Baaghi TV

Category: بلوچستان

  • گورنر بلوچستان کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

    گورنر بلوچستان کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے ملاقات کی-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری بھی موجود تھے. ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی صورتحال، آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں تحریک انصاف کی جیت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا-

    گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات، خاص طور پر کوئٹہ سے کشمیری پناہ گزینوں کیلئے مخصوص نشستیں جیتنے پر وزیر اعظم پاکستان کو مبارکباد دی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے گورنر بلوچستان کو ہدایت کی کہ وہ بلوچستان کے تمام اضلاع کاباقاعدہ دورہ کریں تاکہ عوام کے مسائل کے پائیدار حل کے حوالے سے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے-

    بعد ازاں گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا سے وفاقی وزیر اسد عمر اور وفاقی وزیر قانون فرخ نسیم نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی –

  • کوہلو:عید الضحیٰ کے موقع پرلیویز اور پولیس کی جانب سے سیکورٹی پلان تیار

    کوہلو:عید الضحیٰ کے موقع پرلیویز اور پولیس کی جانب سے سیکورٹی پلان تیار

    کوہلو: ضلع کوہلو میں عیدالضحٰی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے لیویز اور پولیس کی جانب سے سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوہلو میں عیدالحضی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے لیویز فورس کے 249 جوان ڈیوٹیاں جبکہ پولیس کے 95 جوان و افسران ڈیوٹی سر انجام دیں گے-

    لیویز کے جوانوں میں ایک رسالدار میجر، 4 رسالدار ،2 نائب رسالدار ،18 دفعدار 12 حوالدار، 5 ڈرائیور، 157 سپاہی اور 50 لیویز کمانڈوز شامل ہیں-

    جبکہ پولیس کے نفری میں ایس پی، آئی پی ،ایس آئی 5 ، اے ایس آئی 5 ،ہیڈ کانسٹیبل 23 ،کانسٹیبل 60 شامل ہیں جو کہ کوہلو و گردوں نواح کے مساجد و عید گاہ میں ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے-

    ملک بھر میں دہشت گردی کا خطرہ: وزیراعظم نے عسکری قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

    دوسری جانب ملک بھر میں دہشت گردی کا خطرہ ہے جس کے باعث آئی جی پنجاب انعام غنی نے پورے پنجاب پولیس کی عید کی چھٹی ختم کردی تمام سکیورٹی فورسز اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی عید پر سب ڈیوٹی کریں گے –

    ملک کو ہائی الرٹ کردیا گیا ملک بھر کے ہسپتالوں کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا اور دہشت گردی کے اس تھریڈ کے بارے میں اقدامات کرنے کے لئے وزیر اعلٰی عمران خان نے عسکری قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے-

  • حیدر آباد سے اغوا ہونے والی کم سن بچی بلوچستان سےعین نکاح کے وقت بازیاب

    حیدر آباد سے اغوا ہونے والی کم سن بچی بلوچستان سےعین نکاح کے وقت بازیاب

    سندھ کے ضلع حیدر آباد سے اغوا ہونے والی کم سن بچی کو پولیس نےعین نکاح کے وقت بازیاب کرالیا سندھ پولیس کے مطابق بچی کو پہلے اغوا کیا گیا اور بعد میں اس کی شادی تین گنا بڑی عمر کے مرد کے ساتھ کروائی جا رہی تھی

    باغی ٹی وی : برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سندھ پولیس نے بچی کو بلوچستان کے علاقے جعفرآباد سے بازیاب کرایا بی بی سی نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ بچی کو عین اس وقت بازیاب کروایا گیا جب نکاح کی تقریب جاری تھی اور کمسن بچی سے زبردستی دو بار رضا مندی لے لی گئی تھی جبکہ تیسری بار ہاں کرنے سے پہلے ہی اسے بازیاب کروا لیا گیا۔

    سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں تعینات سب ڈویژنل پولیس آفیسر سٹی سرکل اسسٹنٹ سپرنٹینڈنٹ آف پولیس علینہ راجپر نے بی بی سی کواس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حیدر آباد کے علاقے نسیم نگر کی 13 سالہ کمسن بچی نگینہ (فرضی نام) مقامی سکول میں چھٹی جماعت کی طالبہ ہے اور اس کے والد کچھ عرصہ پہلے وفات پا چکے تھے۔

