Baaghi TV

Blog

  • یوم تکبیر،مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو مبارکباد

    یوم تکبیر،مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو مبارکباد

    یومِ تکبیر کی 28 ویں سالگرہ پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئرچیف اور نیول چیف نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ تکبیر تاریخی کارنامے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان ایٹمی طاقت بن کر ابھرا، اس دن پاکستان نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا، یہ عظیم سنگِ میل قومی اتحاد، استقامت اور ملکی خودمختاری کی علامت ہے،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دن علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے، یہ تاریخی کامیابی مدبر قیادت، سائنسدانوں، انجینئرز کی غیرمعمولی خدمات کی بدولت ہے، یہ کامیابی پاک افواج اور پاکستانی قوم کی قربانیوں کا ثمر ہے، پاکستان کی دفاعی و اسٹریٹجک صلاحیت مقدس قومی امانت ہے، یہ خطے میں امن، استحکام، علاقائی سالمیت اور مؤثر دفاعی صلاحیت کی ضامن ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج وطن کے دفاع کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں، پاک افواج ملک کی سلامتی، استحکام اورخوشحالی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں، اس عظیم موقع پر اللّٰہ تعالیٰ کے حضور سربسجود پوری قوم اتحاد، بیداری، مضبوط وخوشحال پاکستان کے لیے اپنی وابستگی کی تجدید کرتی ہے، پاکستان افواج زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔

  • ہم اپنی دفاعی صلاحیت سے ہر گز غافل نہیں۔وزیراعظم

    ہم اپنی دفاعی صلاحیت سے ہر گز غافل نہیں۔وزیراعظم

    وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے یوم تکبیر (28 مئی) کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب پوری قوم نے غیر متزلزل عزم، قومی وحدت اور بے مثال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی قوت ہونے کا اعلان کیا تھا۔ 28 مئی 1998ء کو پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں کامیاب جوہری دھماکے کر کے نہ صرف خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا بلکہ دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم اپنی دفاعی صلاحیت سے ہر گز غافل نہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ دن گواہی دیتا ہے کہ مملکت خداداد جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناح نے اسے خطہ ارض پر نقش کیا اسکا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے۔آج کے دن ہم پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی تکمیل میں شامل تمام شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جن میں ذوالفقار علی بھٹو کی فکر انگیزی اور محمد نواز شریف کی بے لوث فیصلہ سازی اور قیادت اور قومی ہیروز ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی خدمات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ان تمام سائنسدانوں، انجینئرز، ماہرین، افواجِ پاکستان اور کارکنان کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔بھارت نے اپنے جنگی جنون ، انتہا پسندانہ سوچ اور توسیع پسندانہ عزائم کے اظہار کے لیے ایٹمی دھماکے کیے تھے۔ پاکستان نے دانشمندانہ اور بروقت فیصلہ کرتے ہوئے جوابی دھماکوں سے دشمن کے تمام عزائم خاک میں ملادیے۔ دنیا کی بڑی طاقتوں نے پاکستان کو جوہری دھماکوں سے روکنےکی کوشش کی، معاشی دباؤ ڈالا، پابندیوں کی دھمکیاں دیں، حتی کہ بھاری معاشی و مالی پیشکش کی، لیکن وزیر اعظم پاکستان مھمد نواز شریف کسی بھی دباو یا لالچ کو خاطر میں لائے بغیر اپنی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے پر عزم تھے۔یوم تکبیر محض ایٹمی دھماکوں کی یاد نہیں بلکہ یہ قومی خودداری، اتحاد، قربانی اور دفاع وطن کے ناقابل تسخیر عزم کی علامت ہے۔ پاکستان کا ایٹمی پرو گرام ہر دور میں جاری رکھ کر ہمارے اسلاف نے ثابت کیا کہ ملکی وقار سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم نہیں۔ اگر پاکستان ایٹمی قوت نہ بنتا تو دشمن اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا تھا۔ پاکستان کا مضبوط ایٹمی حصار اور مسلح افواج کی تیاری اور عزم دشمن کے عزائم کی راہ میں فیصلہ کن رکاوٹ ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ معرکہ حق میں دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ہم اپنے اس عزم کو ثابت کر چکے ہیں۔ ہندوستان نے اپنی فرسودہ اور گھسی پٹی سازش کے ذریعے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچایا اور اسے جواز بنا کر پاکستان کے شہریوں اور مساجد پر حملہ کر دیا، تاہم ہماری مسلح افواج اور قوم نے بنیان المرصوص بن کر نہ صرف اس کے عزائم کو خاک میں ملایا بلکہ اس کی حربی و عددی برتری کے گھمنڈ کو بھی توڑ کے رکھ دیا۔چیف آف آرمی اسٹاف،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے فقید المثال پیشہ ورانہ استعداد کا مظاہرہ کیا۔ چیف آف دی ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی مثالی کارکردگی نے دشمن پر ہماری بہادری کی دھاک بٹھا دی۔ہم نے پوری دنیا کو یہ باور کرادیا ہے کہ ہمارے کوئی جارحانہ عزائم نہیں ہیں تاہم اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔معرکہ حق میں عبرت ناک شکست کے بعد دشمن براہ راست حملوں کی بجائے دوسرے ہتھکنڈوں سے ہماری سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ وہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسی پر اکسیز کے ذریعے اپنے مکروہ عزائم جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں افغان رجیم اس کی سہولت کار ہے۔ ہم اس فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پر عزم ہیں۔جہاں ہم نے آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے ازلی دشمن کو عبرت ناک شکست دی، وہیں آپریشن غضب للحق کے ذریعے ایسے تمام فتنوں اور ان کے سہولت کاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔دشمن کسی غلط فہمی میں نہ ر ہے، ہماری بہادر مسلح افواج جدید ترین ہتھیاروں سے لیس مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے پر عزم ہیں۔قوم اپنے ان محسنوں کی ہمیشہ شکر گزار رہے گی۔ آئیے ، اس عہد کی تجدید کریں کہ وطن عزیز کے امن ، ترقی ، استحکام اور سلامتی کے لیے متحد رہیں گے ، ہر اندرونی و بیرونی سازش کا مقابلہ کریں گے ، اور ہم پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار ریاست بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لاتے رہیں گے۔

