پاکستان کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر جھنگ میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ کمالیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔ تیز آندھی اور بارش کے باعث کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مریدکے، شیخوپورہ، تاندلیانوالہ، چنیوٹ اور خانیوال سمیت متعدد علاقوں میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جس سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ اوکاڑہ اور اس کے اطراف میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث بجلی کا نظام متاثر ہوا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
پیرمحل، گجرات، پنڈی بھٹیاں اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ خیبرپختونخوا کے علاقے مانسہرہ میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں اور گرج چمک کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز اور محفوظ جگہوں پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
Blog
-

بارش اور آسمانی بجلی سے 4 افراد جاں بحق، مختلف شہر متاثر
-

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے تاہم قیمتیں اب بھی 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر برقرار ہیں۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد کمی ہوئی جس کے بعد یہ تقریباً 112 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل (یو ایس آئل) کی قیمت بھی کم ہو کر 104 ڈالر فی بیرل سے کچھ نیچے آگئی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ قیمتوں میں کمی آئی ہے، لیکن یہ کمی عارضی ہو سکتی ہے کیونکہ خطے میں غیر یقینی صورتحال اب بھی برقرار ہے خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان نازک جنگ بندی اور آبنائے ہرمز میں جاری تنازع عالمی تیل کی سپلائی کو متاثر کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل گزرگاہوں میں شامل ہے، جہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی معیشت پر فوری اثر ڈالتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود اب بھی بلند سطح پر موجود ہیں جب تک خطے میں کشیدگی ختم نہیں ہوتی اور سپلائی مکمل طور پر بحال نہیں ہوتی، تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان کم ہے۔
-

ٹرمپ کی کرپٹو کمپنی نے جسٹن سن کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا
ٹرمپ اور اس کے بیٹوں کی کرپٹو کمپنی نے جسٹن سن کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا-
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے بیٹوں کی مشترکہ قائم کردہ کرپٹو کمپنی ورلڈ لبرٹی فائنانشل نے پیر کے روز اعلان کیا کہ اس نے ہانگ کانگ میں مقیم کرپٹو کاروباری شخصیت جسٹن سن کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
ورلڈ لبرٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مقدمے کی کاپی شیئر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جسٹن سن نے کمپنی کے خلاف عوامی سطح پر بدنامی کر نے کی غرض سے مہم چلائی اور ایسے دعوے کیے جو کمپنی کے مطابق بے بنیاد ہیں،سن نے اپنے ٹوکنز کے ساتھ ایسے اقدامات کیے جن کی اسے اجاز ت نہیں تھی، جن میں انہیں کرپٹو ایکسچینج بائنانس کو منتقل کرنا بھی شامل ہے، ٹوکنز کو منجمد کرنے کا اختیار فروخت کی شرائط میں واضح طور پر درج تھا۔
اس سے قبل اپریل میں جسٹن سن نے خود ورلڈ لبرٹی فنانشل کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کمپنی نے غیرقانونی طور پر ان کے خریدے گئے ٹوکنز منجمد کر دیے ہیں، کمپنی نے خفیہ طور پر ایسے ٹولز نصب کیے جن کے ذریعے ستمبر 2025 میں ٹوکنز کے قابلِ تجارت ہونے کے بعد بھی ان کی فروخت کو روکا گیا۔
جسٹن سن نے خبر رساں ادارے رائٹرزسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ لبرٹی کی جانب سے ایکس پر اعلان کردہ یہ مبینہ ہتکِ عزت کا مقدمہ محض ایک بے بنیاد تشہیری حربہ ہےمیں اپنے اقدامات پر قائم ہوں اور عدالت میں اس کیس کو شکست دینے کا منتظر ہوں۔
امریکی صدر کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے ورلڈ لبرٹی کی پوسٹ کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سچ جاننے کے لیے اس پوری تھریڈ کو پڑھیں جبکہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور شریک بانی زیک وٹکوف کا کہنا تھا کہ وہ عدالت میں حقیقت سامنے آنے کے منتظر ہیں۔
-

