Baaghi TV

Blog

  • شادی کے ابتدائی دنوں میں یاسرسے خوفزدہ رہتی تھی،ندا

    شادی کے ابتدائی دنوں میں یاسرسے خوفزدہ رہتی تھی،ندا

    پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کے ابتدائی دنوں میں وہ اپنے شوہر یاسر نواز سے خوفزدہ رہتی تھیں۔

    ایک حالیہ انٹرویو میں ندا یاسر نے بتایا کہ جب یاسر نواز نے انہیں شادی کی پیشکش کی تو وہ زیادہ پُرجوش نہیں تھیں، کیونکہ یاسر ان سے 7 سال بڑے تھے اور اس وقت ان کی داڑھی اور شخصیت انہیں عمر میں مزید سنجیدہ اور سخت محسوس کرواتی تھی۔ندا یاسر کے مطابق شادی کے آغاز میں وہ یاسر نواز سے کافی ڈرتی تھیں اور ان کی شخصیت انہیں بہت سخت لگتی تھی۔

    اداکارہ و میزبان نے اپنی گھریلو زندگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین کے درمیان نہایت متوازن اور برابری پر مبنی تعلق تھا، جہاں ان کی والدہ کو کسی کام کے لیے والد سے اجازت لینے کی ضرورت پیش نہیں آتی تھی۔ تاہم ان کی اپنی شادی اس ماحول سے مختلف رہی۔ندا یاسر نے بتایا کہ انہیں اکثر مختلف معاملات میں یاسر نواز سے اجازت لینا پڑتی تھی اور ان کے خیال میں یہ طرزِ عمل یاسر نواز نے اپنے گھریلو ماحول سے سیکھا تھا۔

  • انمول عرف پنکی اور اس کے سابق شوہر رانا اکرم کی ٹریول ہسٹری سامنے آ گئی

    انمول عرف پنکی اور اس کے سابق شوہر رانا اکرم کی ٹریول ہسٹری سامنے آ گئی

    کراچی: منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی اور اس کے سابق شوہر رانا اکرم کی ٹریول ہسٹری منظرِ عام پر آگئی، جس میں آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے متعدد دوروں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی صرف ایک مرتبہ پاکستان سے بیرونِ ملک گئی۔ ریکارڈ کے مطابق وہ 25 دسمبر 2018ء کو کراچی سے باکو روانہ ہوئی تھی اور تقریباً 3 ماہ بعد یکم اپریل 2019ء کو واپس پاکستان پہنچی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پنکی کا دوسرا شوہر رانا اکرم 2 مرتبہ باکو گیا۔ پہلی مرتبہ وہ 12 اکتوبر 2025ء کو باکو روانہ ہوا اور 19 اکتوبر 2025ء کو واپس آیا۔ایئرپورٹ ریکارڈ کے مطابق رانا اکرم دوسری مرتبہ 27 دسمبر 2025ء کو باکو گیا اور 6 جنوری 2026ء کو لاہور واپس پہنچا۔پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ رانا اکرم نے ہی پہلی مرتبہ انمول عرف پنکی اور اس کی ساتھی کرن کو گرفتار کیا تھا، تاہم بعد ازاں دونوں خواتین کو چھوڑ دیا گیا۔

    تحقیقاتی ذرائع کے مطابق رانا اکرم نے مبینہ طور پر 2 گاڑیاں اور 5 کروڑ روپے لے کر دونوں خواتین کو رہا کیا تھا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • سیکورٹی خدشات،پنکی کی عدالت پیشی کیلئے اہم درخواست دائر

    سیکورٹی خدشات،پنکی کی عدالت پیشی کیلئے اہم درخواست دائر

    کراچی میں منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی کی سٹی کورٹ میں پیشی کے معاملے پر پولیس نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عدالت سے اہم درخواست دائر کردی۔

