Baaghi TV

Blog

  • امن، قانون کی حکمرانی اور معاشی استحکام، پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد،تحریر:شہزادقریشی

    امن، قانون کی حکمرانی اور معاشی استحکام، پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد،تحریر:شہزادقریشی

    پاکستان اس وقت ایک ایسے نازک موڑ پر کھڑا ہے جہاں داخلی سلامتی، علاقائی استحکام اور معاشی بحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے معاملات بن چکے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات، سرحدی چیلنجز اور غیر قانونی نقل و حرکت جیسے مسائل نہ صرف ریاستی رٹ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر ملک کے تشخص اور سرمایہ کاری کے ماحول پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ ایسے میں ضروری ہے کہ قومی پالیسیوں پر سنجیدگی، تسلسل اور خلوص نیت کے ساتھ عمل کیا جائے۔

    سب سے پہلے، نیشنل ایکشن پلان کو محض ایک دستاویز نہیں بلکہ قومی سلامتی کا جامع فریم ورک سمجھا جانا چاہیے۔ یہ منصوبہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر تعاون کا تقاضا کرتا ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں اس پر عمل درآمد کی رفتار یکساں نہیں رہی۔ اگر دہشت گردی کا مکمل خاتمہ مطلوب ہے تو تمام صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ انسدادِ دہشت گردی عدالتوں کی فعالیت، کالعدم تنظیموں کی نگرانی، نفرت انگیز مواد کی روک تھام اور مدارس و دیگر اداروں کی مؤثر رجسٹریشن جیسے اقدامات پر مکمل عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    دوسرا اہم مسئلہ غیر قانونی غیر ملکی شہریوں کی موجودگی کا ہے۔ دنیا کے ہر ملک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی سرحدوں اور امیگریشن قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ اگر کوئی شخص قانونی دستاویزات کے بغیر مقیم ہے تو قانون کے مطابق اس کے خلاف کارروائی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ تاہم یہ عمل بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور باوقار واپسی کے اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ اجتماعی سزا یا نسلی تعصب کے تاثر سے بچنا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا قانون پر عمل درآمد۔

    تیسرا پہلو سرحدی نگرانی کا ہے۔ اگر یہ اطلاعات سامنے آتی ہیں کہ کچھ افراد واپسی کے بعد دوبارہ غیر قانونی طور پر داخل ہو جاتے ہیں، تو یہ سرحدی مینجمنٹ کے نظام میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ پاک-افغان سرحد ایک طویل اور حساس سرحد ہے جس پر مؤثر نگرانی، بائیومیٹرک نظام، جدید ٹیکنالوجی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ محض وقتی آپریشنز کے بجائے ایک مستقل، ٹیکنالوجی پر مبنی بارڈر مینجمنٹ سسٹم ہی دیرپا حل فراہم کر سکتا ہے۔

    امن و امان کی صورتحال براہ راست معاشی استحکام سے جڑی ہوئی ہے۔ عالمی سرمایہ کار کسی بھی ملک میں سرمایہ کاری سے پہلے وہاں کی سکیورٹی، پالیسیوں کے تسلسل اور قانونی نظام کا جائزہ لیتے ہیں۔ پاکستان کو اگر عالمی معیشت میں مسابقتی کردار ادا کرنا ہے تو اسے داخلی استحکام کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔ چین، خلیجی ممالک، یورپ یا دیگر خطوں سے سرمایہ کاری اسی وقت آئے گی جب سرمایہ کار خود کو محفوظ اور پالیسی ماحول کو پیشگوئی کے قابل محسوس کریں گے۔

    یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جنگ صرف سکیورٹی آپریشنز سے نہیں جیتی جا سکتی۔ اس کے لیے سماجی ہم آہنگی، تعلیم، روزگار کے مواقع اور نوجوانوں کی مثبت سمت میں رہنمائی بھی ناگزیر ہے۔ ایک مضبوط، منصفانہ اور جوابدہ ریاستی ڈھانچہ ہی شدت پسندی کے بیانیے کو کمزور کر سکتا ہے۔

