Baaghi TV

Blog

  • امریکا، ایران کشیدگی،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ

    امریکا، ایران کشیدگی،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ

    امریکا اور ایران کے درمیان نئی جھڑپوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً ڈھائی فیصد اضافے کے بعد 96 ڈالر 63 سینٹ فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اس سے ایک روز قبل برینٹ کروڈ کی قیمت میں 5 اعشاریہ 31 فیصد کمی دیکھی گئی تھی۔دوسری جانب ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی تقریباً اسی شرح سے بڑھ کر 100 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔ بدھ کے روز ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں تقریباً 6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

    ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکا، ایران تنازع کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، جس کے اثرات تیل کی قیمتوں پر نمایاں طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔

    عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی تیل کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے،

  • قلعہ سیف اللّٰہ میں فائرنگ، 3 افراد کی موت

    قلعہ سیف اللّٰہ میں فائرنگ، 3 افراد کی موت

    بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّٰہ کے علاقے بختیار اڈہ میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے۔

    پولیس حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

    علاقہ مکینوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔

  • ریاست مخالف پروپیگنڈہ،پنجاب میں کریک ڈاؤن،11 افراد گرفتار

    ریاست مخالف پروپیگنڈہ،پنجاب میں کریک ڈاؤن،11 افراد گرفتار

    نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پنجاب نے ریاست مخالف پروپیگنڈا اور عوام میں انتشار پھیلانے کے الزام میں مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔این سی سی آئی اے کے مطابق یہ کارروائیاں ڈائریکٹر پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر عمل میں لائی گئیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے اشتعال انگیز مواد پھیلانے اور ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلانے والے عناصر کی نگرانی کی جا رہی تھی، جس کے بعد مختلف شہروں میں چھاپے مارے گئے۔ترجمان کے مطابق لاہور سے تین افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں غوث صدیق اور اظہر شامل ہیں۔ فیصل آباد میں کارروائی کے دوران تین افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں ذیشان، ظہور اور طارق شامل ہیں۔ اسی طرح ملتان میں چار افراد اصف، فرحان، سہیل اور زبیر کو گرفتار کیا گیا، جبکہ گجرانوالہ سے اعجاز نامی شخص کو ریاست مخالف پروپیگنڈا اور لوگوں میں انتشار پھیلانے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے ڈیجیٹل شواہد اور سوشل میڈیا ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے ممکنہ نیٹ ورک اور سرگرمیوں کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کی جا سکیں۔ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم نے کہا ہے کہ ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے اور عوام میں بے چینی و انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • اقوامِ متحدہ کا بڑا فیصلہ،جنسی تشدد پر اسرائیلی ادارےبلیک لسٹ میں شامل

    اقوامِ متحدہ کا بڑا فیصلہ،جنسی تشدد پر اسرائیلی ادارےبلیک لسٹ میں شامل

    اقوامِ متحدہ نے اسرائیلی اداروں کو جنگ کے دوران جنسی تشدد کے الزامات کے تحت بلیک لسٹ میں شامل کرلیا، جس کے بعد اسرائیل نے شدید ردِعمل دیتے ہوئے اس فیصلے کو “سیاسی اور حقائق سے عاری” قرار دیا ہے۔

    اسرائیل کے اقوامِ متحدہ میں سفیر نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کا یہ اقدام “سیاسی فیصلہ” ہے جس کا حقیقت اور زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کو ایسے شواہد فراہم کیے تھے جو ان رپورٹس کی تردید کرتے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جیل سروس سمیت کئی اسرائیلی اداروں کو 2026 کی اس بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ بعض دیگر اداروں کو نگرانی کے فریم ورک میں رکھا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ان کے خلاف مزید کارروائی کی جاسکے۔

    اقوامِ متحدہ کی اس فہرست میں وہ ممالک، مسلح گروہ اور تنظیمیں شامل کی جاتی ہیں جن پر جنگی یا تنازعاتی علاقوں میں جنسی تشدد کے الزامات ہوں۔

