Baaghi TV

Blog

  • ترکی انٹیلی جنس نے داعش خراسان کا سینئر کارندہ گرفتار کر لیا

    ترکی انٹیلی جنس نے داعش خراسان کا سینئر کارندہ گرفتار کر لیا

    ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (MIT) نے احمد قازانجی کو گرفتار کر لیا ہے، جو داعش خراسان کا ایک سینئر رکن تھا اور دہشت گرد گروہ کی ترک زبان میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کرتا تھا۔

    قازانجی، جو ابو عبیدہ اور ابو ابراہیم کے فرضی نام استعمال کرتا تھا، کو اوزگور آلتون (جسے ابو یاسر الترکی کے نام سے جانا جاتا ہے) کا جانشین قرار دیا گیا ہے۔ آلتون گروہ کا سابق ترک میڈیا چیف تھا، جسے پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے افغانستان سے پاکستان داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا اور بعد ازاں ترکی منتقل کیا گیا۔MIT کی تحقیقات کے مطابق قازانجی ترکی سے افغانستان گیا اور وہاں داعش خراسان میں شامل ہو گیا، جہاں اس نے عسکری تربیت حاصل کی۔حکام نے بتایا کہ وہ آلتون کے ساتھ کام کرتا رہا، جو ترکی سے بھرتی کیے گئے افراد کو افغانستان منتقل کرنے کا بھی ذمہ دار تھا۔آلتون کی گرفتاری کے بعد قازانجی نے اس کی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور تنظیم کی میڈیا اور پروپیگنڈا سرگرمیاں جاری رکھیں۔حکام کے مطابق، قازانجی نے دورانِ تفتیش آلتون سے اپنے تعلقات کا اعتراف کیا اور داعش خراسان میں اپنی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کیں۔اس نے افغانستان میں تنظیم کے اندر عسکری اور مذہبی تربیت حاصل کرنے کا بھی اعتراف کیا اور گروہ کے میڈیا و پروپیگنڈا نیٹ ورک میں اپنے کردار کو واضح کیا۔

    ترک حکام کے مطابق اس کارروائی نے ترکی کو نشانہ بنانے والے داعش کے منصوبوں کو ناکام بنایا، تنظیم سے منسلک بھرتی نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا اور آئندہ کارروائیوں سے متعلق اہم انٹیلی جنس حاصل کی۔داعش خراسان صوبہ (Daesh-K) داعش دہشت گرد گروہ کا افغانستان میں قائم علاقائی ونگ ہے۔

  • بلوچستان میں بین المذاہب ہم آہنگی ،بھائی چارہ اور رواداری کی مثال قائم

    بلوچستان میں بین المذاہب ہم آہنگی ،بھائی چارہ اور رواداری کی مثال قائم

    بلوچستان میں بین المذاہب ہم آہنگی ،بھائی چارہ اور رواداری کی مثال قائم ہو گئی ہے

    کوئٹہ میں ایک صدی سے قائم بین المذاہب ہم آہنگی معاشرے میں پرامن بقائے باہمی کو مضبوط کر رہی ہے ،صدربلوچستان شیعہ کانفرنس عاشق حسین ہزارہ کا کہنا ہے کہ تمام مکاتب فکر کیساتھ ہمارے بہترین تعلقات ہیں، ہر بار سکیورٹی فورسز اور حکومت اطمینان بخش انتظامات کرتی ہیں، محرم الحرام کے انتظامات بارے اجلاس میں تمام مکاتب فکر اور مسیح برادری بھی شریک ہوتی ہے، مذہبی اسکالر ڈاکٹر موسیٰ حسینی کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کو مذہبی عقید ت کیساتھ منایا جاتا ہے،تمام مکاتب فکر شرکت کرتےہیں، کوئٹہ میں ہر محرم الحرام پر محبت،بھائی چارہ اور رواداری کی مثال قائم کی جاتی ہے ،

    صوبائی پیغام امن کمیٹی کے رکن پادری سائمن بشیر نے بھی مسلمانوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ مسیحی برادری محرم کے جلوسوں میں ہر ممکن تعاون کرتی ہے،تفرقہ پھیلانے کی ہر سازش کو ناکام کیا جائےگا، مولانا سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ کی عظیم قربانی ہمیں صبر، استقامت اور حق پر قائم رہنے کا درس دیتی ہے، محرم کے پُرامن انعقاد اور صوبے میں امن کیلئے تمام مکاتبِ فکر، تاجر اور علماء متحد ہیں،

  • میرپور میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سرغنہ کے گھر مشکوک سرگرمیوں کا انکشاف، اسلحہ برآمد