  • وفاقی وزیر داخلہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات

    وفاقی وزیر داخلہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات

    منی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ملاقات ہوئی ہے

    دونوں وزرائے داخلہ نے ایک دوسرے کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،سعودی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کو حج کی مبارکباد دی،ملاقات میں پاک سعودیہ دوطرفہ تعلقات اور داخلی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری سپشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکاروں کو سعودی عرب میں ٹریننگ دی جائے گی۔دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لئے سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا اعلی سطح کا وفد بہت جلد پاکستان کا دورہ کرے گا،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حج کے دوران سعودی حکومت کے بہترین انتظامات کی تحسین کی،دونوں وزرائے داخلہ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی بات چیت کی ،سعودی عرب کے وزیر داخلہ نے کشیدگی میں کمی کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا

  • 
چینی باشندے کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار

    
چینی باشندے کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار

    ‎کراچی میں ڈینٹل کلینک پر حملے اور چینی باشندے کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم سندھو دیش ریولیوشنری آرمی (ایس آر اے) کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
    ‎انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی اور وفاقی حساس ادارے نے حب ریور روڈ پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان اللہ ڈینو اور فراز احمد سومرو عرف طوطو کو گرفتار کیا۔
    ‎ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر کراچی میں دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیا۔
    ‎حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد اللہ ڈینو تنظیم کی ہدایت پر کراچی میں دہشت گردی کیلئے آیا تھا اور وہ گوادر سے بارودی مواد لے کر بس کے ذریعے کراچی پہنچ رہا تھا۔
    ‎ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر یوسف گوٹھ بس ٹرمینل، حب ریور روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
    ‎سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 10 رول نما بارودی مواد، 2 نان الیکٹرک ڈیٹونیٹرز اور 8 میٹر سیفٹی فیوز برآمد کیے گئے ہیں۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم فراز احمد سومرو پہلے سے سی ٹی ڈی کے مقدمات میں مطلوب اور مفرور تھا۔
    ‎تحقیقات کے مطابق ملزم فراز نے اپنے ساتھیوں وقار خشک، نبیل احمد گبول اور وزیر خشک کے ہمراہ صدر میں واقع ایچ یو ڈینٹل کلینک پر حملہ کیا تھا۔
    ‎اس حملے میں پاکستانی شہریت رکھنے والے چینی باشندے رونلڈ ریمنڈ پاؤ ہلاک جبکہ ڈاکٹر رچرڈ پاؤ اور فن نائن زخمی ہوئے تھے۔
    ‎سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق فراز احمد سومرو گرفتاری کے خوف سے روپوش تھا جبکہ اس کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
    ‎حکام نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مزید کارروائیاں جاری ہیں۔
    ‎سیکیورٹی ماہرین کے مطابق پاکستان میں چینی شہریوں اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردی کے ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