    تفتیشی افسر نے عدالت میں درخواست جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کو سٹی کورٹ کے بجائے سینٹرل جیل جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کی اجازت دی جائے، کیونکہ سٹی کورٹ میں پیشی کے دوران سیکیورٹی مسائل اور خدشات موجود ہیں۔پولیس کے مطابق یہ درخواست ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کی ہدایت پر دائر کی گئی۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ پنکی کے خلاف قتل کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ آج مکمل ہو رہا ہے۔

    واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ نے گزشتہ ہفتے ملزمہ انمول عرف پنکی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے مزید کارروائی کے لیے عدالت سے نئی اجازت طلب کرلی ہے۔

  • کراچی،کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار

    کراچی،کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار

    کراچی میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی رینجرز اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ طور پر رئیس گوٹھ کے علاقے میں کی۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ، ڈیٹونیٹرز اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم تخریب کاری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔رینجرز کے مطابق گرفتار دہشت گرد سجاد شاہ نے سنہ 2020 میں کالعدم تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ کراچی سمیت اندرون سندھ میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی مختلف کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

  • خاتون کی جانب سے پولیس انسپکٹر پر زیادتی کا الزام،مقدمہ درج

    خاتون کی جانب سے پولیس انسپکٹر پر زیادتی کا الزام،مقدمہ درج

    تبسم عباس نامی خاتون کا راجن پور میں تعینات انسپکٹر ابرار احمد پر زیادتی کے الزام کا معاملہ ،آر پی او ڈی جی خان محمد اظہر اکرم کے خصوصی حکم پر خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا

    آر پی او نے مقدمہ کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور غیر جانبداری کی بنیاد پر مکمل کرنے کا حکم دے دیا، تفتیشی عمل کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لیے انسپکٹر ابرار احمد کو کلوز ٹو لائن کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے،آر پی او کے حکم پر مقدمہ کی تفتیش مکمل ہونے تک انسپکٹر ابرار احمد کلوز ٹو لائن رہیں گے ،آرپی او ڈی جی خان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے،مقدمہ کی تفتیش میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے، آر پی او محمد اظہر اکرم کا کہنا تھا کہ انصاف کی فراہمی میں کسی بھی فریق کے خلاف زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی،محکمۂ پولیس اپنے اہلکاروں کے غیر قانونی و غیر اخلاقی طرزِ عمل پر سخت محکمانہ کارروائی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،ترجمان پولیس کے مطابق خاتون نے آر پی او ڈیرہ غازی خان محمد اظہر اکرم کی کھلی کچہری میں پیش ہو کر زیادتی کا الزام عائد کیا تھا،آر پی او محمد اظہر اکرم کے فوری نوٹس لینے پر حسب ضابطہ قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی،

  • بڑھتی مہنگائی حکمرانوں کی واضح نااہلی،پٹرول کی پرانی قیمتیں مقرر کی جائیں، خالد مسعود سندھو

    بڑھتی مہنگائی حکمرانوں کی واضح نااہلی،پٹرول کی پرانی قیمتیں مقرر کی جائیں، خالد مسعود سندھو

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی حکمرانوں کی واضح نااہلی ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے کمی کی بجائے پرانی قیمتیں مقرر کی جائے،آمدہ وفاقی بجٹ میں آئی ایم ایف کی خوشنودی کی لئے860 ارب روپے کے نئے ٹیکس، پیٹرول و ڈیزل سبسڈی کا خاتمہ، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے نئے طوفان کی راہ ہموار کی جارہی ہے،مرکزی مسلم لیگ عوام دشمن فیصلوں کو مسترد کرتی ہے

