Baaghi TV

Blog

  • شکارپور،باراتیوں کی بس کھائی میں جا گری،8 کی موت،دولہا،دلہن سمیت 26 زخمی

    شکارپور،باراتیوں کی بس کھائی میں جا گری،8 کی موت،دولہا،دلہن سمیت 26 زخمی

    شکارپور کے علاقے میان جو گوٹھ لنک روڈ پر ایک المناک ٹریفک حادثے میں باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ دولہا اور دلہن سمیت 26 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق حادثہ بس کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا، جس کے بعد ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھائی میں جا گری۔ حادثے کے فوراً بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ریسکیو ٹیموں اور پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق بدقسمت بس بلوچستان کے شہر اوستہ محمد سے میر پور برڑو جارہی تھی کہ شکارپور کے قریب میان جو گوٹھ کے مقام پر یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔حادثے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر حکام نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • پاکستانی پُرامن قوم ،خود مختاری پر بات آئی تو بھرپور جواب ملے گا،وزیراعلیٰ سندھ

    پاکستانی پُرامن قوم ،خود مختاری پر بات آئی تو بھرپور جواب ملے گا،وزیراعلیٰ سندھ

    بھارت کے خلاف معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر کراچی میں نیوی ڈاکیارڈ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت اعلیٰ حکومتی و عسکری شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سید مراد علی شاہ نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بنیان مرصوص، معرکہ حق نے واضح پیغام دے دیا کہ ملک کے خلاف جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، عوام اور ملک کی تمام سیاسی طاقتیں عسکری افواج کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں، گزشتہ سال آج کے دن دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان کی افواج کس قدر قابل ہیں، دنیا میں کوئی بھی طاقت پاکستانی افواج کا مقابلہ نہیں کرسکتی، بنیان مرصوص، معرکہ حق نے واضح پیغام دے دیا ہے،پاکستان کی خود مختاری ہمارے لیے سب سے پہلے ہے، عوام پاک افواج کے ساتھ کھڑے رہے اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے، بنیان مرصوص میں شہیدوں اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں، بھارت نے میدان میں شکست کے بعد پروپیگنڈا کا سہارا لیا اور وہاں بھی منہ کی کھائی،پاکستانی پُرامن قوم ہے، اگر خود مختاری پر بات آئی تو بھرپور جواب ملے گا۔

  • شاہینوں نے دشمن کے گھر میں گھس کر جو دھاک بٹھائی پوری دنیا اس کی معترف ،علیم خان

    شاہینوں نے دشمن کے گھر میں گھس کر جو دھاک بٹھائی پوری دنیا اس کی معترف ،علیم خان

    معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر وفاقی وزیر مواصلات و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور فورسز کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 10 مئی پاکستانی عسکری تاریخ کا یادگار دن ہے، ہر ہیرو کو سلام پیش کرتے ہیں، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو، چیف آف نیول اسٹاف نوید اشرف کو بھی داد شجاعت پیش کرتے ہیں۔عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ شاہینوں نے دشمن کے گھر میں گھس کر جو دھاک بٹھائی پوری دنیا اس کی معترف ہے، پاک فضائیہ، بری و بحری فوج کے جوانوں نے معرکہ حق میں قوم کا سرفخر سے بلند کیا، فضاؤں پر حکمرانی صرف اور صرف سینوں پر سبز ہلالی پرچم سجانے والوں کی ہے، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے رافیل سمیت 8 طیارے گرا کر دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلگام واقعہ اور بھارتی فالس فلیگ آپریشن سندور دنیا بھر میں مذاق بن چکا ہے، بھارت کا من گھڑت، جھوٹ پر مبنی بیانیہ اپنی موت آپ مرچکا

