Baaghi TV

Blog

  • پاکستان عالمی سطح پر امن، مکالمے اور اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،وزیراعظم

    پاکستان عالمی سطح پر امن، مکالمے اور اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،وزیراعظم

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے امت مسلمہ کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو شیلڈز پیش کیں اور کہا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل باہمی محبت، اتحاد اور مثالی کردار کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے-

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ پیغام اسلام کانفرنس میں شرکت کی،اور امت مسلمہ کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو شیلڈز پیش کیں،اس موقع پر فلسطین اور سعودی عرب کے وفود کے سربراہان نے وزیراعظم کو شیلڈز پیش کیں۔

    وزیراعظم نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے بھی اعزازی شیلڈ پیش کی جو سعودی سفیر نے وصول کی انہوں نے سعودی عرب کے سفیر، فلسطین کے مفتی اعظم اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر کو بھی شیلڈز دیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان علمائے کونسل کے زیر اہتمام چھٹی بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان عالمی سطح پر امن، مکالمے اور اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان علما کونسل اور بین الاقوامی تحفظِ حرمین کونسل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع امتِ مسلمہ کے اتحاد اور محبت کی بہترین مثال ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر سے آئے علما، مشائخ اور معزز مہمانوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام امن، رواداری اور بھائی چارے کا دین ہے امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل باہمی محبت، اتحاد اور مثالی کردار کے ذریعے نکالا جا سکتا ہےانہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دعوت پر دونوں ممالک کی قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر آنا عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے، جو خطے میں امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی امن اور مسلم اُمہ کے اتحاد کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت برادر ممالک کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں،اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ پیش رفت عالمی اعتماد کا مظہر ہے اور یہ خطے میں پائیدار امن کی بنیاد بن سکتی ہے۔

  • اگر کوئی مجھ پر تنقید کرنا چاہتا ہے تو حقیقت کی بنیاد پر کرے، پوپ لیو

    اگر کوئی مجھ پر تنقید کرنا چاہتا ہے تو حقیقت کی بنیاد پر کرے، پوپ لیو

    پوپ لیو نے جوہری ہتھیاروں کی حمایت سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کلیسا ہمیشہ سے ایسے ہتھیاروں کے خلاف رہا ہے، اور ان پر تنقید کرنے والوں کو سچ بولنا چاہیے۔

    پوپ لیو نے روم کے قریب کاستیل گاندولفو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلیسا کا مشن امن اور انجیل کی تبلیغ ہے‘اگر کوئی مجھ پر تنقید کرنا چاہتا ہے تو حقیقت کی بنیاد پر کرے، کیونکہ کلیسا برسوں سے جوہری ہتھیاروں کے خلاف آواز اٹھاتا رہا ہے، دنیا کو تنازعات کے بجائے امن کی طرف بڑھنا چاہیے، اور مذہبی و سیاسی قیادت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    یہ بیان انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ سخت بیانات کے ردعمل میں دیا، جن میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ پوپ لیو ایران سے متعلق مؤقف کے باعث ‘کیتھولک افراد کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پوپ ایران کے جوہری پروگرام کو نظر انداز کر رہے ہیں، اور یہ مؤقف ‘خطرناک’ ہے –

    دونوں شخصیات کے درمیان ایران جنگ کے معاملے پر کشیدگی میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی پوپ لیو سے ویٹیکن میں ملاقات متوقع ہے، جسے دونوں فریقین کے درمیان بڑھتی کشیدگی کم کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے اس ملاقات میں ‘کھل کر بات چیت’ ہونے کا امکان ہے۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور ویٹیکن کے درمیان اختلافات ذاتی نوعیت اختیار کرتے جا رہے ہیں، جس سے سفارتی ماحول متاثر ہو رہا ہے بعض مبصرین کے مطابق آنے والے عرصے میں یہ کشیدگی عالمی سیاست پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔

  • مولانا  فضل الرحمان کا 8 مئی کو  ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان

    مولانا فضل الرحمان کا 8 مئی کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان

    مولانا فضل الرحمان نے چارسدہ میں مولانا محمد ادریس کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی دینی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کے سابق ایم پی اے اور معروف عالم دین مولانا محمد ادریس کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے 8 مئی کو نماز جمعہ کے بعد ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا۔

    میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اختلاف رائے کی بنیاد پر کسی مسلمان کا قتل جہالت کے مترادف ہے مولانا ادریس کی وفات امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے، اللہ اپنی قدرت سے ظالموں سے ضرور حساب لے گا علما کرام پاکستان کے آئین کے ساتھ کھڑے ہیں اور متفقہ طور پر یہ فیصلہ ہے کہ ملک کے اندر اسلحہ اٹھانا جائز نہیں، حکمرانوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہییں، مولانا ادریس شہید کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائےگا۔

    واضح رہے کہ معروف عالم دین مولانا ادریس کو گزشتہ روز چارسدہ میں گولیاں مار کر شہید کردیا گیا تھا۔

  • پاکستان نیوی خطے میں امن، استحکام اور بحری سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،چیف آف نیول اسٹاف

    پاکستان نیوی خطے میں امن، استحکام اور بحری سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،چیف آف نیول اسٹاف

    چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ جدید اور انتہائی ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان نیوی کے لیے ایک ناگزیر اسٹریٹجک ضرورت ہے –

    پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا اجلاس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی، جبکہ اس میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے دوران نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نیوی کو روایتی اور غیر روایتی دونوں نوعیت کے بحری چیلنجز کے مقابلے کے لیے مسلسل جنگی تیاری برقرار رکھنی چاہیے انہوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بحری خطرات، بحری راستوں کی آزادی، اہم سمندری تجارتی راستوں میں ممکنہ رکاوٹوں اور اسٹریٹجک گزرگاہوں پر غیر مستحکم سیکیورٹی صورتحال کو ابھرتے ہوئے خطرات قرار دیا کہا کہ پاکستان نیوی خطے میں امن، استحکام اور بحری سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اپنی موجودگی کے ذریعے تحفظ کا احساس فراہم کررہی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق فورم میں مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ میں قربانیاں پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا نیول چیف نے اسے قومی اتحاد اور بیرونی جارحیت کے خلاف مضبوط عزم کی علامت قرار دیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں آپریشنل تیاریوں، جاری منصوبوں اور آئندہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا شرکا نے بحری حکمتِ عملی کو بدلتے ہوئے علاقائی سیکیورٹی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے پر غور کیا تاکہ مختلف شعبوں میں آپریشنل تیاری کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

    واضح رہے کہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاکستان نیوی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہے، جہاں بحریہ کے سربراہ اور سینیئر کمانڈرز پالیسی اور اسٹریٹجک امور پر مشاورت کرتے ہیں۔

  • امریکا اور ایران کے درمیان  معاہدے کی خبریں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

    امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی خبریں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

    امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق خبروں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے قریب پہنچنے اور ’پروجیکٹ فریڈم‘ کی عارضی معطلی کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوا عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 12 فیصد تک کمی رپورٹ کی گئی ہے۔

    برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 97 ڈالر تک آ گئی ہے، جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 90 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ اسی طرح یو اے ای کے مربن خام تیل کی قیمت بھی 99 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • وائٹ ہاؤس میں بہت فرسٹریشن ہے، ہر کوئی منتظر ہے کہ یہ جنگ جلد ختم ہو،امریکی صحافی

    وائٹ ہاؤس میں بہت فرسٹریشن ہے، ہر کوئی منتظر ہے کہ یہ جنگ جلد ختم ہو،امریکی صحافی

    امریکی اخبار نیویارک پوسٹ سے وابستہ اور وائٹ ہاؤس کوریج پر مامور امریکی صحافی کیٹلِن ڈورنبوس نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں بہت فرسٹریشن ہے، ہر کوئی منتظر ہے کہ یہ جنگ جلد ختم ہو، دونوں ممالک امریکا اور ایران اس بات کے لیے تیار ہیں کہ جنگ ختم ہو لیکن ہمیں ایسا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔

    نجی خبررساں ادارے سے گفتگو میں کیٹلن نے کہاکہ وائٹ ہاؤس اس معاملے میں آگے بڑھ رہا ہے اور حال ہی میں امریکا نے نئے مشن کا اعلان کیا ہے جسے ’پراجیکٹ فریڈم‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کا اس تنازعے سے تعلق تو نہیں لیکن اس کا فوکس آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے پر ہے، اُمید ہے ہم اس کے بارے میں کچھ پیش رفت دیکھیں گے اِس موقع پر یا مستقبل قریب میں مجھے مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی کوئی توقع نہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ امن جلد قائم نہیں ہو گا بلکہ چیزیں مختلف طریقے سے ہوں گی جس طرح سے واقعات ارتقائی مرحلے سے گزر رہے ہیں۔

