خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں فتنۃ الخوارج کی جانب سے کرکٹ گراؤنڈ کو نشانہ بنایا گیاہے سکیورٹی ذرائع کے مطابق باجوڑ کے علاقے ماموند میں نام نہاد فتنہ الخوارج نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ اس وقت کیا گیا جب گراؤنڈ میں کرکٹ میچ جاری تھا اور نوجوان کھیل میں مصروف تھے۔ اچانک ہونے والے اس حملے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ مہینوں کے دوران ماموند اور سلارزئی کے علاقوں میں سیکیورٹی کی صورتحال تشویشناک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ اور اپریل کے دوران بھی ان علاقوں میں مارٹر گولے فائر کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ماضی میں قیمتی جانی نقصان بھی ہو چکا ہے، جس میں تین خواتین اور چھ بچے جاں بحق ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے اور اس کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز شدت پسند عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق فورسز نہ صرف حملہ آوروں بلکہ ان کے ٹھکانوں اور معاون انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔
