Baaghi TV

Blog

  • فوج کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے : اسرائیل

    فوج کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے : اسرائیل

    مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے جہاں اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اہداف کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے اشارہ دیا کہ امریکا ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے لیے گرین سگنل کا منتظر ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے نئی شرائط پیش کی ہیں۔ تہران کا مؤقف ہے کہ وہ اس اہم آبی گزرگاہ کو اس وقت تک نہیں کھولے گا جب تک اس کے تقریباً 11 ٹریلین ڈالر کے ضبط شدہ اثاثے واپس نہیں کیے جاتے۔ اس بیان نے عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ کر دیا ہے کیونکہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم راستہ ہے۔
    ‎ادھر امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایران نے اپنے دفاعی نظام کو مکمل طور پر فعال کر دیا ہے جبکہ تہران میں فضائی دفاعی نظام کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
    ‎ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز تک پہنچنے کی ہمت نہیں کرتا، جبکہ دوسری جانب امریکا اور اس کے اتحادی خطے میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ بیانات اور اقدامات خطے میں ممکنہ بڑے تصادم کے خدشات کو بڑھا رہے ہیں۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر سفارتی کوششیں ناکام رہیں تو یہ کشیدگی کسی بڑے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے، جس کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

  • تہران ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں بحال، فضائی حدود کھلنا شروع

    تہران ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں بحال، فضائی حدود کھلنا شروع

    ‎ایران کے دارالحکومت تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز سے یہ پروازیں باقاعدہ طور پر شروع ہو جائیں گی، جس سے سفری سرگرمیوں میں بتدریج بہتری آنے کی توقع ہے۔
    ‎خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق ابتدائی مرحلے میں استنبول اور مسقط کے لیے پروازیں بحال کی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جنگ بندی کے بعد معمولات زندگی کو بحال کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، کیونکہ حالیہ کشیدگی کے باعث فضائی آپریشنز شدید متاثر ہوئے تھے۔
    ‎یاد رہے کہ ایران نے 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے دوران اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں، جس کے باعث بین الاقوامی پروازیں معطل ہو گئی تھیں۔ اب جنگ بندی کے بعد مرحلہ وار فضائی حدود کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے تاکہ سفری اور تجارتی سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔
    ‎ایرانی حکام نے اس سے قبل مشہد ایئرپورٹ کو بھی دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا، جو ملک کے شمال مشرقی حصے میں واقع ایک اہم ہوائی اڈہ ہے۔ اس اقدام کو ملک بھر میں فضائی نظام کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎جمعے کے روز فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق ترکی اور عمان کے لیے کم از کم دو بین الاقوامی پروازیں تہران سے روانہ بھی ہوئیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ فضائی آپریشنز آہستہ آہستہ معمول پر آ رہے ہیں۔

  • ایران امریکا مذاکرات کی خبر پر اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

    ایران امریکا مذاکرات کی خبر پر اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی

    ‎امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے ایرانی وفد کی پاکستان آمد کی خبر نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست بہتری پیدا کر دی ہے۔ منفی رجحان کے بعد مارکیٹ میں اچانک تیزی دیکھی گئی اور ہنڈریڈ انڈیکس نمایاں اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
    ‎تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1 ہزار 498 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 70 ہزار 672 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس سے قبل پہلے سیشن میں صورتحال مختلف تھی جہاں انڈیکس 2 ہزار 165 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 67 ہزار 7 پوائنٹس تک گر گیا تھا، تاہم سفارتی پیش رفت کی خبر سامنے آتے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور مارکیٹ مثبت زون میں آ گئی۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی اور علاقائی سطح پر کشیدگی میں کمی کی امید سرمایہ کاروں کے لیے مثبت اشارہ ہوتی ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں خریداری کا رجحان بڑھ جاتا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کو خطے میں استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 107 ڈالر سے کم ہو کر 104 ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں بھی 2 ڈالر کمی دیکھی گئی اور یہ 95 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔
    ‎تجزیہ کاروں کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی اور سفارتی پیش رفت دونوں عوامل نے مارکیٹ کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔ سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو نہ صرف خطے میں امن کی فضا قائم ہوگی بلکہ معاشی سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔

