Baaghi TV


یورپی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف، ٹرمپ کا بڑا اعلان

‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں پر ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے عالمی تجارتی تعلقات میں ایک نئی کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔
‎صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین طے شدہ تجارتی معاہدے کی مکمل پابندی نہیں کر رہی، جس کے باعث امریکا کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے یورپی گاڑیوں پر محصولات میں نمایاں اضافہ نافذ کر دیا جائے گا۔
‎ٹرمپ کے مطابق اگر یورپی کمپنیاں امریکا میں گاڑیاں اور ٹرک تیار کریں تو انہیں کسی قسم کے ٹیرف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اس اقدام کو امریکی معیشت اور صنعت کے لیے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
‎انہوں نے بتایا کہ امریکا میں اس وقت کئی آٹوموبائل اور ٹرک کے کارخانے زیر تعمیر ہیں، جن میں 100 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک ریکارڈ سرمایہ کاری ہے اور ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے امریکی کارکنوں کو فائدہ ہوگا۔
‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر جوابی اقدامات بھی سامنے آ سکتے ہیں، جس سے عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

More posts