    مذاکرات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یقیناً سب سے بڑی چیز جو مذاکراتی عمل نے حاصل کی ہے وہ جنگ بندی ہے اب ہم ایک دوسرے پر بمبار ی نہیں کررہے، ہم نسبتاً کسی حد تک امن قائم رکھے ہوئے ہیں، جنگ بندی پہلے ہی ہو چکی ہے اور صدر ٹرمپ دو ہفتے قبل کہہ چکے ہیں کہ جنگ بندی قائم رہے گی اور اِس کی کوئی آخری تاریخ نہیں لیکن جنگ اسی وقت ختم ہوگی جب کوئی معاہدہ ہو جائے گا۔

    ایران کے ساتھ جنگ کے بارے میں امریکی عوام کی رائے کیا ہے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میرے لے عام آدمی کی بات کرنا خاصا مشکل ہے کیونکہ عام لوگوں کی رائے مختلف ہے کچھ لوگ جنگ کی حمایت کرتے ہیں اور کچھ لوگ جنگ کے خلاف ہیں، جبکہ کچھ لوگ جنگ کے بارے میں کچھ نہیں جانتے، اور ایک ایسا طبقہ بھی ہے جو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پریشان ہے-

    کیٹلِن ڈورنبوس نے کہاکہ پاکستان بطور ثالث اب بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور یہ کردار کتنا مؤثر ہے یقیناً پاکستان کو اب بھی ایک بہت اہم کردار نبھانا ہے، پاکستان وہ ثالث ہے جو دونوں فریقین کے درمیان پیغامات کا تبادلہ کررہا ہے امریکا اور ایران براہ راست تو بات چیت نہیں کررہے بلکہ پاکستان کے ذریعے بات چیت کررہے ہیں اور یہ کردار مستقبل میں جاری رہے گا، خاص طور پر ایسے حالات میں جب ہم ایک دوسرے پر بمباری نہیں کر رہے ہوں گے۔

    کیٹلِن ڈورنبوس نے کہاکہ میں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران لوگوں کے کھلے بازو دیکھے، اچھی میزبانی کا تجربہ کیا، لوگوں کی فیاضی اور گرم جوشی دیکھی، اور یہ دیکھ کر مجھے اندازہ ہوا کہ پاکستان بین الاقوامی معاملات میں کیا کردار ادا کر سکتا ہے، کیونکہ یہ پاکستانیوں کی اچھی فطرت ہے،’یہ بہت ہی خوشگوار تجربہ تھا اور میں نے ہر چیز کا لطف لیا خواہ وہ لوگوں کے ساتھ مِلنا جلنا ہو یا یہاں کی ثقافت کے بارے میں جاننا اور یہ میری توقعات سے کہیں بڑھ کے تجربہ تھا میرا خیال ہے میں جلد پاکستان واپس آؤں گی، غالباً چھٹیاں گزارنے، شاید اِسی سال آؤں کیونکہ میرا پہلا دورہ بہت شاندار رہا۔

  • صدر مملکت نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس طلب کرلیے

    صدر مملکت نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس طلب کرلیے

    صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس بلانے کی منظوری دے دی۔

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ کا اجلاس 7 مئی جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو طلب کرنے کی منظوری دی ہے،سینیٹ کا اجلاس 7 مئی کو شام 5 بجے ہوگا، جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق ان اجلاسوں میں اہم قانون سازی اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ یکم جون 2026 کو قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس میں نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے لیے 4 ہفتوں کا شیڈول مختص کیا گیا ہے۔

  • ایران نے شرائط نہ مانیں تو مزید شدت سے حملے کریں گے،ٹرمپ

    ایران نے شرائط نہ مانیں تو مزید شدت سے حملے کریں گے،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران کی جانب سے شرائط نہ مانی گئیں تو مزید شدت سے حملے کریں گے۔

    سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہاکہ اگر ایران نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کردی تو آپریشن ایپک فیوری ختم ہو جائےگا، اور آبنائے ہرمز کو سب کے لیے کھول دیا جائےگا، اگر ایران معاہدے پر رضامند نہ ہوا تو دوبارہ ہونے والے حملے پہلے سے مزید شدید اور طاقتور ہوں گے۔

    قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ معاہدے میں پیشرفت کی خوشخبری سناتے ہوئے آبنائے ہرمز میں ’پروجیکٹ فریڈم‘ روکنے کا اعلان کیا تھا،کہا تھا کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی درخواست اور ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیشرفت کے بعد بحیرۂ ہرمز میں جہازوں کی نقل و حرکت سے متعلق ’پروجیکٹ فریڈم‘ کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، جبکہ ایران کے خلاف جاری ناکہ بندی بدستور برقرار رہے گی۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف مہم کے دوران امریکا کو ’بڑی فوجی کامیابی‘ حاصل ہوئی ہے،ایران کے نمائندوں کے ساتھ ایک مکمل اور حتمی معاہدے کی جانب نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔

  • بھارتی فوج نےفارورڈ پوسٹ پر ریڈ فلیگ لہرا کر خطرے کی گھنٹی بجا دی

    بھارتی فوج نےفارورڈ پوسٹ پر ریڈ فلیگ لہرا کر خطرے کی گھنٹی بجا دی

    بھارتی فوج کی طرف سے کشمیر میں حساس سرحدی پٹی وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول پر سخت کشیدگی میں اضافے کے اشارے مل رہے ہیں۔

    بھارتی فوج نے ایک فارورڈ پوسٹ پر ریڈ فلیگ لہرا کر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔فوجی اصطلاح میں ریڈ فلیگ عام طور پر ہائی الرٹ، ممکنہ خطرے یا کسی ممکنہ کارروائی کی پیشگی وارننگ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔اس واقعے نے خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

    بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ایل او سی پر غیر معمولی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے جن میں مبینہ دراندازی کی کوششیں، ڈرون سرگرمیوں میں اضافہ، اور بھارتی فوج کی جانب سے نگرانی کے نظام کو مزید سخت کرنا شامل ہے۔ ان پیش رفتوں نے دونوں اطراف سرحدی علاقوں میں بسنے والی مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ 

  • بھارتی پنجاب میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے،خالصتان گروپ نے کی ذمہ داری قبول

    بھارتی پنجاب میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے،خالصتان گروپ نے کی ذمہ داری قبول

    بھارتی پنجاب میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے، خالصتان گروپ نے ذمہ داری قبول کر لی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب دھماکوں سے لرز اٹھا۔ جالندھر میں بی ایس ایف ہیڈکوارٹر کے باہر موجود ڈیلیوری اسکوٹر دھماکے سے تباہ ہو گیا۔ آئی ای ڈی دھماکے سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ڈیلیوری رائیڈر اور بی ایس ایف اہلکار شدید زخمی ہوئے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ خالصتان لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ تنظیم نے حملے کو بھارتی پولیس کے ہاتھوں مقتول شدت پسند کا بدلہ قرار دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امرتسر میں خالصہ آرمی کیمپ کے قریب دوسرا دھماکہ بھی ہوا۔ گزشتہ روز ہونے والے دھماکوں کے بعد بھارتی پنجاب میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ بھگونت مان سمیت سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی جبر پر مبنی پالیسیوں کے نتائج بھگت رہا ہے، بی جے پی حکومت کے شدت پسند اقدامات سے پنجاب اور منی پور میں بے چینی بڑھی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی پنجاب میں خالصتان گروپس کا اثر و رسوخ بڑھ رہا ہے۔

    گزشتہ ایک ماہ میں راجستھان اور چندی گڑھ میں بھی دھماکے رپورٹ کیے گئے۔ بھارتی سیکیورٹی اداروں نے متعدد سکھوں کو نام نہاد مقدموں میں گرفتار کیا ہوا ہے۔

    مبصرین کا کہنا ہے کہ کشمیر سمیت مختلف بھارتی ریاستوں میں اضطراب مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ بھارت کی اقلیتوں کے خلاف سخت ریاستی پالیسیاں نفرت اور عدم استحکام پیدا کر رہی ہیں۔بڑھتی علیحدگی پسند تحریکیں نئی دہلی کے لیے بڑا چیلنج بن رہی ہیں۔بھارت کو پاکستان پر الزام دینے کے بجائے اندرونی اصلاحات کرنا ہوں گی۔