Baaghi TV

Blog

  • فیفا ورلڈ کپ ، انگلینڈ ٹیم کا  امریکا میں‌سامان   چوری ہو گیا

    فیفا ورلڈ کپ ، انگلینڈ ٹیم کا امریکا میں‌سامان چوری ہو گیا

    فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے آغاز سے قبل انگلینڈ کی قومی فٹبال ٹیم کو غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑ گیا، جہاں امریکا میں ٹیم کے پہلے ٹریننگ سیشن سے قبل کھلاڑیوں کا اہم سامان چوری کر لیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چوری ہونے والے سامان میں کھلاڑیوں کے جوتے، فٹبالز اور ٹریننگ کے لیے استعمال ہونے والا دیگر ضروری سامان شامل ہے۔رپورٹس کے مطابق سامان کو ٹیم کے ٹریننگ مقام تک پہنچانے سے قبل نامعلوم افراد نے گاڑیوں کے شیشے توڑ کر واردات کی اور سامان لے کر فرار ہو گئے۔

    یہ سامان ہفتے کے روز انگلش اسکواڈ کی آمد اور ٹریننگ سرگرمیوں کے آغاز سے قبل امریکی ریاست فلوریڈا سے کنساس سٹی منتقل کیا جا رہا تھا۔واقعے کے بعد کنساس سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس حکام نے چوری کی واردات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں انگلینڈ اپنی مہم کا آغاز بدھ کے روز کروشیا کے خلاف میچ سے کرے گا، جبکہ ٹیم انتظامیہ واقعے کے باوجود تیاریاں معمول کے مطابق جاری رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

  • شمالی وزیرستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائی،فتنۃ الخوارج کے 21 دہشتگردجہنم واصل

    شمالی وزیرستان،سیکورٹی فورسز کی کاروائی،فتنۃ الخوارج کے 21 دہشتگردجہنم واصل

    دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کا مشن، سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں بڑی کارروائیاں،میران شاہ میں 21 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا، ہلاک ہونے والوں میں 4 خارجی کمانڈر بھی شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں خارجیوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور ملحقہ علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان میں خارجیوں کے نیٹ ورک کیلئے بڑا دھچکا، مارے گئے خارجی کمانڈرز تخریب کاری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری آپریشنز کے تسلسل میں خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور اس کے گرد و نواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ بہتر گھنٹوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 21 خوارج ہلاک کر دیے گئے، جن میں چار اہم خوارجی سرغنہ بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں خوارجی خالد رضا عرف سالار، خوارجی مفتون، خوارجی موسیٰ اور خوارجی عمران عرف ایان شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں علاقے میں سرگرم خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ ہلاک ہونے والے خوارجی سرغنہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ ان انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ کی گئی کارروائیوں میں اب تک مجموعی طور پر 48 خوارج ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ہلاک کیے گئے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ عناصر متعدد دہشت گرد سرگرمیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں چھپے ہوئے باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

  • بھارتی فضائیہ کا AN-32 طیارہ تباہ

    بھارتی فضائیہ کا AN-32 طیارہ تباہ

    بھارتی فضائیہ کا ایک AN-32 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہفتے کے روز ریاست آسام کے جورہاٹ ایئر فورس اسٹیشن پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی۔

    بھارتی حکام کے مطابق طیارہ ایئربیس کی حدود کے اندر گر کر تباہ ہوا، جبکہ حادثے کے فوراً بعد آگ لگ گئی۔ واقعے کے بعد ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری طور پر موقع پر روانہ کیا گیا جنہوں نے آگ بجھانے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائی شروع کردی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی بھی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔

    بھارتی فضائیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی جائزے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ ساتھ ہی حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

    حادثے کا شکار ہونے والا AN-32 دو انجنوں پر مشتمل فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہے جو بھارتی فضائیہ میں رسد، سامان اور اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ طیارہ تقریباً 7.5 ٹن سامان، 50 اہلکار یا 42 پیرا ٹروپرز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دشوار گزار اور بلند پہاڑی علاقوں میں آپریشنز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند ماہ قبل بھی آسام کے ضلع کاربی آنگلونگ میں بھارتی فضائیہ کا ایک سخوئی Su-30MKI لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔یاد رہے کہ 5 مارچ کو جورہاٹ ایئر فورس اسٹیشن سے معمول کی پرواز پر اڑان بھرنے والا دو نشستوں والا سخوئی طیارہ دورانِ مشن زمینی کنٹرول سے رابطہ کھو بیٹھا تھا۔ بعد ازاں طیارے کا ملبہ جورہاٹ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور کاربی آنگلونگ کے پہاڑی اور دور افتادہ علاقے سے ملا تھا۔