  • بنوں، تھانے کے قریب خود کش حملہ،13 شہید ،6 زخمی

    بنوں، تھانے کے قریب خود کش حملہ،13 شہید ،6 زخمی

    ضلع بنوں میں خودکش حملے کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت جبکہ 6 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    واقعہ 9 مئی 2026 کو فتحہ خیل پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔رپورٹس کے مطابق مشتبہ گاڑی گنجان آباد شہری علاقے کی جانب بڑھ رہی تھی کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے فتحہ خیل پولیس اسٹیشن کے قریب روک لیا۔ پولیس کی جانب سے تلاشی اور پوچھ گچھ کے دوران گاڑی میں موجود خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ فتحہ خیل پولیس اسٹیشن کی چھت منہدم ہوگئی جبکہ اطراف میں موجود متعدد رہائشی مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ملبے تلے دب کر اور دھماکے کے باعث مجموعی طور پر 13 افراد شہید ہوئے جن میں پولیس اہلکار اور شہری شامل ہیں۔

    واقعے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں تین سویلین شہری شامل بتائے جا رہے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ کامیاب کارروائیوں کے بعد شدت پسند عناصر شدید دباؤ کا شکار ہیں اور اب نرم اہداف اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔دوسری جانب واقعے کے بعد بنوں کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مزید سخت اور فیصلہ کن کارروائیاں کی جائیں تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • آپریشن بنیان المرصوص اور پاک فوج کی کامیابیاں ،تحریر :مدثر رتو

    آپریشن بنیان المرصوص اور پاک فوج کی کامیابیاں ،تحریر :مدثر رتو

    قوموں کی تاریخ میں بعض لمحات ایسے ہوتے ہیں جو صرف واقعات نہیں رہتے بلکہ قومی شعور، اجتماعی حوصلے اور مستقبل کی سمت متعین کرنے والے سنگِ میل بن جاتے ہیں۔ ایسے ہی لمحات میں آپریشن بنیان المرصوص کا نام نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ یہ آپریشن صرف ایک عسکری کارروائی نہیں تھا بلکہ اس نے پوری قوم کو یہ احساس دلایا کہ جب وطن کی سلامتی، خودمختاری اور وقار کو خطرہ لاحق ہو تو پاکستان کی مسلح افواج فولاد کی دیوار بن کر سامنے آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ آپریشن قومی عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال قربانیوں کی روشن علامت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
    “بنیان المرصوص” عربی زبان کا ایک بامعنی لفظ ہے جس کا مطلب ہے “سیسہ پلائی ہوئی مضبوط دیوار”۔ اس نام میں خود ایک پیغام پوشیدہ ہے کہ جب دشمن وطنِ عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے تو پوری قوم اور اس کے محافظ ایک ایسی متحد قوت بن جاتے ہیں جسے کمزور کرنا ممکن نہیں رہتا۔ یہ نام ہمارے اجتماعی اتحاد، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے۔
    پاکستان کی سرزمین کو قدرت نے جغرافیائی اہمیت، تہذیبی گہرائی اور غیر معمولی وسائل سے نوازا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قیامِ پاکستان کے بعد سے مختلف اوقات میں دشمن قوتوں نے اس کے امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ کبھی سرحدوں پر جارحیت ہوئی، کبھی اندرونی انتشار کو ہوا دی گئی، اور کبھی دہشت گردی کے ذریعے قومی زندگی کو مفلوج کرنے کی سازشیں کی گئیں۔ ان نازک حالات میں پاک فوج نے ہمیشہ صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ حکمت، بصیرت، قربانی اور عوامی اعتماد سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔
    آپریشن بنیان المرصوص بھی ایسے ہی ایک مرحلے میں سامنے آیا جب دشمن عناصر ملک کے امن کو کمزور کرنا چاہتے تھے۔ حالات نہایت حساس تھے۔ دشمن یہ سمجھتا تھا کہ خوف، انتشار اور بے یقینی کے ذریعے پاکستان کے قومی حوصلے کو توڑا جا سکتا ہے۔ مگر وہ اس حقیقت سے بے خبر تھا کہ پاکستانی قوم کے دل میں وطن کی محبت اور اس کے محافظوں کے لیے اعتماد غیر معمولی طاقت رکھتا ہے۔ چنانچہ پاک فوج نے منظم حکمتِ عملی، بروقت منصوبہ بندی اور جدید عسکری مہارت کے ساتھ ایسی کارروائی کی جس نے دشمن کے منصوبے خاک میں ملا دیے۔
    اس آپریشن کی سب سے بڑی کامیابی صرف عسکری برتری نہیں بلکہ اس کی باریک منصوبہ بندی تھی۔ پاک فوج نے دشمن کے ٹھکانوں، نقل و حرکت اور حکمتِ عملی کا گہرا تجزیہ کیا۔ انٹیلی جنس اداروں کی بروقت معلومات، کمانڈ اینڈ کنٹرول کے مضبوط نظام اور زمینی حقائق سے مکمل آگاہی نے کارروائی کو انتہائی مؤثر بنا دیا۔ اس کے نتیجے میں دشمن کو شدید نقصان پہنچا جبکہ قومی مفادات کا بھرپور تحفظ ممکن ہوا۔ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی افواج جدید جنگی تقاضوں، پیشہ ورانہ تربیت اور قومی ذمہ داری کے اعلیٰ معیار پر پوری اترتی ہیں۔
    پاک فوج کی تاریخ کامیابیوں، قربانیوں اور عزیمت سے بھری ہوئی ہے۔ 1965 کی جنگ میں جب دشمن نے یہ سمجھا کہ پاکستان کو دبایا جا سکتا ہے تو پاکستانی سپاہی سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہوگئے۔ 1971 کے کٹھن حالات، دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ، قبائلی علاقوں میں امن کے قیام اور داخلی سلامتی کے لیے کیے گئے بے شمار آپریشنز اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ پاکستان کی فوج نے ہر دور میں قوم کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔ آپریشن ضربِ عضب، ردالفساد اور دیگر کارروائیاں اسی تسلسل کی روشن مثالیں ہیں جنہوں نے ملک میں امن کی نئی بنیاد رکھی۔

