Baaghi TV

Blog

  • پاکستان نے کر دکھایا،فیلڈ مارشل عاصم منیر امن کے سفیر،امریکا،ایران جنگ بندی معاہدہ جلد متوقع

    پاکستان نے کر دکھایا،فیلڈ مارشل عاصم منیر امن کے سفیر،امریکا،ایران جنگ بندی معاہدہ جلد متوقع

    پاکستان نے ایک بار پھر عالمی سفارت کاری میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے خطے کے تمام اہم فریقین اور باہمی اختلافات رکھنے والے ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے،آرمی چیف،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دوسری بار دورہ ایران رنگ لے آیا، باخبر ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے مابین ایک اہم مفاہمتی معاہدے کا اعلان آئندہ ایک یا دو روز میں متوقع ہے۔

    عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کوششوں اور چیف آف ڈیفنس فورس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پس پردہ سفارت کاری، علاقائی مشاورت اور بیک چینل رابطوں کے ذریعے نہ صرف متحارب قوتوں کے درمیان اعتماد سازی کی فضا قائم کی بلکہ خطے کے اہم ممالک کو بھی ایک مشترکہ فریم ورک پر متفق کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی کوششوں کے نتیجے میں کئی حساس امور پر پیش رفت ہوئی اور اب ایک باضابطہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا اور سفارتی حلقے پاکستان کے کردار کو “فیصلہ کن”، “متوازن” اور “تاریخی” قرار دے رہے ہیں۔امریکا اور ایران کے مابین جنگ بندی پاکستان کی درخواست پر ہوئی، جنگ بندی میں توسیع بھی پاکستان کی درخواست پر ہوئی، جنگ بندی کے بعد باضابطہ معاہدے کے لئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان سفارتی سطح پر اہم کردار ادا کر رہا تھا ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک ہفتے میں ایران کے دو دورے کئے، جس کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دورے پر گئے اور ایرانی حکام سے ملاقاتیں کیں،آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی گہری بات چیت کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی طرف حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔ ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے سینئر سول اور عسکری حکام کے ہمراہ کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کے لیے جاری ثالثی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، یہ ملاقاتیں جاری سفارتی و ثالثی کوششوں کا حصہ تھیں،فیلڈ مارشل نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، فیلڈ مارشل نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ایران کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، ملاقاتوں نے ثالثی کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی گہری بات چیت کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی طرف حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔ ملاقاتوں کا مقصد 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد خطے میں پیدا کشیدگی میں کمی یقینی بنانا ہے، ملاقاتوں کا مقصد تعمیری روابط کے فروغ کو یقینی بنانا ہے،ایرانی قیادت نے علاقائی مسائل کے پرامن حل میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا، ایرانی قیادت نے مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔

    مختلف عالمی رہنماؤں اور مبصرین نے پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے غیرمعمولی پیش رفت قرار دیا ہے۔ عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان نے نہ صرف رابطہ کار بلکہ عملی ثالث اور امن مذاکرات کے مرکزی سہولت کار کا کردار ادا کیا۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے برقرار رکھے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان پیغامات کی ترسیل اور مذاکراتی ماحول کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کوششوں میں چیف آف ڈیفنس فورس ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور متحرک سفارت کاری کو خصوصی اہمیت حاصل رہی،متعدد عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے ایک ذمہ دار اور مؤثر علاقائی طاقت کے طور پر امن کے قیام میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

    سیاسی و دفاعی مبصرین کے مطابق پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابی نے عالمی سطح پر اس کے وقار اور اثر و رسوخ میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جبکہ اسلام آباد اب خطے میں ایک قابلِ اعتماد ثالث اور مذاکراتی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع معاہدے پر دستخط اگلے ایک دو روز میں متوقع ہیں،پاکستان خطے میں امن، ڈائیلاگ اور استحکام کا مرکز بن کر ابھر رہا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دوراندیش قیادت میں ہماری علاقائی سفارت کاری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے،دنیا نے دیکھا کہ پاکستان بحران میں بھی ذمہ داری، تدبر اور قیادت دکھاتا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت ایک واضح سمت کی عکاسی کرتی ہے: تنازع کے بجائے تعاون، اور کشیدگی کے بجائے ترقی۔ یہی وژن خطے کو استحکام کی طرف لے جا رہا ہے۔