  • ‎چین کے جے-10 سی ای لڑاکا طیاروں نے فرضی جنگ میں یوروفائٹر ٹائفون کو 0-9 سے شکست دی تھی، چینی میڈیا

    ‎چین کے جے-10 سی ای لڑاکا طیاروں نے فرضی جنگ میں یوروفائٹر ٹائفون کو 0-9 سے شکست دی تھی، چینی میڈیا

    ‎پاکستانی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قطر میں ہونے والی مشترکہ فضائی مشق “زلزال-II” کے دوران پاک فضائیہ کے چینی ساختہ جے 10 سی ای لڑاکا طیاروں نے قطر کے یورو فائٹر ٹائفون طیاروں کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی۔
    ‎رپورٹس کے مطابق یہ مشترکہ فضائی مشق جنوری 2024 میں قطر میں منعقد ہوئی تھی، جہاں پاک فضائیہ کے جے 10 سی ای طیاروں اور قطر کے یورو فائٹر ٹائفون کے درمیان فرضی فضائی مقابلے کروائے گئے۔
    ‎پاکستانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ جے 10 سی ای طیارے تمام 5 قریبی فضائی ڈاگ فائٹس میں ناقابل شکست رہے جبکہ طویل فاصلے کے 4 فضائی مقابلوں میں بھی کامیابی حاصل کی۔
    ‎بعد ازاں خلیجی ممالک کے مختلف میڈیا اداروں نے بھی ایسی رپورٹس شائع کیں جنہیں چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی حالیہ معلومات سے ہم آہنگ قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎جے 10 طیارے کو چین کی چینگڈو ایئرکرافٹ کارپوریشن نے 1980 کی دہائی میں تیار کرنا شروع کیا تھا تاکہ چین کی فضائی جنگی صلاحیتوں کو مضبوط بنایا جا سکے۔
    ‎چین نے 2017 میں جدید جے 10 سی متعارف کرایا، جسے 4.5 جنریشن لڑاکا طیارہ قرار دیا جاتا ہے۔
    ‎اس طیارے میں جدید AESA ریڈار، بہتر انجن اور جدید فضائی میزائل سسٹمز شامل ہیں جن میں پی ایل 10 اور پی ایل 15 میزائل نمایاں ہیں۔
    ‎بعد ازاں چین نے اس کا برآمدی ماڈل جے 10 سی ای بھی متعارف کرایا، جسے 2020 میں عالمی دفاعی مارکیٹ میں پیش کیا گیا۔
    ‎دوسری جانب یورو فائٹر ٹائفون برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور اسپین کا مشترکہ منصوبہ ہے جو 2007 میں مختلف یورپی فضائی افواج میں شامل کیا گیا تھا۔
    ‎رپورٹس کے مطابق قطر اس وقت یورو فائٹر ٹائفون کا جدید Tranche 3A ورژن استعمال کر رہا ہے۔
    ‎امریکی دفاعی جریدے Military Watch نے کہا کہ سی سی ٹی وی کی جانب سے سامنے آنے والی تفصیلات چین کی جدید لڑاکا ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہیں۔

  • 
واشنگٹن میں کیمیکل ٹینک دھماکا، متعدد ہلاک و زخمی

    
واشنگٹن میں کیمیکل ٹینک دھماکا، متعدد ہلاک و زخمی

    ‎امریکا کی ریاست واشنگٹن میں ایک فیکٹری میں کیمیکل ٹینک پھٹنے سے متعدد افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے جبکہ کئی افراد تاحال لاپتا ہیں۔
    ‎غیر ملکی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق حادثہ منگل کی صبح نِپون ڈائناویو پیکیجنگ کمپنی کی فیکٹری میں پیش آیا جہاں “وائٹ لِکر” نامی کیمیائی محلول سے بھرا ایک بڑا ٹینک اچانک اندرونی دباؤ کے باعث پھٹ گیا۔
    ‎حکام کے مطابق دھماکا مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7 بج کر 15 منٹ پر ہوا۔
    ‎رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر خیال کیا گیا کہ ٹینک میں تقریباً 80 ہزار گیلن کیمیکل موجود تھا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ اس میں تقریباً 9 لاکھ گیلن خطرناک محلول بھرا ہوا تھا۔
    ‎یہ کیمیائی محلول سوڈیم ہائیڈرو آکسائیڈ اور سوڈیم سلفائیڈ پر مشتمل ہوتا ہے اور کاغذی گودا تیار کرنے کے عمل میں استعمال کیا جاتا ہے۔
    ‎لانگ ویو فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق دھماکے کے بعد فیکٹری کا بڑا حصہ متاثر ہوا جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران کئی افراد کیمیکل سے جھلسنے کا شکار بھی ہوئے۔
    ‎بٹالین چیف میٹ ایموس نے بتایا کہ زخمیوں میں فیکٹری کے 8 ملازمین اور ایک فائر فائٹر شامل ہیں جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد ٹینک اب بھی غیر مستحکم حالت میں ہے جس کے باعث ریسکیو اور بحالی کی کارروائیاں احتیاط کے ساتھ جاری رکھی جا رہی ہیں۔
    ‎حکام کے مطابق واقعے میں متعدد ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے تاہم مرنے والوں کی حتمی تعداد تاحال جاری نہیں کی گئی۔
    ‎ریاست واشنگٹن کے گورنر باب فرگوسن نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک سانحہ ہے اور ریاستی ادارے مکمل تحقیقات کریں گے۔
    ‎واقعہ شہر لانگ ویو میں پیش آیا جو امریکی شہر پورٹلینڈ سے تقریباً 72 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق صنعتی کیمیکل ٹینکس میں حفاظتی انتظامات کی معمولی غفلت بھی بڑے سانحات کا سبب بن سکتی ہے۔