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، معیشت سست روی کا شکار ہے، کاروبار تباہ ہورہے ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ حکومت مسلسل نئے ٹیکس لگا کر عوام کا جینا دوبھر کررہی ہے،عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں اور یہاں پٹرولیم لیوی بڑھا رہے ہیں، پاکستان ایک آزاد و خودمختار ملک ہے،آئی ایم ایف کی ہر شرط من و عن مان کر پاکستان کی معاشی خودمختاری کو داؤ پر لگایا جارہا ہے،حکمران اشرافیہ اپنی مراعات کم کرنے کے بجائے غریب آدمی کی جیب پر ڈاکہ ڈال رہی ہے، پٹرول، ڈیزل، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی مزید پس جائے گا،ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران طبقہ پہلے اپنی شاہ خرچیاں ختم کرے، کرپشن اور ٹیکس چوری روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے، اور عوام پر نئے ٹیکسوں کا ظلم بند کیا جائے،مرکزی مسلم لیگ عوامی جذبات کی ترجمانی کرے گی، کسی بھی عوام دشمن فیصلے کو قبول نہیں کیا جائے گا،

  • قرآن مجید کی تعلیم کیلئے عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،محمد ناظم الدین

    قرآن مجید کی تعلیم کیلئے عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،محمد ناظم الدین

    خادم قرآن اور پنجاب قرآن بورڈ کے سابق ممبر محمد ناظم الدین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اکثر پرائیویٹ تعلیمی ادارے عدالت کے احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال کر قرآن مجید کی تعلیم سے روگردانی کررہے ہیں جبکہ محکمہ تعلیم بھی خاموش تماشائی بن گیا ہے جس وجہ سے عوام میں سخت غم وغصہ پایا جارہا ہے ۔ بچوں کے والدین بھی محکمہ تعلیم کی اس غفلت اور لاپرواہی پر پریشان ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ قرآن مجید کی تعلیم کیلئے عدالت اپنے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے اور اس مقصد کی خاطر انسپکیشن ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے دورے کریں اور عدالتی احکامات سے روگردانی کرنے والے تعلیمی اداروں کی سخت باز پرس کی جائے اور ایسے اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے ۔

    انھوں نے کہا کہ ایک طویل جدوجہد کے نتیجہ میں 2020 میں انٹرا کورٹ اپیل کے دوران جسٹس افضل چوہدری اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پہلی کلاس سے پانچویں تک سرکاری اور تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن اور ترجم القرآن کی تدریس کو یقینی بنانے کے واضح احکامات جاری کیے تھے اور اس فیصلے کے تحت قرآنِ پاک کو نصاب میں بطور لازمی مضمون شامل کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں ۔تاہم اس کے باوجود بہت سے تعلیمی ادارے عدالت کے واضح احکامات کی خلاف ورزی کرتے رہے جس پر عدالت نے محکمہ تعلیم کو انسپیکشن ٹیمیں تشکیل دینے اور عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے تھے ۔ اس طرح سخت عدالتی احکامات کی وجہ سے سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں قرآن مجید کی تدریس کا باقاعدہ آغاز ہوا ۔اب پھر پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن مجید اور ترجمۃ القرآن کی تدریس کا سلسلہ منقطع ہو گیا ہے ۔ صرف 8سے 10فیصد پرائیویٹ تعلیمی ادارے تدریس قرآن کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عدالت اس مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کا فوری نوٹس لے اور قرآن مجید کی تعلیم سے روگردانی کرنے والے اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے فی الفور احکامات جاری کرے