    اسرائیل کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران اس کے سفارتی وفد نے اقوامِ متحدہ کے حکام سے متعدد ملاقاتیں کیں اور مبینہ الزامات سے متعلق دستاویزات، ڈیٹا اور تفصیلی جوابات فراہم کیے۔ اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کے اہلکاروں کو ملک اور حملوں سے متاثرہ مقامات کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ “جھوٹے دعوؤں” کا جائزہ لیا جاسکے، تاہم اس کے باوجود اسرائیلی اداروں کو فہرست میں شامل کردیا گیا۔

    اس فیصلے کے ردِعمل میں اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دفتر کے ساتھ تعلقات منجمد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ جب تک انتونیو گوتریس اقوامِ متحدہ کے سربراہ رہیں گے، سیکریٹری جنرل کے دفتر کے ساتھ رابطہ نہیں رکھا جائے گا۔ گوتریس کی مدتِ ملازمت 31 دسمبر 2026 کو ختم ہورہی ہے۔

    یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اقوامِ متحدہ اپنی 80 سالہ تاریخ کے شدید ترین مالی بحران کا سامنا کررہی ہے۔ ادارے کے مطابق رکن ممالک کی جانب سے 1.56 ارب ڈالر کے واجبات تاحال ادا نہیں کیے گئے۔

    یہ پیش رفت امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں ایک مضمون کے بعد سامنے آئی، جس میں اسرائیلی فوجیوں، آبادکاروں اور سیکیورٹی اہلکاروں پر فلسطینی مردوں، خواتین اور بچوں کے خلاف مبینہ جنسی تشدد کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔مضمون میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگرچہ اسرائیلی قیادت کی جانب سے ریپ کے احکامات کے شواہد موجود نہیں، تاہم سیکیورٹی نظام میں ایسی فضا پیدا ہوگئی ہے جہاں جنسی تشدد “معمول کا طریقۂ کار” بنتا جارہا ہے۔

  • عید الاضحی پر پنجاب بھر میں آپریشن کلین اپ کا دوسرا روز،رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش

    عید الاضحی پر پنجاب بھر میں آپریشن کلین اپ کا دوسرا روز،رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش

    وزیراعلی مریم نواز شریف کی براہ راست نگرانی میں عید الاضحی پر پنجاب بھر میں آپریشن کلین اپ کا دوسرا روز، لاہور میں قائم مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ، سوشل میڈیا اور ہیلپ لائن پر شکایات کا جائزہ لے کر فوری کارروائی کا سلسلہ جاری ہے

    پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب سمیت تمام ادارے عوام کی خدمت کا گزشتہ ریکارڈ توڑنے کے عزم کے ساتھ فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں، دو روز کی کارکردگی رپورٹ وزیراعلی مریم نواز شریف کو پیش کر دی گئی ،وزیراعلی مریم نواز شریف نے سخت گرمی میں تمام افسران اور عملے کی فیلڈ میں عوامی خدمات کی فراہمی کے جذبے کی تحسین کی،آلائشوں کو فوری اٹھانے اور ٹھکانے لگایا جا رہا ہے، گلی، محلوں، بازاروں، چوراہوں اور سڑکوں کی سرف اور فینائل سے دھلائی جاری ہے،قربان گاہوں میں عرق گلاب کا چھڑکاؤ، چونا بھی پھینکا جا رہا ہے

    لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، حافظ آباد، سیالکوٹ، اوکاڑہ، جہلم، راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں آلائشوں کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا سلسلہ عید کے دوسرے روز بھی جاری ہے ،گھروں کے دروازوں اور کولیکشن پوائنٹ سے اٹھا کر ڈمپنگ سائٹس پر آلائشوں کو پہنچانے کا عمل بلا تعطل جاری ہے ،ستھرا پنجاب کی ٹیمیں آلائشیں اور باقیات کے بیگ اٹھانے کے لئے راؤنڈ دا کلاک کام کر رہی ہیں

  • پاکستان کا امن کے لیے کردار قابل تعریف ہے،عبدالعلیم خان

    پاکستان کا امن کے لیے کردار قابل تعریف ہے،عبدالعلیم خان

    یوم تکبیر پر صدر استحکام پاکستان پارٹی و وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے قوم کو مبارکباد دی ہے

    وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے عسکری و دفاعی اداروں اور سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ "یوم تکبیر، دفاع وطن ناقابل تسخیر” کا نعرہ قومی سلامتی کا ضامن ہے،پاکستان نے پہلی مسلم ایٹمی قوت کے طور پر اپنی منفرد شناخت بنائی،ایٹمی پروگرام کے آغاز پر ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،میاں محمد نواز شریف نے دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکوں کا جرأت مندانہ فیصلہ کیا،ڈاکٹر عبد القدیر خان اور ثمر مبارک مند بلاشبہ اس قوم کے ہیرو ہیں،افواج پاکستان، عسکری ادارے اور دفاعی ماہرین خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں،جارحیت پر آمادہ بھارت کے لیے پاکستان بطور ایٹمی قوت بھرپور جواب بن گیا،ایٹمی قوت ہونے کے باوجود خطے میں پاکستان کا امن کے لیے کردار قابل تعریف ہے،ایران امریکہ جنگ میں پاکستان کی سفارتکاری منفرد اور بہترین رہی،ایٹمی دھماکوں کے بعد دنیا نے پاکستان کو خود مختار مملکت کے طور پر سراہا.

  • وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سرجری کروانے کے بعد ہسپتال سے گھر منتقل

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سرجری کروانے کے بعد ہسپتال سے گھر منتقل

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں میجر سرجری کی گئی ہے۔ اس بات کی تصدیق پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کی۔

    مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی کامیاب سرجری کے بعد انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے اور ان کی طبیعت بہتر ہے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وزیراعلیٰ کی کس نوعیت کی سرجری ہوئی۔
    سینئر صوبائی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی مریم نواز نے اسپتال سے ہی صوبے بھر میں سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کی براہ راست نگرانی جاری رکھی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عوامی خدمات اور صوبے کے انتظامی معاملات پر مسلسل توجہ دے رہی ہیں اور سرجری کے باوجود حکومتی امور کی مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔

  • دوستی سے انکار ، اے آئی کے ذریعے خاتون   کی جعلی نازیبا تصاویر بنانے والا گرفتار

    دوستی سے انکار ، اے آئی کے ذریعے خاتون کی جعلی نازیبا تصاویر بنانے والا گرفتار

    بھارت کے دارالحکومت دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک پجاری کو خاتون کی جعلی اور نازیبا تصاویر و ویڈیوز مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کرکے سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 27 سالہ ملزم سمت نیم چند شرما مذہبی ویڈیوز بنانے اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مذہبی بیانات دینے کے لیے جانا جاتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے آسانی سے دستیاب اے آئی ٹولز استعمال کرتے ہوئے ایک خاتون اور اس کی والدہ کی تصاویر کو تبدیل کیا اور انہیں متعدد جعلی اکاؤنٹس پر اپ لوڈ کر دیا۔احمد آباد سٹی سائبر کرائم برانچ نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو دہلی سے گرفتار کیا۔ اس مہم کا مقصد خواتین کو آن لائن ہراسانی اور سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون، جو گجرات سے تعلق رکھتی ہے، کی ملزم سے سوشل میڈیا کے ذریعے جان پہچان ہوئی تھی۔ ملزم نے ابتدا میں انسٹاگرام پر مذہبی موضوعات پر گفتگو شروع کی، تاہم بعد ازاں اس نے خاتون سے دوستی کی کوشش کی جسے خاتون نے مسترد کر دیا۔

