Baaghi TV


ٹرمپ کا محفوظ بال روم بنانے پر زور

‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ فائرنگ کے واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس میں جدید سیکیورٹی سے آراستہ بال روم کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات پیش آنے والا واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایک محفوظ اور جدید بال روم کی تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے۔
‎اپنے بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ صدی سے فوج، سیکرٹ سروس اور سابق صدور وائٹ ہاؤس میں ایک محفوظ بال روم کی تعمیر کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق اگر زیر تعمیر خفیہ بال روم پہلے سے موجود ہوتا تو حالیہ واقعہ پیش نہ آتا۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ نیا بال روم جدید ترین سیکیورٹی فیچرز سے لیس ہوگا اور اسے دنیا کی محفوظ ترین عمارتوں میں شامل کیا جائے گا۔ ٹرمپ کے مطابق اس بال روم کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس کے اوپر کوئی کمرے نہیں ہوں گے، تاکہ کسی بھی غیر مجاز فرد کے لیے اندر داخل ہونا ممکن نہ ہو سکے۔
‎صدر ٹرمپ نے ایک خاتون کی جانب سے اس منصوبے کے خلاف دائر کیے گئے مقدمے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اہم منصوبے میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور تعمیراتی کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔
‎دوسری جانب واشنگٹن میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی پراسیکیوٹر جینین پیرو کے مطابق ملزم پر آتشیں اسلحہ کے ذریعے پرتشدد کارروائی اور ایک وفاقی اہلکار پر حملے کے الزامات عائد کیے جائیں گے۔

More posts