    میرپور میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سرغنہ کے گھر مشکوک سرگرمیوں کا انکشاف، اسلحہ برآمد

    میرپور میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سرغنہ کے گھر مشکوک سرگرمیوں کا انکشاف، اسلحہ برآمدکر لیا گیا

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈیڈیال میرپور میں کالعدم تنظیم کی کور کمیٹی کے ممبر مہران کے گھر پر چھاپہ مارا،دوران تلاشی گھر سے ایک عدد ڈرون، بارہ بور گن، گولیاں، ایک پسٹل برآمد کر لیا گیا،دوران تلاشی اسلام آباد پولیس سے چھینا گیا ہیلمیٹ اور مشکوک سامان بھی برآمد کر لیا گیا،ملازم شاہد اسلام نے بتایا کہ مہران نے دھرنے میں جاتے ہوئے سامان منتقل کرنے کیلئے دو ایمبولینسز گھر منگوائی تھیں،ایمبولینسز کے ذریعے اسلحہ، گولیاں اور دیگر سامان خفیہ طور پر مظفر آباد منتقل کیا گیا، مہران پانچ کلاشنکوفیں، دو بارہ بور بندوقیں اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی ساتھ لے کر گیا ، پتھر، کانچ کی بوتلیں اور غلیلیں بھی دھرنے کے لیے استعمال کی جاتی رہیں،بھاری مقدار میں نقد رقم اور سرغنہ لطیف ڈار کی طرف سے دی گئی رقم بھی ساتھ لے کر گیا ، 29 ستمبر کے لانگ مارچ میں چھینی پولیس شیلنگ گنز بذریعہ ایمبولینس مظفر آباد منتقل کی گئیں، دھرنے میں مہران 2 کلو چرس بھی ساتھ لے کر گیا ، مہران کے ساتھ 6 سے 7 اشتہاری ڈاکو اور منشیات مافیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے،

    ماہرین کا کہنا ہے کہ مہران کے گھر سے برآمد اسلحہ اور دیگر مشکوک سامان ثبوت ہے سب کچھ باقاعدہ منصوبہ بندی سے کیا گیا،کالعدم تنظیم کی جانب سے عوامی حقوق کی آڑ میں اسلحہ کے زور پر منظم بغاوت کی تیاریاں کی گئیں، اسلام آباد پولیس کا ہیلیمٹ برآمد ہونا ثابت کرتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا،

  • وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات متوقع

    وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات متوقع

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، وفاقی بجٹ اور حکومتی اتحاد سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
    ‎ذرائع کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب وفاقی حکومت نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے اپنی اتحادی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ موجودہ سیاسی اور معاشی حالات کے تناظر میں اس ملاقات کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری آئندہ مالی سال کے مجوزہ وفاقی بجٹ کا بھی جائزہ لیں گے۔ اس دوران بجٹ میں شامل مختلف تجاویز، عوامی ریلیف کے اقدامات اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ممکنہ حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
    ‎ملاقات میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، پارلیمانی معاملات، بجٹ کی منظوری اور موجودہ سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
    ‎ذرائع کے مطابق دونوں رہنما عوام کو درپیش معاشی مشکلات، مہنگائی اور ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم قومی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مکمل مشاورت کے ذریعے بجٹ کی منظوری کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کیا جائے۔
    ‎سیاسی حلقے اس ملاقات کو وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطوں کے تسلسل کی اہم کڑی قرار دے رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق اس ملاقات میں ہونے والے فیصلے نہ صرف بجٹ بلکہ آئندہ سیاسی حکمت عملی پر بھی اثرانداز ہو سکتے ہیں۔

  • سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش، اپوزیشن کا شدید احتجاج اور واک آؤٹ

    سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش، اپوزیشن کا شدید احتجاج اور واک آؤٹ

    وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ نے بدھ کے روز سندھ اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کر دیا۔ بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا، ایوان میں نعرے بازی کی اور بعد ازاں واک آؤٹ کر گئے، تاہم وزیراعلیٰ نے اپنی بجٹ تقریر جاری رکھی۔
    مراد علی شاہ نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم 3 ہزار 562 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، جبکہ صوبے کی ترقی کے لیے 720 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
    وزیراعلیٰ کے مطابق ترقیاتی فنڈز انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، سڑکوں، نکاسی آب اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے تاکہ سندھ کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جا سکے۔
    وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ نے مالی سال 2026-27 کا صوبائی بجٹ پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس سال کسی بھی نئے ٹیکس کا نفاذ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مالی نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کو ترجیح دی ہے۔
    وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ کے بجٹ کا مجموعی حجم 3 ہزار 562 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق بجٹ میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، سماجی تحفظ اور دیگر عوامی شعبوں کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ ترقی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔
    ‎مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 720 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ فنڈز سڑکوں، پلوں، تعلیمی اداروں، اسپتالوں، پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف عوام کو بہتر سہولیات ملیں گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
    ‎وزیراعلیٰ سندھ نے سرکاری ملازمین کے لیے بھی اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں بھی 7 فیصد اضافہ منظور کیا گیا ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کسی حد تک کم کیا جا سکے۔
    ‎انہوں نے مزید اعلان کیا کہ صوبے میں کم از کم ماہانہ اجرت ایک ہزار روپے بڑھا کر 41 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ کم آمدنی والے مزدوروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ وہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باوجود اپنی بنیادی ضروریات بہتر انداز میں پوری کر سکیں۔
    ‎مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ حکومت نے عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد کرنے کے بجائے ٹیکس وصولی کے نظام کو مؤثر بنانے اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے محصولات میں اضافہ کرنے کی حکمت عملی اختیار کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالے بغیر صوبے کی ترقی اور فلاحی منصوبوں کو جاری رکھنا ہے۔

  • صدر ٹرمپ کی سالگرہ تقریب  پر ڈرون حملے کے منصوبے کا انکشاف، 5 افراد گرفتار،مزید گرفتاریاں متوقع

    صدر ٹرمپ کی سالگرہ تقریب پر ڈرون حملے کے منصوبے کا انکشاف، 5 افراد گرفتار،مزید گرفتاریاں متوقع

    امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے ایک اور بڑا حملہ ناکام بنا دیا-

    امریکی خبررساں ادارے ’این بی سی نیوز‘ کے مطابق اتوار 14 جون کو وائٹ ہاؤس میں منعقدہ ‘یو ایف سی فریڈم 250’ کی تقریب پر بارود سے بھرے ڈرونز کے ذریعے حملے کی ایک انتہائی ہولناک سازش کو ناکام بنا دیا گیا یہ تقریب امریکہ کے 250 سال مکمل ہونے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر وائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان میں منعقد کی جا رہی تھی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ سازش میں شامل افراد تقریب کے اوپر دھماکا خیز مواد سے لیس ڈرونز اڑانے اور اس کے بعد بھاگتے ہوئے لوگوں پر فائرنگ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

    ایف بی آئی نے مختلف ریاستوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن پر قتل کی سازش سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں ، عدالتی ریکارڈ کے مطابق تحقیقات کےدوران اسلحہ، گولہ بارود اور خفیہ پیغامات برآمد ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 19 افراد کے درمیان ہونے والی گفتگو کا جائزہ لیا جا رہا ہے،مشتبہ افراد نے حملے سے قبل علاقے کے نقشے اور تصاویر بھی ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیں اور کارروائی کے بعد فرار کے راستوں پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔

    ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کے مطابق ادارے کو اس ممکنہ خطرے کی اطلاع ایونٹ سے چار روز قبل موصول ہوئی تھی، جس کے بعد متعدد ریاستوں میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ حملے کو ناکام بنایا گیا،امریکی خفیہ سروس کے ڈائریکٹر شان کرن نے کہا کہ ان کی ایجنسی نے اس تحقیقات کے دوران ایف بی آئی کے ساتھ قریبی تعاون کیا، مشتبہ افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں نے کئی روز تک مسلسل کام کیا۔

    یہ تقریب وائٹ ہاؤس کے جنوبی لان میں منعقد ہوئی تھی، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 80ویں سالگرہ اور امریکا کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں یو ایف سی مقابلوں کا اہتمام کیا گیا تھا تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے تھے گرفتار ہونے والوں میں اوہائیو سے تعلق رکھنے والا 19 سالہ ٹائسن پراپر بھی شامل ہے عدالتی دستاویزات کے مطابق اس کی والدہ نے مقامی پولیس کو اپنے بیٹے کے رویے، اسلحہ خریدنے اور نامعلوم افراد سے آن لائن رابطوں پر تشویش سے آگاہ کیا تھا۔

    حکام کے مطابق پراپر کے گھر سے ہزاروں گولیاں، متعدد ہتھیار اور ایک اسالٹ طرز کی رائفل برآمد ہوئی اہل خانہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ حالیہ مہینوں میں انتہا پسندانہ خیالات کا اظہار کر رہا تھا اور سوشل میڈیا پر یہودی مخالف تبصرے بھی پوسٹ کر چکا تھا ایک اور ملزم، 32 سالہ ڈینیئل ایسکرج، پر الزام ہے کہ وہ گروپ کے ارکان کے لیے ایک ”محفوظ پناہ گاہ “ تیار کر رہا تھا اور اپنے شیڈ کے نیچے بنکر تعمیر کر رہا تھا۔

