Baaghi TV

Blog

  • 19 سے 26 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری

    19 سے 26 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 19 سے 26 مئی کے دوران ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال ادارے کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے اور پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے، جبکہ آئندہ چند روز کے دوران شدید گرمی کی لہر مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔الرٹ کے مطابق پنجاب میں بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، سرگودھا، لودھراں، خانیوال، وہاڑی اور لاہور شدید گرمی سے متاثر ہونے والے شہروں میں شامل ہیں۔اسی طرح سندھ میں کراچی، حیدر آباد، جیکب آباد، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، دادو، نوشہرو فیروز، کشمور، تھرپارکر، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، کمبر اور شہداد کوٹ میں شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔بلوچستان کے علاقوں تربت، سبی، اُتھل، جھل مگسی، ڈیرہ مراد جمالی، نصیر آباد، جعفر آباد، استا محمد، کچھی، لسبیلہ اور پنجگور بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

    این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ صحت کے مسائل کا باعث بن سکتا ہے، لہٰذا شہری شدید دھوپ اور گرمی کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں اور پانی و نمکیات کی کمی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں۔

    دوسری جانب این ای او سی نے آج سے 23 مئی تک شمالی علاقہ جات میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے کے خطرات سے متعلق بھی الرٹ جاری کیا ہے۔ ادارے کے مطابق گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات موجود ہیں۔الرٹ میں خردوپین، اشکومن، دسوات، شسپر، ہنارچو، ہنڈر، گلکن، درکوت، رعشن، بریپ، بونی، پنڈورو، چاٹ، چھٹی بوئی، لاشٹ، سردارگول، ٹھلو ون اور ٹو، ارکاری اور اوری سمیت متعدد علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے اور خطرناک ڈھلوانوں پر قیام سے اجتناب کریں، جبکہ متاثرہ علاقوں کے مکین مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں۔ ادارے نے بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

  • وفاقی وزیر خزانہ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات

    وفاقی وزیر خزانہ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات

    وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ورلڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی ہے،

    وفد کی قیادت بولورما امگابازار کر رہی تھیں۔ ملاقات میں اقتصادی اصلاحات، ایف بی آر کی بہتری، ٹیکس نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ادارہ جاتی اصلاحات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیر خزانہ نے معاشی اصلاحات میں ورلڈ بینک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام میں آٹومیشن، ڈیجیٹلائزیشن اور طریقہ کار آسان بنانے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی قرض اور کیپیٹل مارکیٹس کو مضبوط بنانے اور بینک فنانسنگ پر انحصار کم کرنے کیلئے مارکیٹ بیسڈ فنانسنگ کو فروغ دے رہی ہے۔ملاقات میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی، سرمایہ کاری، کاروباری ماحول، بیرون ملک روزگار کے مواقع اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ورلڈ بینک نے شفافیت، کارکردگی اور ٹیکس دہندگان کی سہولت بہتر بنانے کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا

  • باجوڑ،انسدادپولیو مہم،سیکورٹی پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ،دو شہید

    باجوڑ،انسدادپولیو مہم،سیکورٹی پر مامور اہلکاروں پر فائرنگ،دو شہید

    باجوڑ میں انسدادِ پولیو مہم ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بن گئی، جہاں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے یہ واقعات تحصیل سلارزئی کے علاقوں تبئی اور ڈاگ قلعہ میں پیش آئے، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے پولیو ٹیموں کی حفاظت پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ڈی ایس پی باجوڑ نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار قادر اور سید عزیز شہید ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ڈاگ قلعہ میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس اہلکار سید عزیز پر دہشت گردوں نے اچانک حملہ کیا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں جبکہ پورے علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور پولیو ٹیموں پر حملوں کے واقعات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں، جس کے باعث پولیو ورکرز کو سخت خطرات کا سامنا رہتا ہے۔

  • ملک میں پہلی مرتبہ سندھ حکومت نے ای وی بس سروس متعارف کرائی،شرجیل میمن

    ملک میں پہلی مرتبہ سندھ حکومت نے ای وی بس سروس متعارف کرائی،شرجیل میمن

    سینیئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نےسندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بورڈ میٹنگ میں سندھ حکومت نے 500 نئی ای وی بسوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔ ہم یہ بسیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے لے کر آرہے ہیں۔

    شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے ہم پاکستان کی پہلی ای وی بسیں بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت لے کر آئے۔ ابھی اسی ماڈل کو آگے بڑھاتے ہوئے 500 نئی بسیں آرہی ہے جس میں تین روٹس ہے، روٹ نمبر جی 15 میں اتحاد ٹاؤن، ٹوڑی چوک، سیکٹر ٹو اورنگی ٹاؤنشپ، بنارس کالونی، پٹھان کالونی، پیٹرول پمپ، لیاقت آباد نمبر 10، لیاقت آباد پوسٹ آفس، تین ہٹی، جہانگیر روڈ، ایمپریس مارکیٹ اور کینٹ اسٹیشن۔ ایک اور روٹ اورنگی غازی آباد، ضیاء چوک، اقبال مارکیٹ، اورنگی نمبر2 اور 5، بنارس، حبیب بنک، ناظم آباد نمبر 2لیاقت آباد نمبر 4 اور 10، عائشہ منزل، واٹر پمپ سہراب گوٹھ۔ اورنگی ظہور چوک نمبر 11، بنارس حبیب بنک، ناظم آباد نمبر 2، پیٹرول پمپ، لیاقت آباد نمبر 10 غازی آباد، حسن اسکوائر، کارساز، ڈرگ روڈ اور ایئرپورٹ تک ہیں۔

    شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں پہلی مرتبہ سندھ حکومت نے ای وی بس سروس متعارف کرائی۔ ہم نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتر سہولیات فراہم کیں۔ کراچی میں اورنج لائن اور گرین لائن بی آر ٹی سروسز کی رائیڈرشپ میں اضافہ ہوا ہے۔ سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مسلسل وسعت دے رہے ہیں۔ مختلف روٹس پر بس سروسز میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

  • پاکستانی بچوں کے خون میں سیسہ اور ایک نسل کا مستقبل داؤ پر،تحریر:اعجاز الحق عثمانی

    پاکستانی بچوں کے خون میں سیسہ اور ایک نسل کا مستقبل داؤ پر،تحریر:اعجاز الحق عثمانی

    مئی 2026 کے آغازمیں حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کے ادارے UNICEF نے مشترکہ طور پر ایک تحقیقاتی رپورٹ جاری کی جس نے طبی ماہرین، ماحولیاتی ماہرین اور (بظاہر)پالیسی سازوں کے(بھی) ہوش اڑا دیے۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ اور ہری پور سمیت سات بڑے شہروں میں ایک سے تین سال کی عمر کے دو ہزار سے زائد بچوں کے خون کے نمونے لیے گئے،تقریبا چالیس فیصد بچوں کے خون میں سیسے کی مقدار خطرناک حد سے زیادہ تھی۔

    یعنی پاکستان کے صنعتی شہروں میں ہر دس میں سے چار بچوں کے خون میں ایک ایسی زہریلی دھات جو بغیرکسی علامت کے ان کے دماغ، اعصاب،خون اور ہڈیوں میں جمع ہورہی ہے۔سب سے خطرناک اعداد و شمار ہری پور کے صنعتی علاقے حطار سے سامنے آئے جہاں 88 فیصد بچوں کے خون میں سیسہ پایا گیا۔یہ ایسی شرح ہے جو صرف پاکستان نہیں بلکہ جو عالمی سطح پر بھی بدترین شرح ہے۔ جبکہ اسلام آباد میں یہ شرح محض ایک فیصد رہی، جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ صنعتی آلودگی بچوں کی صحت کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔

    لیڈ یعنی سیسہ ایک بھاری دھات ہے جو زمین میں قدرتی طور پر پائی جاتی ہے۔ صدیوں سے یہ پائپوں، رنگوں، برتنوں، ہتھیاروں اور صنعتی مصنوعات میں استعمال ہوتی رہی ہے۔ بیسویں صدی کے وسط تک جب اس کے انسانی صحت پر تباہ کن اثرات سامنے آئے تو مغربی ممالک نے اس پر سخت پابندیاں عائد کر دیں تھیں پٹرول، رنگ اور پانی کے پائپوں سے اسے ہٹا دیا گیا۔

    مگر پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں یہ دھات آج بھی مختلف شکلوں میں ماحول کا حصہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت (WHO) نے واضح کہا ہے کہ ‘خون میں سیسے کی کوئی بھی محفوظ مقدار نہیں ہوتی’۔ یعنی اس کی ذرہ برابر موجودگی بھی نقصان دہ ہو سکتی ہے، خاص طور پر بچوں کے لیے۔پاکستان کے صنعتی علاقوں میں گاڑیوں، جنریٹرز اور یو پی ایس کی پرانی بیٹریاں چھوٹے غیر رجسٹرڈ یونٹوں میں توڑی اور پگھلائی جاتی ہیں۔ اس عمل کے دوران سیسے کے باریک ذرات پانی اور ہوا میں شامل ہو جاتے ہیں،ایک اور بڑی وجہ جسے ہم لوگ کم علمی کی وجہ سے مفید سمجھتے آرہے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں صدیوں پرانی روایت کے تحت نومولود بچوں اور بڑوں کو آنکھوں میں سرمہ لگایا جاتا ہے۔ تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ بعض روایتی سرمے میں سیسے کی خاطر خواہ مقدار پائی جاتی ہے۔ آنکھ کی اندرونی جھلی سے یہ براہ راست خون میں جذب ہو جاتا ہے، اور آنکھ سے ناک کی نالی کے ذریعے نگل بھی لیا جاتا ہے۔ چھوٹے بچوں کے لیے یہ ایک انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

    سیسے کی سب سے بڑی سفاکی یہ ہے کہ یہ خاموشی سے نقصان پہنچاتا ہے۔ کوئی بخار نہیں، کوئی درد نہیں، کوئی فوری علامت نہیں۔ والدین دیکھتے ہیں کہ بچہ معمول کے مطابق ہنستا کھیلتا ہے، مگر اندر ہی اندر اس کا دماغ، اس کا اعصابی نظام آہستہ آہستہ متاثر ہوتا رہتا ہے۔ مگر سیسہ ایک نیوروٹاکسن ہے جو بچوں کی ذہنی نشوونما کو گہرا نقصان پہنچاتا ہے۔ IQ میں کمی، یادداشت کا کمزور ہونا، سیکھنے کی صلاحیت کا متاثر ہونا اور توجہ کی کمی جیسے اثرات بعد میں تعلیمی کارکردگی کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔WHO کے مطابق سیسہ طویل مدت میں گردوں، دل اور دماغ کو مستقل نقصان پہنچا سکتا ہے، اور یہ ایسا نقصان ہے جو اکثر ناقابل علاج ہوتا ہے۔

    دنیا بھر میں تقریبا 80 کروڑ بچے سیسے کی آلودگی سے متاثر ہیں اور ان میں سے بڑی تعداد جنوبی ایشیا میں رہتی ہے۔ مگر پاکستان کا معاملہ خاص طور پر تشویشناک ہے کیونکہ یہاں اس مسئلے کے متعدد ذرائع بیک وقت موجود ہیں، تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعت کاری، غیر رسمی ری سائیکلنگ، پرانے بنیادی ڈھانچے، کمزور قانون نافذ کرنے والے ادارے اور اس سے بھی بڑھ کر شعور کا فقدان یہاں سب سے بڑا دشمن ہے۔

  • ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس،ملزم کا اعترافی بیان ماننے سے انکار

    ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس،ملزم کا اعترافی بیان ماننے سے انکار

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس کی سماعت ہوئی، ملزم عمر حیات نے اعترافی بیان ماننے سے انکار کردیا۔

    ملزم عمر حیات نے کہا کہ مجھے اعترافی بیان کا علم ہی نہیں ہے، میں نے قتل کا کوئی اعترافی بیان نہیں دیا۔،ملزم نے عدالت میں اپنی عمر بتانے سے انکار کردیا،کہا میں وکیل کی غیر موجودگی میں کوئی جواب نہیں دوں گا، میرا ثناء یوسف سےکوئی جھگڑا یا رابطہ نہیں تھا اورنہ ہی میں نے کبھی ملاقات کی درخواست کی،