  • لاہور: بچوں کو بھکاری مافیا کو فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور: بچوں کو بھکاری مافیا کو فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور پولیس نے معصوم بچے کو بھکاری مافیا کے ہاتھوں فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق 15 کال پر فوری ایکشن کرتے ہوئے ریس کورس پولیس نے ایک نومولود کو چند گھنٹوں میں جوڑے پل نارتھ کینٹ چنگڑ محلہ سے بازیاب کروایا،ملزمان دانش، شہزاد اور دانش مسیح نہر کنارے پنکچر لگانے کا کام کرتے تھے اور نومولود بچہ اغوا کر کے پیسوں کے عوض فروخت کرنے کے لیے لے جا رہے تھے۔

    ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ گداگری کے لیے بچہ خریدنے والے ملزمان بھی گرفتار ہوئے ہیں، ملزمان کو بھیک مانگنے کے لیے نومولود بچہ درکار تھا نومولود خریدنے والے ملزمان میں مریم اور شہزاد شامل ہیں مقدمہ درج مزید تفتیش جاری ہے، نومولود کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا اور وار ثان کی تلاش جاری ہے،ایس پی سول لائنز نے ایس ایچ او ہاشم رضا اور ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ معصوم کی خرید و فروخت میں ملوث گروہ کے خلاف کارر وائیاں جاری ہیں۔

  • اسرائیلی وزیر کے فرانس میں داخلے پر پابندی

    اسرائیلی وزیر کے فرانس میں داخلے پر پابندی

    فرانس نے اسرائیل کے انتہا پسند وزیرِ قومی سلامتی اتمر بن گویر کے فرانسیسی سرزمین میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔

    فرانسیسی وزیرِ خارجہ جین نویل بارو نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام غزہ جانے والے فلوٹیلا کے ارکان کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر عالمی سطح پر بڑھتے غصے کی عکاسی کرتا ہے،اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویرکو فرانس میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی یہ فیصلہ فرانسیسی اور یورپی شہریوں کے ساتھ نامناسب رویے کے باعث کیا گیا تمار بن گویر کے اقدامات ناقابل قبول ہیں، اسی لیے فوری طور پر ان کے فرانس میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسرائیلی وزیر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں غزہ جانے والے امدادی بحری قافلے کے گرفتار کارکنوں کو ہاتھ بندھے ہوئے گھٹنوں کے بل بیٹھے دکھایا گیا تھا، اور ویڈیو میں ان کا مذاق بھی اڑایا گیا۔

    فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگرچہ فرانس اس بحری قافلے کے طریقہ کار کی حمایت نہیں کرتا کیونکہ اس سے سفارتی اور قونصلر خدمات پر دباؤ بڑھتا ہے، تاہم فرانسیسی شہریوں کو دھمکانے یا ان کے ساتھ بدسلوکی ہرگز برداشت نہیں کی جا سکتی، خصوصاً اگر ایسا کسی سرکاری عہدیدار کی جانب سے کیا جائے، اتمار بن گویر کے اقدامات اور بیانات کی مذمت خود اسرائیل کے متعدد حکومتی اور سیاسی رہنماؤں نے بھی کی ہے اسرائیلی وزیر ماضی میں بھی فلسطینیوں کے خلا ف نفرت انگیز اور تشدد پر مبنی بیانات دیتے رہے ہیں۔

    فرانسیسی وزیر خارجہ نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ اتمار بن گویر پر مشترکہ پابندیاں عائد کی جائیں۔ اس سے قبل اٹلی بھی اسی نوعیت کا مطالبہ کر چکا ہے۔

    اتمار بن گویر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی اتحادی حکومت میں شامل ایک انتہائی دائیں بازو کے رہنما ہیں، جو غزہ جنگ اور فلسطینیوں سے متعلق اپنے سخت مؤقف کی وجہ سے عالمی تنقید کا سامنا کرتے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ بدھ کے روز صمود فوٹیلا سے وابستہ کارکنان کی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں حراست اور ناروا سلوک کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد صورتِ حال حساس ہو گئی تھی جب اسرائیل کے وزیر برائے قومی سلامتی ایتامار بن گویر نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے عبرانی زبان میں کیپشن لکھا کہ ہم دہشت گردی کے حامیوں کے ساتھ اسی طرح پیش آتے ہیں۔