    آج پاکستان کو جذباتی نعروں کے بجائے سنجیدہ، مربوط اور قانون پر مبنی اقدامات کی ضرورت ہے۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی، سرحدی نظم و نسق کی مضبوطی، قانون کی بلاامتیاز عمل داری اور انسانی حقوق کا احترام ، یہی وہ ستون ہیں جن پر ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کی عمارت کھڑی ہو سکتی ہے۔اگر ریاست اپنے فیصلوں میں تسلسل، شفافیت اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائے تو نہ صرف دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ عالمی برادری میں پاکستان کا وقار بھی مستحکم ہو گا، اور یہی مضبوط امن و استحکام مستقبل کی معاشی ترقی کا ضامن بنے گا۔

  • بھارتی اقلیتوں پرانتہا پسندہندووں کے  مظالم ،عالمی امریکی ادارہ بھی بول اٹھا

    بھارتی اقلیتوں پرانتہا پسندہندووں کے مظالم ،عالمی امریکی ادارہ بھی بول اٹھا

    بھارتی اقلیتوں پرانتہا پسندہندووں کے وحشیانہ مظالم پرمذہبی آزادی کا عالمی امریکی ادارہ بھی بول اٹھا

    آرایس ایس کے ہندوتوا نظریہ پرقائم مودی حکومت میں اقلیتوں پر وحشیانہ مظالم کی تمام حدیں پارکر لی گئیں،بی جے پی کی انتہا پسند حکومت اپنا اقتدار قائم رکھنے کیلئے ہندوتوا کو ایک سیاسی بیانیے کے طور پر استعمال کرنے پر کاربندہے،بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اورمسیحیوں کے ہجوم پر تشدد اورعبادت گاہوں پرحملے معمول بن چکے،امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی کے مطابق؛موجودہ سال کی ابتداء سے ہی بھارتی مسیحیوں پر حملوں میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا،خصوصاً جب اوڑیسہ میں پادری کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا یاگیا،مذہب کی جبری تبدیلی کے الزامات پراقلیتوں کو غیر قانونی حراست میں رکھا جاتا ہے اور سفاک حملے کیے جاتے ہیں، اترپردیش میں گھر کے اندرعبادت کرنے والے12مسلمانوں کوحراست میں لیا جانا بھی اس کی بدترین مثال ہے ،

    بین الاقوامی ماہرین کے مطابق مودی حکومت کی نفرت پر مبنی پالیسیوں نے بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے بنیادی حقوق اور ان کے محفوظ مستقبل کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے،آر ایس ایس کے نظریاتی ایجنڈے کے تحت موجودہ بھارتی حکومت اقلیتوں کو قومی اور سماجی دھارے سے الگ کرنے کی منظم کوششوں میں مصروف دکھائی دیتی ہے

  • پاک افغان سرحد کی بندش،پاکستانی موقف کی عالمی تائید

    پاک افغان سرحد کی بندش،پاکستانی موقف کی عالمی تائید

    افغان طالبان رجیم کی ہٹ دھرمی اورنااہلی نےافغانستان کوشدیدداخلی اورخارجی بحران میں دھکیل دیا

    عالمی جریدہ نےپاکستان کےافغان سرحدی بندش کےفیصلےکوسیکیورٹی کےنقطہ نظرسے بہترین حکمت عملی اورجائزاقدام قراردے دیا ،عالمی جریدہ یوریشیا ریویو کے مطابق پاکستان کیلئےافغانستان کیساتھ سرحدی انتظام محض کسٹمزیاتجارت کامعاملہ نہیں بلکہ بقاوسلامتی کا مسئلہ ہے ،افغان سرزمین سےپاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہواجس میں سکیورٹی اہلکاراورعام شہری شہیدہوئے ،پاکستان کی جانب سےافغان سرحدی راستوں کا بندکرنا اپنےشہریوں کےتحفظ کیلئے ایک بہترین فیصلہ ہے ،پاکستان کاموقف ہےکہ کابل کیساتھ تعلقات معمول پرلانےمیں رکاوٹ صرف دہشتگردی ہے

    عالمی ماہرین کے مطابق افغان طالبان کو یہ واضح فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ دہشتگرد عناصر کو پناہ دیتے رہیں گے یا خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر امن اور ترقی کے مشترکہ سفر کا حصہ بنیں گے،افغان سرزمین سے ہونے والی دراندازی اور دہشتگردی کی سرگرمیوں نے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ ایران اور تاجکستان کی سلامتی اور استحکام کو بھی شدید متاثر کیا ہے

  • اے این ایف کی گوادر میں بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کیخلاف کارروائی

