Baaghi TV

Blog

  • عیدالاضحیٰ ،صدر زرداری سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی،صوبائی وزرا کی ملاقات

    عیدالاضحیٰ ،صدر زرداری سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی،صوبائی وزرا کی ملاقات

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عیدالاضحیٰ کی نماز زرداری ہاؤس نواب شاہ میں ادا کی۔

    صدر آصف علی زرداری نے ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔صدرِ مملکت نے نمازِ عید کے بعد شہریوں اور عمائدین سے عید ملی۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر زرداری ہاؤس نواب شاہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، صوبائی وزیر علی حسن زرداری، ضیاء الحسن لنجار اور عاشق حسین زرداری نے بھی زرداری ہاؤس میں نمازِ عید ادا کی۔میئر نواب شاہ رشید بھٹی، ڈپٹی میئر مبشر آرائیں، منتخب نمائندوں اور اعلیٰ افسران نے بھی عیدالاضحیٰ کی نماز میں شرکت کی۔

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، صوبائی وزراء اور دیگر معززین کی ملاقات ہوئی ہے،معززین نےصدرِ مملکت کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد پیش کی،ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندے اپنے حلقوں کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور عوام کے درمیان رہیں،

  • عید قربان،موسم گرما میں گوشت کھائیں لیکن احتیاط کے ساتھ

    عید قربان،موسم گرما میں گوشت کھائیں لیکن احتیاط کے ساتھ

    ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جبکہ ماہرینِ صحت نے شہریوں کو عید کی لذیذ دعوتوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ اعتدال اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق عید کے دنوں میں گوشت اور چٹ پٹے کھانوں کا زیادہ استعمال بدہضمی، معدے کی خرابی اور دیگر طبی مسائل کا سبب بن سکتا ہے، خصوصاً شدید گرم موسم میں احتیاط نہ کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد ملک بھر میں گیسٹرو اور معدے کے امراض کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ ان کے مطابق اگر گوشت مناسب طریقے سے محفوظ یا اچھی طرح پکایا نہ جائے تو پیٹ اور آنتوں کے مسائل بڑھ سکتے ہیں۔

    ڈاکٹروں نے امراضِ قلب، ذیابطیس اور ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چکنائی اور مصالحے والے کھانوں کے استعمال میں کمی رکھیں۔ماہرین نے ہاضمہ بہتر رکھنے کے لیے پھل، ادرک، دہی اور گُڑ کے استعمال کو مفید قرار دیا ہے جبکہ پانی زیادہ پینے اور متوازن غذا اپنانے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

  • عید کے روز بھی سیاسی سوال کریں گے تو محبت کیسے بڑھے گی،مرتضیٰ وہاب

    عید کے روز بھی سیاسی سوال کریں گے تو محبت کیسے بڑھے گی،مرتضیٰ وہاب

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کراچی کی انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوتی ہے اور اس دوران پانچ روز تک تمام بلدیاتی ادارے متحرک رہتے ہیں۔

    پولو گراؤنڈ میں نمازِ عیدالاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے جبکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔مرتضیٰ وہاب کے مطابق شہر میں تین مقامات قائم کیے گئے ہیں جہاں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 98 ٹن آلائشیں تلف کی گئی تھیں جبکہ اس سال اس سے بھی زیادہ مقدار متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانا سالڈ ویسٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔

    میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی علاقے سے آلائشیں بروقت نہ اٹھائی جائیں تو وہ 1128 ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائیں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔ایک صحافی کے سیاسی سوال پر مرتضیٰ وہاب نے مسکراتے ہوئے کہا کہ “عید کے روز بھی سیاسی سوال کریں گے تو محبت کیسے بڑھے گی؟”انہوں نے مزید کہا کہ وہ فاروق ستار اور علی خورشیدی کی باتوں کا جواب دیتے رہتے ہیں، تاہم آج کے دن ان دونوں کو اپنی جانب سے عید مبارک دیتے ہیں اور دعا ہے کہ “دو کلیجیاں زیادہ کھائیں۔”