    آپریشن بنیان المرصوص کی ایک اہم جہت یہ بھی ہے کہ اس نے قوم کے دلوں میں نئی امید پیدا کی۔ جب کوئی سپاہی سرحد پر جاگتا ہے تو دراصل پورا ملک سکون کی نیند سوتا ہے۔ جب کوئی جوان اپنے خاندان، آرام اور خواہشات کو پسِ پشت ڈال کر وطن کی حفاظت پر مامور ہوتا ہے تو اس کے پیچھے ایک پورے معاشرے کا مستقبل محفوظ ہوتا ہے۔ یہی احساس پاکستانی عوام کو اپنی فوج کے ساتھ مضبوط رشتہ عطا کرتا ہے۔ یہ رشتہ صرف ادارے اور عوام کا نہیں بلکہ اعتماد، احترام اور مشترکہ ذمہ داری کا رشتہ ہے۔
    اس آپریشن نے نوجوان نسل کو بھی ایک واضح پیغام دیا کہ وطن صرف زمین کے ایک ٹکڑے کا نام نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک امانت اور ایک مقدس ذمہ داری ہے۔ قوموں کی اصل طاقت صرف اسلحہ نہیں بلکہ ان کے نوجوانوں کا کردار، ان کی فکر اور ان کا عزم ہوتا ہے۔ جب نوجوان اپنے وطن سے محبت کریں، قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دیں، اور اپنے فرائض دیانت داری سے انجام دیں تو دشمن کی ہر سازش کمزور پڑ جاتی ہ
    یہ حقیقت بھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ پاک فوج کی کامیابیوں کے پیچھے شہداء کا وہ مقدس لہو شامل ہے جس نے اس سرزمین کو تحفظ دیا۔ کتنے ہی جوان ایسے ہیں جنہوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، کتنی ہی ماؤں نے اپنے بیٹوں کو قومی پرچم میں لپٹا ہوا دیکھا، کتنی ہی بہنوں اور بچوں نے جدائی کے دکھ سہے۔ مگر ان قربانیوں نے قوم کے سر کو فخر سے بلند کیا۔ شہداء ہمارے قومی وقار کا روشن باب ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بھی۔

