قصور میں ایل پی جی گیس کا بحران برقرار، 308 روپے سرکاری ریٹ والی ایل پی جی 650 روپے فی کلو تک فروخت
قصور اور گردونواح میں ایل پی جی گیس کا بحران تاحال ختم نہ ہو سکا، جس کے باعث شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔ اوگرا کی جانب سے جون 2026 کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308.76 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم قصور کے مختلف علاقوں میں یہ گیس 600 سے 650 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس ڈیلرز اور دکاندار مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث گھریلو صارفین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور روزمرہ اخراجات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوری کا فوری نوٹس لیا جائے اور سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو آنے والے دنوں میں بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔
