بھارتی فضائیہ کا ایک AN-32 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہفتے کے روز ریاست آسام کے جورہاٹ ایئر فورس اسٹیشن پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی۔
بھارتی حکام کے مطابق طیارہ ایئربیس کی حدود کے اندر گر کر تباہ ہوا، جبکہ حادثے کے فوراً بعد آگ لگ گئی۔ واقعے کے بعد ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری طور پر موقع پر روانہ کیا گیا جنہوں نے آگ بجھانے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائی شروع کردی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی بھی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔
بھارتی فضائیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی جائزے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ ساتھ ہی حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والا AN-32 دو انجنوں پر مشتمل فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ ہے جو بھارتی فضائیہ میں رسد، سامان اور اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ طیارہ تقریباً 7.5 ٹن سامان، 50 اہلکار یا 42 پیرا ٹروپرز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دشوار گزار اور بلند پہاڑی علاقوں میں آپریشنز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند ماہ قبل بھی آسام کے ضلع کاربی آنگلونگ میں بھارتی فضائیہ کا ایک سخوئی Su-30MKI لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔یاد رہے کہ 5 مارچ کو جورہاٹ ایئر فورس اسٹیشن سے معمول کی پرواز پر اڑان بھرنے والا دو نشستوں والا سخوئی طیارہ دورانِ مشن زمینی کنٹرول سے رابطہ کھو بیٹھا تھا۔ بعد ازاں طیارے کا ملبہ جورہاٹ سے تقریباً 60 کلومیٹر دور کاربی آنگلونگ کے پہاڑی اور دور افتادہ علاقے سے ملا تھا۔