    آج جب ہم آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کو یاد کرتے ہیں تو ہمیں یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ قومی سلامتی صرف فوج کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ امانت ہے۔ استاد اپنے قلم سے، مزدور اپنی محنت سے، صحافی اپنی ذمہ داری سے، اور نوجوان اپنے کردار سے وطن کے استحکام میں حصہ ڈالتے ہیں۔ جب پوری قوم متحد ہو جائے تو پاکستان ناقابلِ تسخیر قوت بن جاتا ہے۔
    آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ آپریشن بنیان المرصوص ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ پاکستان صرف ایک جغرافیہ نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک عہد اور ایک مقدس ذمہ داری ہے۔ پاک فوج ہمارے قومی وقار، آزادی اور سلامتی کی مضبوط علامت ہے۔ اس کے جوانوں کی جاگتی آنکھوں نے ہمارے خوابوں کو تحفظ دیا ہے۔ ہمیں اپنے محافظوں پر فخر ہے، اپنے شہداء پر ناز ہے اور اپنے وطن سے محبت ہمارا ایمان ہے۔ یہی جذبہ پاکستان کو مضبوط، باوقار اور روشن مستقبل کی طرف لے جائے گا۔

  • پاکستان کی مسلح افواج منظم ،ہر لمحہ تیار، پاکستانی قوم ہماری طاقت، ہم قوم کی قوت،فیلڈ مارشل

    پاکستان کی مسلح افواج منظم ،ہر لمحہ تیار، پاکستانی قوم ہماری طاقت، ہم قوم کی قوت،فیلڈ مارشل

    چیف آف آرمڈ فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معرکہ حق صرف دو ممالک کے درمیان جنگ نہ تھی بلکہ یہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں دشمن کو عبرت ناک شکست دی گئی۔

    جی ایچ کیو میں معرکہ حق کی یاد میں منعقد کی گئی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمڈ فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا آج کا دن ہم سب کے لیے باعث افتخار ہے، ایک سال قبل ہمیں بے مثال کامیابی ملی، دشمن نے ہمارے قومی عزم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کا ہماری فورسز نے منہ توڑ جواب دیا،معرکہ حق دو ممالک کے درمیان لڑی جانے والی جنگ نہ تھی یہ دونظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا، 6 اور7 مئی کی درمیانی شب سے 10مئی تک دشمن نے ہمارے قومی وقار کو آزمانے کی ناکام کوشش کی۔ مئی 2025 کا معرکہ کوئی اچانک پیش آنے والا معرکہ نہ تھا، ماضی میں بھی دشمن نے پاکستان پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگانے کی کوشش کی لیکن معرکہ حق میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا، پاکستان کے دشمن کو ہر بار شکست سے دوچار کیا گیا۔

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا ہندوستان کا خواب ہے وہ پاکستان کوعسکری جارحیت اورسفارتی تنہائی کانشانہ بنائے، ہندوستان کا خواب ہے وہ پاکستان کو تنہائی کا نشانہ بناکر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے، دشمن کا یہ خواب اس کے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے، ہندوستان کا یہ خواب پاکستان کبھی پورا نہیں ہونے دے گا، دشمن بھول چکا تھا افواج پاکستان نہ پہلے طاقت کے غلبے سے مرغوب ہوئے نہ کبھی ہوں گے۔فیلڈ مارشل نے معرکۂ حق میں شہید ہونے والی نہتی عورتوں، اور معصوم بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے شہدا کی قربانی کو امانت، اپنی طاقت کو ذمہ داری سمجھتے ہیں، اپنی کامیابی کو خدائے بزرگ برتر کا احسان سمجھتے ہیں، عوام اور قومی قیادت کا پیغام ہے ملکی خودمختاری، سرحدی سالمیت، قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں، یہ معرکہ صرف میدان جنگ میں ہی نہیں بلکہ ملکی قومی سطح پر تمام شعبہ جات میں جیتا گیا،پوری قوم دفاع وطن میں سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی، جب بھارتی میزائل گرے تو عوام کا جم غفیر ملک کے دفاع کے لیے امڈ آیا،ہمارے شیر دل شاہینوں نے دورحاضر کی سب سے طویل نتیجہ خیزجنگ کی مثال قائم کی، شاہینوں نے دشمن کے جدید جنگی جہاز زمین بوس کیے ،تنصیبات کو تباہ کیا، شاہینوں نے دشمن کے طیاروں کو زمین تک محدود کر دیا، ہندوستان کو اس جنگ کے نتیجے میں شدید جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا، اس نقصان کی قیمت دشمن آنے والے وقتوں تک چکاتا رہے گا، فتح میزائلوں اور شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، الحمد اللہ! آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کےاثرات محدود نہیں ہونگے، آئندہ مہم جوئی کے اثرات انتہائی خطرناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہونگے۔

