے،کنال شاہ کی سوچ، کاروباری تجربہ اور عالمی وژن انہیں واٹس ایپ کی قیادت کے لیے موزوں بناتا ہے

    میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ کریڈ میں 900 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا اوراس سرمایہ کاری کے بعد کریڈ کی مالیت 4.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ میٹا نے 2014 میں واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔ اس وقت واٹس ایپ کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 3 ارب سے تجاوز کر چکی ہے۔

  • امریکی انٹیلیجنس ادارے میں بڑے پیمانے پر برطرفیاں

    امریکی انٹیلیجنس ادارے میں بڑے پیمانے پر برطرفیاں

    امریکی انٹیلیجنس کے اعلیٰ ترین ادارے آفس آف دی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس میں بڑے پیمانے پر ملازمین کی برطرفیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے-

    سی این این کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے پیر کے روز اس ادارے میں بڑے پیمانے پر کٹوتیوں کا آغاز کیا، اور اطلاعات ہیں کہ ممکنہ طور پر سینکڑوں ملازمین کو برطرفی کے نوٹس دیے جا رہے ہیں،یہ کارروائی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نامزد کیے گئے قائم مقام ڈائریکٹر بل پلٹ کی نگرانی میں کی جا رہی ہے، جن کی تقرری پر کانگریس میں پہلے ہی تنازع موجود رہا ہے کیونکہ ان کا انٹیلیجنس کے شعبے میں کوئی تجربہ نہیں ہے۔

    ایک اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ ڈیپ اسٹیٹ کی برطرفیاں شروع ہو گئی ہیں”، تاہم ابھی تک برطرف کیے جانے والے افراد کی حتمی تعداد جاری نہیں کی گئی، بل پلٹ نے گزشتہ ہفتے اپنی نئی ذمہ داریاں ایک دن پہلے ہی سنبھال لیں اور مبینہ طور پر دفتر کے تمام ملازمین کی فہرست طلب کی، جس سے سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر تلسی گبارڈ بھی حیران رہ گئیں،ایک اور ذریعے کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر میں تقریباً 400 ملازمین کی برطرفی کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے-

    ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ادارے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر اور نیشنل کاؤنٹر انٹیلی جنس اینڈ سیکیورٹی سینٹر ہوں گے، سینیٹ اور ایوان نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹیوں کے ڈیموکریٹ ارکان نے سخت خدشات ظاہر کیے تھے۔ سینیٹر مارک وارنر اور رکن کانگریس جم ہائمز نے خط میں خبردار کیا تھا کہ بڑے پیمانے پر کٹوتیاں قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں اگرچہ ادارے میں محدود اصلاحات کی گنجائش موجود ہے، لیکن پہلے ہی 2025 میں بڑی کمی کے بعد مزید بڑے پیمانے پر برطرفیاں 9/11 کے بعد قائم کیے گئے اس ادارے کے بنیادی مشن یعنی دہشتگردی کی روک تھام کو متاثر کر سکتی ہیں۔

    وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک سوشل میڈیا بیان کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے بل پلٹ کو دفتر کی فوری تنظیم نو اور عملے میں کمی کی ہدایت دی تھی جبکہ سابق انٹیلیجنس حکام اور قانون سازوں نے خبردار کیا ہے کہ اس نوعیت کی بڑی کٹوتیاں حکومت کی دہشتگردی کے خطرات کو بروقت شناخت کرنے اور روکنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہیں۔