Baaghi TV

Blog

  • متحدہ عرب امارات نے ایران، لبنان اور عراق کے لیے سفری پابندی عائد کر دی

    متحدہ عرب امارات نے ایران، لبنان اور عراق کے لیے سفری پابندی عائد کر دی

    متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر لبنان،ایران اور عراق کے سفر پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام خطے میں موجود “حالیہ علاقائی صورتحال” کے پیش نظر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    وزارتِ خارجہ نے تمام اماراتی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ اس وقت ان ممالک میں موجود ہیں تو فوری طور پر واپس متحدہ عرب امارات پہنچ جائیں۔ ساتھ ہی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات اور سفری ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔سرکاری بیان کے مطابق حکومت نے شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے، اور اس حوالے سے ایک ہاٹ لائن بھی جاری کی گئی ہے تاکہ متاثرہ افراد فوری رابطہ کر سکیں۔

  • بنوں میں دہشت گردوں کا راکٹ حملہ، پولیس اہلکار شہید، شہری زخمی

    بنوں میں دہشت گردوں کا راکٹ حملہ، پولیس اہلکار شہید، شہری زخمی

    بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں تھانہ منڈان کی حدود میں واقع چوکی فتح خیل کے قریب پولیس کی بُلٹ پروف گاڑی کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

    پولیس کے مطابق یہ حملہ کنگر جان بہادر کے مقام پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں پولیس گاڑی کے ڈرائیور راز علی شاہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔ واقعے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اچانک حملہ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی۔حملے میں ایک شہری بھی زخمی ہوا، جسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کومبنگ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔بنوں پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

  • اتحاد ایئرویز کا 15 پاکستانی ملازمین کو نوکری سے نکال کر ملک چھوڑنے کا حکم

    اتحاد ایئرویز کا 15 پاکستانی ملازمین کو نوکری سے نکال کر ملک چھوڑنے کا حکم

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی قومی ایئرلائن اتحاد ایئر ویز نے مبینہ طور پر 15 پاکستانی ملازمین کو ملازمت سے برطرف کرتے ہوئے انہیں 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے،

    ذرائع کے مطابق متاثرہ ملازمین کو ایئرلائن کے ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے باقاعدہ نوٹس دینے کے بجائے امیگریشن آفس طلب کیا گیا، جہاں انہیں اچانک برطرفی اور فوری طور پرابو ظہبی سے نکلنے کے احکامات تھما دیے گئے۔اطلاعات کے مطابق ملازمین کو نہ تو پیشگی اطلاع دی گئی اور نہ ہی انہیں کسی قسم کا دفاع یا وضاحت پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا، جس پر قانونی اور انسانی حقوق کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

  • سید علی گیلانی کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر التجا مفتی کے خلاف مقدمہ درج

    سید علی گیلانی کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر التجا مفتی کے خلاف مقدمہ درج

    بھارت کے غیر قانونی زیرِقبضہ جموں کشمیر میں بھارتی پولیس نے اظہارِ رائے کی آزادی کے حق پر ایک اور حملے میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجاء مفتی کے خلاف بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی شہید کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی کا یہ ویڈیو کلپ اردو زبان کی اہمیت و افادیت کے بارے میں ہے جسے بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت ختم کر نے پر تلی ہوئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق التجا مفتی کی طرف سے اپ لوڈ کیا جانے والا یہ ویڈیو کلپ گزشتہ روز منظرعام پر آیا جس کے بعد انکے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ قابض بھارتی حکام نے بتایا کہ ایف آئی آر میں کچھ دیگر افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہوں نے ویڈیو کلپ کو شیئر کیا ہے۔ویڈیو کلپ میں سید علی گیلانی کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ بھارت ہمارے جوانوں کو اُردو زبان سے محروم کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، اردو زبان میں ہمارا سارا دینی لٹریچر ہے ، پاکستان ہو ، بھارت ہو ، جموں کشمیر ہو اس پورے خطے میں دینی مواد اردو زبان میں ہے ، اگر اردو زبان سے ہم محروم ہو گئے تو اسکا مطلب ہے کہ ہم دینی لٹریچر سے محروم ہو گئے۔یہ بھارت کا منصوبہ ہے، لہٰذا ہمیں خود کوشش کرنی چاہیے کہ ہم اردو زبان سیکھیں ، جو بچے انگلش میڈیم میں پڑھتے ہیں، انہیں گھروں میں اردو زبان سیکھنی چاہیے۔

  • فیفا اجلاس،فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے صدر نے اسرائیل کو آئینہ دکھادیا

    فیفا اجلاس،فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے صدر نے اسرائیل کو آئینہ دکھادیا

    فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے صدر نے اسرائیل کو آئینہ دکھادیا، کینیڈا میں فیفا اجلاس کے موقع پر اسرائیلی فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر سے ہاتھ نہ ملایا۔