  • مسنون حج وعمرہ ،تبصرہ نگار : عبدالغفار مجاہد

    مسنون حج وعمرہ ،تبصرہ نگار : عبدالغفار مجاہد

    اِسلامی عبادات میں حج کی ایک خاص اہمیت وفضیلت ہے۔ اِسے اِسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں شمار کیا گیا ہے۔ قرآن مجید میں حج کو استطاعت کے ساتھ فرض قرار دیا گیا ہے۔ حج کی درست اور مسنون ادائیگی کو گناہوں کا کفارہ قرار دیا گیا ہے۔ حدیث میںحج مبرور کی جزا اور صلے میں جنت کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اِسی طرح عمرے کی مسنون ادائیگی پر اس کی فضیلت کو یوں بیان کیا گیا ہے کہ ایک عمرہ دوسرے عمرے کے درمیان کے گناہوں کو ختم کر دیتا ہے۔ حرمِ کعبہ میں ایک مقبول نماز کا اجر دوسرے مقام کی لاکھ نمازوں سے افضل ہے۔ اسی طرح حرمِ نبوی کی ایک مقبول نماز کا اجر دوسرے مقام کی ہزار نمازوں سے افضل بتایا گیا ہے۔ حج وعمرے کی یہ اہمیت وفضیلت اور اس کے دوران میں اذکار و عبادات کی یہ قدر و منزلت صرف اِسی صورت میں ممکن ہے کہ مناسک حج کو مسنون طریق پر نبوی منہج کے عین مطابق ادا کیا جائے۔ حج کااجروثواب بے مثال ہے بیت اللہ کی زیارت اورحج وعمرہ کرنے کاارمان ہرصاحب ایمان کے دل میں انگڑائیاں لیتاہے۔دنیا کے مختلف اطراف واکناف سے لاکھوں مسلمان ہر سال حج اور عمرے کی سعادت کے لیے بھاری رقوم خرچ کر کے اپنے گھروں سے نکلتے ہیں۔جبکہ لاکھوں مسلمان ایسے ہیں کہ جوزندگی میں ایک دوبارہی اس سعادت سے مستفیدہوپاتے ہیں۔اسی مناسبت سے سبھی کی آرزوہوتی ہے کہ یہ مقدس فرض قرآن سنت کی تعلیمات کے مطابق اداہوجائے تاکہ عبادات کے بجالانے میں کوئی کمی بیشی نہ رہ جائے۔اس مقصد کے لئے ہرشخص کوایسی رہنماکتاب کی اشد ضرورت ہوتی ہے جس میں حج وعمرہ کے احکام ومسائل آسان زبان میں قرآن وحدیث سے بتائے گئے ہوں۔خاص طورپرمحترم خواتین ایسی کتاب کی جستجومیں رہتی ہیں جس میں حج وعمرہ کے دوران ان کے مخصوص مسائل کادینی حل پیش کیاگیاہو۔ ان حجاج کرام اور عمرہ ادا کرنے والے معتمرین کی ایک کثیر تعداد صرف اْردو زبان کے حوالے سے اِسلامی تعلیمات کو سیکھ سکتی ہے۔ اْردو خواں طبقے کی اِسی ضرورت کے پیش نظر دار السلام نے مسلسل محنت اور تحقیق کے بعد حج وعمرہ کے تمام ضروری، ضمنی اور ذیلی مسائل کے موضوع پر مستند مواد کے حوالے سے ’’مسنون حج وعمرہ … فضیلت واہمیت احکام ومسائل ‘‘ کے عنوان سے تین مختصر مگر جامع کتب تیار کی ہیں۔ان کتب میں حج وعمرہ کے تمام احکام و مسائل قرآن وسنت کی روشنی میں جزئیات سمیت بہ تمام وکمال بتائے گئے ہیں۔حج وعمرہ کے دوران پڑھی جانے والی اورروزمرہ کی دیگردعائیں بھی درج کردی گئی ہیں۔مزیدبراں تمام مقدس مقامات کونہایت ہی خوبصورت تصویروں اورنقشوں کے ذریعے بخوبی اجاگرکیاگیاہے۔ان کتابوں کی خصوصیات یہ ہیں کہ ان کے تمام مندرجات صرف کتاب وسنت سے ماخوذ ہیں۔کتابوں میں بفضل اللہ تعالیٰ کسی ایک موضوع یا ضعیف حدیث کا حوالہ نہیں ملے گا، نیز تمام احادیث کی مکمل تخریج بھی کر دی گئی ہے۔ حج اور عمرے کے دوران میں پیش آنے والے تمام مسائل کی اصطلاحات کو حج وعمرے کے مناسک کی ترتیب سے پیش کیا گیا ہے۔ حج وعمرہ کی ادائیگی کے دوران پیش آمدہ مسائل کو مرحلہ وار لکھا گیا ہے۔ان کتب میں خصوصیت کے ساتھ حج و عمرہ کے دوران پیش آنے والے خواتین کے مخصوص مسائل بھی درج کردیے گئے ہیں۔حج وعمرہ کے مختلف مناسک کے دوران پڑھی جانے والی مسنون دعائوں اور اذکار کو آسان اْردو ترجمے کے ساتھ پیش کر دیا گیا ہے۔کمسنون دعائیں بھی پیش کی گئی ہیں تاکہ حرمین میں ہمارے شب و روز مسنون دعائوں اور اذکار سے مزین ہو سکیں۔

