ایران کے دارالحکومت تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز سے یہ پروازیں باقاعدہ طور پر شروع ہو جائیں گی، جس سے سفری سرگرمیوں میں بتدریج بہتری آنے کی توقع ہے۔
خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق ابتدائی مرحلے میں استنبول اور مسقط کے لیے پروازیں بحال کی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جنگ بندی کے بعد معمولات زندگی کو بحال کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، کیونکہ حالیہ کشیدگی کے باعث فضائی آپریشنز شدید متاثر ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ ایران نے 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے دوران اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں، جس کے باعث بین الاقوامی پروازیں معطل ہو گئی تھیں۔ اب جنگ بندی کے بعد مرحلہ وار فضائی حدود کو دوبارہ کھولا جا رہا ہے تاکہ سفری اور تجارتی سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔
ایرانی حکام نے اس سے قبل مشہد ایئرپورٹ کو بھی دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا، جو ملک کے شمال مشرقی حصے میں واقع ایک اہم ہوائی اڈہ ہے۔ اس اقدام کو ملک بھر میں فضائی نظام کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
جمعے کے روز فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق ترکی اور عمان کے لیے کم از کم دو بین الاقوامی پروازیں تہران سے روانہ بھی ہوئیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ فضائی آپریشنز آہستہ آہستہ معمول پر آ رہے ہیں۔
تہران ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں بحال، فضائی حدود کھلنا شروع