    پولیس کے مطابق ان کے ہمسائے میں ایک خاندان جو کہ کچھ عرصہ پہلے ہی اس علاقے میں منتقل ہوا تھا اور اس گھر میں رہنے والی خاتون کا ان کے گھر کبھی کھبار آنا جانا تھا۔

    اے ایس پی علینہ کے مطابق بازیاب بچی کے بیان کے بقول گذشتہ ماہ کی 18 تاریخ کو وہ تیار ہو کر سکول جارہی تھی کہ اس خاتون نے بچی کو پیدل سکول جاتے دیکھ کر کہا کہ وہ پیدل سکول کیوں جارہی ہے؟ اس خاتون نے ایک رکشہ کرائے پر لیا اور اسے اس رکشے میں سوار کروایا اور خود بھی اس رکشے میں بیٹھ گئیں۔

    بچی کے بیان کے مطابق سکول کی عمارت قریب آنے سے پہلے رکشے والے کو اشارہ کرکے دوسری سڑک پر جانے کو کہا جہاں پر پہلے ہی سے ایک گاڑی کھڑی ہوئی تھی جس میں اس خاتون کا بیٹا عبدالشکور پہلے سے ہی موجود تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچی نے مزید بتایا کہ اس خاتون نے اسے رکشے سے اتار کر زبردستی گاڑی میں سوار کروایا اور اسے نامعلوم مقام پر لے گئے۔

    بچی نے پولیس کو بتایا کہ جب اسے زبردستی گاڑی میں سوار کیا جا رہا تھا تو اس نے شور مچانا شروع کردیا لیکن اس خاتون نے اس کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا پھر اس کے بعد اسے بے ہوش کردیا گیا۔

    بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اے ایس پی علینہ راجپر کے مطابق پولیس نے پہلے دو تین دن تو اس واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا اور پولیس اور ان کے گھر والے اپنے تئیں اس کو تلاش کرتے رہے۔

    انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ بچی کے والدین کی تو کسی سے دشمنی بھی نہیں تھی اور نہ ہی وہ اتنے امیر تھے تو پھر اس بچی کو کون اغوا کرسکتا ہے؟ جب کمسن بچی کا سراغ نہ ملا تو پولیس نے علاقے کی ریکی کرنا شروع کردی تو معلوم ہوا کہ ان کی گلی میں کچھ لوگ حال ہی میں شفٹ ہوئے تھے اور اس واقعہ کے بعد وہ پورا خاندان غائب تھا۔

    انھوں نے کہا کہ کمسن بچی کی والدہ کے بقول اس خاتون کا کبھی کبھار ان کے گھر آنا جانا ہوتا تھا اور اس خاتون کے بیٹے عبدالشکور کے زیر استعمال جو موبائل نمبر تھا وہ مغوی بچی کی والدہ کو معلوم تھا۔

    اے ایس پی علینہ کے مطابق پولیس نے اس نمبر پر جب بھی رابطہ کیا تو وہ بند ملا تاہم جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے پولیس کو یہ معلوم ہوا کہ پورے دن میں یہ موبائل صرف پانچ منٹ کے لیے آن ہوتا ہے جس کے بعد وہ بند ہو جاتا ہے اور اس موبائل کی لوکیشن سکھر کی بتائی جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس کی متعدد ٹیمیں وہاں پہنچیں اور یہ موبائل رات کے پچھلے پہر کچھ دیر کے لیے آن ہوتا تھا اور پھر بند ہوجاتا تھا تو ایسے حالات میں ملزمان کا سراغ لگانا بہت مشکل تھا اس عرصے کے دوران اغوا ہونے والی کمسن بچی کا اپنی والدہ کو فون آیا اور اس نے اپنی والدہ کو بتایا کہ اسے اغوا کیا گیا ہے اور وہ اس وقت سکھر میں ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جس نمبر سے ٹیلی فون آیا تھا جب اس کی لوکیشن معلوم کی گئی تو وہ بلوچستان کے علاقے جعفر آباد کی آرہی تھی۔سندھ پولیس نے بلوچستان پولیس سے رابطہ کیا اور اجازت ملنے کے بعد پولیس کی دو ٹیمیں جعفرآباد میں اس علاقے میں گئیں جہاں سے یہ موبائل استعمال ہوا تھا۔