  • بھارت:قربانی کے جانور رکھنے پر مسلمانوں کو ہراسانی کا سامنا،ہندو تواکارکن خنزیر لے آئے

    بھارت:قربانی کے جانور رکھنے پر مسلمانوں کو ہراسانی کا سامنا،ہندو تواکارکن خنزیر لے آئے

    بھارتی شہر ممبئی کے علاقے میراں روڈ میں واقع پونم کلسٹر سوسائٹی میں عیدالاضحیٰ کے لیے قربانی کے بکرے رکھنے پر ہندوتوا تنظیم سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے سوسائٹی کے باہر ہنگامہ برپا کیا اور سور لے آئے۔

    سوشل میڈیا کے مطابق مظاہرین نے سوسائٹی کے باہر ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کیا اور عیدالاضحیٰ کے لیے رکھے گئے جانوروں پر اعتراض اٹھایا بعد ازاں بلدیاتی ادارے بی ایم سی نے کارروائی کرتے ہوئے بکرے وہاں سے منتقل کردیے، احتجاج کے دوران بعض ہندوتوا کارکن خنزیر لے کر سوسائٹی میں داخل ہو نے کی کوشش بھی کرتے رہے، جس کے باعث صورتحال کشیدہ ہوگئی اور جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔

    سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سوسائٹی میں رہائش پذیر مسلم خاندانوں کو ہراساں کیا جارہا ہے، تاہم حکام کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا،واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں-

  • عیدالاضحیٰ پر اسلام آباد میں آلائشوں کے ڈھیر، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

    عیدالاضحیٰ پر اسلام آباد میں آلائشوں کے ڈھیر، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

    ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جبکہ مختلف شہروں میں سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ بھی جاری ہے، تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔

    اسلام آباد کے مختلف علاقوں، خصوصاً سیکٹر جی سکس میں جگہ جگہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے ڈھیر دیکھنے میں آئے۔ کئی مقامات پر سی ڈی اے کا عملہ آلائشیں اٹھانے کے لیے بروقت نہ پہنچ سکا جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہو گئی۔شدید گرمی اور تیز دھوپ کے باعث آلائشوں سے اٹھنے والے تعفن نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا۔ رہائشی علاقوں، گلی محلوں اور سڑکوں کے کنارے پڑی آلائشوں سے بدبو پھیلنے کے باعث مکینوں نے انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کے دعوے کیے گئے تھے، تاہم کئی علاقوں میں عملی صورتحال مختلف نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ آلائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگا کر جراثیم کش اسپرے بھی کیا جائے تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔

  • قربانی سب کے لئے ،عید قربان پر گھروں میں گوشت پہنچانے کا سلسلہ جاری

    قربانی سب کے لئے ،عید قربان پر گھروں میں گوشت پہنچانے کا سلسلہ جاری

    مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام قربانی سب کے لئے مہم کے تحت عید قربان کےپہلے روز 22 لاکھ افراد تک قربانی کا گوشت پہنچایا جا رہا ہے، لاہور،اسلام آباد،کراچی،پشاور،کوئٹہ ،فیصل آباد،ملتان، بہاولپور، سکھر، مردان، سوات ،گوجرانوالہ،سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں میں اجتماعی قربانی کا اہتمام اور کارکنان کی جانب سے گھروں میں گوشت کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے.