    اے این ایف کی گوادر میں بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کیخلاف کارروائی

    اینٹی نارکوٹکس فورس کی گوادر میں بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کیخلاف ایک اور بڑی کارروائی سامنے آئی ہے

    اینٹی نارکوٹکس فورس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 1.2ٹن منشیات برآمد کرلی،2اسمگلرز بھی گرفتار کر لئے، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں برآمد شدہ1.2ٹن چرس کی عالمی منڈی میں مالیت 66.15 ملین امریکی ڈالر ہے ، اینٹی نارکوٹکس فورس بدنام زمانہ اسمگلرکی زیر سرپرستی اسمگلنگ منشیات نیٹ ورک کی نگرانی کر رہی تھی ، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں اے این ایف نے پنجگور اورتربت قومی شاہراہ پر ٹرک کو روک کر خفیہ خانوں سے منشیات برآمد کی گئی ، تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ برآمد شدہ منشیات افغانستان سے اسمگل کی گئی تھی ،بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کا نیٹ ورک پنجگور سے تربت کے راستے گوادر اور پسنی تک منشیات منتقل کرنے میں ملوث ہے ،یہ گروہ گوادر سے ماہی گیر کشتیوں کے ذریعے خلیجی ممالک، یمن اور تنزانیہ منشیات اسمگل کرتا تھا ، گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے گروہ کے سرغنہ اور دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ، اینٹی نارکوٹکس فورس ملک سے منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہے

  • پاک بھارت جنگ میں 10 طیارے گرائے جا چکے تھے،ٹرمپ

    پاک بھارت جنگ میں 10 طیارے گرائے جا چکے تھے،ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس جنگ میں 10 طیارے گرائے گئے۔

    امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہاکہ ایران جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام پر امریکا سےمعاہدہ کرنا چاہتا ہے، ایران معاہدہ نہیں کرے گا تو بے وقوف ہوگا،پاک بھارت جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں 10 طیارے گرائے جا چکے تھے،پاکستان اور بھارت کے درمیان لڑائی ایٹمی جنگ بن سکتی تھی، دونوں ممالک ایٹمی جنگ کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن ٹیرف سے جنگ روکی گئی، میری رائے میں وہ واقعی شدید لڑائی لڑ رہےتھے،

  • پی آئی اے کی طبی سہولیات،اسٹیٹ لائف سے معاہدہ، پالپا کا عدالت جانے کا اعلان

    پی آئی اے کی طبی سہولیات،اسٹیٹ لائف سے معاہدہ، پالپا کا عدالت جانے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے پائلٹس کی نمائندہ تنظیم پاکستان ایئرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) نے جاری طبی سہولیات کے معاملات اور پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (PIAHCL) اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان ہونے والے معاہدے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    پالپا کے جنرل سیکریٹری کیپٹن (ر) عارف مجید کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 9 فروری 2026 کو چیف ہیومن ریسورس آفیسر کی طرف سے جاری کیے گئے سرکلر نمبر 03/2026 کے بعد پائلٹس میں شدید تشویش اور ذہنی دباؤ پایا جا رہا ہے۔ تنظیم کے مطابق اس سرکلر کے اثرات پائلٹ برادری کے لیے نہایت سنجیدہ نوعیت کے ہیں، جس کے باعث قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پالپا 13 فروری 2026 کو متعلقہ عدالت میں مقدمہ دائر کرے گی تاکہ اراکین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ وہ اپنے ممبران کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کے حصول کے لیے تمام دستیاب قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب پی آئی اے کے اندرونی حلقوں میں یہ تاثر بھی گردش کر رہا ہے کہ مجوزہ انتظامی تبدیلیوں اور ہولڈنگ کمپنی کے قیام کے پس منظر میں اہم کاروباری گروپ سرگرم ہے، اور بعض غیر مقبول فیصلے موجودہ انتظامیہ سے کروائے جا رہے ہیں۔ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ یہ اقدامات مستقبل کی تنظیم نو اور ممکنہ نجکاری کے عمل کا حصہ ہیں۔

    تاہم پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال قومی ایئرلائن کے مستقبل، ملازمین کے حقوق اور ادارہ جاتی ڈھانچے پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

    ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عارف حبیب کنسورشیم تمام غیر مقبول اور سخت فیصلے موجودہ پی آئی اے انتظامیہ سے کروانا چاہتا ہے، اور موجودہ انتظامیہ اپنی ملازمتوں کے تحفظ کی امید میں یہ اقدامات کر رہی ہے۔جب یہ تمام متنازع اور سخت اقدامات مکمل ہو جائیں گے تو عارف حبیب کنسورشیم موجودہ پی آئی اے انتظامیہ کو ایک طرف کر کے خود مرکزی حیثیت اختیار کر لے گا، گویا جشن اور دھوم دھام سے اقتدار سنبھالے گا۔

    اب وقت آ گیا ہے کہ حقیقت کو تسلیم کیا جائے۔ ہولڈکو کے قیام کے خلاف پالپا کا مقدمہ کچھ ایسا ہی ہے جیسے 1857 کے بعد بہادر شاہ ظفر کے خاندان کا ایسٹ انڈیا کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کرنا۔

  • ویلنٹائن ڈے،چڑیا گھر نے  منفرد  فنڈ ریزنگ مہم متعارف کرا دی

    ویلنٹائن ڈے،چڑیا گھر نے منفرد فنڈ ریزنگ مہم متعارف کرا دی

    امریکا کی ریاست میری لینڈ کے ایک چڑیا گھر نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ایک منفرد فنڈ ریزنگ مہم متعارف کرا دی ہے-

    عالمی میڈیا کے تحت لوگ پانچ ڈالر کے عطیے کے بدلے کسی جانور کے فضلے کو اپنے سابقہ محبوب کے نام سے منسوب کر سکتے ہیں، اکثر لوگ کہتے ہیں کہ ویلنٹائن ڈے ”بہت بُرا“ دن ہے، لیکن شاید وہ اسے اتنے مزاحیہ انداز میں نہیں سوچتے جیسا کہ میری لینڈ کے چڑیا گھر نے سوچا، چڑیا گھر کی جانب سے اس مہم کو ”ڈالرز فار ڈنگ“ کا نام دیا گیا ہے، جس کا مفہوم ہے کہ گوبر کے لئے ڈالرز دینا۔

    انتظامیہ کے مطابق فنڈ دینے والے افراد کو ایک پی ڈی ایف سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا جاتا ہے، جسے وہ اپنی مرضی کے مطابق شیئر یا محفوظ کر سکتے ہیں، چڑیا گھر کی چیف آپریٹنگ آفیسر شینن براؤن نے کہا کہ یہ رقم چڑیا گھر کے تحفظاتی منصوبوں اور جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے استعمال ہوگی، چاہے وہ میری لینڈ میں ہوں یا دنیا کے دیگر مقامی ماحولیات میں۔

    شینن براؤن نے ہنستے ہوئے کہا کہ یہ خیال عجیب ہے اور یہ ہمیں ایک سہ پہری دوپہر کے کھانے کے دوران پیدا ہوا اور پھر ایک دلچسپ مہم میں تبدیل ہوگیا یہ مہم دوسری مرتبہ منعقد کی جا رہی ہے گزشتہ سال بھی اس اقدام کو غیر معمولی پذیرائی ملی تھی اوریہ مزاحیہ سی فنڈ ریزنگ بےحد کامیاب رہی تھی،ہمیں دنیا کے 30 سے زائد ممالک سے عطیات موصول ہوئے میرے خیال میں ہم تقریباً تمام براعظموں تک پہنچ گئے، صرف دو براعظم رہ گئے،اس مہم کے نتیجے میں تقریباً 10 ہزار ڈالرز جمع ہوئے تھے، جو چڑیا گھر کے جانوروں کی دیکھ بھال اور تحفظ میں خرچ ہوئے۔

  • پی پی ایل کے باوجود وعدوں پر عمل نہ ہونا تشویشناک ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