    علینہ راجپر کے مطابق پولیس حکام نے علاقے کے با اثر لوگوں سے بھی رابطہ کیا اور انھیں اس واقعہ کے بارے میں بتایا علاقے کے لوگوں نے ملزمان کے گھر تک پہنچانے میں پولیس کی مدد کی۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس نے جب کمسن بچی کی بازیابی کے لیے چھاپہ مارا تو اس وقت نکاح کی تقریب ہو رہی تھی اور محلے کا مولوی کمسن بچی کا نکاح چالیس سالہ شخص ارشار عرف معشوق سے پڑھوا رہا تھا اس نکاح سے متعلق اس کمسن بچی کی رضامندی حاصل کی جارہی تھی اگر پولیس تھوڑی سی بھی لیٹ ہوجاتی تو اس کمسن بچی کا نکاح ملزم ارشاد سے ہو جانا تھا۔

    ملزم ارشاد کے بارے میں اے ایس پی کا کہنا تھا کہ وہ قتل کے دو مقدمات میں اشتہاری ہے اور وہ اس مقدمے میں نامزد دوسرے ملزم عبدالشکور کا رشتہ دار ہےپولیس نے جب بچی کی بازیابی کے لیے گھر پر چھاپہ مارا تو اس وقت ملزم کی والدہ اور اس کا رشتہ دار عبدالشکور گھر پر موجود نہیں تھے۔

    علینہ راجپر کے مطابق بازیابی کے بعد کمسن بچی نے پولیس کو بتایا کہ اس گھر میں چار خواتین موجود تھیں جو اس سے گھر کی صفائی اور برتن دھونے کا کام کرواتی تھیں اگر کہیں غلطی ہوجاتی تو اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا۔

    اے ایس پی کے مطابق بازیاب ہونے والی بچی کا کہنا تھا کہ ایک دن گھر کی صفائی کے دوران ایک کمرے میں موجود موبائل، جو کہ گھر میں موجود خواتین کے زیر استعمال تھا، کو پکڑا اور باتھ روم میں جا کر اپنی والدہ کو اس نمبر سے کال کی تھی جب وہ اپنی والدہ کو فون کر رہی تھی تو اس نے باتھ روم میں پانی کا نل چلا دیا تھا تاکہ باہر آواز نہ جائے اگر لڑکی اس موبائل سے اپنی والدہ کو فون نہ کرتی تو شاید اس بچی کا سراغ لگانا ناممکن ہو جاتا۔

    کمسن بچی کو بازیاب کروانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں علینہ راجپر کا کہنا تھا کہ پولیس نے سب سے پہلے ملزم کے بھائی کے زیر استعمال موبائل کا ڈیٹا متعلقہ موبائل کمپنی سے حاصل کیا اور اس کے بعد جہاں پر یہ فون استعمال ہو رہا ہے اس کے قریبی موبائل ٹاور کی لوکیشن معلوم کرکے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اس موبائل نمبر پر جنتی کالیں موصول ہوئیں اور جتنی کالیں کی گئیں اس کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا اور جن نمبروں سے زیادہ مرتبہ کالیں آئی ہوں یا کالیں کی گئی ہوں تو اس نمبر پر کال کر کے ملزم کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

  • اسسٹنٹ کمشنر گوادرنے مضرصحت پانی کی فروخت پر نوٹس لے لیا

    اسسٹنٹ کمشنر گوادرنے مضرصحت پانی کی فروخت پر نوٹس لے لیا

    اسسٹنٹ کمشنرگوادرنے کاروائی کی ہے، واٹر پلانٹ کے ذریعے مضر صحت پانی کی فروخت کا معاملہ پیش آیا ہے، شہریوں نے اے سی گوادر کو شکایت کی ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے آر او پلانٹ میں مضر صحت پانی فروخت کیا جارہا ہے.

