Baaghi TV

Blog

  • سی ٹی ڈی  کی شبقدر میں خفیہ اطلاع پر  کارروائی،فتنہ الخوارج کے3 اہم دہشتگردہلاک

    سی ٹی ڈی کی شبقدر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی،فتنہ الخوارج کے3 اہم دہشتگردہلاک

    محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) مردان نے شبقدر میں خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 اہم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا-

    سی ٹی ڈی کے مطابق شبقدر کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے3 اہم دہشت گرد مارے گئے ہلاک ہونے والوں میں حیات خان عرف حیات اللہ شامل ہے، جو مولانا عزت اللہ ٹارگٹ کلنگ کیس میں مطلوب اور اشتہاری مجرم تھا دوسرا دہشت گرد عاصم ضلع خیبر میں پولیس اہلکاروں اور مذہبی رہنماؤں کو ٹارگٹ کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا تیسرا دہشت گرد امین اللہ عرف معاویہ عرف قاری تھا، جس کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے کارروائی کے دوران کچھ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

  • ایران معاہدہ: امریکا نے اسرائیل کو تفصیلات دینے سے انکار کردیا

    ایران معاہدہ: امریکا نے اسرائیل کو تفصیلات دینے سے انکار کردیا

    امریکا نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی تفصیلات اسرائیل کو فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے،جس پر اسرائیلی حکام نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات سے متعلق مفاہمتی یادداشت تک رسائی کی باضابطہ درخواست کی تھی، تاہم واشنگٹن نے اسے مسترد کردیا، امریکی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ معاملہ قومی سلامتی سے متعلق حساس نوعیت کا ہے، اس لیے معاہدے کی مکمل تفصیلات اسرائیل کے ساتھ شیئر نہیں کی جاسکتیں،امریکی فیصلے نے تل ابیب کے حکام کو حیران کر دیا، کیونکہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان ایران سے متعلق امور پر طویل عرصے سے قریبی مشاورت رہی ہے۔

    واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ایک 14 نکاتی مفاہمتی مسودے کی تفصیلات سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، ایرانی ذرائع کے مطابق مجوزہ مسودے میں امریکی بحری ناکہ بندی 30 دن کے اندر ختم کرنے، جبکہ ایران کے تیل اور پیٹروکیمیکل شعبے پر عائد پابندیاں معطل کرنے کی تجاویز شامل ہیں ممکنہ معاہدے میں لبنان سمیت مختلف محاذوں پر فوری اور مستقل جنگ بندی کی شق بھی شامل ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ مسودے کے تحت امریکا اور اس کے اتحادی ایران کی تعمیر نو کے لیے 300 ارب ڈالر تک کی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران ایران کے منجمد اثاثوں میں سے 24 ارب ڈالر جاری کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جبکہ امریکا مذاکرات سے قبل 12 ارب ڈالر جاری کرنے پر آمادہ ہوسکتا ہےمجوزہ معاہدے میں ایران کےمیزائل پروگرام اور علاقائی اتحادی گروپوں کی حمایت کو حتمی مذاکرات کا حصہ بنانے کی بات بھی سامنے آئی ہے، جبکہ کسی بھی حتمی سمجھوتے کی توثیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے ذریعے کیے جانے کی تجویز شامل ہے۔

  • اسرائیل باز نہ آیا تومسلح افواج  سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈ کوارٹر

    اسرائیل باز نہ آیا تومسلح افواج سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈ کوارٹر

    ایرانی مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی عسکری کارروائیاں جاری رکھیں تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    ایرانی فوجی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی افواج نے مبینہ طور پر جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی 84 بار خلاف ورزی کی ہے اور عام شہریوں کو شہید کیا گیا جو خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی یا کشیدگی میں کمی کے دعوؤں کے باوجود زمینی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی اور اسرائیلی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

    خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے واضح کیا کہ اگر صورتحال یہی رہی اور اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیاں نہ روکی تو ایران کی مسلح افواج مناسب اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، خطے میں کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کیا جائے گا اور یکطرفہ کارروائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • ایل پی جی کی قیمت 650 روپیہ فی کلو،شہری سخت پریشان

    ایل پی جی کی قیمت 650 روپیہ فی کلو،شہری سخت پریشان

    قصور میں ایل پی جی گیس کا بحران برقرار، 308 روپے سرکاری ریٹ والی ایل پی جی 650 روپے فی کلو تک فروخت

    قصور اور گردونواح میں ایل پی جی گیس کا بحران تاحال ختم نہ ہو سکا، جس کے باعث شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔ اوگرا کی جانب سے جون 2026 کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308.76 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم قصور کے مختلف علاقوں میں یہ گیس 600 سے 650 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس ڈیلرز اور دکاندار مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث گھریلو صارفین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور روزمرہ اخراجات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے

    عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری کا فوری نوٹس لیا جائے اور سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو آنے والے دنوں میں بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔

  • برطانوی پارلیمنٹ میں شہباز شریف کی امن کوششوں کو خراج تحسین

    برطانوی پارلیمنٹ میں شہباز شریف کی امن کوششوں کو خراج تحسین

    برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کی سفارتی کامیابی کا اعتراف کیا گیا ہے جبکہ ہاؤس آف لارڈز کے ارکان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے قیام کی کوششوں میں پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے-۔

    پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جہاں ارکان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور امن عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے کردار کو سراہا ارکانِ پارلیمنٹ نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کی راہ ہموار کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

    لارڈ احمد آف ومبلڈن نے پاکستان کا کردار سراہتے ہوئے اردو میں "پاکستان کا بہت بہت شکریہ” ادا کیا برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا لارڈ احمد نے پاکستان اور قطر کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلسل حمایت اور سفارتی کوششوں نے خطے میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا،جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتکاری کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا برطانوی حکومت کا کہناتھا کہ امریکا اور ایران کو موجودہ مقام تک پہنچانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔

    لارڈ باربر آف چٹل ہیمپٹن نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو ان کی امن کوششوں پر باضابطہ مبارکباد پیش کرےان کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور انہیں اس کا مناسب اعتراف ملنا چاہیے۔

    اس موقع پر بیرونس چیپمین نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا جہاں جنگ بندی اور امن معاہد ے کی جانب پیشرفت ممکن ہوئی،انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعریف اور تحسین کے مستحق ہیں پاکستان کی سفارتی سرگر میوں نے امریکا اور ایران کے درمیان مکالمے اور اعتماد سازی کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا، جبکہ یہ امن معاہدہ مستقبل میں دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

    برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والی اس بحث کے دوران مجموعی طور پر پاکستان کی سفارتی کامیابیوں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات اور جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو عالمی امن کے لیے ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

  • 
ایلون مسک کی برطانوی سنسرشپ قانون پر شدید تنقید، برطانیہ کو ’پولیس اسٹیٹ‘ قرار دے دیا

    
ایلون مسک کی برطانوی سنسرشپ قانون پر شدید تنقید، برطانیہ کو ’پولیس اسٹیٹ‘ قرار دے دیا

    ‎ٹیکنالوجی کمپنی ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے برطانیہ کے نئے سنسرشپ قانون پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے "بھیڑ کی کھال میں بھیڑیا” قرار دیا ہے۔
    ‎ایلون مسک کا کہنا ہے کہ اس قانون کا مقصد شہریوں کا تحفظ نہیں بلکہ ان کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی اور ڈیجیٹل ٹریکنگ ہے۔ انہوں نے برطانیہ کو "پولیس اسٹیٹ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے قوانین شہری آزادیوں اور اظہارِ رائے کے حق کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
    ‎یہ تنازع برطانوی حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے نئے قانون کے بعد سامنے آیا، جس کے تحت 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس قانون کا مقصد بچوں کو آن لائن نقصان دہ مواد اور ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رکھنا ہے، جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سے نگرانی اور سنسرشپ کے اختیارات میں اضافہ ہوگا۔