  • کائنات اظہر خان اسلام آباد میں چیف ٹریفک آفیسر تعینات

    کائنات اظہر خان اسلام آباد میں چیف ٹریفک آفیسر تعینات

    اسلام آباد: کائنات اظہر خان کو چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق کائنات اظہر خان کے پاس ایس ایس پی آپریشنز (سیف سٹی) کا اضافی چارج بھی ہوگا۔ نئی ذمہ داریوں کے تحت وہ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ سیف سٹی آپریشنز کی نگرانی بھی کریں گی۔دوسری جانب ایس ایس پی محمد سرفراز ورک کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ ان کی پنجاب میں نئی تعیناتی سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

  • مظفرگڑھ، کچرا نہ اٹھانے پر ستھرا پنجاب ورکر پر تشدد، 2 ملزمان گرفتار

    مظفرگڑھ، کچرا نہ اٹھانے پر ستھرا پنجاب ورکر پر تشدد، 2 ملزمان گرفتار

    مظفرگڑھ کے علاقے خان گڑھ میں کچرا بروقت نہ اٹھانے کے تنازع پر 2 افراد نے ستھرا پنجاب پروگرام کے سینیٹری ورکر کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    پولیس کے مطابق فہیم نامی سینیٹری ورکر معمول کے مطابق کچرا اٹھانے میں مصروف تھا تاہم کچرے کی گاڑی میں مزید جگہ نہ ہونے کے باعث وہ ایک گلی سے مکمل کچرا نہ اٹھا سکا۔اطلاعات کے مطابق کچرا فوری طور پر نہ اٹھانے پر عابد اور مبشر نامی افراد طیش میں آگئے اور انہوں نے سینیٹری ورکر کو گالیاں دینے کے بعد پلاسٹک کے پائپوں اور لوہے کی تاروں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ ورکر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ خان گڑھ میں دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ قانون کے مطابق ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • وفاقی بجٹ میں سوشل میڈیا آمدن پر بھی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

    وفاقی بجٹ میں سوشل میڈیا آمدن پر بھی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں پہلی مرتبہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے آمدن حاصل کرنے والے افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرتے ہوئے ان کی کمائی پر 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بجٹ دستاویزات کے مطابق یوٹیوب، انسٹاگرام، فیس بک، ٹک ٹاک اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے آمدن حاصل کرنے والے کنٹینٹ کری ایٹرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر نئی ٹیکس پالیسی لاگو ہوگی۔رپورٹ کے مطابق حکومت نے ڈیجیٹل معیشت کو دستاویزی شکل دینے اور ٹیکس دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ نئے نظام کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدن پر 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ بینک اور دیگر مالیاتی ادارے سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن پر مقررہ شرح کے مطابق ٹیکس کٹوتی کرنے کے مجاز ہوں گے۔

  • فیفا ورلڈ کپ ، ٹورنٹو، لاس اینجلس اور میکسیکو میں رنگارنگ افتتاحی تقریبات

    فیفا ورلڈ کپ ، ٹورنٹو، لاس اینجلس اور میکسیکو میں رنگارنگ افتتاحی تقریبات

    فیفا ورلڈ کپ 2026 کی شاندار افتتاحی تقریبات نے تینوں میزبان ممالک میں فٹبال شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی، جہاں موسیقی، ثقافت اور کھیل کا منفرد امتزاج دیکھنے کو ملا۔

    کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں کینیڈا اور بوسنیا کے درمیان میچ سے قبل منعقدہ افتتاحی تقریب میں معروف گلوکاراؤں ایلیسیا کارا، جیسی ریز، نورا فتحی اور ایل یانا نے دلکش پرفارمنسز پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔افتتاحی تقریب کے موقع پر ٹورنٹو کا اسٹیڈیم کینیڈا کے روایتی سرخ اور سفید رنگوں سے سجا نظر آیا، جبکہ ہزاروں شائقین نے رنگا رنگ پروگرام سے بھرپور لطف اٹھایا۔دوسری جانب امریکا کے شہر لاس اینجلس میں بھی ورلڈ کپ کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ میزبان امریکا اور پیراگوئے کے میچ سے قبل ہونے والی تقریب میں مختلف میوزیکل بینڈز کی پرفارمنسز نے اسٹیڈیم کا ماحول گرما دیا اور ہزاروں تماشائی موسیقی کی دھنوں پر جھومتے رہے۔