  • 
آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے بڑے ریلیف کی تجاویز

    
آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے بڑے ریلیف کی تجاویز

    ‎وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ریلیف دینے کیلئے متعدد اہم تجاویز تیار کر لی ہیں۔
    ‎ذرائع کے مطابق مہنگائی کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق تنخواہوں میں کسی بھی اضافے کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ اور عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط ہوگا، جبکہ اس حوالے سے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔
    ‎ذرائع کا کہنا ہے کہ 2022 سے 2025 کے دوران دیے گئے چار ایڈہاک الاؤنسز میں سے ایک کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
    ‎حکومت ماہانہ ایک لاکھ سے دو لاکھ روپے تنخواہ لینے والے ملازمین کیلئے ٹیکس ریلیف پر بھی غور کر رہی ہے۔
    ‎ذرائع کے مطابق سالانہ 12 لاکھ سے 22 لاکھ روپے آمدن رکھنے والے ملازمین کیلئے انکم ٹیکس میں کمی کی تجویز تیار کی گئی ہے تاکہ متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
    ‎پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گریڈ 1 سے 19 تک کے ملازمین کیلئے کنوینس الاؤنس دوگنا کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
    ‎اسی طرح گریڈ 20 سے 22 کے افسران کیلئے کنوینس الاؤنس میں 50 سے 75 فیصد اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔
    ‎بجٹ تجاویز میں گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کیلئے ڈسپیریٹی الاؤنس دینے کی سفارش بھی شامل ہے تاکہ کم گریڈ ملازمین کی مالی مشکلات کم کی جا سکیں۔
    ‎پنشنرز کیلئے بھی اہم ریلیف تجویز کیا گیا ہے، جس کے تحت گزشتہ دو سال کی اوسط مہنگائی کے حساب سے پنشن میں 80 فیصد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
    ‎ذرائع کے مطابق حکومت مسلح افواج کو بھی آئندہ مالی سال سے کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
    ‎تمام تجاویز وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں گی جبکہ حتمی فیصلے آئی ایم ایف سے مشاورت اور کابینہ کی منظوری کے بعد کیے جائیں گے۔

  • 
ایران امریکا مجوزہ معاہدے کی ابتدائی تفصیلات سامنے آگئیں

    
ایران امریکا مجوزہ معاہدے کی ابتدائی تفصیلات سامنے آگئیں

    ‎ایرانی سرکاری میڈیا نے امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ معاہدے کی یادداشتِ مفاہمت سے متعلق ابتدائی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس کے بعد عالمی سطح پر اس معاہدے پر توجہ بڑھ گئی ہے۔
    ‎ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت امریکی افواج ایران کے اطراف کے علاقوں سے واپس چلی جائیں گی جبکہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرے گی۔
    ‎رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران ایک ماہ کے اندر آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کو جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال کرے گا تاکہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل معمول پر آ سکے۔
    ‎ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق معاہدے میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ امریکی فوجی بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز میں آزادانہ آمد و رفت کی اجازت شامل نہیں ہوگی۔
    ‎رپورٹس کے مطابق عمان کے تعاون سے آبنائے ہرمز میں بحری روٹس اور آمدورفت کا انتظام ایران کے زیر نگرانی ہوگا۔
    ‎ایرانی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر 60 روز کے اندر حتمی معاہدہ طے پا گیا تو اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی شکل دی جائے گی تاکہ اس پر عالمی سطح پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی تیل منڈیوں کو استحکام دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ معاہدے کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق خام تیل کی قیمتیں کم ہو کر 90 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آ گئی ہیں، جسے عالمی معیشت کیلئے مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ کامیاب ہو جاتا ہے تو نہ صرف خطے میں کشیدگی کم ہو سکتی ہے بلکہ عالمی توانائی مارکیٹ میں بھی استحکام آنے کا امکان ہے۔

