Baaghi TV

Blog

  • خطے میں پائیدار سیکیورٹی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں،چین

    خطے میں پائیدار سیکیورٹی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں،چین

    چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ غیر متوقع بحران اور طویل عرصے سے نظر انداز کیے گئے خطرات مسلسل سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث عالمی امن و استحکام کو نئے خطرات لاحق ہیں۔

    چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہو ئے کہا ہے کہ تمام فریقین کو خطے میں پائیدار سکیورٹی ڈھانچے کی بنیاد رکھنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے عالمی نظام کو مسلسل نئے چیلنجز اور بحرانوں کا سامنا ہے، جبکہ دنیا عدم استحکا م کے ایک خطرناک دور میں داخل ہو چکی ہے غیر متوقع بحران اور طویل عرصے سے نظر انداز کیے گئے خطرات مسلسل سامنے آ رہے ہیں، جس کے باعث عالمی امن و استحکا م کو نئے خطرات لاحق ہیں۔

    چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں بین الاقوامی برادری کو تصادم کے بجائے مکالمے، تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کے اصولوں کو فروغ دینا ہوگا تاکہ علاقائی اور عالمی سطح پر امن کو یقینی بنایا جا سکے عالمی فیصلوں اور بین الاقوامی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی مؤثر نمائندگی ناگزیر ہے تمام ممالک، خواہ بڑے ہوں یا چھوٹے، طاقتور ہوں یا کمزور، عالمی برادری کے مساوی رکن ہیں اور انہیں عالمی امور میں برابر کا حق اور آواز ملنی چاہیے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانا اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مربوط اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

  • نئے سال کے بجٹ میں ہر طبقے کا خیال رکھا گیا ہے،مراد علی شاہ

    نئے سال کے بجٹ میں ہر طبقے کا خیال رکھا گیا ہے،مراد علی شاہ

    سندھ کابینہ نے نئے مالی سال 27-2026ء کے صوبائی بجٹ کی منظوری دے دی، سندھ کے مالی سال 27-2026ء کے لیے 2.7 ٹریلین روپے سے زائد بجٹ تخمینے کا امکان ہے۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے سال کے بجٹ میں ہر طبقے کا خیال رکھا گیا ہے سندھ حکومت بلاول بھٹو کی ہدایت پر غربت کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے محنت کشوں کے لیے کم از کم اجرت کا بھی نئے بجٹ میں فیصلہ کیا ہے۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج سہ پہر سندھ اسمبلی میںے 3,500 ارب روپے سے زائد کا صوبائی بجٹ پیش کریں گے ذرائع کے مطابق نئے بجٹ میں صوبائی ترقیاتی بجٹ میں 298 ارب روپے کی بڑی کٹوتی جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ میں 418 ارب روپے کے نمایاں اضافے کی تجویز دی گئی ہے، غیر ترقیاتی بجٹ بڑھا کر 2,142 ارب روپے سے 2,560 ارب روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جس کا بڑا حصہ تنخواہوں، پنشن اور دیگر جاری اخراجات پر مشتمل ہوگا۔

    بجٹ دستاویزات کے مطابق ضلعی ترقیاتی بجٹ کو 55 ارب روپے سے کم کرکے 15 ارب روپے تک محدود کرنے کی تجویز ہے، جبکہ مجموعی صوبائی ترقیاتی پروگرام کو 520 ارب روپے سے کم کرکے 385 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہےنئے مالی سال کے بجٹ میں مجموعی طور پر 3715 ترقیاتی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں، تاہم ترقیاتی اخراجات میں کمی کے باوجود مختلف شعبوں کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ بلدیات اور کراچی کے میگا منصوبوں کے لیے 99 ارب 76 کروڑ روپے، ٹرانسپورٹ کے لیے 7 ارب 94 کروڑ روپے، صحت کے لیے 17 ارب 43 کروڑ روپے اور تعلیم کے مختلف منصوبوں کے لیے 25 ارب 86 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