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا عصرِحاضر اور مستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی، جنگوں میں دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں، ڈرونز، سائبر اور آرٹیفشل انٹیلیجنس کا استعمال ہوگا،امریکا اور ایران کی قیادت بالخصوص امریکی صدر کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اس مشکل کام کے لیے پاکستان پر اعتماد کیا ہے، ہم اپنی مخلصانہ کاوشوں سے اس اعتماد پر پورا ہونے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، آج پاکستان موثر، ذمہ دارانہ، غیرجانبدار سفارتکاری سے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان سے روایتی جنگ کو ناممکن تصور کرتے ہوئے بھارت پھر دہشتگردی کا سہارا لے رہا ہے، افغانستان سے ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پر دہشتگردی کے مراکز اور آماجگاہوں کامکمل خاتمہ کرے، پاکستانی عوام، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والےاداروں کے باہمت اہلکاروں کوسلام پیش کرتا ہوں، بالخصوص کے پی اور بلوچستان کو سلام پیش کرتا ہوں جو گزشتہ 2 دہائیوں سے ڈٹ کر دہشتگردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیں گے، دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ آخری دہشتگرد کےخاتمے تک جاری رہے گی،پاکستان کی کوئی بھی داستان کشمیر کے بنا ادھوری ہے، ہر محاذ پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے، پاکستان نے اپنی سفارتی کوششوں سے لبنان میں جنگ بندی کرانے میں اہم کردار ادا کیا، ہماری منزل وہ مقام ہے جس کا خواب ہمارے اسلاف نے دیکھا تھا، پاکستان کاسبز ہلالی پرچم امیدکا استعارہ ہے، پاکستان کی مسلح افواج منظم اور ہر لمحہ تیار ہیں، پاکستانی قوم ہماری طاقت ہے اور ہم قوم کی قوت ہیں، پاکستان کا مستقل ان شاءاللہ بہت روشن اور تابناک ہے، جب حق اور باطل مقابل ہوں تو فتح ہمیشہ حق کا مقدر بنتی ہے، پاکستان کل بھی ناقابلِ تسخیرتھا اور آنے والے وقتوں تک ناقابلِ تسخیر رہے گا۔

    قبل ازیں مسلح افواج کے سربراہان نے باری باری جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ یادگار شہدا پر حاضری کے بعد مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے بری، بحری اور فضائی افواج کے سربراہان کو سلامی پیش کی۔

  • معرکہ حق، بنیان مرصوص،باغی ٹی وی کی جانب سے تحریری مقابلے کے نتائج کا اعلان

    معرکہ حق، بنیان مرصوص،باغی ٹی وی کی جانب سے تحریری مقابلے کے نتائج کا اعلان

    معرکۂ حق ’’بنیان مرصوص‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر باغی ٹی وی کی جانب سے منعقدہ خصوصی تحریری مقابلے کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔

    باغی ٹی وی کی جانب سے منعقدہ تحریری مقابلے میں ملک بھر سے اہلِ قلم نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی ،موصول ہونے والی تحریروں کے تفصیلی جائزے کے بعد ظفر اقبال ظفر نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ بینا علی دوسری پوزیشن کی حقدار قرار پائیں، تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر مبشر حسن شاہ اور تابندہ طارق عکس کے نام رہی،مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے کالم نگاروں کو باغی ٹی وی کی جانب سے ’’بنیان مرصوص ایوارڈ‘‘ سے نوازا جائے گا، جبکہ دیگر تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے جائیں گے۔اس موقع پر سی ای او باغی ٹی وی مبشر لقمان، ایڈیٹر ممتاز اعوان، ایڈیٹر انگلش سنیہ حسن اور انچارج نمائندگان فیضان شیخ سمیت پوری ٹیم نے کامیاب قلمکاروں اور تمام شرکاء کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی ادبی کاوشوں کو سراہا۔