    اسسٹنٹ کمشنر گوادر نے شہر کے تمام واٹر پلانٹ میں فلٹر ہونے والے پانی کا معائنہ کیا ہے، پلانٹ معائنے کے دوران شہر میں چار آراو پلانٹ کو سیل کردیا گیا ہے، چاروں پلانٹ میں صفائی کے مناسب انتظامات نہ ہونے اورآلودہ پانی کو فلٹرکیا جارہا تھا، شہریوں کو فروخت ہونے والے پانی کو صاف ہونا چاہئے پلانٹ مالکان صفائی کو یقینی بنائیں ، اسسٹنٹ کمشنر گوادرکی شہریوں کو مہنگے داموں پانی فروخت کرنے والے پلانٹ مالکان کو وارننگ دی گئی ہے، شہریوں کی جانب سے دوبارہ شکایت موصول ہونے پر پلانٹ کو سیل کیا جائے گا.

  • ذاتی دشمنی نے خواتین کو اسلحہ اٹھانے پر مجبور کردیا

    ذاتی دشمنی نے خواتین کو اسلحہ اٹھانے پر مجبور کردیا

    صوابی میں دو پردہ پوش خواتین کی جوڈیشل کمپلیکس شاہ منصورمیں اسلحہ لے جانے نے کوشش کی ہے، جو پولیس نے ناکام بنادی ہے،
    ان خواتین سے دوعدد پستول بمعہ دومیگزین اوردرجنوں کارتوس برآمد کر لیے گئے ہیں.
    ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان کی وضع کردہ ہدایات پرجوڈیشل کمپلکیس شاہ منصورکے اطراف اورمین گیٹ پرسیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے.

    دوخواتین مسماة (ر) زوجہ انعام اورمسماة (ر) زوجہ لیاقت ساکنان بام خیل نے پستول بمع کارتوس عدالت لے جاتے ہوئے گیٹ پرموجود سب انسپکٹراخترمنیر کی نگرانی میں لیڈی کنسٹبلز نے دوران تلاشی لی ہے، خواتین کے قبضہ سے دوعدد پستول برآمد کیے گئے ہیں،
    گرفتارشدہ ملزمان کا فریق دوئم سے قتل ومقاتلی کی دشمنی چلی آرہی ہے، فریقین مخالف عدالت پیشی کے لیے اندرداخل ہوئے توانہوں نے بھی اندرجانے کی کوشش کی ہے.

    اس موقع پر ڈی ایس پی صوابی سٹی بشیر احمد یوسفزئی اور ایس ایچ او زیدہ انسپکٹر شفیع الرحمن نے موقع پر پہنچ کرملزمان کے خلاف تھانہ زیدہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے، مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے.

  • بلوچستان کے نامزد گورنر سید ظہور آغا آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے

    بلوچستان کے نامزد گورنر سید ظہور آغا آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے

    بلوچستان کے نامزد گورنر سید ظہور آغا آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے-

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سید ظہور آغا کو گورنر بلوچستان مقرر کیا گیا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے تاہم آج سید ظہور آغا آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے-

    حلف برداری کی سادہ اور پروقار تقریب گورنر ہاؤس میں ہوگی حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کی شرکت متوقع ہے –

    تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور اعلیٰ سول فوجی حکام بھی شرکت کریں گے۔

    واضح رہے کہ گورنر بلوچستان امان اللّٰہ یاسین زئی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے نئے گورنر بلوچستان کا تقرر کیا تھا۔