    اسرائیلی وزیر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا اس واقعے کے بعد اٹلی، ترکیہ، کینیڈا، نیدرلینڈز، جرمنی، اسپین، بیلجیئم، فرانس، آئرلینڈ، نیدرلینڈ سمیت دیگر ممالک اور یورپی یونین نے اسے انسانی وقار کے منافی قرار دیتے ہوئے فوری رہائی اور باضابطہ وضاحت کا مطالبہ کیا تھا۔

  • فیلڈ مارشل کی ایران میں اہم  ملاقاتیں، امریکا اور ایران کے درمیان حتمی مفاہمت کی جانب مثبت پیشرفت

    فیلڈ مارشل کی ایران میں اہم ملاقاتیں، امریکا اور ایران کے درمیان حتمی مفاہمت کی جانب مثبت پیشرفت

    پاک افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا ایک مختصر لیکن انتہائی نتیجہ خیز سرکاری دورہ مکمل کرلیا، اس دوران انہوں نے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں، جس کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان حتمی مفاہمت کی جانب مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دورہ 8 اپریل 2026 کی امریکا ایران جنگ بندی کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں کشیدگی کم کرنے اور تعمیری رابطوں کے فروغ کے لیے جاری ثالثی کوششوں کا حصہ تھا دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں انہوں نےایرانی صدر مسعود پزشکیان،اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سےملاقاتیں کیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے جاری مشاورتی عمل کو تیز کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تمام ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، جنہوں نے ثالثی عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیاگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے تفصیلی مذاکرات کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے خطے کے مسائل کے پرامن حل اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایران آمد پر ان کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے کیا۔

  • سب کے نیفے میں پسٹل چلا دیں؟خادم حسین بننا ہے یا یزید؟تحریر:ملک سلمان

    سب کے نیفے میں پسٹل چلا دیں؟خادم حسین بننا ہے یا یزید؟تحریر:ملک سلمان

    قاتل افسران کس کے پیروکار ؟

    پاکستان میں سالانہ ریپ (ذنا بالجبر) کے سات ہزار کیسز درج کرائے جاتے ہیں جبکہ بیس ہزار کے قریب واقعات عزت کے ڈر سے دبا دیے جاتے ہیں۔
    ہزاروں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی جیسا سنگین جرم کیا جاتا ہے اور کرنے والے مرد ہیں تو پھر حکومتی اور سرکاری آمرانہ سوچ کے مطابق زیادتی کی روک تھام کا واحد حل یہی ہے کہ سب کے نیفے میں پسٹل چلا کر سارے مرد نامرد کردیے جائیں، بلکہ ستھرا پنجاب کے ورکرز کے زیعے ان کو ڈائریکٹ زہر دیا جائے یا گولیاں مار کر ہلاک کردیا جائے ؟

    پاکستان میں سالانہ پانچ لاکھ روڈ ایکسیڈنٹ ہوتے ہیں جن میں لگ بھگ تیس ہزار افراد کی اموات ہوتی ہیں جبکہ ہزاروں زندگی بھر کیلئے اپاہج ہوجاتے ہیں۔ اس نقصان سے بچنے کیلئے فوری طور پر سڑکیں کھود دینی چاہئے اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ پر پابندی لگا دینی چاہئے؟پاکستان میں لڑائی جھگڑوں اور دشمنیوں میں سالانہ پندرہ ہزار افراد کا قتل کیا جاتا ہے انسان کیونکہ قتل کرکے بدامنی پھیلا سکتا ہے اس لیے تمام مرد و زن کو مار دینا چاہیے؟
    اگر چند انسانوں کی غلطی کی سزا تمام شہریوں اور انسانوں کو نہیں دی جاسکتی تو پھر کتا کاٹنے کے چند واقعات کی وجہ سے تمام کتوں کی نسل کشی کا کیا جواز ہے؟