    اس سے قبل میکسیکو میں ہونے والی افتتاحی تقریب نے بھی دنیا بھر کی توجہ حاصل کی تھی۔ تقریب میں عالمی شہرت یافتہ فنکاروں شکیرا اور برنا بوائے کی دھماکے دار پرفارمنسز نے فٹبال شائقین کو خوب محظوظ کیا اور سوشل میڈیا پر بھی تقریب کے مناظر چھائے رہے

  • لکی مروت،مقامی شہریوں‌نے مسجد پر خودکش حملہ ناکام بنا دیا

    لکی مروت،مقامی شہریوں‌نے مسجد پر خودکش حملہ ناکام بنا دیا

    خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے خیروخیل پکہ میں مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسجد میں خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    مقامی ذرائع کے مطابق 12 جون کو ایک خوارجی خودکش حملہ آور جمعہ کی نماز کے دوران مسجد کو نشانہ بنانے کی نیت سے مسجد کی جانب بڑھ رہا تھا۔ تاہم علاقے کے لوگوں نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے فوری کارروائی کی اور حملہ آور کو مسجد تک پہنچنے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے زیر استعمال موٹر سائیکل پر نصب بارودی مواد بعد ازاں دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 5 سالہ بچی شہید جبکہ بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملے میں ملوث دیگر عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔مقامی ذرائع کے مطابق مسجد کو نشانہ بنانے کی اس کوشش کے بعد لکی مروت کے عوام میں خوارج کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

  • خیبر پختونخوا،پنجاب تیز آندھی ،بارش،5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    خیبر پختونخوا،پنجاب تیز آندھی ،بارش،5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور تیز بارش نے تباہی مچا دی،5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ لاہور، فیصل آباد،جھنگ، چنیوٹ، سیالکوٹ، سمیت دیگر علاقوں میں بارش سےکئی علاقوں میں بجی کی فراہمی معطل ہوگئی،تیز ہواؤں سے کئی مقامات پر درخت اور سولر پینل اکھڑ گئے،پی ڈی ایم اے کے مطابق بنوں میں آندھی اور موسلادھاربارش سے 4 افرادجاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوئے

    فیصل آباد اور جھنگ میں بارش اور آندھی کے باعث درجنوں افراد مختلف حادثات میں زخمی ہوگئے،ترجمان ریسکیو کے مطابق فیصل آباد میں تیز آندھی اور بارش کے دوران 7 مقامات پر حادثات پیش آئے جہاں 6 واقعات میں عمارتوں کی دیواریں گرنے سے 15 افراد زخمی ہوئے جب کہ غازی آباد کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئیں، ریسکیو اہلکاروں نے تمام واقعات میں زخمیوں کو ملبے سے نکال کر علاج کیلئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا۔

    دوسری جانب جھنگ شہر اور گرد و نواح میں طوفانی آندھی اور بارش کے باعث 5 خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوئے،ریسکیو ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش کے باعث سائن بورڈز ، دیواروں ، چھتوں اور سولر پینلز کے اسٹینڈز گرنے کے واقعات میں 2 خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوئے،نواحی علاقے منڈی شاہ جیونا میں آندھی کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 3خواتین سمیت 4افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آندھی اور بارش سے مختلف علاقوں میں دیواریں، مکانات گر گئے، متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں،پی ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام خراب موسم میں خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں، ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے۔

  • تیز آندھی ،بارش،بجلی کی تاحال بندش،سڑکوں پر پانی ہی پانی

    تیز آندھی ،بارش،بجلی کی تاحال بندش،سڑکوں پر پانی ہی پانی

    قصور میں گزشتہ رات کی شدید آندھی اور بارش کے بعد بجلی کی فراہمی معطل، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہری مشکلات کا شکار

    تفصیلات کے مطابق قصور و گردونواح میں گزشتہ رات آنے والی تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث ضلع قصور کے مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا، جبکہ متعدد دیہاتی علاقوں میں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
    تفصیلات کے مطابق رات گئے آنے والی تیز آندھی کے باعث متعدد مقامات پر بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں قصور اور گردونواح کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ پینے کے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
    دوسری جانب شدید بارش کے باعث شہر قصور کی متعدد اہم سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ مختلف شاہراہوں، بازاروں اور گلی محلوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی۔ کئی مقامات پر گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی میں پھنس گئیں جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
    شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور شہر سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے تاکہ معمولات زندگی جلد بحال ہو سکیں۔
    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہر بار بارش کے بعد نکاسی آب کا مسئلہ شدت اختیار کر لیتا ہے، جس سے شہریوں کو پریشانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، واسا اور واپڈا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بچنے کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں