اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ انبیائے کرام اور مقدس شخصیات کی شبیہ، بصری تمثیل یا ان مقدس شخصیات کی نمائندگی کرنے والے کسی بھی بصری مواد کی اشاعت شرعاً ناجائز ہے ،لہذا اس سے مکمل اجتناب کیا جائے-
اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ملکی صورتحال، قانونی امور اور عوامی مفاد سے متعلق مختلف معاملات پر غور کیا گیا اور متعدد قراردادیں منظور کی گئیں۔
اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ انبیائے کرام اور مقدس شخصیات کی شبیہ، بصری تمثیل یا ان مقدس شخصیات کی نمائندگی کرنے والے کسی بھی بصری مواد کی اشاعت شرعاً ناجائز ہے ، اس عمل سے مکمل اجتناب کیا جائے تاکہ ان پاک ہستیوں کے مقام اور مرتبے کا تقدس برقرار رہے پیمرا کا نوٹس خوش آئند عمل ہے، ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، آزادی اظہار رائے اور مذہبی حساسیت کے درمیان ذمہ دارانہ توازن ضروری ہے–
کونسل نے اس امر پر بھی زور دیا کہ آزادیٔ اظہار رائے اور مذہبی حساسیت کے درمیان ذمہ دارانہ توازن برقرار رکھنا ناگزیر ہے، جبکہ میڈیا اداروں میں مؤثر ایڈیٹوریل نگرانی اور پیشگی جانچ پڑتال کا ایسا نظام وضع کیا جائے جو مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنا سکے۔