  • آبنائے ہرمز مشن سے قبل امریکی اہلکار بندر کے حملے میں زخمی

    آبنائے ہرمز مشن سے قبل امریکی اہلکار بندر کے حملے میں زخمی

    ‎آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی تلاش کے مشن پر جانے والے امریکی بحریہ کے ایک اہلکار کو تھائی لینڈ میں بندر کے حملے کے بعد واپس بھیج دیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی بحری جہاز جنوب مشرقی ایشیا میں رکے ہوئے تھے۔
    ‎امریکی بحریہ کے مطابق یو ایس ایس چیف اور یو ایس ایس پائینیئر نامی مائن سویپر جہازوں کو اپریل کے وسط میں آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی تلاش کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔ تاہم تھائی لینڈ کے شہر پھوکٹ میں قیام کے دوران ایک نیوی الیکٹرانکس ٹیکنیشن پر ساحل کے قریب ایک بندر نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اسے معمولی خراشیں آئیں۔
    ‎رپورٹس کے مطابق زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد ازاں بہتر علاج کے لیے جاپان کے شہر ساسیبو میں واقع امریکی بحریہ کے فارورڈ بیس منتقل کر دیا گیا۔ بحریہ کا کہنا ہے کہ اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے احتیاطی تدابیر کے تحت واپس بھیجا گیا ہے۔
    ‎امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے سے مائن سویپر جہاز یو ایس ایس چیف کے مشن پر کوئی اثر نہیں پڑا اور آپریشن اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ ان جہازوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں ممکنہ بارودی سرنگوں کی نشاندہی اور انہیں ناکارہ بنانا ہے تاکہ عالمی بحری راستہ محفوظ بنایا جا سکے۔
    ‎ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے ایک نہایت اہم گزرگاہ ہے، جہاں سکیورٹی کے کسی بھی خطرے سے عالمی سطح پر تیل اور دیگر اشیاء کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔

  • ایران مذاکرات میں جوہری ماہرین کی شمولیت ضروری، یورپی یونین کا مطالبہ

    ایران مذاکرات میں جوہری ماہرین کی شمولیت ضروری، یورپی یونین کا مطالبہ

    ‎یورپی یونین نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے اہم مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت میں جوہری ماہرین کو شامل کرنا ناگزیر ہے، بصورت دیگر ایک کمزور معاہدہ سامنے آ سکتا ہے جو خطے کے لیے مزید خطرناک ثابت ہوگا۔
    ‎یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کاجا کالس نے قبرص میں یورپی رہنماؤں کے غیر رسمی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات صرف جوہری پروگرام تک محدود رکھے جائیں اور اس میں ماہرین شامل نہ ہوں تو حاصل ہونے والا نتیجہ ماضی کے جوہری معاہدے سے بھی کمزور ہوگا۔
    ‎انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ ہونے والی کسی بھی ڈیل میں صرف جوہری پہلو ہی نہیں بلکہ دیگر اہم معاملات کو بھی زیر غور لانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق میزائل پروگرام، خطے میں پراکسی گروپس کی حمایت، اور یورپ میں سائبر و ہائبرڈ سرگرمیوں جیسے مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
    ‎کاجا کالس کا کہنا تھا کہ اگر ان تمام پہلوؤں کو مذاکرات کا حصہ نہ بنایا گیا تو مستقبل میں ایک زیادہ خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس سے نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ یورپ کی سکیورٹی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
    ‎یورپی یونین کے اس مؤقف کو ایران کے ساتھ جاری سفارتی عمل میں ایک اہم پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں عالمی طاقتیں ایک جامع اور پائیدار معاہدے کی تلاش میں ہیں۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت مذاکرات میں تکنیکی ماہرین کی شمولیت نہایت اہم ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کو عملی اور مؤثر بنایا جا سکے اور مستقبل میں تنازعات سے بچا جا سکے۔

  • ایران کے پاس اب بھی سفارتی راستہ موجود ہے: وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ

    ایران کے پاس اب بھی سفارتی راستہ موجود ہے: وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ

    ‎امریکا کے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ ایران کے پاس اب بھی سفارتی راستہ اختیار کرنے کا موقع موجود ہے، تاہم واشنگٹن نے دباؤ بڑھانے کے لیے آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی کو مزید سخت کر دیا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے دوران 34 تجارتی جہازوں کو واپس موڑ دیا گیا جبکہ دو ایسے جہازوں کو تحویل میں لیا گیا جو ایران سے روانہ ہوئے تھے۔
    ‎پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے اور اب آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو امریکی شرائط کے تحت ہی گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں ایک اور امریکی طیارہ بردار بحری جہاز خلیج عمان پہنچ جائے گا، جس سے خطے میں امریکی موجودگی مزید بڑھ جائے گی۔
    ‎امریکی وزیر جنگ نے ایران کی پاسداران انقلاب پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بحری قزاقوں جیسی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایران کی جانب سے پکڑے گئے جہاز امریکا یا اسرائیل کے نہیں تھے، بلکہ غیر مسلح تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ سمندری حدود میں اس نوعیت کی سرگرمیاں عالمی قوانین کے خلاف ہیں اور امریکا ان کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے گا۔ ان کا مؤقف تھا کہ کوئی بھی چھوٹی کشتی اور اسلحہ استعمال کر کے غیر مسلح جہازوں پر قبضہ کر سکتا ہے، جسے روکنا ضروری ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیاں عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ اس صورتحال نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے اور عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔

  • تنازعات کے پُرامن حل کا اعادہ: یومِ امن پر وزیراعظم کا پیغام

    تنازعات کے پُرامن حل کا اعادہ: یومِ امن پر وزیراعظم کا پیغام

    ‎وزیراعظم شہباز شریف نے امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان تنازعات کے پُرامن حل کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے اور عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا کو پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے جن کا حل صرف بات چیت اور سفارتکاری میں مضمر ہے۔
    ‎وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن، مذاکرات اور باہمی احترام کے اصولوں پر کاربند رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں پاکستان کی جاری ثالثی کوششیں اسی سوچ کی عکاس ہیں، جہاں اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔
    ‎شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے تحت اپنی مستقل وابستگی کا اظہار کرتا ہے اور عالمی قوانین کی پاسداری کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر بھی امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
    ‎انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں عالمی برادری کو مل کر ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جو کشیدگی کو کم کریں اور پائیدار امن کی بنیاد رکھیں۔ وزیراعظم کے مطابق مذاکرات، اعتماد سازی اور تعاون ہی وہ راستے ہیں جن کے ذریعے دنیا کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

  • گوجرخان، الٹی میٹم سے پہلے ہی 300 سے زائد کھوکھے رضاکارانہ طور پر مسمار

    گوجرخان، الٹی میٹم سے پہلے ہی 300 سے زائد کھوکھے رضاکارانہ طور پر مسمار

    ترقی کی راہ میں غریب کی بڑی قربانی مزاحمت کے بجائے خود ہی روزگار اجاڑ دیا، انتظامیہ اور NHA کی مشینری دیکھتی رہ گئی
    ہوشربا مہنگائی میں سینکڑوں خاندان بے روزگار عوامی حلقوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے متاثرہ دکانداروں کے لیے متبادل جگہ کا مطالبہ
    گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان میں جی ٹی روڈ پر انڈر پاسز کی تعمیر کے سلسلے میں ایک ایسی بے مثال صورتحال دیکھنے میں آئی جس نے روایت توڑ دی۔ انتظامیہ کی جانب سے دیے گئے الٹی میٹم کی میعاد ختم ہونے سے پہلے ہی کھوکھا بازار کے تاجروں نے قانون کی پاسداری اور شہر کی ترقی کے لیے اپنے ہاتھوں سے اپنے روزگار کو مسمار کر کے سب کو حیران کر دیا۔

    جبکہ دوسری جانب عوامی سماجی حلقوں نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آپریشن میں بلاتفریق کارروائی کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے، اسے برقرار رہنا چاہیے۔ ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے کہ غریب کا کھوکھا تو گرا دیا جائے لیکن بااثر پلازہ مالکان کو رعایت دے دی جائے۔عوام پرامید ہیں کہ جن بڑی عمارتوں اور پلازوں کی نشاندہی ہو چکی ہے، ان کے خلاف بھی اسی آہنی ہاتھ سے کارروائی ہوگی تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق، انڈر پاس پروجیکٹ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے وکلاء چیمبرز، خدمت مرکز، بلدیہ آفس، ایس ڈی پی او آفس، تھانہ اور چرچ کی بیرونی دیواروں سمیت متعدد سرکاری و نجی املاک کو پہلے ہی مسمار کیا جا چکا تھا۔ تاہم، کھوکھا بازار کے تاجروں کو 23 اپریل تک کی مہلت دی گئی تھی۔ گزشتہ رات گئے تک دکانداروں نے کسی بھی بدمزگی یا مزاحمت سے بچنے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت 300 سے زائد کھوکھے خالی کر کے مسمار کر دیے۔ 24 اپریل جب مقامی و ضلعی انتظامیہ اور این ایچ اے کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ہمراہ موقع پر پہنچیں تو 99 فیصد جگہ پہلے ہی صاف ہو چکی تھی۔ عموماً ایسے آپریشنز میں تصادم اور گرفتاریوں کا خدشہ رہتا ہے، لیکن گوجرخان کے متوسط اور محنت کش طبقے نے پُرامن طریقے سے جگہ خالی کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ عوامی اور سماجی حلقوں نے جہاں اس اقدام کو سراہا، وہیں سینکڑوں خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے ہونے پر شدید تشویش اور دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس ہوشربا مہنگائی میں ان دیہاڑی دار طبقوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان متاثرین کو ترجیحی بنیادوں پر متبادل جگہ فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔

  • گوجر خان،  نالے کی صفائی کے نام پر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی

    گوجر خان، نالے کی صفائی کے نام پر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی

    فوٹو سیشن اور سب اچھا کی جعلی رپورٹس کا ڈراپ سین نالہ گہرائی کے بجائے اوپر سے صاف، عوامی غیظ و غضب
    حکام بالا خوابِ خرگوش میں مست ٹھیکیدار کی چاندی برسات میں شہر ڈوبنے کا خطرہ علاقہ مکینوں کا احتجاجی وارننگ
    گوجرخان (قمر شہزاد) گوجرخان شہر ڈھوک شاہ زمان کے مرکزی نالے کی صفائی کے نام پر سرکاری فنڈز کی بندر بانٹ اور ٹھیکیدار کی مبینہ غفلت نے ذمہ داران کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ عوامی خزانے سے جاری ہونے والے خون پسینے کی کمائی کے فنڈز نالے کی صفائی پر لگنے کے بجائے مبینہ طور پر ٹھیکیدار کی جیبوں میں منتقل ہونے لگے۔ صفائی کے نام پر صرف آئی واش اور فوٹو سیشن تک محدود کارروائی نے شہریوں کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کے مرکزی نالے کی گہرائی سے صفائی کرنے کے بجائے ٹھیکیدار نے صرف اوپری سطح سے کچرا ہٹا کر سب اچھا ہے کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی ہے۔ منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو نے ٹھیکیدار کے دعووں کی دھجیاں اڑا دیں، جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ نالے کی تہہ میں گندگی کے ڈھیر جوں کے توں موجود ہیں۔علاقہ مکینوں نے دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نالے کی مکمل اور گہرائی تک صفائی نہ کی گئی تو آنے والے برسات کے موسم میں نالہ بپھر جائے گا، جس سے پانی گھروں میں داخل ہو کر قیمتی سامان کی بربادی کا سبب بنے گا۔ شہریوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نالے کی صفائی نہیں بلکہ قومی خزانے کی صفائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور اے سی گوجرخان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس میگا کرپشن اور ناقص کارکردگی کا فوری نوٹس لیا جائے اور کسی فرض شناس افسر کی نگرانی میں ازسرِ نو صفائی کا کام شروع کرایا جائے۔ انہوں نے وارننگ دی کہ اگر لوٹ مار کا یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔

  • نیتن یاہو کو پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص


    نیتن یاہو کو پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص


    ‎اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی تاہم انہوں نے کہا ہے کہ اس کا بروقت اور کامیاب علاج کر لیا گیا ہے اور اب وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
    ‎اپنے بیان میں نیتن یاہو نے بتایا کہ ان کی سالانہ طبی رپورٹ جاری کی گئی ہے لیکن انہوں نے اس کی اشاعت کو دو ماہ تک مؤخر رکھنے کی درخواست کی تھی تاکہ جنگ کے دوران اس خبر کو اسرائیل کے خلاف استعمال نہ کیا جا سکے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ انہیں پروسٹیٹ کا ایک معمولی مسئلہ لاحق تھا جس کا مکمل علاج کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق وہ اس وقت بہترین جسمانی حالت میں ہیں اور صحت کے حوالے سے کوئی تشویش نہیں۔
    ‎نیتن یاہو نے مزید بتایا کہ ڈیڑھ سال قبل ان کا پروسٹیٹ کے سائز میں اضافے کا کامیاب آپریشن بھی کیا گیا تھا۔ حالیہ طبی معائنے کے دوران پروسٹیٹ میں ایک چھوٹا سا نشان سامنے آیا جو ایک سینٹی میٹر سے بھی کم تھا۔
    ‎انہوں نے کہا کہ مزید جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ یہ کینسر کا ابتدائی مرحلہ تھا اور خوش قسمتی سے یہ جسم کے دیگر حصوں تک نہیں پھیلا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ہدفی علاج کے ذریعے اس مسئلے کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا اور اب اس کا کوئی نشان باقی نہیں رہا۔