    فلسطینی عہدیدار جبریل رجوب نے کہا کہ کسی مجرم کی نمائندگی کرنیوالے سے ہاتھ کیسے ملا سکتا ہوں، یہ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے، عالمی سطح پر فلسطینی عوام کے درد کو نہیں سمجھا جارہا۔جبریل رجوب نے اسرائیل کو فورم سے نکالنے کا مطالبہ بھی کردیا۔ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے دونوں عہدیداران کو اسٹیج پر مدعو کیا اور قریب آنے کا اشارہ دیا، تاہم جبریل رجوب نے واضح طور پر اسرائیلی نمائندے کے ساتھ کھڑے ہونے اور مصافحہ کرنے سے گریز کیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جبریل رجوب کا کہنا تھا کہ "میں کسی ایسے شخص سے ہاتھ نہیں ملا سکتا جو ایک مجرم کی نمائندگی کرتا ہو، یہ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔ عالمی سطح پر فلسطینی عوام کے درد کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔” انہوں نے اسرائیل کو فیفا فورم سے نکالنے کا مطالبہ بھی کیا۔فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کی نائب صدر سوزن شلبی نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ "ہم ایسے فرد سے ہاتھ نہیں ملا سکتے جسے اسرائیل اپنی پالیسیوں کو چھپانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ ہم شدید تکلیف میں ہیں۔”

    دوسری جانب جیانی انفانٹینو نے اپنے خطاب میں کہا کہ "ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔ یہ پیچیدہ معاملات ہیں، لیکن ہمیں بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے امید پیدا کرنی چاہیے۔”

    واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں فلسطینی فٹبال فیڈریشن نے اسرائیلی کلبوں کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کی ہے۔ فلسطینی حکام نے کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس) میں درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی کلبوں کو اسرائیلی لیگ میں شرکت کی اجازت دینا بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔فیفا نے گزشتہ ماہ اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ وہ اسرائیلی فٹبال فیڈریشن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گا، جس کی وجہ مغربی کنارے کی متنازعہ قانونی حیثیت کو قرار دیا گیا۔ یہ معاملہ اب عالمی کھیلوں کے حلقوں میں ایک اہم بحث کی صورت اختیار کر چکا ہے۔

  • مودی سرکار کو ایک بار پھر عالمی سطح پر سبکی کا سامنا

    مودی سرکار کو ایک بار پھر عالمی سطح پر سبکی کا سامنا

    مودی سرکار کو ایک بار پھر عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایرانی یوریا جعلی شپنگ دستاویزات کے ذریعے بھارت پہنچادیا گیا، بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی پر سنگین سوالات اٹھ گئے۔

    رپورٹ کے مطابق آدتیہ برلا گلوبل ٹریڈنگ کا کارگو ایرانی بندرگاہ سے لادا گیا، دستاویزات میں ردوبدل کرکے روانگی کا مقام عمان ظاہر کیا گیا، دستاویزات میں ردوبدل بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بھارت کی وزارت کیمیکلز و فرٹیلائزرز پر بھی سوالات اٹھ گئے، وزارت نے ٹریکنگ ڈیٹا، اصل دستاویزات کی تصدیق کے بغیر منظوری دی،اس واقعے کے بعد بھارت کو امریکی پابندیوں کا سامنا بھی ہوسکتا ہے، بھارت پر عالمی قوانین اور ٹینڈر میں بے ضابطگیوں کے بھی الزامات ہیں۔

    بھارتی کمپنی آدتیہ برلا گلوبل ٹریڈنگ نے ایران کے جنوبی پارس گیس کمپلیکس میں تیار ہونے والی یوریا کو اسالوئیہ بندرگاہ سے لوڈ کیا، حالانکہ یہ مصنوعات امریکی پابندیوں کی زد میں آتی ہیں، یوریا 7 اپریل کو جہاز پر لوڈ کی گئی، جبکہ بولی کا عمل اس کے کئی دن بعد ہونا تھا، جسے ماہرین تجارتی اصولوں کے خلاف قرار دے رہے ہیں۔ مبینہ طور پر اس عمل سے یہ تاثر ملتا ہے کہ معاہدہ پہلے سے طے شدہ تھا، امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے 26 اپریل کو ایک بل آف لیڈنگ تیار کیا گیا جس میں لوڈنگ پوائنٹ عمان کی سوہار بندرگاہ ظاہر کیا گیا، جبکہ جہاز کی ٹریکنگ معلومات کے مطابق اصل روانگی ایران کی بندرگاہ اسالوئیہ سے ہوئی، بھارتی وزارتِ کیمیکل و فرٹیلائزر نے بغیر مکمل تصدیق کے جہاز کو سوہار، عمان سے روانہ ہونے والا ظاہر کرتے ہوئے لیٹر آف اتھارٹی جاری کیا۔

