Baaghi TV

جنوبی لبنان میں کشیدگی، اسرائیل کی انخلا کی ہدایت

‎اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے دو قصبوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر اپنے گھر خالی کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
‎آئی ڈی ایف کے مطابق یہ اقدام حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں کے بعد کیا جا رہا ہے، جہاں اسرائیلی افواج پر مارٹر گولوں سے دو حملوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم حزب اللہ کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
‎دوسری جانب لبنانی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ پیر کے روز اسرائیلی حملوں میں 17 افراد ہلاک ہوئے، جس کے بعد گزشتہ چند دنوں میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 110 تک پہنچ گئی ہے۔
‎اسرائیل کا کہنا ہے کہ مارچ سے جاری کشیدگی کے دوران اس کے 17 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ اس نے حزب اللہ پر سینکڑوں راکٹ اور ڈرون حملے کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
‎واضح رہے کہ حزب اللہ گزشتہ ماہ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا باضابطہ حصہ نہیں تھا، تاہم تنظیم نے عندیہ دیا تھا کہ اگر اسرائیل معاہدے کی پاسداری کرے تو وہ بھی اس کی پابندی کرے گی۔
‎دوسری طرف لبنانی حکام اسرائیل پر بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہیں، جبکہ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے دفاع میں کارروائیاں کر رہا ہے۔

More posts