    شکایت کے مطابق دوستی سے انکار کے بعد ملزم نے دسمبر 2025 سے 6 اپریل تک خاتون کا آن لائن تعاقب کیا۔ اس دوران اس نے خاتون اور اس کی والدہ کی تصاویر انسٹاگرام سے ڈاؤن لوڈ کیں اور انٹرنیٹ پر “AI Remove Clothes” جیسے ٹولز تلاش کرکے ان تصاویر کو نازیبا شکل دی۔پولیس حکام کے مطابق ملزم نے اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے 100 سے زائد جعلی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز تیار کیں۔ اس نے خاتون کے نام اور تصاویر استعمال کرتے ہوئے تین جعلی انسٹاگرام اکاؤنٹس اور ایک یوٹیوب چینل بھی بنایا، جہاں یہ مواد اپ لوڈ کیا گیا۔تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے ایکس، فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر 8 سے 10 جعلی اکاؤنٹس بنا رکھے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا مقصد خاتون اور اس کے خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا اور ذہنی اذیت دینا تھا۔

    متاثرہ خاتون نے بعد ازاں احمد آباد سائبر کرائم ٹیم سے رابطہ کیا، جس کے بعد انسپکٹر ایم ایچ بھیتاریا کی سربراہی میں ٹیم نے ڈیجیٹل ٹریکنگ اور خفیہ معلومات کی مدد سے ملزم کو شمال مشرقی دہلی کے علاقے عثمان پور سے گرفتار کر لیا۔پولیس نے ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • برطانیہ میں شرحِ پیدائش تاریخ کی کم ترین سطح پر

    برطانیہ میں شرحِ پیدائش تاریخ کی کم ترین سطح پر

    لندن: انگلینڈ اور ویلز میں شرحِ پیدائش ریکارڈ کم ترین سطح پر آگئی ہے جبکہ گزشتہ برس پیدا ہونے والے بچوں میں سے 40 فیصد سے زائد ایسے تھے جن کے کم از کم ایک والدین برطانیہ سے باہر پیدا ہوئے۔

    برطانوی ادارہ برائے قومی شماریات کی جانب سے جاری نئے اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں خواتین کی متوقع اوسط شرحِ پیدائش 1.39 بچوں تک گر گئی، جو 2024 میں 1.41 تھی۔ ماہرین کے مطابق آبادی کو مستحکم رکھنے کے لیے شرحِ پیدائش تقریباً 2.1 ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں گزشتہ سال پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد تقریباً نصف صدی کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی، جو گزشتہ ایک دہائی سے جاری مسلسل کمی کے رجحان کو ظاہر کرتی ہے۔

    اعداد و شمار میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2025 میں 40.2 فیصد بچے ایسے والدین کے ہاں پیدا ہوئے جن میں سے کم از کم ایک والدین برطانیہ سے باہر پیدا ہوا تھا، جبکہ یہ شرح 2024 میں 39.5 فیصد تھی۔غیر ملکی نژاد ماؤں کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کی شرح بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ 2005 میں یہ شرح 20.8 فیصد تھی، جو 2015 میں 27.5 فیصد اور 2025 میں بڑھ کر 34.6 فیصد تک پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق غیر برطانوی نژاد ماؤں میں بھارت سرفہرست رہا، جبکہ پاکستان، نائجیریا اور رومانیہ کا شمار بھی نمایاں ممالک میں ہوا۔

    ادارہ شماریات کے سربراہ گریگ سیلی نے کہا کہ 2025 میں بچوں کی پیدائش کی تعداد تقریباً نصف صدی کی کم ترین سطح پر آگئی ہے اور یہ رجحان گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل جاری ہے۔

    دوسری جانب برطانوی وزیرِ تعلیم بریجٹ فلپسن نے شرحِ پیدائش میں کمی کی ایک بڑی وجہ مہنگائی اور بڑھتے ہوئے معاشی مسائل کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے کرایے، رہائشی قرضوں کی اقساط، ایندھن، خوراک اور بچوں کی دیکھ بھال کے اخراجات نے لوگوں کو بچے پیدا کرنے سے روک دیا ہے۔

  • کراچی میں موسم گرم، حبس میں اضافے کا امکان

    کراچی میں موسم گرم، حبس میں اضافے کا امکان

    محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔

    محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت اور حبس میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ادارے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 29.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمۂ موسمیات نے مزید بتایا کہ شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے سبب شہریوں کو زیادہ حبس محسوس ہو سکتا ہے۔

    ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی اور مرطوب موسم کے پیشِ نظر غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