  • ‎امریکا ایران معاہدے سے پیٹرول سستا ہوگا، پنجاب میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا: عظمیٰ بخاری

    ‎امریکا ایران معاہدے سے پیٹرول سستا ہوگا، پنجاب میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا: عظمیٰ بخاری

    ‎پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اہم معلوماتی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کھل جائے گی، جس کے مثبت اثرات براہِ راست پاکستان پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کھلنے سے بین الاقوامی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نمایاں طور پر نیچے آئیں گی اور حکومت اس کا پورا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچائے گی۔
    صوبائی بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کا ایک متوازن اور ٹیکس فری بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے مریم نواز کی لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سرجری ہونے اور ڈاکٹرز کے آرام کے مشورے کے باوجود وزیر اعلیٰ بجٹ اجلاس میں خود شریک ہوئیں کیونکہ وہ عوامی معاملات کو ترجیح دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، تاہم جو بڑے کاروباری ادارے ٹیکس چوری کرتے ہیں یا ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، انہیں اب ہر صورت ٹیکس دینا پڑے گا۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے پچھلے سال کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے اور ادارے اب اپنے وسائل سے مزید ریونیو اکٹھا کریں گے۔
    صوبائی وزیر نے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو ترجیح دیتے ہوئے وہاں سب سے پہلے الیکٹرک بسیں پہنچائی گئی ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تنقید کرنے والے تعصب کی عینک اتار کر ترقی دیکھیں اور وہ پرامن طور پر بجٹ سننے پر اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ پنجاب حکومت نے اس بار بھی سرپلس بجٹ پیش کیا ہے جس میں تعلیم، صحت، زراعت اور سوشل سیکٹر کی بہتری کے لیے اپنے وسائل سے خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

  • ایف بی آر کی پالیسیوں پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا شدید تحفظات کا اظہار

    ایف بی آر کی پالیسیوں پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا شدید تحفظات کا اظہار

    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں مسلسل دوسرے روز بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی اور اس کے کام کرنے کے طریقے پر اراکین کی جانب سے شدید عدم اطمینان اور مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے اراکین نے ایف بی آر کی موجودہ ٹیکس پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسیاں ملکی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھنے کے بجائے یورپی ماڈلز پر تیار کی گئی معلوم ہوتی ہیں، جو پاکستان کی مقامی معاشی حقیقتوں سے بالکل میل نہیں کھاتیں۔
    اجلاس کے دوران ٹیکس ریفنڈز کی واپسی کے طریقہ کار پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا گیا، جہاں سینیٹر عبدالقادر نے ریفنڈز کی ادائیگیوں میں ہونے والی طویل تاخیر کا معاملہ اٹھایا۔ ارکانِ پارلیمنٹ نے ایف بی آر کے حکام پر زور دیا کہ وہ اپنے تنظیمی ڈھانچے کی خرابیوں اور نااہلی کو فوری طور پر دور کریں اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ کاروباری برادری اور عام ٹیکس دہندگان کے درمیان کھویا ہوا اعتماد دوبارہ بحال کیا جا سکے۔

  • لاہور میں کھلے گٹر معصوم جانوں کے لیے وبالِ جان

    لاہور میں کھلے گٹر معصوم جانوں کے لیے وبالِ جان

    ‎لاہور میں کھلے گٹروں اور نالوں کی وجہ سے پیش آنے والے پے در پے حادثات نے واسا (WASA) کی کارکردگی اور ضلعی انتظامیہ کی نااہلی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ گزشتہ روز سندر میں ایک بچہ کھلے گٹر میں گر گیا تھا جسے خوش قسمتی سے بچا لیا گیا، لیکن آج پھر ایک اور دلدوز واقعہ پیش آیا جہاں گٹر میں گرنے کے باعث ایک معصوم بچہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
    صوبائی دارالحکومت میں اعلیٰ سطح کی سخت ہدایات کے باوجود زمینی حقائق انتہائی مایوس کن ہیں، جس پر عوام شدید سراپا احتجاج ہیں۔ شہریوں کا اصرار ہے کہ اتنی مجرمانہ غفلت کے بعد بھی واسا کا سربراہ اپنے عہدے پر کیوں برقرار ہے اور اسسٹنٹ کمشنر (AC) رائے ونڈ اس سنگین صورتحال پر کیا کر رہے ہیں؟
    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ واسا کے اعلیٰ حکام نے اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش کی ہو۔ اس سے قبل بھاتی گیٹ کے المناک حادثے میں بھی، جہاں ماں اور بیٹی کھلے گٹر میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی تھیں، واسا کے اسی سربراہ نے اپنی ذمہ داری سے پلہ جھاڑتے ہوئے یہ تک دعویٰ کر دیا تھا کہ ماں بیٹی ڈوب کر ہلاک نہیں ہوئیں۔ اس انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان اور مجرمانہ غفلت کے باوجود اب تک ان کے خلاف کوئی حتمی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
    لاہور کے علاقے چوہنگ میں ایک معصوم بچے کے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے المناک واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (DGPR) پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ کے مطابق، وزیر اعلیٰ نے اس افسوسناک اور دلدوز واقعے پر شدید برہمی اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
    کھلے مین ہولز اور سیوریج کے گڑھے معصوم شہریوں کے لیے
    موت کے کنویں بن چکے ہیں، اور عوام اب محض کھوکھلے دعووں کے بجائے واسا کے اعلیٰ افسران اور مقامی انتظامیہ کے خلاف سخت اور فوری تادیبی کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

  • جی 7 سربراہی کانفرنس: ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی کے درمیان روایتی گرم جوشی غائب

    جی 7 سربراہی کانفرنس: ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی کے درمیان روایتی گرم جوشی غائب

    ‎فرانس کے شہر ایویان میں منعقدہ جی 7 سربراہی کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ہمیشہ نظر آنے والی روایتی گرم جوشی کے بجائے ایک قدرے سرد اور انتہائی رسمی ملاقات دیکھنے میں آئی ہے۔ حالیہ پاکٹ تجارتی کشیدگی اور امریکی ٹیرف کے اعلانات کے تناظر میں دونوں عالمی رہنماؤں کی باڈی لینگویج میں یہ بڑی تبدیلی خاصی نمایاں تھی، جس نے سوشل میڈیا اور عالمی سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
    رپورٹس اور وائرل ہونے والی ویڈیوز کے مطابق، روایتی گروپ فوٹو (فیملی فوٹو) کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی طرف کوئی خاص توجہ نہیں دی اور اس سیشن میں ان کے درمیان کوئی واضح بات چیت دیکھنے میں نہیں آئی۔ فوٹو سیشن کے اختتام پر جب تمام عالمی رہنما اکٹھے ہوئے تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم مودی کے بازو پر ہاتھ رکھا اور ان سے ایک پختہ مگر رسمی ہینڈ شیک کیا، جس کے بعد دونوں رہنما کانفرنس کے ورکنگ سیشن میں ایک ساتھ بیٹھے ہوئے بھی دکھائی دیے۔
    تاہم، اس پوری ملاقات کے دوران سب سے زیادہ توجہ طلب بات یہ تھی کہ وزیراعظم مودی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنا مشہور اور روایتی گرم جوش ‘جپھی والا’ (گلے ملنے کا) انداز یکسر ترک کیے رکھا، جبکہ ٹرمپ بھی مودی کو کچھ حد تک نظر انداز کرتے دکھائی دیے۔ دونوں رہنماؤں کے اس بدلے ہوئے اور رسمی رویے نے سیاسی مبصرین کی توجہ فوری طور پر اپنی جانب مبذول کروا لی ہے اور سوشل میڈیا پر ان کے مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں عروج پر ہیں۔