    آبپاشی کے لیے 30 ارب 80 کروڑ روپے، ورکس اینڈ سروسز کے لیے 31 ارب 59 کروڑ روپے اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے لیے 40 ارب 86 کروڑ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے تعلیمی شعبے میں اسکول ایجوکیشن کے 404 منصوبوں کے لیے 13 ارب 95 کروڑ روپے، کالج ایجوکیشن کے لیے ساڑھے 3 ارب روپے اور جامعات و تعلیمی بورڈز کے لیے 4 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

    بجٹ میں کچے کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک ارب روپے جبکہ خصوصی افراد کے محکمے کے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، اسی طرح ایس ڈی جی میگا اسکیموں کے لیے تقریباً 29 ارب 50 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے بجٹ میں تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 8 فیصد اضافے جبکہ کم از کم اجرت میں 20 فیصد اضافہ بھی زیر غور ہے۔

    سندھ اسمبلی میں بجٹ پر عام بحث 5 روز تک جاری رہے گی، جبکہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بجٹ تقریر میں رواں مالی سال کی کارکردگی اور حکومتی ترجیحات پر روشنی ڈالیں گے-

  • آن لائن استخارہ کرنے کے بہانے خواتین کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

    آن لائن استخارہ کرنے کے بہانے خواتین کو بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن استخارہ کرنے، اور تعویذ دھاگے دینے کے بہانے خواتین کو اپنے جال میں پھنسا کر بلیک میل اور ہراساں کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم آن لائن استخارہ، مختلف تعویذ اور وظائف فراہم کرنے کے نام پر معصوم خواتین کو اپنے جال میں پھنساتا تھا ملزم پہلے دھوکے سے خواتین کا اعتماد حاصل کرتا تھا اور بعد میں بلیک ملیکنگ اور استحصال شروع کر دیتا تھا ملزم نے دھوکہ دہی کے ذریعے خواتین کی نازیبا تصاویر اور نجی ویڈیوز حاصل کیں اور بعد میں اس مواد کا استعمال کرتے ہوئے متاثرہ خواتین سے بھاری رقوم بٹورنا شروع کر دیں کارروائی کے دوران ملزم کا موبائل فون قبضے میں لے کر فرانزک معائنے کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔

    ملزم کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تفتیش کاروں نے سائبر کرائم اور آن لائن بلیک میلنگ کی ان سرگرمیوں میں ملزم کی مدد کرنے والے دیگر ساتھیوں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھی کوششیں شروع کر دی ہیں معاملے کی تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید گرفتاریوں کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

  • روسی حکومت اور میڈیا نے پاکستان کو عالمی امن کا ضامن قرار دے دیا

    روسی حکومت اور میڈیا نے پاکستان کو عالمی امن کا ضامن قرار دے دیا

    روسی حکومت اور میڈیا نے امریکا ایران معاہدے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کو عالمی امن کا ضامن قرار دے دیا۔

    روسی خبر رساں ایجنسی تاس نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی پیشرفت نے عالمی سطح پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں جبکہ پاکستان امریکا ایران مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا روسی جریدے اسپوتنک نے کہا کہ امریکا ایران امن معاہدے کیلئے دستخط کہیں بھی ہوں پاکستان ہی مرکزی ثالث رہے گا معاہدے کا سارا کریڈٹ پاکستان کو ہی جاتا ہے۔

    روسی جریدے آر ٹی کے مطابق پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کی بدولت امریکا اور ایران دشمنی اور جنگ کے خاتمے تک پہنچے ہیں،ٹاس کے مطابق امریکہ ایران جنگ کے خاتمے کے بعد پاکستان معاشی ترقی کے لیے پُرامید اور پُرعزم ہے جبکہ روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف نے پاکستانی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سمیت پاکستان کی دیگر قیادت بطور ثالث اہم ترین کردار ادا کر رہی ہے۔

  • صدر پیوٹن کے ناقد روسی آرٹسٹ  قتل، 2 بیلاروسی گرفتار

    صدر پیوٹن کے ناقد روسی آرٹسٹ قتل، 2 بیلاروسی گرفتار

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر طنزیہ کارٹون بنانے کے لیے مشہور روسی آرٹسٹ کو پولینڈ کے مشرقی علاقے میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔

    وزارتِ استغاثہ کے ترجمان مارسن کوزاک نے صحافیوں کو بتایا کہ 44 سالہ روسی شہری کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں، جنہیں میڈیا میں سیمیون اسکریپٹسکی کے نام سے جانا جاتا ہے ان کا اصل نام رابرٹ کوزوفکوف بتایا گیا ہے۔ اس کیس کے سلسلے میں 2 بیلاروسی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ مشرقی پولینڈ کے شہر بیالا پوڈلاسکا میں بیلاروسی قونصل خانے کے قریب پیش آیا تاہم لُبلن پولیس کے ترجمان نائب انسپکٹر آندریج فیولیک نے کہا ہے کہ اصل حملہ آور کی تلاش اب بھی جاری ہے اور ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہےنامعلوم مسلح حملہ آور نے فنکار کو پہلے 3 گولیاں ماریں، اور جب وہ زمین پر گر گئے تو قریب جا کر مزید 2 گولیاں چلائی گئیں۔

    پولینڈ حکومت کے ترجمان آدم شلاپکا نے کہا کہ معاملہ انتہائی سنگین ہے اور مذکورہ آرٹسٹ کو پہلے سیکیورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، جسے انہوں نے قبول نہیں کیا،واقعے کے بعد پولش میڈیا نے رپورٹ کیا کہ مقتول کے اہلِ خانہ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ابھی تک کسی پر باضابطہ فردِ جرم عائد نہیں کی گئی، اور گرفتار شدہ دونوں بیلاروسی شہری تفتیشی اداروں کی تحویل میں ہیں،یہ واقعہ پولینڈ اور روس کے درمیان کشید گی کو مزید بڑھا سکتا ہے، جو پہلے ہی گزشتہ سال پولینڈ کی حدود میں ڈرون گرنے کے واقعات کے بعد کشیدہ ہے۔

  • پنجاب :ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف  کریک ڈاؤن جاری

    پنجاب :ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں غیر قانونی فیٹ میلٹنگ، بون کرشنگ اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    سینئر صوبائی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق ڈرون سرویلنس ٹیمیں چوبیس گھنٹے فعال ہیں اور کسی بھی غیر قانونی یونٹ کو دوبارہ کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،11 اور 12 جون کے دوران مجموعی طور پر 263 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، جن میں متعدد خلاف ورزی کرنے والے یونٹس کو سیل کیا گیا جبکہ ایک یونٹ کو مسمار بھی کیا گیا ، اس دوران ایف آئی آرز درج کی گئیں اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے پنجاب میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جا رہی اور قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سنگل یوز پلاسٹک کے خاتمے کے لیے بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جس کے دوران 929 کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کیے گئے مزید برآں 16 کاروبار ی اداروں نے رضاکارانہ طور پر سنگل یوز پلاسٹک یعنی ایس یو پی سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے خود کو ’ایس یو پی فری زون‘ قرار دے دیا ہے ادھر پنجاب انوائرمنٹل ریفر نس لیبارٹری نے بین الاقوامی معیار آئی ایس او 17025 کے تحت پروفیشنسی ٹیسٹنگ کامیابی سے مکمل کر لی ہے،لیبارٹری نے 19 تجزیاتی پیرامیٹرز، بشمول ہیوی میٹلز، کی جانچ میں شاندار کارکردگی دکھائی اور 5 پیرامیٹرز میں پرائم زیڈ اسکور حاصل کیا، جسے پنجاب کے ماحولیاتی گورننس نظام پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر جدید، ماحول دوست اور بین الاقوامی معیار کے سلاٹر ہاؤسز کا مؤثر آپریشن بھی یقینی بنایا جا رہا ہے غیر قانونی اور غیر معیاری ذبح خانوں کے خاتمے، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل جاری ہے جبکہ مریم اورنگزیب نے سلاٹر ہاؤسز کے جامع سروے، میپنگ اور فیلڈ وزٹس فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ صوبے کو صاف، سرسبز، صحت مند اور پائیدار ماحول کی جانب لے جانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