    مرکزی مسلم لیگ نے عیدالاضحیٰ پر “قربانی سب کے لیے” ملک گیر مہم کا آغاز کر دیا، چیئرمین شعبہ خدمت خلق چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ اور جنرل سیکرٹری لاہور حمید الحسن گجر نے مصطفیٰ ٹاؤن قربانی پوائنٹ کا دورہ کیا اور اجتماعی قربانی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا ،لاہور میں 2 لاکھ افراد تک قربانی کا گوشت پہنچایا جا رہا ہے،اسلام آباد میں‌مختلف علاقوں میں بیسیوں مقامات پر اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا ،تیس ہزار مستحق، مزدور اور سفید پوش خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جا رہا ہے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہو سکیں، مرکزی مسلم لیگ کراچی کے زیر اہتمام ا عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کے تین لاکھ سے زائد مستحق گھروں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جا رہا ہے ،کراچی میں 250 سے زائد تقسیم پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں سے رضاکار گھر گھر گوشت پہنچا رہے ہیں،مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ قربانی سب کے لئے مہم کا مقصد مہنگائی اور معاشی مشکلات کے اس دور میں کوئی سفید پوش یا مستحق خاندان عید کی خوشیوں سے محروم نہ رہے،کارکنان مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے مستحق خاندانوں تک گوشت پہنچا رہے ہیں،اندرون سندھ اور بلوچستان میں بھی وقف قربانیوں کا انتظام کیا گیا ہے،ملک بھر کے تمام اضلاع میں یونین کونسل کی سطح پر گوشت کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے،خدمت کی سیاست کی عملی جھلک عید قربان کے موقع پر نظر آ رہی ہے.

  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی

    امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں اتار چڑھاؤ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی مسلسل کمی بیشی دیکھی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق پیچیدہ مذاکرات کے باعث عالمی تیل مارکیٹ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے بدھ کے روز برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1 اعشاریہ 42 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی بیرل قیمت 98 اعشاریہ 16 ڈالر ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1 اعشاریہ 66 ڈالر کم ہو کر 92 اعشاریہ 23 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔

    واضح رہے کہ منگل کو امریکی فوج کی جانب سے جنوبی ایران میں حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جبکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی امیدوں کو بھی دھچکا پہنچا تھا۔

    دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بعض ایل این جی ٹینکرز کے حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اطلاعات کے بعد مارکیٹ میں یہ توقعات بڑھ گئی ہیں کہ اہم بحری گزرگاہ جلد دوبارہ مکمل طور پر کھول دی جائے گی، جس سے عالمی سطح پر تیل و گیس کی سپلائی میں بہتری آسکتی ہے۔

  • حکومت مسلسل عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کررہی ہے،رانا ثنااللہ

    حکومت مسلسل عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کررہی ہے،رانا ثنااللہ

    وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پوری دنیا اس وقت معاشی چیلنجز کا سامنا کررہی ہے، لیکن موجودہ حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے، تاہم جنگی صورتحال کے باعث بڑے ریلیف پیکج میں مشکلات پیش آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت مسلسل عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کررہی ہے جبکہ معاشی ٹیم مختلف امور پر مذاکرات میں مصروف ہے اگر خطے میں جنگی صورتحال نہ ہوتی تو وزیراعظم شہباز شریف ایک بڑا ریلیف پیکج دیتے، تاہم موجودہ حالات کے باوجود عوام کو سہولتیں دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

    افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ سرحد پار سے دہشتگرد پاکستان میں کارروائیاں کررہے ہیں اور حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں سرحدی نقل و حرکت اہم وجہ ہے انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ بھارت کا آلہ کار بننے کے بجائے اپنی سرحدوں کو محفوظ بنائے، کیونکہ بارڈر سیکیورٹی بہتر ہونے سے دہشتگردی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا جبکہ پاکستانی افواج بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت سے دہشتگرد عناصر کا مقابلہ کررہی ہیں بہت جلد پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوجائے گا اور ملک امن کا گہوارہ بنے گا، پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، اور اگر کسی معاہدے میں فلسطین کو تسلیم کیا جاتا ہے اور فلسطینی قیادت اسے قبول کرتی ہے تو پاکستان بھی اس فیصلے کی حمایت کرے گا۔

