نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ بولر بھونیشور کمار نہ صرف اپنی شاندار باؤلنگ بلکہ اپنی دلچسپ محبت کی کہانی کے باعث بھی خبروں میں آ گئے ہیں۔ حال ہی میں آئی پی ایل میں 200 وکٹوں کا تاریخی سنگ میل عبور کرنے والے بھونیشور کمار کی ذاتی زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، شادی سے قبل ان کی اہلیہ نوپور ناگرنے انہیں ایک ایسا سوال پوچھا جس نے خود اسٹار کرکٹر کو بھی حیران کر دیا۔ نوپور نے بھونیشور سے پوچھا: “کرکٹ تو ٹھیک ہے، لیکن آپ مستقبل میں جاب کیا کریں گے؟” اس غیر متوقع سوال پر بھونیشور کمار کچھ لمحوں کے لیے ہکا بکا رہ گئے۔بھونیشور کمار نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس وقت وہ رنجی ٹرافی کھیل رہے تھے اور ہندوستان کے لیے کھیلنے کا خواب رکھتے تھے۔ انہوں نے بڑی مشکل سے نوپور کو قائل کیا کہ کرکٹ ہی ان کا پیشہ اور مستقبل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نوپور اس وقت ایک سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کر رہی تھیں، اس لیے وہ ایک مستحکم کیریئر کے بارے میں سنجیدہ تھیں۔
یہ محبت کی کہانی بچپن سے شروع ہوئی۔ دونوں ایک ہی محلے میں پلے بڑھے اور کم عمری میں ہی ایک دوسرے کو جاننے لگے۔ وقت کے ساتھ یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔ نوپور نے انکشاف کیا کہ بھونیشور نے انہیں تین بار پرپوز کیا پہلے میسج، پھر فون کال، اور آخر میں آمنے سامنے،کچھ عرصے تک یہ رشتہ گھر والوں سے پوشیدہ رکھا گیا، تاہم بعد میں دونوں خاندانوں نے اس رشتے کو قبول کر لیا۔ بالآخر 23 نومبر 2017 کو میرٹھ میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
