پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اہم معلوماتی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے کے نتیجے میں آبنائے ہرمز کھل جائے گی، جس کے مثبت اثرات براہِ راست پاکستان پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کھلنے سے بین الاقوامی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نمایاں طور پر نیچے آئیں گی اور حکومت اس کا پورا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچائے گی۔
صوبائی بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کا ایک متوازن اور ٹیکس فری بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے مریم نواز کی لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سرجری ہونے اور ڈاکٹرز کے آرام کے مشورے کے باوجود وزیر اعلیٰ بجٹ اجلاس میں خود شریک ہوئیں کیونکہ وہ عوامی معاملات کو ترجیح دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، تاہم جو بڑے کاروباری ادارے ٹیکس چوری کرتے ہیں یا ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، انہیں اب ہر صورت ٹیکس دینا پڑے گا۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے پچھلے سال کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے اور ادارے اب اپنے وسائل سے مزید ریونیو اکٹھا کریں گے۔
صوبائی وزیر نے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو ترجیح دیتے ہوئے وہاں سب سے پہلے الیکٹرک بسیں پہنچائی گئی ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تنقید کرنے والے تعصب کی عینک اتار کر ترقی دیکھیں اور وہ پرامن طور پر بجٹ سننے پر اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ پنجاب حکومت نے اس بار بھی سرپلس بجٹ پیش کیا ہے جس میں تعلیم، صحت، زراعت اور سوشل سیکٹر کی بہتری کے لیے اپنے وسائل سے خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
امریکا ایران معاہدے سے پیٹرول سستا ہوگا، پنجاب میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا: عظمیٰ بخاری