سائبر مجرموں کے لیے اے آئی کا استعمال مشکل، نئی تحقیق
ایک نئی بین الاقوامی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ سائبر مجرموں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو مؤثر انداز میں اپنے جرائم میں استعمال کرنے میں نمایاں مشکلات کا سامنا ہے۔
تحقیق کے دوران ڈارک ویب اور زیر زمین سائبر کرائم فورمز پر موجود تقریباً 10 کروڑ پوسٹس کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ بیشتر ہیکرز کے پاس اے آئی ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے نہ تو مطلوبہ مہارت موجود ہے اور نہ ہی ضروری وسائل۔
یہ تحقیق ایڈنبرا، سٹراتھ کلائیڈ اور کیمبرج یونیورسٹی کے ماہرین نے مشترکہ طور پر کی، جس میں جدید مشین لرننگ ٹولز اور دستی تجزیے کے ذریعے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ ماہرین نے خاص طور پر یہ جاننے کی کوشش کی کہ نومبر 2022 کے بعد، جب چیٹ جی پی ٹی متعارف ہوا، سائبر مجرم کس طرح اے آئی کے ساتھ تجربات کر رہے ہیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ اے آئی ٹولز زیادہ تر انہی افراد کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں جو پہلے ہی تکنیکی مہارت رکھتے ہیں۔ عام سائبر مجرم ان ٹولز سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھا پا رہے کیونکہ ان کے مؤثر استعمال کے لیے گہرا علم اور تجربہ درکار ہے۔
تحقیق کے مطابق اے آئی کا سب سے زیادہ استعمال سوشل میڈیا بوٹس بنانے میں دیکھا گیا، جن کے ذریعے آن لائن ہراسانی یا دھوکہ دہی جیسے جرائم کیے جاتے ہیں۔ تاہم ماہرین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جدید چیٹ بوٹس میں شامل حفاظتی اقدامات نقصان کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ -

سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں آج بھی کمی ریکارڈ کی گئی-
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 21ڈالر کی کمی سے 4ہزار 555ڈالر کی سطح پر آگئی،جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 2ہزار 100روپے کی کمی سے 4لاکھ 77ہزار 862روپے کی سطح پر آگئی جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 1ہزار 801روپے گھٹ کر 4لاکھ 09ہزار 689روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح، فی تولہ چاندی کی قیمت 65 روپے کی کمی سے 7ہزار 849 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 55روپے کی کمی سے 6ہزار 729روپے کی سطح پر آگئی۔
-

یو اے ای میں اسکول بند، آن لائن کلاسز کا اعلان
متحدہ عرب امارات میں سیکیورٹی خدشات اور علاقائی کشیدگی کے پیش نظر ملک بھر کے تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کر کے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ تعلیم یو اے ای کے مطابق 5 مئی سے 8 مئی 2026 تک تمام نرسریز، سرکاری اور نجی اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں آن لائن جاری رہیں گی۔ یہ فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے سب کے لیے لاگو ہوگا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہتے ہوئے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب ملک میں ایمرجنسی الرٹ سسٹم کئی بار فعال ہوا اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فوری احتیاطی اقدامات کی ضرورت پیش آئی۔
وزارت تعلیم اور اسکول انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے معمول کے مطابق جاری رکھی جائیں گی۔ اس دوران اسکولز طلبہ اور والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے اور صورتحال کے مطابق نئی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
تعلیمی حکام کے مطابق اداروں کو پہلے ہی ہنگامی حالات میں فوری طور پر آن لائن تعلیم پر منتقل ہونے کی تیاری رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی، جس پر اب عمل کیا جا رہا ہے۔ -

جنوبی لبنان میں کشیدگی، اسرائیل کی انخلا کی ہدایت
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے دو قصبوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر اپنے گھر خالی کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
آئی ڈی ایف کے مطابق یہ اقدام حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں کے بعد کیا جا رہا ہے، جہاں اسرائیلی افواج پر مارٹر گولوں سے دو حملوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم حزب اللہ کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب لبنانی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ پیر کے روز اسرائیلی حملوں میں 17 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد گزشتہ چند دنوں میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 110 تک پہنچ گئی ہے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ مارچ سے جاری کشیدگی کے دوران اس کے 17 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ اس نے حزب اللہ پر سینکڑوں راکٹ اور ڈرون حملے کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
واضح رہے کہ حزب اللہ گزشتہ ماہ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا باضابطہ حصہ نہیں تھا، تاہم تنظیم نے عندیہ دیا تھا کہ اگر اسرائیل معاہدے کی پاسداری کرے تو وہ بھی اس کی پابندی کرے گی۔
دوسری طرف لبنانی حکام اسرائیل پر بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہیں، جبکہ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے دفاع میں کارروائیاں کر رہا ہے۔ -