    پاکستان میں کتا کاٹنے کے محض چند سو کیسز حقیقی ہیں جبکہ ہزاروں اور لاکھوں کی جعلی اور فرضی تعداد صرف معصوم کتوں کے ناحق قتل کو جسٹیفائڈ کرنے کیلئے بنائی جاتی ہے ۔ پنجاب خاص طور پر لاہور میں جس بے دردی اور سفاکیت سے معصوم کتوں کو مارا جا رہا ہے، حیوانیت اور فرعونیت کی انتہا ہے۔اس حیوانیت، درندگی، سفاکیت اور فاشزم کے ماحول میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے معزز جج جسٹس خادم حسین کا فیصلہ انسانیت کی جیت اور اس مقدس ہستی حسین کے نام کی لاج ہے۔

    ایک سفر کے دوران امام حسینؓ کا گزر ایک ایسے باغ کے پاس سے ہوا جہاں ایک کتا موجود تھا اور وہ پیاس کی شدت سے نڈھال تھا۔باغ میں موجود غلام نے کتے کی حالت زار دیکھی تو اسے پیاس بجھانے کے لیے پانی پیش کیا۔ غلام کی بے زبان پیاسے کتے سے ہمدردی و شفقت سے متاثر ہو کر، حضرت امام حسین نے اس غلام کے اچھے اخلاق کے صلے میں اس کے مالک سے بات کر کے اسے آزاد کروا دیا اور باغ بھی اسی غلام کے نام کروا دیا۔ معصوم جانوروں سے پیار اور رحم دلی ہی نبوی ﷺ راستہ اور حسینی سوچ ہے جبکہ ان معصوم جانوروں پر ظلم کرنے والے یزیدی سوچ اور نظریات کے پیروکار ہیں۔

    اے اللہ معصوم اور بے گناہ کتوں سمیت دیگر جانوروں پر ظلم کرنے والوں کا انجام بھی یزید کے ساتھ کرنا۔ آمین
    اسلام آباد ہائیکورٹ کے معزز جج جسٹس خادم حسین سومرو نے بے گھر کتوں کو زہر دینے، گولی مارنے یا تلف کرنے پر مستقل پابندی عائد کرتے ہوئے سٹریٹ ڈاگ کی آبادی پر قابو پانے کے لیے ٹریپ، اسٹریلائز اور ویکسین اپنانے کی ہدایت کی۔ معزز جج نے جانوروں پر ظلم کی رجسٹری قائم کرنے کا بھی حکم دیا۔ معزز جج کا کہنا تھا کہ جانوروں پرظلم کی روک تھام کا ایکٹ 1890 پرانا ہو چکا ہے، جانوروں پرظلم کی روک تھام کے ایکٹ میں اصلاحات اور سخت سزاؤں کی ضرورت ہے۔معزز جج کا کہنا تھا کہ کتے جاندار اور حساس مخلوق ہیں، ان سے بے رحمانہ سلوک نہیں کیا جاسکتا، آئین میں جانوروں کے حقوق، ماحولیاتی توازن اور حیاتیاتی تحفظ بھی شامل ہے۔

    سپریم کورٹ، پنجاب اور دیگر صوبوں کی عدلیہ سے بھی گزارش ہے کہ قیامت کے روز حقیقی منصف کی عدالت میں سرخرو ہونا چاہتے ہو تو معصوم اور بے گناہ کتوں کی قتل و غارت اور ان پر مظالم کی فوری روک تھام کیلئے سخت احکامات صادر کیے جائیں اگر ایسا کرنے میں تاخیر ہوئی تو اس تاخیر کے نتیجے میں ظلم سہنے اور ناحق قتل ہونے والے کتے روز قیامت قاتل ضلعی انتظامیہ کے ساتھ آپ کو بھی اللہ کے سامنے کھڑا کریں گے۔ تمام پاکستانیوں نے بھی فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے ظالم کا ساتھ دینا ہے یا ظلم کے خلاف آواز اٹھا کر سیدھے راستے کا انتخاب کرنا ہے۔محبت شفقت اور رحمدلی اللہ کے رسول اور امام حسین کا بتایا ہوا صراط مستقیم ہے جبکہ ظلم و بربریت اور سفاکیت یزیدیوں اور لعنتیوں کا راستہ ہے۔