  • معاہدے کے تحت تہران کو اہم اقتصادی اور سفارتی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں،ڈی جے وینس

    معاہدے کے تحت تہران کو اہم اقتصادی اور سفارتی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں،ڈی جے وینس

    امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والے مجوزہ معاہدے کے تحت تہران کو اہم اقتصادی اور سفارتی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں-

    فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ مجوزہ معاہدہ تین بنیادی نکات پر مشتمل ہے پہلی شرط یہ ہے کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، دو سری شرط آبنائے ہرمز کو عالمی بحری آمدورفت کے لیے کھلا رکھنا ہے، جبکہ تیسری شق ایران کو ممکنہ اقتصادی اور سفارتی فوائد فراہم کرنے سے متعلق ہے اگر ایران دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت بند کر دے، جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کی بحالی کی حمایت ترک کر دے اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق رویہ اختیار کرے تو اسے حقیقی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں-

    جے ڈی وینس کے مطابق اگر ایران ان شرائط پر عمل نہیں کرتا تو اسے کسی قسم کا فائدہ نہیں ملے گا انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس معاہدے کی صورت میں امریکا ہر حال میں فائد ے کی پوزیشن میں رہے گا،واشنگٹن کی کوشش ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم ہو، عالمی توانائی کی ترسیل بحال رہے اور خطے میں طویل المدتی استحکام پیدا کیا جا سکے ایران کے فیصلے ہی طے کریں گے کہ اسے معاہدے کے فوائد ملتے ہیں یا نہیں ملتے ہیں۔

  • بحری محاصرہ ختم ، ایرانی جہاز پچاس لاکھ بیرل  خام تیل لے کر روانہ،ایران کی تصدیق

    بحری محاصرہ ختم ، ایرانی جہاز پچاس لاکھ بیرل خام تیل لے کر روانہ،ایران کی تصدیق

    امریکا نے ایران کا بحری محاصرہ ختم کر دیا ہے جس کے بعد لاکھوں بیرل خام تیل لے کر ایرانی ٹینکرز سمندر میں روانہ ہو چکے ہیں۔

    ایران کے نائب وزیرِ خارجہ ماجد تخت روانچی نے اپنے ایک بیان میں بحری محاصرہ ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ایرانی بندرگاہوں پر بٹھایا گیا اپنا پہرہ مکمل طور پر ہٹا لیا ہے۔

    بحری جہازوں کی آمدورفت پر نظر رکھنے والے ادارے ’ٹینکرز ٹریکر‘ نے بھی بتایا ہے کہ تقریباً بیس لاکھ بیرل ایرانی خام تیل سے لدا ہوا ایک بہت بڑا دیو ہیکل ٹینکر امریکی ممنوعہ بحری لائن کو کامیابی سے پار کر چکا ہے، جبکہ ایران کے درجنوں دیگر بحری جہاز بھی اب بندرگاہوں سے نکل کر اس علاقے کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں پچھلے دو مہینوں میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ تقریباً پچاس لاکھ بیرل خام تیل لے کر کم از کم تین ایرانی ٹینکرز آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کے محاصرے سے باہر نکلے ہیں۔

    سمندری ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے ’کے پی ایل ای آر‘ کے مطابق، ڈیونا اور ہیرو ٹو نامی دو بڑے ٹینکرز، جو ایرانی قومی کمپنی کی ملکیت ہیں اور جن پر امریکی پابندیاں بھی لگی ہوئی ہیں، امریکی بحریہ کے گھیرے کو توڑ کر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں ان دونوں جہازوں پر مجموعی طور پر اڑتیس لاکھ بیرل ایرانی خام تیل لدا ہوا ہے، جبکہ ایک تیسرا جہاز بھی دس لاکھ بیرل تیل لے کر بدھ کے دن اس محاصرے کی لائن سے باہر نکل آیا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران نے پیر کے روز تقریباً چار ماہ سے جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے ایک ابتدائی معاہدے پر دستخط کیے تھے، اور اب جمعہ کے دن سوئٹزرلینڈ میں اس کی اصل اور باقاعدہ تقریب ہوگی اس معاہدے کی تمام تفصیلات تو ابھی سامنے نہیں آئیں لیکن امید ہے کہ اس سے آبنائے ہرمز کا راستہ کھل جائے گا اور ایران کے تیل بیچنے پر لگی پابندیاں بھی ہٹ جائیں گی۔