افغانستان دہشتگردوں کو پناہ دے کر پاکستان کے خلاف جنگ مسلط کیے ہوئے ہے،خواجہآصف
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آپریشن “بنیان مرصوص” میں حاصل ہونے والی کامیابی پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جس بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ مسلح افواج نے ملک کا دفاع کیا، وہ عظمت قیامت تک قائم رہے گی۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے اپنے ازلی دشمن کو ایسی شکست فاش دی ہے کہ وہ طویل عرصے تک اس کے اثرات سے نہیں نکل سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پوری قوم اور افواجِ پاکستان کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔خواجہ آصف نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں بہترین رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قیادت آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ایسے تاریخی لمحات قوموں کی زندگی میں کم ہی آتے ہیں، اور یہ وقت قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتا ہے۔افغانستان دہشتگردوں کو پناہ دے کر پاکستان کے خلاف جنگ مسلط کیے ہوئے ہے۔ ہ یہ جنگ ملکی بقا کی جنگ ہے، جس میں ہمارے سیکیورٹی اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ قوم کو چاہیے کہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی مفاد کو ترجیح دے اور ملک کی سلامتی کے لیے متحد ہو جائے۔
-

وفاقی وزیر مذہبی امور سے فلسطین کے اعلیٰ مذہبی وفد کی ملاقات
وفاقی وزیر مذہبی امور سے فلسطین کے اعلیٰ مذہبی وفد نے ملاقات کی-
ملاقات میں قاضی القضا فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش اور مفتی اعظم الشیخ محمد احمد حسین شامل تھے، سردار محمد یوسف نے فلسطینی وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور میں وفد کی آمد باعثِ برکت ہے، غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے اور حکومتِ پاکستان نے اقوا م متحدہ کے فورم پر متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت، بشمول وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ، نے غزہ میں مظالم رکوانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے،سردار محمد یوسف نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ القدس کو فلسطین کا دارالحکومت بنایا جائے اور مسلمان مسجدِ اقصیٰ میں آزادی سے عبادت کر سکیں۔
انہوں نے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا، اور پاکستانی پاسپورٹ پر واضح درج ہے کہ یہ اسرائیل کے لیے قابلِ استعمال نہیں۔
قاضی القضا فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے فلسطینی صدر آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل نے ایک ہزار سال میں پہلی بار مسلمانوں اور مسیحیوں کے مقدس مقامات کو بند کیا ہے۔
مفتی اعظم فلسطین الشیخ محمد احمد حسین نے کہا کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کی سرپرستی قابلِ مذمت ہے انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اور فلسطین کا مؤقف کبھی جدا نہیں ہو سکتا، اور امید ظاہر کی کہ ایک دن پاکستانی عوام مسجدِ اقصیٰ میں شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔
اس موقع پر سردار محمد یوسف نے حافظ طاہر محمود اشرفی کو چھٹی عالمی پیغامِ اسلام کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی، جبکہ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سیرت کانفرنس میں بھی فلسطینی قاضی القضا شریک ہوئے تھے۔
-

وزیراعظم کی یو اے ای حملوں کی مذمت، مکمل یکجہتی کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اماراتی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس مشکل وقت میں پاکستان اپنے برادر ملک کے ساتھ مضبوطی سے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حملے نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ عالمی استحکام کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے جنگ بندی کا برقرار رہنا انتہائی ضروری ہے اور تمام فریقین کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے لیے سفارتی عمل کو آگے بڑھانے اور مذاکرات کو موقع دینا ناگزیر ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں یو اے ای پر میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس پر اماراتی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ متعدد بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ساتھ ڈرونز بھی داغے گئے۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے ان حملوں کی تردید کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس صورتحال کے لیے امریکا کی فوجی سرگرمیاں ذمہ دار ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر سفارتی کوششوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے تاکہ کسی بڑے تنازع سے بچا جا سکے۔