    باغی ٹی وی کی جانب سےایسے تحریری مقابلوں کا مقصد اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی، مثبت سوچ کے فروغ اور قومی موضوعات پر معیاری تحریروں کو سامنے لانا ہے، اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے جلد ہی ایک اور منفرد تحریری مقابلے کے انعقاد کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

  • ‘معرکۂ حق’ کا ایک سال ،عسکری و سول قیادت کا  قوم کے نام خصوصی پیغام

    ‘معرکۂ حق’ کا ایک سال ،عسکری و سول قیادت کا قوم کے نام خصوصی پیغام

    وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے ‘معرکۂ حق’ کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام جاری کیا ہے-

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے آزمائش کی گھڑی میں جرات، حکمتِ عملی اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو عبرتناک شکست دی بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر مسلح افواج کے مربوط ردِعمل نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا،یہ دن اللہ تعالیٰ کے حضور سجدۂ شکر بجا لانے، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور قومی عزم و استقامت کی تجدید کا دن ہے۔

    اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر احمد بابر اور نیول چیف نوید اشرف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی پاکستان ایک امن پسند مگر باوقار اور غیرت مند قوم ہے، جسے کسی جارحیت کے ذریعے جھکایا نہیں جاسکتا،پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور ہمہ جہت جواب دیا جائے گا اور ملک اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر چوکس ہے۔

    شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘فتنہ الخوارج’ اور ‘فتنہ الہندوستان’ کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی انہوں نے مسئلہ کشمیر کو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے پاکستان عالمی امن، استحکام اور علاقائی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ دارانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

    صدر مملکت نے معرکہ حق کی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس کامیابی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمت عملی اور جرات مندانہ فیصلوں کا بنیادی کردار رہا۔

    انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ صلاحیتوں کو سراہا، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور بحری افواج کی مکمل آپریشنل تیاری کو بھی قومی سلامتی کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔

    صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہے جس نے دشمن کی جارحیت کا مؤثر اور متوازن جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیت دنیا کے سامنے واضح کی، بھارت کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

    صدر مملکت نے مزید کہاکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش آبی جارحیت کے مترادف ہے، کیونکہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی سے جڑا ہوا مسئلہ ہے،انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان یا خطے کے کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، جبکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے-

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی ایک مضبوط علامت کے طور پر سامنے آیا ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

    معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر مسلح افواج پاکستان نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی مسلح افواج کی تیاری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، جس نے مسلح افواج پر عوام کے اعتماد کو فیصلہ کن طور پر مضبوط کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

    افواج پاکستان نے کہاکہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کو یقینی بناتے ہوئے تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مستعد اور پوری طرح تیار ہیں،قومی یکجہتی، احترام اور تشکر کے ساتھ منایا جانے والا یہ اہم دن پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور اتحاد کے پائیدار جذبے کا ثبوت ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواجِ ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور قوم سے لازوال رشتے کو جذبہ خدمت کے ساتھ فخر سے نبھا رہی ہیں معرکہ حق قوم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل بن گیا ہے، جو قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کی عکاسی کرتا ہے معرکہ حق کی کامیابی نے نہ صرف قومی اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر بھی اُجاگر کیا، جو مؤثر دفاعی صلاحیتوں کا حامل ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کے پُرعزم اور مؤثر ردِعمل نے دشمن کی سازشوں، فالس فلیگ کے جھوٹے بیانیے اور گمراہ کن پرو پیگنڈے کو بے نقاب کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی اٹھانا پڑی پراکسی دہشتگردی سمیت روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود مسلح افواج نے زمینی، فضائی، بحری، سائبر اور معلوماتی ڈومینز میں اعلیٰ آپریشنل صلاحیت کا مظاہرہ کیا معرکہ حق کے بعد پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرتے مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو تقویت دی ہے۔