    واضح رہے کہ ملزم نے اس سے قبل مجسٹریٹ کے سامنے قتل کا اعتراف کیا تھا۔

    اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ کو کم عمر ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس کی سماعت کے دوران ملزم کے وکیل رضوان الہی نے سخت سنا دیں،کمرہ عدالت میں موجود رپورٹرز کے مطابق ملزم کے وکیل رضوان الہی نے ویڈیو بناءی جس پر جج افضل مجوکہ برہم ہوئے،کہا کہ موبائل مجھے دیں، ویڈیو ڈیلیٹ کریں، وکیل رضوان الہیٰ نے کہا کہ موبائل کیوں دوں؟ آپ مجھ سے موبائل نہیں مانگ سکتے، معلوم ہو کہ آپ موبائل سے میرے نمبر نکال لیں، ہماری بات تو آپ ریکارڈ پر لاتے نہیں، جس پر جج نے کہا کہ اگر ویڈیو وائرل ہوئی تو مس کنڈکٹ ہو گا،

  • 28ویں مجوزہ آئینی ترامیم اور 18ویں ترمیم میں بڑی تبدیلیوں کی تجاویز سامنے آ گئیں

    28ویں مجوزہ آئینی ترامیم اور 18ویں ترمیم میں بڑی تبدیلیوں کی تجاویز سامنے آ گئیں

    اسلام آباد: 28ویں مجوزہ آئینی ترامیم اور 18ویں ترمیم میں بڑی تبدیلیوں کی تجاویز سامنے آ گئی ہیں،

    نجی ٹی وی کے مطابق نئے صوبے بنانے کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی قرارداد کی شرط ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ذرائع کے مطابق تجاویز میں کہا گیا ہے کہ اب صوبائی اسمبلی کی اجازت کے بغیر بھی نئے صوبے بنانے کے لیے قانون سازی ممکن ہوگی،پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں (قومی اسمبلی اور سینیٹ) کی منظوری سے نیا صوبہ قائم کیا جا سکے گا, 18ویں ترمیم کے تحت این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی متوقع ہے اور صوبوں کے حصے میں کٹ لگنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے،فاٹا کی سابقہ حیثیت بحال کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے،کراچی اور گوادر کو وفاق کے زیر انتظام شہر قرار دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے،ان شہروں کے ترقیاتی منصوبے، ریونیو اور فنڈنگ وفاقی حکومت کے پاس ہونے کی بات کی گئی ہے،گورنر راج کے لیے صوبائی اسمبلی کی منظوری کی شرط ختم کرنے کی تجویز ہے، اس کے تحت گورنر راج کا فیصلہ وفاقی آئینی عدالت کرے گی،حکومت کی مدت سے متعلق بھی تبدیلیوں پر غور جاری ہے، جس میں مدت کو 5 سال سے غیر معینہ مدت تک بڑھانے کی تجویز شامل ہے،جنگی حالات، معاشی بحران اور قدرتی آفات کی بنیاد پر انتخابات ملتوی کیے جا سکتے ہیں،تعلیم اور صحت کی وزارتیں صوبوں سے لے کر وفاق کو دینے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کرنے اور اس کا 700 ارب روپے کا بوجھ وفاق سے ختم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے،صوبے این ایف سی ایوارڈ کے تحت ملنے والی رقم سے امدادی پروگرام جاری کریں گے،

  • ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی حوصلہ افزائی کی جائے،وزیراعظم

    ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی حوصلہ افزائی کی جائے،وزیراعظم

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رواں اور آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا

    اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بہتر کارکردگی کی حامل وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا.وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگائیں گے جن کے نتائج یقینی ہوں.آبی ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے کی ترجیحات میں شامل ہیں.وزیرِ اعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجراء اور اسکی مارکیٹ میں پزیرائی پر وزیرِ خزانہ کی تعریف کی،محمدشہبازشریف نےریلوے، آئی ٹی اور وزارت پاور کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے.پانی کے ذخائر کو بڑھانے کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی.اجلاس میں رواں برس کے پی ایس ڈی پی پر جائزہ اور آئندہ برس کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور ان کے لئے درکار فنڈز پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا.اجلاس کو قومی نوعیت کے پانی ذخیرہ و پن بجلی کے منصوبوں بشمول داسو، دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا

  • پنکی نے لگا دیا تشدد کا الزام،بولی سو دن کا ریمانڈ لے لیں

    پنکی نے لگا دیا تشدد کا الزام،بولی سو دن کا ریمانڈ لے لیں

    پنکی عرف انمول نے لیاقت گبول کو وکیل مقرر کردیا، ڈرگ اسمگلر کو قتل کے مقدمے میں کراچی سینٹرل جیل کے جوڈیشل کمپلیکس پہنچادیا گیا، ملزمہ نے آج پھر عدالت میں شور شرابہ کیا۔

    پولیس پر الزام لگایا کہ اس سے زبردستی بیان دینے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ملزمہ کا کہنا ہے کہ پولیس کہتی ہے مرضی کا بیان نہ دیا تو 3 دن کا مزید ریمانڈ لیں گے، پولیس اہلکار مجھے تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی نے کراچی کی مقامی عدالت میں پیشی کے دوران پولیس تشدد کا الزام عائد کر دیا۔

    بغدادی تھانے میں درج قتل کیس میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو کراچی جوڈیشل کمپلیکس میں قائم جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا،ملزمہ انمول عرف پنکی کی پولیس تشدد کی شکایت پر عدالت نے استفسار کیا کہ آپ پر اگر تشدد ہوا ہے تو اس سے قبل عدالت میں شکایت کی؟ کیا وکیل نے ملزمہ کا میڈیکل کرانے کی درخواست کی ہے؟انمول عرف پنکی نے کہا کہ مجھے مارا گیا ہے، مجھ پر ایک نہیں کئی تفتیشی افسران نے تشدد کیا ہے، میرا 100 دن کا ریمانڈ لینا ہے تو لے لیں،کراچی کی مقامی عدالت نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    سماعت سے قبل تفتیشی افسر نے کمرہ عدالت میں پنکی کو بات کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ ملزمہ پولیس ریمانڈ میں ہے، باہر نکل کر جس سے بات کرنا ہے کرے، ابھی آپ اپنے وکیل سے بات کریں،جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ صرف اس کیس سے منسلک وکلاء ہی کمرہ عدالت میں رکیں باقی سب باہر جائیں،سماعت شروع ہوتے ہی سادہ لباس اہلکاروں نے صحافیوں سے تلخ کلامی کی، ان کو دھکے دیے، جس کی وجہ سے کمرہ عدالت میں شور شرابا مچ گیا

  • غزہ امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو اسرائیل نے پھر روک لیا

    غزہ امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کو اسرائیل نے پھر روک لیا

    اسرائیلی بحریہ نے ایک بار پھر غزہ کے لیے امداد لے جانے والے صمود فلوٹیلا کو روک لیا ہے۔

    امدادی تنظیم کی جانب سے بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج کی اسپیڈ بوٹس نے فلوٹیلامیں شامل متعدد کشتیوں کو گھیرے میں لے لینے کے بعد گلوبل صمود فلوٹیلا کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے،امدادی تنظیم کا کہنا ہے کہ ان کا گلوبل صمود فلوٹیلا پر موجود امدادی کارکنوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے،گلوبل صمود فلوٹیلا پر موجود ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ بحیرہ روم میں گلوبل صمود فلوٹیلا کےقافلےکابحری جنگی جہاز پیچھا کر رہے ہیں،سعد ایدھی کا کہنا تھا ایک بوٹ نے قافلے کے بحری جہاز کو روک بھی لیا ہے اور خدشہ ہے کہ ہمیں بین الاقوامی پانیوں میں گرفتار کیا جاسکتا ہے، ہمارا غزہ کو امداد پہنچانے کایہ مشن پرامن ہے۔

    واضح رہے سعد ایدھی ترکیے سے15 مئی کوقافلے کے ہمراہ غزہ کےلیے روانہ ہوئے تھے۔