    تفتیشی حکام کے مطابق ایک اور مشتبہ شخص ابراہم ہرموسیلو الواریز نے ممکنہ اہداف کی ایک فہرست بھی شیئر کی تھی، جس میں صدر ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور کاروباری شخصیت ایلون مسک کے نام مبینہ طور پر شامل تھے،مزید دو افراد، برائن عمر روا اور مائیکل ایلن تھامس، کو ریاست کیلیفورنیا سے گرفتار کیا گیا ان کے گھروں کی تلاشی کے دوران ایسے شواہد ملے جن سے ان کی مبینہ شمولیت ظاہر ہوتی ہے۔

    ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آ سکتی ہیں حکام کے مطابق اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو جاتا تو یہ حالیہ برسوں میں امریکی دارالحکو مت میں ہونے والے سب سے بڑے حملوں میں شمار ہو سکتا تھا۔

  • پودے سخت گرمی میں فوٹوسینتھسیز کا عمل کیسے محفوظ رکھتے ہیں،سعودی ماہرین کی نئی تحقیق

    پودے سخت گرمی میں فوٹوسینتھسیز کا عمل کیسے محفوظ رکھتے ہیں،سعودی ماہرین کی نئی تحقیق

    سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KAUST) کے سائنس دانوں نے پودوں کے اندر موجود ایک ایسے حفاظتی طریقہ کار کا پتا لگایا ہے جو انہیں شدید گرمی کے دوران سورج کی روشنی کو توانائی میں تبدیل کرنے کے عمل کو محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے، اس دریافت سے سائنس دانوں کو ایسے نئے زرعی فصلوں کے بیج تیار کرنے میں مدد ملے گی جو شدید گرم اور خشک موسم میں برداشت کی صلاحیت رکھتے ہیں-

    یہ تحقیق KAUST کی اسسٹنٹ پروفیسر مونیکا خوداشیوچز کی قیادت میں کی گئی، جس کے نتائج سائنسی جریدے ’Plant Physiology‘ میں شائع ہوئے ہیں تحقیق کے مطابق جب پودے سخت گرمی کا سامنا کرتے ہیں تو ان کے خلیوں میں موجود ایک خاص پروٹین عارضی ڈھانچے بنا لیتا ہے، جو پودے کے اہم حصے کلوروپلاسٹ کو نقصان سے بچانے میں مدد دیتے ہیں، کلوروپلاسٹ وہ حصہ ہے جہاں فوٹوسنتھیسز کا عمل ہوتا ہے، یعنی پودا سورج کی روشنی کو اپنی نشوونما کے لیے توانائی میں تبدیل کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق دریافت کیا گیا پروٹین، جسے ’پروٹوکلوروفیلائیڈ آکسیڈوریڈکٹیز‘ کہا جاتا ہے، گرمی کے دباؤ کے وقت اپنا مقام اور طریقہ کار تبدیل کر لیتا ہے اس طرح پودا نئے پروٹین بنانے کے انتظار کے بجائے پہلے سے موجود نظام کو استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر خود کو محفوظ بناتا ہے جن پودوں میں یہ پروٹین موجود نہیں تھا وہ زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے میں مشکلات کا شکار رہے، جبکہ اس پروٹین والے پودے گرمی کے بعد زیادہ تیزی سے بحال ہوگئے۔

    جب درجہ حرارت بڑھتا ہے تو کلوروفل پیدا کرنے والا پروٹین (protochlorophyllide oxidoreductase) چھوٹے، قابلِ ریورس (reversible) قطروں کی شکل اختیار کر لیتا ہے یہ گرینولز شدید گرمی کے دباؤ سے پودے کو بچاتے ہیں اور اس کی سورج کی روشنی کو کیمیائی توانائی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت کو بحال رکھتے ہیں-

    سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت خاص طور پر سعودی عرب جیسے خشک اور گرم علاقوں کے لیے اہم ہوسکتی ہے، جہاں درجہ حرارت میں اضافہ، پانی کی کمی اور زمین کی خرا ب ہوتی کیفیت فصلوں کی پیداوار کو متاثر کر رہی ہے ماہرین اب یہ جانچ رہے ہیں کہ کیا یہی حفاظتی نظام دیگر فصلوں میں بھی موجود ہے اور کیا اسے بہتر بنا کر ایسی فصلیں تیار کی جاسکتی ہیں جو سخت موسمی حالات میں بھی بہتر پیداوار دے سکیں،یہ تحقیق اس حوالے سے انتہائی اہم ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑھتا ہوا درجہ حرارت زرعی پیداوار کے لیے ایک بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہےیہ پیش رفت مستقبل میں غذائی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد دے سکتی ہے۔