    لائڈز لسٹ انٹیلی جنس نامی ادارے کا کہنا ہے کہ سمندری شعبہ اس خبر کو جشن کے بجائے ایک ڈر اور بے یقینی کے ساتھ دیکھ رہا ہے پچھلے کئی مہینوں سے جہازوں کے مالکان کرایوں اور جنگ کے بیمہ کی بھاری قیمتوں سے بہت پریشان تھے، اس لیے کچھ مالکان نے تو تیل کی مانگ بڑھنے کی امید پر اپنے جہاز خلیج کی بندرگاہوں کی طرف بھیجنا شروع کر دیے ہیں، لیکن زیادہ تر مالکان اب بھی بہت محتاط ہیں اور پیچھے ہٹے ہوئے ہیں انشورنس کمپنیاں اب بھی جنگ کے خطرے کا بھاری ٹیکس مانگ رہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جب تک ٹھوس ثبوت نہیں ملتا کہ یہ سمندری راستہ اب بالکل محفوظ ہے، وہ قیمتیں کم نہیں کریں گی۔

  • خشک سالی کے خطرات سے نمٹنے کے لیےجدید ٹیکنالوجی اور مؤثر پالیسی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں،مریم نواز

    خشک سالی کے خطرات سے نمٹنے کے لیےجدید ٹیکنالوجی اور مؤثر پالیسی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں،مریم نواز

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحرائی اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنا پیغام جاری کیاہے-

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اس دن کا مقصد خشک سالی اور زمین کے بنجر ہونے کے تباہ کن اثرات کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنا ہے پنجاب حکومت خشک سالی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے زراعت، پانی کے مؤثر انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،زمین کی زرخیزی میں کمی، بنجر پن اور خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر پالیسی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

    مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے میں چھوٹے ڈیموں اور تالابوں کی تعمیر جاری ہے جبکہ چولستان اور تھل جیسے علاقوں میں بنجر زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں،صحرائی علاقوں میں ’پلانٹ فار پاکستان‘ شجرکاری مہم کے تحت درخت لگانے اور زیتون جیسی فصلوں کی کاشت کو فروغ دیا جا رہا ہے، خشک سالی زراعت اور غذائی تحفظ کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے، اس لیے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور بنجر زمینوں کو دوبارہ سرسبز بنانے کے لیے شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنا ضروری ہے جنگلات کے تحفظ اور جنگلی حیات کی نگرانی کے لیے تھرمل سینسر سمیت جدید آلات استعمال کیے جا رہے ہیں۔

    مریم نواز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی سرگرمیوں کے باعث دنیا بھر میں زرخیز زمینیں صحراؤں میں تبدیل ہو رہی ہیں، لہٰذا بنجر زمینوں کی بحالی اور پانی کی کمی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے، پنجاب حکومت پی آر آئی اے ٹی منصوبے کے تحت پانی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنا رہی ہے جبکہ شمسی توانائی سے چلنے والے جدید اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل آبپاشی نظام بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔

  • وزیراعظم کا وژن واضح ہے کہ ٹیکس دینے والے شہریوں پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے،عطاتارڑ

    وزیراعظم کا وژن واضح ہے کہ ٹیکس دینے والے شہریوں پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے،عطاتارڑ

    وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن واضح ہے کہ ٹیکس دینے والے شہریوں پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے بلکہ ٹیکس نہ دینے والے شعبوں سے وصولی یقینی بنائی جائے-

    وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے ہمراہ وزیر اطلاعات عطا تارڑنے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ موجودہ حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن کا مقصد ٹیکس کلیکشن کے نظام کو شفاف، مؤثر اور خودکار بنانا ہے –

