مصطفیٰ عامر کے قتل کیس میں چالان جمع ہونے کے چھ ماہ گزرنے کے باوجود ملزمان پر فردِ جرم عائد نہ ہونے پر مقتولہ کی والدہ نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ وکیل کے مطابق کیس انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 16 کے جج کے انتقال کے بعد زیر التوا رہا، اور بعد ازاں سندھ حکومت کی عدالتوں کی ری اسٹرکچرنگ کے باعث اے ٹی سی 6 کو انسداد منشیات کی عدالت میں تبدیل کر دیا گیا، جس سے کارروائی میں مزید تاخیر ہوئی۔
سندھ ہائی کورٹ نے کیس ٹرانسفر کرنے کی منظوری دے دی اور نیا کیس نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت کی۔ وکیل نے کہا کہ تاخیر انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے، اور اہم ملزمان ارمغان اور شیراز اس وقت جیل میں قید ہیں۔
Blog
-

مصطفیٰ عامر قتل کیس میں تاخیر کے خلاف والدہ سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئیں
-

دانش تیمور اور عائزہ خان نے عمرے کی سعادت حاصل کر لی
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور اور عائزہ خان ان دنوں روحانی سفر پر ہیں اور دونوں نے مقدس مقامات پر عمرے کی سعادت حاصل کر لی ہے۔
دانش تیمور اور عائزہ خان نے نہ صرف عمرہ ادا کیا بلکہ مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت بھی کی۔ مکہ مکرمہ سے انہوں نے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں دونوں پُرسکون اور مطمئن دکھائی دے رہے ہیں۔
مداحوں نے ان تصاویر کو خوب سراہا اور کمنٹس میں جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دانش تیمور اور عائزہ خان نہ صرف کامیاب اداکار ہیں بلکہ دو بچوں کے والدین بھی ہیں، اور شوبز میں ان کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔ -

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان کا امریکا کے خلاف 191 رنز کا ہدف مقرر
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے امریکا کے خلاف جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں امریکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ اس دوران صاحبزادہ فرحان نے سب سے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 73 رنز اسکور کیے۔ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، صائم ایوب، شاداب خان اور شاہین آفریدی نے بھی ٹیم کی اسکورنگ میں اہم کردار ادا کیا۔
امریکا کے خلاف میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، عثمان طارق کو سلمان مرزا کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، عثمان طارق اور ابرار احمد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گروپ کے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ امریکا کو پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ -

بنگلادیش میں عام انتخابات سے پہلے ملک بھر میں سکیورٹی سخت، فوج تعینات
بنگلادیش میں عام انتخابات سے قبل حکومت نے ملک بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کر دیے ہیں اور فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انتخابات جمعرات کے روز منعقد ہوں گے، اور ڈھاکا سمیت تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں انتخابی مہم کا آخری دن مکمل ہو چکا ہے۔
حکام نے انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے تین روز کے لیے رات 12 بجے سے موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سکیورٹی ادارے پولنگ اسٹیشنز اور حساس مقامات پر تعینات ہیں۔
ملک کی 300 رکنی پارلیمان کے لیے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی، بنگلادیش جماعتِ اسلامی، نیشنل سٹیزن پارٹی اور جماعتی پارٹی سمیت مختلف جماعتوں کے ایک ہزار 981 امیدوار میدان میں ہیں۔ حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو کم از کم 151 نشستیں حاصل کرنا ہوں گی۔
یہ انتخابات شیخ حسینہ کے استعفیٰ اور ملک چھوڑنے کے بعد منعقد ہو رہے ہیں، جبکہ عبوری حکومت کی سربراہی نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کر رہے ہیں۔ -

