ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی آج مسقط سے اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ مختصر قیام کے دوران اہم پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ان کا یہ دورہ سفارتی سرگرمیوں کا حصہ ہے جس کے بعد وہ ماسکو روانہ ہو جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق عباس عراقچی کا یہ دورہ ایک سہ ملکی سفارتی سلسلے کا حصہ ہے۔ انہوں نے ابتدائی طور پر اسلام آباد سے اپنے دورے کا آغاز کیا تھا، بعد ازاں مسقط گئے اور اب دوبارہ پاکستان آ رہے ہیں۔ اسلام آباد میں قیام کے دوران وہ اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات زیر بحث آئیں گے۔
گزشتہ روز سامنے آنے والی معلومات کے مطابق ایرانی وفد کا دورہ پاکستان مثبت رہا تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتوں میں اہم امور پر بات چیت ہوئی اور ان ملاقاتوں کے نتائج کو خوش آئند قرار دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان سفارتی روابط کے نتیجے میں آئندہ 48 گھنٹوں میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عباس عراقچی نے اپنے پہلے دورہ پاکستان کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں قومی سلامتی، علاقائی صورتحال اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس ملاقات میں مشیر قومی سلامتی جنرل عاصم ملک، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
ایرانی سفارتخانے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ایرانی وفد سے ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بات ہوئی۔ انہوں نے اس ملاقات کو خوشگوار اور تعمیری قرار دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ آج دوبارہ اسلام آباد پہنچیں گے