    ماہرین کے مطابق ایرانی پیٹروکیمیکلز، خصوصاً جنوبی پارس گیس فیلڈ سے تیار ہونے والی یوریا، امریکی ادارے OFAC (آفس آف فارن ایسیٹس کنٹرول) کی پابندیوں کے تحت آتی ہے۔ ایسی صورت میں متعلقہ کمپنیوں کو عالمی مالیاتی نظام سے خارج کیے جانے، ڈالر بینکنگ سہولت کی معطلی اور ثانوی پابندیوں جیسے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

  • پاکستان اور ایران کے درمیان فضائی سفر بحال

    پاکستان اور ایران کے درمیان فضائی سفر بحال

    اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے درمیان دو ماہ کے تعطل کے بعد فضائی آپریشن بحال ہو گیا ہے، جس کے تحت 26 فروری کے بعد پہلی پرواز ایران سے مسافروں کو لے کر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی۔

    رپورٹس کے مطابق تہران سے آنے والی پرواز ڈبلیو 5185 کامیابی کے ساتھ اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتری، جس کے ذریعے مسافروں کو پاکستان لایا گیا۔ فضائی رابطوں کی بحالی کو دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولتوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اس روٹ پر ایران کی نجی ایئرلائن "ماہان ایئر” کی اگلی پرواز 7 مئی کو شیڈول کی گئی ہے، جبکہ اسی طیارے نے واپسی پر پرواز ڈبلیو 5184 کے ذریعے اسلام آباد سے تہران کے لیے روانگی اختیار کی۔

    واضح رہے کہ امریکا اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد فضائی سروس کی معطلی کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، تاہم پروازوں کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان آمد و رفت اور تجارتی سرگرمیوں میں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

  • حق مہر میں عمرہ یا حج کی ادائیگی کی شرط شامل کرواؤں گی،حنا طارق

    حق مہر میں عمرہ یا حج کی ادائیگی کی شرط شامل کرواؤں گی،حنا طارق

    لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ حنا طارق نے نکاح اور حق مہر سے متعلق اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی شادی کے وقت نکاح نامہ نہ صرف خود پڑھیں گی بلکہ حق مہر کی شرائط بھی اپنی مرضی سے درج کروائیں گی۔

    حنا طارق ان دنوں ڈرامہ سیریل رحمت میں ’پریشے‘ کے کردار کے ذریعے ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہی ہیں، جہاں ان کی اداکاری کو خوب سراہا جا رہا ہے۔حال ہی میں ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے سماجی اور ذاتی معاملات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے نکاح نامے کو مکمل طور پر پڑھنے کو ضروری سمجھتی ہیں اور اس میں اپنی شرائط شامل کروانا اپنا حق تصور کرتی ہیں۔حق مہر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حنا طارق کا کہنا تھا کہ ان کی دیرینہ خواہش ہے کہ وہ اپنے حق مہر میں عمرہ یا حج کی ادائیگی کی شرط شامل کروائیں۔ انہوں نے کہا، “مجھے پیسے نہیں بلکہ یہ خواہش عزیز ہے کہ مجھے مقدس مقامات کی زیارت نصیب ہو۔”گفتگو کے دوران انہوں نے خود کو فیمنسٹ کہلوانے پر تنقید کرتے ہوئے اسے ’لعنت‘ قرار دیا، تاہم ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو اپنے حقوق سے آگاہ ہونا چاہیے اور اہم فیصلوں میں خود مختار ہونا ضروری ہے۔

    اداکارہ نے معاشرتی تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کل نوجوان نسل کے رویوں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ اب لڑکے اور لڑکیاں اپنے شریک حیات کے ماضی کے بارے میں زیادہ سوالات نہیں کرتے اور طلاق جیسے معاملات کو بھی پہلے کی نسبت کم اہمیت دی جاتی ہے۔

  • فارن فنڈنگ کیس،عمران خان کے وکیل کا دوران سماعت چیٹ جی پی ٹی کا حوالہ

    فارن فنڈنگ کیس،عمران خان کے وکیل کا دوران سماعت چیٹ جی پی ٹی کا حوالہ

    فارن فنڈنگ کیس میں دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے چیٹ جی پی ٹی کا حوالہ بھی دیا۔

    بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کا چالان جمعرات کو بھی عدالت میں جمع نہیں کرایا گیا اور عدالت کو بتایا گیا کہ رجسٹرار بینکنگ کورٹ کی جانب سے چالان کی اسکروٹنی جاری ہے،دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل نے چیٹ جی پی ٹی کا حوالہ دیا اور کہا چیٹ جی پی ٹی کہتا ہے رجسٹرار کیس کے چالان کی اسکروٹنی نہیں کرسکتا، یہ کون سا کیس ہے جس میں اسکروٹنی رجسٹرار کررہا ہے، پراسیکیوٹر نے جواب دیتے ہوئے کہا شاید انہیں معلوم نہیں خصوصی عدالتوں میں چالان کی اسکروٹنی رجسٹرار ہی کرتا ہے، یہ اگر چیٹ جی پی ٹی کا کہہ رہے ہیں تو وہ انہیں کیا جواب دیں،عدالت نے دو ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرکے سماعت 11 مئی تک ملتوی کردی۔