    پی پی ایل کے باوجود وعدوں پر عمل نہ ہونا تشویشناک ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام کا مفاد سب سے مقدم ہے اور وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کا ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پی پی ایل انتظامیہ اور صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں فریقین کے مابین طے شدہ معاہدے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں اسکالرشپ، سوئی ٹاؤن کی طوطا کالونی، عدل خان اور پھونگ کالونی میں گیس کی عدم فراہمی اور ملازمتوں میں سست روی پر وزیر اعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کیا،سوئی سے نکلنے والی گیس سے سوئی ٹاؤن کے باسی محروم ہیں اور آج بھی خواتین لکڑیو ں پر روٹی پکانے پر مجبور ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پی پی ایل کے باوجود وعدوں پر عمل نہ ہونا تشویشناک ہے، اسکالرشپس، سن کوٹہ اور مقامی بھرتیوں میں تاخیر ناقابل قبول ہے، اور ویل چوکیدار کی خالی آسامیوں پر مقامی افراد کی بھرتی میں حیل و حجت قبول نہیں، انہوں نے ہدایت دی کہ سن کوٹہ کے تحت خالی آسامیوں پر فوری مقا می بھرتی کی جائے اور مقررہ ٹائم لائن میں عملی پیشرفت نہ ہوئی تو دیگر آپشنز زیر غور آئیں گے۔

    پی پی ایل حکام نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ گیس فراہمی کا 80 فیصد کام مکمل ہے اور تمام زیر التوا امور جلد از جلد نمٹا کر عوامی مسائل کا ادراک کیا جائے گا۔

  • بنگلہ دیش میں عام انتخابات، ملک میں 4 روزہ تعطیلات کا اعلان

    بنگلہ دیش میں عام انتخابات، ملک میں 4 روزہ تعطیلات کا اعلان

    بنگلہ دیش میں 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات اور 12 فروری کو ہونے والے ریفرنڈم کی تیاریوں کے سلسلے میں بدھ سے 4 روزہ تعطیلات کا آغاز ہو گیا ہے۔

    حکومت کی جانب سے 11 اور 12 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا جو جمعہ اور ہفتہ (13 اور 14 فروری) کی ہفتہ وار چھٹیوں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں مسلسل 4 دن کی تعطیل میں تبدیل ہو گئی ہےسرکاری اعلامیے کے مطابق 11 اور 12 فروری کو تمام سرکاری، نیم سرکاری، خودمختار اور نجی دفاتر کے علاوہ تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاکہ ووٹرز بلا رکاوٹ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں اور پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔

    بنگلہ دیش بینک نے بھی اعلان کیا ہے کہ ان 2 روز کے دوران تمام بینک اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے اسی طرح شاپ اونرز ایسوسی ایشن نے بدھ اور جمعرات کو ملک بھر میں دکانیں، تجارتی مراکز اور شاپنگ مالز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ عوامی مفاد میں ضروری خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹنگ پرامن ماحول میں منعقد ہو سکے۔

  • کینیڈا: اسکول اور گھر پر فائرنگ، 10 افراد ہلاک، 25 سے زائد زخمی

    کینیڈا: اسکول اور گھر پر فائرنگ، 10 افراد ہلاک، 25 سے زائد زخمی

    کینیڈا کے قصبے ٹمبلر رج میں منگل کے روز ایک سیکنڈری اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں حملہ آور خاتون سمیت کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    یہ واقعہ 10 فروری کی دوپہر کو واقعہ ایک اسکول اور گھر میں پیش آیا مقامی پولیس کو اسکول میں ایک مسلح شخص کی موجودگی کی اطلاع ملی اطلاع ملتے ہی علاقے میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی اور لوگوں کو اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اسکول کے اندر سے چھ افراد کی لاشیں ملی ہیں جبکہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا ایک زخمی اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا اور دو مزید افراد رہائش گاہ سے برآمد ہوئے-

    پولیس کو تفتیش کے دوران اسکول سے باہر ایک رہائشی مکان سے بھی دو لاشیں ملی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق بھی اسی واقعے سے ہےجہاں تک حملہ آور کا تعلق ہے تو پولیس نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور ایک خاتون تھی جس نے فائرنگ کے بعد بظاہر خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تفتیشی افسران اب اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا اس کارروائی میں کوئی دوسرا شخص بھی شامل تھا یا نہیں۔

    اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور موبائل فونز پر ہنگامی پیغامات بھیجے گئے تاکہ شہری گھروں سے باہر نہ نکلیں مقامی انتظا میہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی مشکل اور جذباتی دن ہے اور وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں قصبے کی سیکیو رٹی سخت کر دی گئی ہے اور قریبی علاقوں سے بھی اضافی پولیس نفری بلا لی گئی ہے تاکہ اسکول اور دیگر مقامات کی مکمل تلاشی لی جا سکے۔