    ملک سلمان
    maliksalman2008@gmail.com

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر  کی  محمد باقر قالیباف سے ملاقات

    فیلڈ مارشل عاصم منیر کی محمد باقر قالیباف سے ملاقات

    ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ہفتے کے روز تہران میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، جنگ بندی اور مذاکرات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایران کی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کے دوران باقر قالیباف نے کہا کہ ایران نے جس طرح جنگ کے میدان میں اپنا بھرپور دفاع کیا اسی طرح سفارتی محاذ پر بھی اپنے جائز حقوق کا تحفظ جاری رکھے گا ایک فوجی عام لوگوں کے مقابلے میں امن کی اہمیت کو زیادہ بہتر سمجھتا ہے اور وہ کبھی بھی اپنے ملک کے وقار اور حقوق کو پامال ہونے کی اجازت نہیں دے سکتا‘۔

    باقر قالیباف نے امریکا پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن پہلے بھی مذاکرات کے دوران ایران پر حملے کرچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی حالیہ جنگ بندی کے دوران بھی امریکا نےاپنا وعدہ توڑا اور ایران کی ناکہ بندی کی، ایران نے جنگ بندی کے عرصے میں اپنی عسکر ی صلاحیتوں کو دوبارہ مضبوط کیا ہے اور اگر امریکا نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو اسے پہلے سے زیادہ سخت ردعمل کا سامنا کرنا ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ایران کے بہتر مستقبل کے لیے دعاگو ہیں آپ اور میں دونوں اپنے اپنے ملک کے سپاہی ہیں اور سپاہی ہمیشہ کھری اور دو ٹوک گفتگو کرتا ہے
    فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ اس نازک مرحلے پر ایران کی قیادت بصیرت رکھنے والے اور ذہین افراد کے ہاتھ میں ہے۔

    دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہا ہے کہ موجودہ سفارتی رابطوں کا مقصد جنگ بند ی کا حصول ہے، جس میں لبنان میں جاری صورت حال، امریکی بحری ناکہ بندی اور آبنائے ہرمز کی کشیدہ صورت حال شامل ہے ایران کو پُرامن جوہر ی توانائی کے حصول کا حق حاصل ہے ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ معاہدہ قریب ہے ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات شدید نوعیت کے ہیں اور سفارت کاری وقت لیتی ہےانہوں نے قطر کے وفد کے دورہ ایران کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر کا وفد ایرانی وزیرِ خارجہ سے ملا ہے، تاہم اس پورے عمل میں باضابطہ ثالث صر ف پاکستان ہی ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین، 2 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

    وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین، 2 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف وفد کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں، اور اب تک 2 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں-

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آج چین کے شہر ہانگژو میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکریٹری وانگ ہاؤ سے ملاقا ت کی، اس موقع پر وانگ ہاؤ نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا ژجیانگ صوبے میں خیرمقدم کیا،وزیراعظم نے ژجیانگ صوبے کی شاندار ترقیاتی منصوبہ بند ی کو سراہتے ہوئے شی جن پنگ کی اُس دور اندیش قیادت کی تعریف کی جو انہوں نے سی پی سی ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکریٹری کی حیثیت سے انجام دی۔

    وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے اس تصور صاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثے ہیں کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا،کہاکہ ژجیانگ کی ترقی اس بات کی واضح مثال ہے کہ ماحولیاتی تحفظ، سبز ترقی اور اعلیٰ معیار کی معاشی نمو کو ایک دوسرے کے معاون انداز میں کیسے آگے بڑھایا جا سکتا ہے پاکستان ژجیانگ صوبے کے ساتھ بالخصوص ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، جدید صنعت کاری اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

    شہباز شریف نے کہاکہ صوبائی سطح پر تعاون پاکستان اور چین کے تعلقات کا ایک اہم ستون ہے، جو صنعتی اشتراک، زرعی جدیدکاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور برآمدات پر مبنی ترقی کے ذریعے سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