  • 
ایران کشیدگی پر ٹرمپ نے اہم کابینہ اجلاس طلب کر لیا

    
ایران کشیدگی پر ٹرمپ نے اہم کابینہ اجلاس طلب کر لیا

    ‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور حالیہ امریکی حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اہم کابینہ اجلاس طلب کر لیا ہے۔
    ‎غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران نے امریکی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے، جس سے خطے میں جاری نازک جنگ بندی اور سفارتی کوششوں کے مستقبل پر خدشات بڑھ گئے ہیں۔
    ‎رپورٹس کے مطابق امریکی حکام ایران کے ساتھ بڑھتے تناؤ، خلیجی خطے کی صورتحال اور ممکنہ سفارتی پیش رفت پر مشاورت کریں گے۔
    ‎سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان متوقع مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے وقت اور مقام کے حوالے سے اب بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ امریکی فضائی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر خطرناک مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔
    ‎دوسری جانب لبنان میں بھی صورتحال کشیدہ ہوتی جا رہی ہے جہاں اسرائیل نے جنوبی علاقوں کیلئے مزید انخلا وارننگز جاری کر دی ہیں۔
    ‎اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تازہ حملوں میں حزب اللہ سے متعلق انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔
    ‎مقامی حکام کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہوئے، جو اپریل میں جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سب سے خونریز دنوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
    ‎لبنان کے مختلف علاقوں میں حملوں کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ متعدد خاندان محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے لگے ہیں۔
    ‎سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی پورے مشرق وسطیٰ کو ایک نئے بحران کی طرف دھکیل سکتی ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق عالمی طاقتیں سفارتی حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن زمینی صورتحال مسلسل غیر یقینی بنتی جا رہی ہے۔

  • 
ایران نے جنوبی ساحل کو دشمن کیلئے قبرستان بنانے کی دھمکی دے دی

    
ایران نے جنوبی ساحل کو دشمن کیلئے قبرستان بنانے کی دھمکی دے دی

    ‎پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ ایران کا جنوبی ساحلی علاقہ کسی بھی جارح قوت کیلئے “قبرستان” ثابت ہوگا۔
    ‎پاسدارانِ انقلاب بحریہ کے سیاسی معاون محمد اکبر زادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ امریکا کے ساتھ دوبارہ جنگ کے امکانات کم ہیں، تاہم ایران ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
    ‎ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق محمد اکبر زادہ نے کہا کہ دشمن کی کمزوری کے باعث جنگ کے امکانات محدود ہیں لیکن ایرانی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس اور ہر صورتحال کیلئے تیار ہیں۔
    ‎انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ چاہ بہار سے ماہشہر تک ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں کو جارحین کیلئے قبرستان بنا دیا جائے گا۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق ان بیانات کا تعلق آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی سے جوڑا جا رہا ہے، جہاں ایران اپنی اسٹریٹجک پوزیشن کو اہم دفاعی طاقت سمجھتا ہے۔
    ‎الجزیرہ کے مطابق تہران یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر فواد ایزدی نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول مستقبل میں امریکا کے ساتھ کسی بھی معاہدے کیلئے ایک اہم ضمانت بن سکتا ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ اگر امریکا نے ماضی کی طرح کسی نئے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو ایران اس اہم آبی گزرگاہ میں خلل ڈال سکتا ہے، جو تہران کیلئے ایک مضبوط دباؤ کا ذریعہ ہوگا۔
    ‎دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران چیمبر آف کامرس کے اراکین سے ملاقات کے دوران معاشی استحکام اور نجی شعبے کی مضبوطی پر زور دیا۔
    ‎تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ موجودہ دور میں اصل جنگ معاشی میدان میں لڑی جا رہی ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ جتنا نجی شعبہ مضبوط، فعال اور باصلاحیت ہوگا، ایران کی معاشی بنیاد اتنی ہی مستحکم ہوگی اور بیرونی دباؤ کا مقابلہ کرنا آسان ہوگا۔
    ‎صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل عسکری میدان میں ناکامی کے بعد اب ایران کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
    ‎ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، آبنائے ہرمز کی صورتحال اور ایران امریکا تعلقات عالمی معیشت اور تیل کی منڈیوں پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