  • پنجاب بھر میں تاریخ کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن شروع،وزیراعلیٰ کی براہِ راست نگرانی

    پنجاب بھر میں تاریخ کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن شروع،وزیراعلیٰ کی براہِ راست نگرانی

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر تاریخ کا سب سے بڑا خصوصی آپریشن کلین اپ شروع کردیا گیا، جس کی وزیراعلیٰ خود براہِ راست نگرانی کررہی ہیں۔

    صوبہ بھر میں جاری صفائی آپریشن کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ پہلی مرتبہ 8 مختلف ذرائع اور اداروں سے صفائی کی براہِ راست رپورٹنگ کا مؤثر نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرز اور سسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں اور صفائی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں ،لاہور، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور اور ساہیوال سمیت پنجاب بھر کے اضلاع میں ستھرا پنجاب ٹیمیں گلی محلوں میں پہنچ چکی ہیں اور صفائی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    علی الصبح مساجد، عیدگاہوں، قبرستانوں، بازاروں، سڑکوں اور گلیوں کی خصوصی صفائی کی گئی جبکہ مساجد اور عیدگاہوں کے راستوں کو دھو کر چونے سے مار کنگ بھی کی گئی تحصیل اور ضلعی اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ انتظامی افسران مختلف علاقوں کے دورے کررہے ہیں قربانی کی آلائشیں اور باقیات مناسب مقامات پر تلف کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    حکومت نے خبردار کیا ہے کہ گلیوں اور بازاروں میں آلائشیں پھینکنے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہوسکتا ہے، صفائی کے بعد علاقوں کو فنائل سے دھویا جا ئے گا اور عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا پنجاب کی 4 ہزار یونین کونسلز میں ستھرا پنجاب کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد ور کرز خصوصی صفائی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، مزید 8 ہزار ورکرز اور 12 ہزار لوڈر رکشے بھی آپریشن میں شامل کیے گئے ہیں۔

    حکام کے مطابق صوبے بھر میں سوا کروڑ ماحول دوست بیگز گھروں تک پہنچائے جاچکے ہیں تاکہ قربانی کی آلائشوں کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگایا جاسکے شہری صفائی سے متعلق شکایات کے فوری اندراج اور ازالے کے لیے 1139 ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام شکایات کے فوری حل کی ہدایت جاری کی ہے۔

  • رواں سال کتنے  مسلمانوں نےفریضۂ حج اداکیا؟سعودی محکمہ شماریات کی رپورٹ جاری

    رواں سال کتنے مسلمانوں نےفریضۂ حج اداکیا؟سعودی محکمہ شماریات کی رپورٹ جاری

    سعودی محکمہ شماریات نے مناسک حج کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں سال مجموعی طور پر ریکارڈ 17 لاکھ 7 ہزار 301 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔

    محکمہ شماریات کے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق اس سال 165 مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 15 لاکھ 46 ہزار 655 غیر ملکی حجاج کرام نے حج ادا کیا جن میں سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی بھی شامل ہیں،جبکہ سعودی عرب کے مقامی افراد کی بھی بڑی تعداد نے فریضہ حج ادا کیا رپورٹ کے مطابق اس سال 1 لاکھ 60 ہزار 646 سعودی شہریوں نے مناسک حج ادا کیے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی تعداد میں سے 8 لاکھ 93 ہزار 396 مرد حجاج تھے جبکہ خواتین حجاج کی تعداد 8 لاکھ 13 ہزار 905 تھی، 14 لاکھ 85 ہزار 729 غیر ملکیوں نے حج کے لیے فضائی راستہ اخیتار کیا جبکہ 54 ہزار 429 افراد زمینی راستے سے مبارک سفر کیا، علاوہ ازیں 6 ہزار 497 غیر ملکی حجاج سمندری را ستے سے مملکت پہنچے۔

    واضح رہے کہ سعودی محکمہ شماریات کے گزشتہ سال کے ریکارڈ کے مطابق 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