    وزیراعظم نے تعاون پر مبنی 2 اہم دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی، پہلی مفاہمتی یادداشت ژجیانگ صوبے اور پنجاب کے درمیان سسٹر پروونس تعلقات کے قیام سے متعلق تھی، جس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

    وزیراعظم نے ہانگژو نارمل یونیورسٹی اور پاکستانی سفارتخانہ بیجنگ کے درمیان چین پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے قیام سے متعلق دستاویز پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی یہ مرکز تعلیمی تعاون، عملی تحقیق، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دے گا۔

    وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور دونوں ممالک عوام دوست، ترقی پر مبنی اور عملی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہورہے ہیں۔

  • سعد ایدھی کراچی پہنچ گئے، اسرائیل میں قید کے دوران بدترین تشدد کا انکشاف

    سعد ایدھی کراچی پہنچ گئے، اسرائیل میں قید کے دوران بدترین تشدد کا انکشاف

    غزہ کے لیے روانہ ہونے والے بحری امدادی قافلے ’صمود فلوٹیلا‘ میں شامل معروف سماجی کارکن سعد ایدھی اسرائیلی فوج کی حراست سے رہا ہونے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچنے پر سعد ایدھی کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ان کی اہلیہ اور کم سن بیٹی بھی موجود تھیں اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد ایدھی نے بتایا کہ ان کا یہ مشن غیر مسلح اور سراسر انسانی امداد پر مبنی تھا، جس کا مقصد بھوک کے شکار مظلوم فلسطینی عوام اور بچوں تک خوراک اور ادو یات پہنچانا تھا ان کا سفر 14 مئی کو شروع ہوا تھا، لیکن غزہ سے 200 ناٹیکل مائل دور بین الاقوامی سمندر میں اسرائیلی فوج نے انہیں زبردستی گرفتار کرلیا۔

    سعد ایدھی نے انکشاف کیا کہ ان کے قافلے میں 180 افراد شامل تھے، جنہیں 2 راتیں بحری جہاز پر محصور رکھا گیا، اس دوران شدید تشدد کے باعث 35 افراد زخمی ہوئے جبکہ 15 افراد کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی، حراست کے دوران انہیں کھانے میں صرف ڈبل روٹی اور پانی دیا جاتا تھا، 3 روز بعد جب انہیں اسرائیل پہنچایا گیا تو وہاں بھی غیر انسانی سلوک کا سلسلہ جاری رہا اور انہیں ایک ایسے سیل میں بند کردیا گیا جہاں رہائی کی کوئی امید نظر نہیں آتی تھی اس ظلم کے خلاف انہوں نے بھوک ہڑتال کی اور صرف پانی پی کر وقت گزارا۔

    سعد ایدھی کے مطابق اسرائیلی اہلکار قیدیوں کو سونے نہیں دیتے تھے اور اس مقصد کے لیے ان کی آنکھوں پر لیزر لائٹس ماری جاتی تھیں، جبکہ قید خانے کے فرش پر جان بوجھ کر پانی ڈال دیا جاتا تھا، انہیں کئی کئی گھنٹے گھٹنوں کے بل بٹھا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا جن افراد کے پاس امریکی یا یورپی پا سپورٹس نہیں تھے، ان پر زیادہ ظلم کیا جاتا تھا، جبکہ اپنی حکومت کے خلاف بولنے والے امریکی شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا تھا۔

    سعد ایدھی کا کہنا تھا کہ ان پر 4 دن تک لرزہ خیز تشدد کیا گیا، لیکن فلسطینی تو گزشتہ 80 سال سے یہ ظلم برداشت کررہے ہیں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کا لایا ہوا امدادی سامان ضائع کر دیا گیا ہے، تاہم وہ فلسطین کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے اور دوبارہ امداد پہنچانے کی کوشش کریں گے، انہوں نے حکومتِ پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کا مسئلہ حل کرانے میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔

    اس موقع پر موجود سابق سینیٹر مشتاق احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعد ایدھی نے اس مشن کے ذریعے پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کی ہے اور اپنے دادا کا نام روشن کیا ہےوہ خود بھی دو مرتبہ اسرائیلی جیل میں قید رہ چکے ہیں اور وہاں کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے واقف ہیں اس وقت اسرا ئیل میں 11 ہزار فلسطینی قیدی موجود ہیں، جن میں 400 کے قریب 10 سال سے کم عمر بچے بھی شامل ہیں، اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کو پھانسی دینے کا قانون منظور کر لیا ہے، جبکہ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