وزیراعلیٰ پنجاب کا بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کیلئے 10 ارب روپےکی معاونت کا اعلان
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ مریم نواز نے بلوچستان کا دورہ کیا اور کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سکیورٹی فورسز کے لیے مالی معاونت کی منظوری دی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا حب الوطنی اور پاکستان سے وابستگی قابل ستائش ہے، اور حکومت پنجاب بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں اور دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ممکن ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ بلوچستان کو فتنہ نہیں بلکہ فتنہ الخوارج کا سامنا ہے اور اس کے خلاف آپریشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وسائل اور خدمات بلوچستان کے لیے حاضر ہیں اور دعا ہے کہ علاقے سے دہشت گردی کا جلد خاتمہ ہو۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی مریم نواز کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت مثبت اور قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن عوامی فلاح کے لیے متحد ہیں۔ -

عمران خان کی صحت ٹھیک ہے، بیرسٹر سلمان صفدر
توشہ خانہ فوجداری کیس میں سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں حالت کا جائزہ لینے کے لیے ایڈووکیٹ بیرسٹر سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے سلمان صفدر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان کی بیرک تک رسائی کی اجازت دی تاکہ وہ بانی پی ٹی آئی کی سہولیات اور جیل میں موجود حالت کے بارے میں مکمل رپورٹ تیار کر کے عدالت میں جمع کرا سکیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تقریباً تین گھنٹے تک ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت اچھی ہے اور انہیں جیل میں تمام سہولیات تک رسائی حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرانے تک وہ کیس کے حوالے سے مزید کوئی بیان نہیں دیں گے۔
سپریم کورٹ نے فرینڈ آف دی کورٹ کے حوالے سے اپنے حکم میں واضح کیا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے تحت جو رپورٹ پہلے حاصل کی گئی تھی، اس وقت عمران خان اٹک جیل میں تھے، اس لیے موجودہ رپورٹ ان کی موجودہ حالت اور سہولیات کے جائزے کے لیے ضروری ہے۔ عدالت نے سلمان صفدر کو ہدایت کی کہ وہ تحریری رپورٹ تیار کریں اور عدالت میں جمع کروائیں۔
سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کو 12 فروری تک ملتوی کر دیا ہے تاکہ رپورٹ عدالت میں پیش کی جا سکے اور بانی پی ٹی آئی کی جیل میں حالت پر مکمل جانچ کی جا سکے۔ -

سالانہ امتحانات کے بعد سندھ میں طلبہ سے مفت درسی کتب واپس لینے کا فیصلہ
سندھ کے محکمہ تعلیم نے سالانہ امتحانات کے بعد طلبہ کو فراہم کی جانے والی مفت درسی کتب واپس لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ترجمان صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق طلبہ کے رزلٹ کارڈ پر درسی کتب کی واپسی کا اندراج لازمی ہوگا، جبکہ جاری اور واپس ہونے والی تمام کتابوں کا باقاعدہ ریکارڈ بھی رکھا جائے گا۔
محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ جمع شدہ تمام کتابیں اسکول بُک بینک میں محفوظ کی جائیں تاکہ آئندہ تعلیمی سیشن میں دوبارہ استعمال ممکن ہو سکے۔
یہ احکامات پرائمری سے ہائر سیکنڈری تک تمام طلبہ پر لاگو ہوں گے اور ہر سطح پر کتابوں کی واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ضلعی تعلیمی افسران کتابوں کے اسٹاک سے متعلق مکمل ریکارڈ ریجنل ڈائریکٹرز کو جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔ -

مظفرگڑھ میں دھی رانی پروگرام کے تحت 207 اجتماعی شادیاں
مظفرگڑھ کے اسپورٹس گراؤنڈ میں دھی رانی پروگرام کے چوتھے مرحلے کے تحت 207 اجتماعی شادیوں کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں 3 غیر مسلم مستحق جوڑے اور 4 معذور جوڑے بھی شامل تھے۔
تقریب میں صوبائی وزیر سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی عوامی فلاح اور دوراندیش قیادت کو سراہا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی اجمل چانڈیا، ایم پی اے عون حمید ڈوگر، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر طارق قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اظہر یوسف، ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضنفر علی شاہ بھی موجود تھے۔
رکن صوبائی اسمبلی اجمل چانڈیا نے خطاب کرتے ہوئے اجتماعی شادیوں اور دھی رانی پروگرام کے اقدامات کو سراہا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی فلاحی پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
صوبائی وزیر سماجی بہبود سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے وژن کے مطابق دھی رانی پروگرام کے تحت مستحق بچیوں کے حقوق اور سہولیات کا عملی تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں محکمہ سماجی بہبود نے ہمت کارڈ، وہیل چیئرز اور دیگر فلاحی منصوبوں کا کامیاب اجرا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت تمام منصوبے شفاف انداز میں نافذ کیے گئے ہیں اور ہر مستحق جوڑے کو دو لاکھ روپے کی مالی امداد براہِ راست اے ٹی ایم کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایک ماں کے جذبے کے تحت مستحق جوڑوں کی شادیوں کی ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔ -

انڈونیشیا کا غزہ میں ہزاروں فوجی بھیجنے کا اعلان
انڈونیشیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کے تحت غزہ میں 5 ہزار سے 8 ہزار فوجیوں کی ممکنہ تعیناتی کی تیاری شروع کر دی ہے۔
یہ اعلان انڈونیشیا کے آرمی چیف آف اسٹاف نے پیر کے روز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈونیشین فوج نے ممکنہ امن مشن کے لیے دستوں کی تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے، تاہم فوجیوں کی حتمی تعداد اور ذمہ داریوں سے متعلق بات چیت تاحال جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ چند ہفتوں کے دوران غزہ میں ہزاروں انڈونیشین فوجیوں کی تعیناتی متوقع ہے۔ یہ پیش رفت اس معاہدے کے چار ماہ بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت غزہ میں ایک کثیر القومی فورس قائم کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔
انڈونیشیا اس معاہدے کے بعد پہلا ملک بن گیا ہے جس نے باضابطہ طور پر غزہ میں امن مشن کے لیے فوج بھیجنے کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔ تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا کا یہ بیان عملی تعیناتی سے زیادہ ایک سیاسی پیغام بھی ہو سکتا ہے، کیونکہ حتمی فیصلے اور تفصیلات ابھی طے ہونا باقی ہیں۔ -

سندھ طاس معاہدہ: پاکستان نےعالمی ثالثی عدالت میں بھارت کے خلاف اعتراضات جمع کرادیے
سندھ طاس معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت عالمی ثالثی عدالت میں جاری ہے-
انڈس واٹرز آربیٹریشن کیس کے دوسرے مرحلے کی سماعت مکمل ہو چکی ہے، جس دوران پاکستان نے بھارتی پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن، پانی کے بہاؤ اور تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی تحفظات پیش کیےعالمی عدالت برائے ثالثی میں پاکستان کی نمائندگی اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ انڈس واٹر ٹریٹی کمشنر مہر علی شاہ اور مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفرا بھی موجود تھے۔
پاکستانی وفد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بھارت دریائے سندھ، جہلم اور چناب پر منصوبے تعمیر کرتے وقت سندھ طاس معاہدے میں طے شدہ حدود سے تجاوز کر رہا ہے، جو معاہدے کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
پاکستان نے عدالت سے درخواست کی کہ بھارت کو معاہدے کے تحت ان تین دریاؤں پر پن بجلی منصوبوں کی اجازت، ان کی نوعیت اور دائرہ کار سے متعلق واضح وضاحت فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے وفد کا مؤقف تھا کہ بھارتی منصوبوں کی نصب شدہ صلاحیت اور متوقع پانی کے بہاؤ کا درست اور شفاف تعین نہایت اہم ہے تاکہ سندھ طاس معاہدے کی روح کے مطابق فیصلے کیے جا سکیں،ادھر بھارت نے سماعت میں شرکت کی دعوت کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی عدالت کے روبرو پیش ہوا۔
ثالثی عدالت کے بینچ کی قیادت امریکا سے تعلق رکھنے والے پروفیسر شان ڈی مرفی نے کی، جبکہ دیگر بین الاقوامی ججز بھی کارروائی کا حصہ تھے، یہ عالمی فورم 127 رکن ممالک پر مشتمل ہے اور بین الاقوامی تنازعات کے حل میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