    عطا تارڑ نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ایف بی آر میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے مکمل کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے بلکہ بدعنوانی اور انسانی مداخلت کے امکانات بھی کم ہوئے ہیں، پہلے کسٹمز اور انکم ٹیکس کے شعبوں میں سفارش اور کرپشن کے مسائل موجود تھے، تاہم اب تمام تقرریاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن واضح ہے کہ ٹیکس دینے والے شہریوں پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائےبلکہ ٹیکس نہ دینے والے شعبوں سے وصولی یقینی بنائی جائے اصلا حات کے بعد کسٹمز کلیئرنس اور دیگر امور مکمل طور پر خودکار نظام کے تحت انجام پا رہے ہیں، جہاں جی ڈی نمبر کے اندراج سے ہی پورا عمل ڈیجیٹل طریقے سے مکمل ہو جاتا ہے پہلے جو کام ہفتوں میں ہوتا تھا اب وہ چند دنوں میں مکمل ہو رہا ہے، جس سے کاروباری طبقے کو سہولت ملی ہے۔

    انہوں نے مختلف صنعتی شعبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شوگر، تمباکو، سیمنٹ اور بیوریجز جیسے بڑے سیکٹرز میں ٹیکس چوری اور کم رپورٹنگ کی شکایات تھیں، جنہیں اب جدید آئی ٹی سسٹمز کے ذریعے کنٹرول کیا گیا ہے شوگر انڈسٹری میں کیمروں اور بارکوڈ سسٹم کے ذریعے پیداوار اور فروخت کو ٹریس کیا جا رہا ہے، جس سے شفافیت میں اضافہ ہوا ہے صرف شوگر سیکٹر سے 60 ارب روپے کی اضافی ریکوری ممکن ہوئی ہے جبکہ تمباکو انڈسٹری میں تقریباً 200 ارب روپے کی ممکنہ لیکیج کو روکا گیا ہے، دیگر شعبوں میں بھی اسی طرز کے اقدامات سے ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے بھی ٹیکس نظام واضح اور منصفانہ بنایا گیا ہے، جہاں 50 ہزار روپے ماہانہ تک آمدن رکھنے والوں پر کوئی ٹیکس نہیں جبکہ اس سے زیاد ہ آمدن پر معمولی شرح سے ٹیکس عائد کیا گیا ہے،پانچ اور دس مرلے کے گھروں اور پلاٹس کی خرید و فروخت پر ٹیکس میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے تاکہ عام شہریوں کو سہولت مل سکے اور رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرگرمی بڑھے ہاؤسنگ سیکٹر کو ریلیف دینے سے تعمیراتی صنعت سے جڑی درجنوں ذیلی صنعتیں بھی فعال ہوں گی، جس سے مجموعی طور پر معیشت کو تقویت ملے گی ایکسپورٹ ری فنانسنگ اسکیم پر شرح سود صرف 4 فیصد مقرر کی گئی ہےجو مارکیٹ ریٹ کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہےاس سے برآمدی صنعت کو سستی فنانسنگ میسر آئے گی اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

    عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت کے یہ اقدامات ایک جامع معاشی حکمت عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد ہاؤسنگ، صنعت اور برآمدات تینوں شعبوں کو بیک وقت فروغ دینا ہےاس پالیسی سے معیشت میں بہتری، سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گےیہ اصلاحات کسی ایک شعبے تک محدود نہیں بلکہ پوری معیشت کو متحرک کرنے کے لیے ہیں، اور آنے والے دنوں میں ان کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

    وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ٹیکس تنازعات اور قانونی معاملات کے لیے بھی نئے ٹریبیونلز قائم کیے گئے ہیں، جس سے اربوں روپے کی ریکوری میں مدد ملی ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں انفورسمنٹ اقدامات کے ذریعے مجموعی طور پر تقریباً 800 ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہوئی ہےایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن میں بین الاقوامی اداروں اور ماہرین نے بھی تعاون کیا ہے، جبکہ بعض عالمی فاؤنڈیشنز اور ٹیکنالوجی ادارے اس عمل میں شریک رہے ہیں۔