  • تجاوزات کے خلاف کاروائی،اسلام آباد کلب اور گن اینڈ کنٹری کلب کی دستاویزات کی چھان بین

    تجاوزات کے خلاف کاروائی،اسلام آباد کلب اور گن اینڈ کنٹری کلب کی دستاویزات کی چھان بین

    وفاقی دارالحکومت میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم نے اب اشرافیہ کے مراکز کا رخ کر لیا، جہاں حکام نے بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ قانون کی نظر میں کوئی بھی بالاتر نہیں۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد کلب کے تقریباً 52 کنال رقبے کو جانچ پڑتال کے دائرے میں لایا گیا ہے، جہاں زمین کے استعمال اور الاٹمنٹ سے متعلق دستاویزات کی چھان بین جاری ہے۔ اسی طرح گنز اینڈ کنٹری کلب کا 252 کنال وسیع رقبہ بھی حکام کی نظر میں آ گیا ہے، جس کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ مذکورہ زمین نہ تو باضابطہ لیز پر ہے اور نہ ہی اس کی کوئی قانونی الاٹمنٹ موجود ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انسدادِ تجاوزات آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا اور کسی بھی ادارے یا شخصیت کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ حکام کے مطابق سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، چاہے اس کا تعلق عام افراد سے ہو یا بااثر حلقوں سے۔

    علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسدادِ تجاوزات آپریشن کی نگرانی کی، جس کے دوران کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے گرین بیلٹ پر قائم ایف سی کیمپ آفس کو مسمار کر دیا، بظاہر دیگر قابضین کو سخت پیغام دینے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا،وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے۔ کارروائی کے دوران میریٹ ہوٹل اور ایوب چوک کے قریب گرین بیلٹ پر قائم ایف سی کیمپ آفس کو بھی گرا دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق یہ آپریشن وزیر داخلہ محسن نقوی کی نگرانی میں کیا گیا، جن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو بغیر کسی دباؤ اور امتیاز کے ختم کیا جا رہا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف سی کیمپ آفس کے لیے متبادل قانونی جگہ فراہم کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تجاوزات اور لینڈ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، اور کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے کو ریاستی زمین پر قبضہ یا تعمیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسلام آباد کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنا اور تجاوزات کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ اعلامیے کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف بھی موجود تھے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ سی ڈی اے کے ریکارڈ کے مطابق اسلام آباد کلب تقریباً 52 کنال اراضی پر غیر قانونی قبضے میں ہے، تاہم کلب انتظامیہ اس دعوے سے اختلاف کرتے ہوئے کہتی ہے کہ وہ اس معاملے کے حل کے لیے سی ڈی اے سے رابطے میں ہے۔اسی طرح گن اینڈ کنٹری کلب، جو 252 کنال پر قائم ہے، کے پاس بھی سی ڈی اے کی جانب سے کوئی الاٹمنٹ یا لیز دستاویز موجود نہیں ہے۔

    حال ہی میں سی ڈی اے کے ایک افسر نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سرکاری زمین واگزار کرانے کے لیے ان دونوں کلبوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔مزید برآں، سی ڈی اے کے اپنے ریکارڈ کے مطابق تقریباً 40 ہاؤسنگ سوسائٹیز کے زیر قبضہ 15 ہزار کنال امینٹی لینڈ موجود ہے۔ ان سوسائٹیز نے اپنے لے آؤٹ پلان جمع کراتے وقت یہ زمین سی ڈی اے کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا تھا۔یہ امینٹی لینڈ سڑکوں، گرین بیلٹس، قبرستانوں، مساجد، اسکولوں اور پارکس کے لیے مختص تھی، تاہم کئی کیسز میں ہاؤسنگ سوسائٹیز نے اس زمین پر رہائشی اور کمرشل پلاٹس بنا لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ معاملہ قومی احتساب بیورو کی نظر میں بھی ہے۔اسی طرح متعدد نجی گھروں کے مالکان نے بھی مختلف سیکٹرز میں اپنے گیراج اور لان بڑھا کر گرین بیلٹس اور خالی اراضی پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔

    سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران تجاوزات کے خلاف ادارے کی کارکردگی مؤثر رہی ہے، اور بری امام، سید پور اور بعض کچی آبادیوں میں بڑی مقدار میں سرکاری زمین واگزار کرائی گئی ہے۔ حکام کے مطابق مارکیٹوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی آپریشن جاری ہے۔