  • باپ بیٹے کے ہاتھوں زخمی ہوگیا

    باپ بیٹے کے ہاتھوں زخمی ہوگیا

    صوابی پرمولی میں گزشتہ شب نامعلوم ملزمان نے مسمی شیرآمان سکنہ پرمولی پر اندھا دھند فائرنگ کی ہے، چھ گولیاں لگنے سے وہ شدید زخمی ہوگئے ہیں، ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے.
    اس اندھے کیس پرڈی پی او صوابی محمد شعیب خان نے مقامی پولیس کو ملزمان کو ٹریس اورگرفتار کرنے کا ٹاسک سونپا تھا، جس پرڈی ایس پی رزڑ پشم گل خان کی قیادت میں ایس ایچ او پرمولی سب انسپکٹر سبحان اللہ جدون اورتفتیشی آفیسران نے بہترین تفتیش اورحکمت عملی اپناتے ہوئے اورساتھ ہی ملزم کی نشاندہی پرمعلوم ہوا کہ اصل ملزم مجروح کا بیٹا بلال ہے، جس پرایس ایچ او پرمولی سبحان اللہ جدون بمع پولیس ٹیم نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے ملزم بلال کو گرفتار کیا ہے، ملزم نے دورانِ تفتیش راز اُگل دئے ہیں، ملزم نے کہا کہ والد نے دوسری شادی کی تھی، اِسی رنجش کی وجہ سے ملزمان حماد اللہ سکنہ شیخ جانہ اورکاظم سکنہ پرمولی کے ساتھ مل کرباپ کے سرپر 70ہزارروپے اجرت دیکر قتل کرنے کا پلان بنایا اوریوں گزشتہ رات والد پر فائرنگ کھول دی۔
    پرمولی پولیس نے ملزمان کو گرفتارکرکے پابند سلاسل کیا ہے، ملزم کے قبضہ سے آلہ ضرر پستول بمع کارتوس برآمد ہوا ہے، مزید تفتیش جاری ہے.

  • گوادرمیں بھاری مقدارمیں منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی

    گوادرمیں بھاری مقدارمیں منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی

    منشیات سمگلروں کے خلاف بڑی کاروائی کی گئی ہے، پاکستان کوسٹ گارڈزنے گوادرمیں خفیہ اطلاع ملنے پرکاروائی کرتے ہوئے بھاری مقدارمیں منشیات برآمد کرلی گئی ہیں، 93 کلوگرام اعلی کوالٹی کی ہیروئن برآمد کی گئی ہے، منشیات گوادر کے علاقے نیوٹاؤن ایئرپورٹ روڈ کے پاس چھپائی گئی تھیں، پکڑی جانے والی منشیات سمندر کے راستے بیرون ملک اسمگل ہونا تھیں، پکڑی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 25.389 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہیں، اسمگلروں کوگرفتارکرکے تفتیش کی جا رہی ہے، ڈائریکٹرجنرل پاکستان کوسٹ گارڈزنے جوانوں کی اس انتھک محنت اوراعلیٰ کارکردگی کو سراہا ہے.

  • قدرتی وسائل سے بھرپور بلوچستان پرتوجہ دے رہے ہیں عمران خان

    قدرتی وسائل سے بھرپور بلوچستان پرتوجہ دے رہے ہیں عمران خان

    وزیرِ اعظم عمران خان نے گوادر میں جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکیج پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی ہے، بریفنگ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزراء میں اسد عمر، مخدوم شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، علی زیدی، زبیدہ جلال، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، وزیرِاعلی بلوچستان جام کمال، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹینینٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزراء اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت. کی ہے.

    اجلاس کو حکومت کے بلوچستان پر خصوصی توجہ کے ویژن کے تحت تاریخی بلوچستان پیکیج پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے، وفاقی اورصوبائی ادارے مل کر پیکیج پر جاری کام کی نگرانی کررہے ہیں، منصوبوں کی ترجیحی تکمیل کو یقینی بنا رہے ہیں، 654 ارب کے مجموعی پیکیج میں سے رواں مالی سال میں 99.38 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے، جس میں ٹرانسپورٹ و بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، صاف پانی کی فراہمی و بہتراستعمال، زراعت و لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، صنعت و تجارت، افرادی قوت و تعلیم اوردیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں، پیکیچ میں کل 1100 کلومیٹرکا سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، جو بلوچستان کے لوگوں کو نقل و حرکت میں آسانی کے ساتھ ساتھ زرعی اجناس کو منڈیوں تک پہنچانے میں اہم کردارادا کرے گا، پیکیج میں پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے سات بڑے ڈیمز اور100 کے قریب چھوٹے ڈیمز کی تعمیر بھی شامل ہے، انکرا، سواد اور شادی کورڈیم گوادرمیں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہونگے، اسکے علاوہ آبپاشی کے نظام کی بہتری اور زراعت کیلئے پانی کی فراہمی ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پلان کے نفاذ میں معاونت اورزرعی پیداوارمیں اضافے کا وسیلہ بنیں گے، اسکے علاوہ اجلاس کو بتایا گیا کہ پیکیج کے تحت موجودہ بجلی کی فراہمی کو 12 فی صد سے بڑھا کر 57 فی صد کیا جائے گا، اسکے علاوہ ایل پی جی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا.