  • امریکا ایران ثالثی: معاملات کسی مثبت انجام کی جانب بڑھ رہے ہیں،خواجہ آصف

    امریکا ایران ثالثی: معاملات کسی مثبت انجام کی جانب بڑھ رہے ہیں،خواجہ آصف

    سیالکوٹ:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کے عمل میں بتدریج پیشرفت ہو رہی ہے اور معاملات کسی مثبت انجام کی جانب بڑھ رہے ہیں،امید ہے کہ اللّٰہ کے فضل سے پاکستان سمیت پورے خطے اور دنیا میں جلد امن قائم ہوگا-

    نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےخواجہ آصف نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود ہیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ صورتحال ممکنہ حل کے قریب پہنچ چکی ہے،امید ہے کہ اللّٰہ کے فضل سے پاکستان سمیت پورے خطے اور دنیا میں جلد امن قائم ہوگا،موجودہ کوششوں کے ذریعے دنیا کو ایک بڑے بحران سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور پاکستان کی سفارتی کاوشیں ضرور کامیاب ہوں گی۔

    دوران گفتگو وزیر دفاع نے تسلیم کیاکہ مہنگائی ایک حقیقت ہے اور محدود آمدن رکھنے والے طبقات اس سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں پاکستان کی معیشت بحالی کے مرحلے میں داخل ہو چکی تھی، تاہم جنگی صورتحال کے باعث معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں معاشی بحالی کا عمل نہ صرف سست پڑا ، بلکہ بعض معاملات میں الٹا اثر بھی دیکھنے میں آیا ہے، اگر خطے میں امن قائم ہو جاتا ہے تو پاکستان کے لیے معاشی بہتری کی راہ ہموار ہو جائے گی، حکومت کو اس امر کا بخوبی احساس ہے کہ عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنتا جا رہا ہے۔

  • قطر کے امیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان رابطہ

    قطر کے امیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان رابطہ

    ہفتے کے روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی بڑھتی ہوئی کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے۔

    قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور حالیہ سفارتی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا دونوں رہنماؤں نے خطے میں تناؤ کم کرنے اور استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا، جب کہ اس دوران خاص طور پر پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی ثالثی پر بھی گفتگو ہوئی۔

    گفتگو میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ تنازعات کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات ناگزیر ہیں دونوں فریقوں نے سمندری راستوں کے تحفظ، اہم آبی گزرگاہوں کی سلامتی اور عالمی توانائی و سپلائی چین کے استحکام کو بھی اہم قرار دیا، امیرِ قطر نے اس موقع پر تنازعات کے پُرامن حل کے لیے قطر کے عزم کا اعادہ کیا اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔

    واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور امن معاہدے کے حوالے سے پاکستان کی بھرپور کوششیں جاری ہیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران میں موجود ہیں اور ان کی ایرانی اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں جب کہ میڈیا رپورٹس کے بعد ایران نے بھی قطر کے اعلیٰ سطح وفد کی تہران میں موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

    گزشتہ روز رائٹرز نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے بعد قطر کا وفد بھی جمعے کو تہران پہنچ چکا ہے، جس کے بعد قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے بھی ذرائع کے حوالے سے قطری وفد کے تہران کے دورے کی تصدیق کی تھی۔

    ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی اپنے ایک بیان میں بتایا کہ قطری وفد نے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی ہے کئی ممالک نے جنگ کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے، جس کی ہم قدر کرتے ہیں تاہم اس وقت صرف پاکستان ہی مرکزی ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔

    پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے اہم ملاقات کی ہےعرب میڈیا اور ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق پاکستان کی ثالثی میں تیار ہونے والے اس تاریخی معاہدے کا اعلان جلد متوقع ہے اور کامیابی کی صورت میں اسے ’اسلام آباد ڈیکلریشن‘ کا نام دیا جائے گا۔