  • کراچی میں  گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ  بارش کا خدشہ، الرٹ جاری

    کراچی میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا خدشہ، الرٹ جاری

    کراچی میں 18 جون کو طوفانی موسم، گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے خدشے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ دنوں کے دوران گرد آلود ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان موجود ہے، جس کے باعث 18 جون تک الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ موسمی صورتحال کے پیش نظر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے احتیاطی اقدامات شروع کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام آپریشنل شعبوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ایپرن اور ٹارمک پر کھڑے فکس ونگ اور روٹری ونگ طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، جبکہ ڈھیلے آلات اور دیگر سامان کو بھی محفوظ بنایا جائے تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکےاس کے علاوہ برقی تنصیبات اور کیبلز کی مکمل جانچ، فالو می گاڑیوں کی فعالیت برقرار رکھنے، اور ایئر فیلڈ لائٹس اور پٹس کی سروس ایبلٹی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے تمام متعلقہ اداروں کو موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے اور محفوظ فضائی آپریشنز کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • بجلی فی یونٹ 82 پیسے مہنگی ہونے کا امکان

    بجلی فی یونٹ 82 پیسے مہنگی ہونے کا امکان

    مئی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 82 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے-

    سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے مئی کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی ہے اگر درخواست من و عن منظور کر لی گئی تو بجلی صارفین پر تقریباً 12 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

    درخواست کے مطابق مئی کے دوران 12 ارب 63 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ بجلی کی اوسط فیول لاگت 9 روپے 25 پیسے فی یونٹ رہی،اس کے مقابلے میں فی یونٹ فیول لاگت کا تخمینہ 8 روپے 43 پیسے لگایا گیا تھا، جس کے باعث اضافی لاگت صارفین سے وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    سی پی پی اے کے اعداد و شمار کے مطابق مئی میں سب سے زیادہ 33.27 فیصد بجلی پانی سے پیدا کی گئی مقامی کوئلے سے 11.66 فیصد، درآمدی کوئلے سے 13.54 فیصد اور فرنس آئل سے 0.16 فیصد بجلی پیدا ہوئی اسی طرح مقامی گیس سے 8.31 فیصد جبکہ درآمدی ایل این جی سے 11.81 فیصد بجلی حاصل کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق جوہری ایندھن سے 14.25 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

    نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 30 جون کو سماعت کرے گا، جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے یا عدم اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

  • شاہد آفریدی کا اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سفیر عاصم افتخار سے ملاقات

    شاہد آفریدی کا اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز کا دورہ، سفیر عاصم افتخار سے ملاقات

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز نیویارک کا دورہ کیا اور اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد سے ملاقات کی۔

    شاہد آفریدی نے یہ دورہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی دعوت پر کیا جہاں انہیں عالمی ادارے کے مختلف شعبہ جات اور اس کے عملی کام سے متعلق آگاہ کیا گیا انہیں بریفنگ دی گئی کہ اقوامِ متحدہ کس طرح بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ، پائیدار ترقی کے اہداف اور رکن ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔

    ملاقات کے دوران سفیر عاصم افتخار احمد نے شاہد آفریدی کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کرکٹ میں ان کی شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ آفریدی نے اپنی جارحا نہ بیٹنگ، آل راؤنڈ کارکردگی اور یادگار پرفارمنسز کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی نام روشن کیاانہوں نے شاہد آفریدی کی فلاحی اور انسانی خدمت کی سرگرمیوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی سماجی بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشیں معاشرے کے محروم طبقات کے لیے امید اور سہارا ثابت ہوئی ہیں۔

    اس موقع پر گفتگو میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ ایک مؤثر سپورٹس ڈپلومیسی کا ذریعہ بھی ہیں جو مختلف ممالک اور اقوام کے درمیان فاصلے کم کر کے باہمی احترام، مکالمے اور تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔ سفیر نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ پاکستان عالمی امن، سفارتی روابط اور کثیرالجہتی نظام کے استحکام کے لیے فعال کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔

    شاہد آفریدی نے دورے اور پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان مشن کے کردار کو سراہا اور کہا کہ سفارت کاری اور کھیل مل کر دنیا میں امن اور بہتر تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں بعد ازاں سفیر عاصم افتخار احمد نے ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا، جس میں اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون، مشن کے افسران اور دیگر معزز مہمان شریک ہوئے۔