    تعلیم کیلئے ایسپائر کے نام سے ایک جامع منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت ٹیلی سکولنگ سے دوردراز کے علاقوں کے طلباء کو فاصلاتی تعلیم کی فراہمی کی جا رہی ہے، وسیلہِ تعلیم کے تحت 25000 بچوں کو تعلیم دی جا رہی ہے، جبکہ گوادراورخاران میں کیڈت کالجزاورتربت، پشین اور خضدار میں خواتین کیلئے یونیورسٹیوں کا قیام بھی منصوبے میں شامل ہیں، فاصلاتی تعلیم کے ذریعے 6 لاکھ 40 ہزار بچے تعلیم سے مستفید ہو سکیں گے، مزید منصوبے میں احساس کے تحت پانچ ہزار خاندانوں کی مالی معاونت بھی کی گئی ہے، جبکہ مزید بیس ہزار خاندانوں کیلئے سروے جاری ہے.

    ڈیجیٹل بلوچستان کے تحت کیچ، گوادر، چاغی اور نوشکی میں ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی کو بہتربنانا، بڑی شاہراہوں کے اطراف ہائی سپیڈ انٹر نیٹ کی فراہمی اور35 ہزارنوجوانوں کواگنائیٹ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل سکلزکی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، صنعت اورتجارت کے حوالے سے گبد، مند اورچیدگی میں مشترکہ بارڈر مارکیٹس، وشوک، ماشکیل اور تربت میں کھجوروں کی پروسیسنگ کے پلانٹس، ماربل کی بین الاقوامی معیار کی صنعتیں، خضدارمیں زیتون کے تیل کے پلانٹ، گوادر میں کشتی بانی کی صنعت کا استحکام و جدت اور مائننگ کی جدید مشینری کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی اجلاس کو آگاہ کیا ہے.

    وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، تاریخ میں پہلی بار ہے کہ کوئی حکومت قدرتی وسائل اور باصلاحیت افرادی قوت سے بھرپور صوبے بلوچستان پرتوجہ دے رہی ہے، سڑکوں کے جال، صنعتی ترقی سے روزگار کی فراہمی، زراعت کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں.

  • گورنر بلوچستان نے انصاف تک رسائی کو ممکن بنانے میں وکلاء کے کلیدی کردار سراہا

    گورنر بلوچستان نے انصاف تک رسائی کو ممکن بنانے میں وکلاء کے کلیدی کردار سراہا

    گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ قانون اورانصاف کی بالادستی کو یقینی بنانے سے ہی ظلم اوراستحصال سے پاک انسانی معاشرے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے، عوام میں حقوق و فرائض کے احساس کو اجاگر کرنے اور عدل وانصاف تک رسائی کو ممکن بنانے میں وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے، صوبہ کے معتدل اور روشن فکر افراد پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں جمہوری رویوں فروغ دینے، اختلاف رائے کا احترام پیدا کرنے اورانسانی عظمت کو اُجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں، ٹیکنالوجی کی تیزرفتار ترقی اور خاص طور سے وکالت پر اسکے اثرات نے مقابلہ کے رحجان کو بہت بڑھا دیا ہے، بطور ایک ذمہ دار شخص آپ کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ اپنی محنت اور قابلیت کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کریں، وکلاء برادری کو درپیش مسائل ومشکلات کے پائیدار حل کیلئے ہرسطح پر اُن کیلئے بھرپورآواز اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے.
    اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نذر بلوچ، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل جمیل بوستان، پی ٹی آئی بلوچستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید میرعلی آغا اور طلحہ سہیل بھی موجود تھے.