    مسلح افواج نے کہاکہ معرکہ حق کی کامیابی کا پہلا سال اس امر کی توثیق کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہے پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات، باہمی احترام اور بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ بنیان مرصوص صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ ایک نظریہ اور طرزِ زندگی ہے-

    معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنیان مرصوص صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ ایک نظریہ اور طرزِ زندگی ہے، جبکہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہے اگر دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے گی، معرکہ حق میں افواجِ پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، اور دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر قوت بن چکا ہے۔

    انہوں نے پاک فوج، فضائیہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو بنیان مرصوص کی عملی تصویر قرار دیتے ہوئے کہاکہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی،اس دوران قوم نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا، اور عوام میں ایسا جذبہ دیکھنے میں آیا کہ لوگ بارڈر پر جانے کے لیے بھی تیار تھے۔ ان کے مطابق معرکۂ حق کی کامیابی ہمیشہ ایک تاریخی دن کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان آج عالمِ اسلام میں ایک مرکزی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے، جبکہ ہر پاکستانی جوان، ہر بیٹی، ہر طالبعلم اور ہر پولیس اہلکار بنیان مرصوص کا حصہ ہےپاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو اپنی اوقات میں رہنا چاہیےاسلام آباد پولیس کی 11 ہزار فورس اور 44 لاکھ شہری افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم متحد ہیں، مکمل طور پر تیار ہیں اور اپنے وطن پاکستان پر فخر کرتے ہیں۔

  • پاکستان سے 52 ہزار سے زائد  عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

    پاکستان سے 52 ہزار سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

    پاکستان سے حج آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 207 پروازوں کے ذریعے 52 ہزار 195 سرکاری عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ حکام کے مطابق سرکاری حج کوٹے کا 44 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ مختلف شہروں سے عازمین کی روانگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

    پاکستان حج مشن کے مطابق حج انتظامات کی نگرانی اور عازمین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے 1090 اہلکار فیلڈ میں متحرک ہیں۔ اب تک 135 پروازیں مدینہ منورہ جبکہ 72 پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر لینڈ کر چکی ہیں۔حکام نے بتایا کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بھی 12 ہزار 111 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ اس وقت 85 فیصد سرکاری عازمین مکہ مکرمہ جبکہ 15 فیصد مدینہ منورہ میں مقیم ہیں، جہاں انہیں رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔پاکستان حج مشن کے تحت خدمات کی انجام دہی کے لیے 652 خدام الحجاج، 255 افراد پر مشتمل طبی عملہ اور 183 مذہبی امور کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق مکہ مکرمہ میں 791، مدینہ منورہ میں 280 جبکہ جدہ میں 19 اہلکار عازمین کی خدمت پر مامور ہیں۔

    عازمین حج کی حرمین شریفین آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے 230 بسیں فعال رکھی گئی ہیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ پلان مکمل طور پر فعال ہے اور تمام انتظامات مؤثر انداز میں جاری ہیں۔

  • معرکہ حق کی فتح کا ایک سال،کل جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب ہو گی

    معرکہ حق کی فتح کا ایک سال،کل جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب ہو گی

    معرکۂ حق کی فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر کل جی ایچ کیو راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوگی، جس میں پاک افواج کی کامیابیوں اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ تقریب صبح 8 بج کر 40 منٹ پر شروع ہوگی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

    رپورٹ کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ اور پاک بحریہ کے سربراہ بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔ تقریب کے دوران تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے جبکہ یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تقریب سے خصوصی خطاب بھی کریں گے، جس میں ملکی دفاع، قومی سلامتی اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔

    یاد رہے کہ ایک سال قبل بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے تھے، جن میں معصوم شہری شہید ہوئے تھے۔ بعد ازاں پاک افواج نے مربوط حکمت عملی، جدید الیکٹرانک وارفیئر اور مؤثر دفاعی اقدامات کے ذریعے دشمن کو بھرپور جواب دیا تھا۔دفاعی مبصرین کے مطابق پاک افواج کی بروقت کارروائی نے نہ صرف دشمن کے عزائم ناکام بنائے بلکہ خطے میں طاقت کے توازن اور پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا واضح پیغام بھی دیا۔