    یہ مستند کتب مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف اور دیگر علمائے کرام عمار فاروق سعیدی ، مولانا عبدالصمدرفیقی مرحوم ،مولاناعبدالجبار اورحافظ عبدالخالق جیسے ممتاز محققین نے ترتیب دی ہیں۔یہ کتب تین سائز میں دستیاب ہیں۔۔۔بڑا سائز جو کہ 176صفحات پر مشتمل ہے اس کی قیمت 1000روپے ہے ۔ دوسرا پاکٹ سائز ہے جو کہ باآسانی جیب میں آسکتی ہے اس کی قیمت 430روپے ہے ، تیسری گائیڈ بک ہے جسے باآسانی گلے میں لٹکایا جاسکتا ہے اس کی قیمت 220روپے ہے ۔ تینوں کتابوں کی اپنی اپنی اہمیت ہے اور حجم کے اعتبار سے ان میں مسائل بیان کئے گئے ہیں۔یہ تینوں کتب باتصویر ہیں جس سے حج وعمرہ کی عبادات بجالانے میں بہت رہنمائی ملتی ہے ۔ دارالسلام ریسرچ سنٹر کی یہ کتب خودبھی پڑھئے اورعزیزواقارب کوبھی پیش کیجیے تاکہ ہرمسلمان حج وعمرہ کے فرائض مسنون طورپرآسانی اورسہولت سے اداکرسکے اورحج وعمرہ کی عبادات کے ضائع ہونے کاذرہ بھی احتمال نہ رہے۔یہ کتاب دارلسلام کے مرکزی شو روم لوئر مال نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور پر دستیاب ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل نمبر 042-37324034پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔

  • جنوبی وزیرستان، وانا میں ریموٹ کنٹرول دھماکا، قبائلی رہنما سمیت افراد جاں بحق

    جنوبی وزیرستان، وانا میں ریموٹ کنٹرول دھماکا، قبائلی رہنما سمیت افراد جاں بحق

    خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں وانا کے رستم بازار کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق دھماکا اُس وقت ہوا جب علاقے میں معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں، جس کے باعث موقع پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ڈی پی او محمد طاہر نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں احمد زئی وزیر قبیلے کے سربراہ بھی شامل ہیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

  • عظمیٰ کاردار جم کرتے ہوئے سر پر راڈ لگنے سے زخمی

    عظمیٰ کاردار جم کرتے ہوئے سر پر راڈ لگنے سے زخمی

    لاہور: ن لیگی ایم پی اے عظمیٰ کاردار جم میں ورزش کے دوران حادثے کا شکار ہو کر زخمی ہوگئیں۔ مسلم لیگ ن کی رکنِ پنجاب اسمبلی کے سر پر راڈ لگنے کے باعث انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    عظمیٰ کاردار نے چوٹ لگنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ٹرینر کی عدم موجودگی میں وہ خود ورزش کے آلات درست طریقے سے سیٹ نہیں کر پائیں، جس کے باعث دورانِ ورزش راڈ آ کر ان کے سر پر لگی۔واقعے کے بعد لیگی ایم پی اے کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ذرائع کے مطابق ابتدائی طبی معائنے کے بعد عظمیٰ کاردار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