Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • سیالکوٹ: مبینہ پولیس مقابلہ، ساتھی کی گولی سے خطرناک ڈاکو ہلاک، دوسرا فرار

    سیالکوٹ: مبینہ پولیس مقابلہ، ساتھی کی گولی سے خطرناک ڈاکو ہلاک، دوسرا فرار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ نیکاپورہ پولیس کی جانب سے ایمن آباد روڈ، رام گڑھا چوک کے قریب ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے کے دوران ایک خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد کو ناکہ بندی کے دوران رکنے کا اشارہ کیا، جس پر انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور نالہ ایک کی جانب فرار ہونے لگے۔ پولیس نے فوری جوابی حکمتِ عملی اپناتے ہوئے دفاعی پوزیشن سے فائرنگ کا جواب دیا اور ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔

    فائرنگ کے تبادلے کے بعد جب علاقہ میں سرچ آپریشن کیا گیا تو نالہ ایک کے قریب ایک ملزم کی لاش ملی جو اپنے ہی ساتھی کی گولی کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ہلاک ہو چکا تھا۔ ہلاک ملزم کی شناخت معصوم عرف موما کے نام سے ہوئی ہے جو اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی اور پولیس مقابلوں سمیت 17 سنگین مقدمات میں ملوث اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقہ بھر میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور پولیس ٹیمیں متحرک ہیں۔

    پولیس نے بتایا کہ واقعہ کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے اور ملزم کے مجرمانہ ریکارڈ کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔

  • بہاولپور: سسرالیوں سے تنگ خاتون کی بچیوں سمیت نہر میں چھلانگ، ایک بچی  حالت نازک

    بہاولپور: سسرالیوں سے تنگ خاتون کی بچیوں سمیت نہر میں چھلانگ، ایک بچی حالت نازک

    بہاولپور (باغی ٹی وی) تحصیل خیرپور ٹامیوالی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر ایک خاتون نے اپنی تین کمسن بچیوں کے ساتھ نہر میں کود کر خودکشی کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق خاتون کو سسرال میں روزانہ کے جھگڑوں اور ناروا سلوک کا سامنا تھا، جس پر وہ ذہنی دباؤ میں آ گئی اور انتہائی اقدام اٹھا لیا۔

    واقعے کے وقت اہل علاقہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون اور تینوں بچیوں کو نہر سے زندہ نکال لیا۔ مقامی افراد کے مطابق خاتون اپنے دیور اور سسرالی رشتہ داروں کے رویے سے شدید پریشان تھی۔ بچیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال خیرپور ٹامیوالی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ متاثرہ خاتون اور بچیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی غور جاری ہے۔

  • اوچ شریف: ستلج میں نہاتے ہوئے نوجوان ڈوب گیا، ساتھی موقع سے فرار

    اوچ شریف: ستلج میں نہاتے ہوئے نوجوان ڈوب گیا، ساتھی موقع سے فرار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے بستی چاکر خان کے مقام پر دریائے ستلج میں نہاتے ہوئے ایک نوجوان ڈوب گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں نوجوان کشتی کے ذریعے دریا عبور کر کے نہانے کے لیے پانی میں اترے، مگر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث ایک نوجوان تیز لہروں کی نذر ہو کر ڈوب گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں افراد نے بغیر کسی حفاظتی جیکٹ یا تیراک کی مدد کے دریا میں چھلانگ لگا دی۔ حادثے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کر دی، جب کہ ریسکیو 1122 کی ٹیم کو بھی اطلاع دے دی گئی۔

    تاہم ڈوبنے والے نوجوان کی لاش تاحال برآمد نہیں ہو سکی۔واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ دریا کے کنارے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • ٹھٹھہ: پولیس کا منشیات فروشوں اور گٹکا ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، 24 ملزمان گرفتار

    ٹھٹھہ: پولیس کا منشیات فروشوں اور گٹکا ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، 24 ملزمان گرفتار

    ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ٹھٹھہ پولیس نے منشیات فروشوں اور گٹکا مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 24 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں 19 گٹکا فروش اور 5 منشیات فروش شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران 2850 پیکٹ گٹکا ماوا، 56 بیگز دیسی شراب، 115 گرام چرس، 1 موٹر سائیکل اور 2 موبائل فونز برآمد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی قیادت میں پولیس نے مختلف علاقوں میں منظم کریک ڈاؤن کیا۔ تھانہ ٹھٹھہ کے ایس ایچ او سب انسپیکٹر مظفر علی خالدی نے کارروائی کرتے ہوئے خطرناک گٹکا ڈیلر شاھنواز ولد حاجی خان بروہی کو گرفتار کرلیا۔

    دیگر کارروائیاں ٹھٹھہ، مکلی، گھارو، ساکرو، دہابیجی، جھرک، گھوڑاباڑی اور سی آئی اے پولیس کی جانب سے عمل میں آئیں، جن میں عبدالقادر گھرانو، عبدالعزیز قمبرانی، امان اللہ سمیجو، گل حسن کلمتی، عبدالرشید ملاح، محمد ارمان انصاری، بلاول سمیجو، توقیر سومرو، عبدالستار عرف چھوٹو پٹھان، اللہ واریو میربحر، ارشد ملاح، فیصل منگنھار، مجیب شاہ، افضل شیخ، اشوک کمال، عظیم عمرانی، ذوالفقار ببر، نیاز جاکھرو سمیت دیگر کو گرفتار کیا گیا۔

    منشیات فروشوں میں فیاض چانڈیو، دلبر علی عرف ببی، گلزار علی بابلی، حسین خاصخیلی اور کرامت جھویو شامل ہیں۔ پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف گٹکا ایکٹ، منشیات آرڈیننس اور نارکوٹکس ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ کا کہنا ہے کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

  • اوکاڑہ: خاتون قتل کیس کا فیصلہ، مجرم محمد آصف کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانہ

    اوکاڑہ: خاتون قتل کیس کا فیصلہ، مجرم محمد آصف کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سیشن جج اوکاڑہ راجہ قمر الزمان کی عدالت نے خاتون قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے مجرم محمد آصف کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6 ماہ قید کاٹنا ہوگی۔

    استغاثہ کے مطابق نومبر 2022 میں چک نمبر 2 فور ایل، عامر کالونی اوکاڑہ میں گھریلو تنازعے پر محمد آصف نے فائرنگ کر کے رانیہ بی بی نامی خاتون کو قتل کر دیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ نمبر 1796/25 تھانہ صدر اوکاڑہ میں درج کیا گیا تھا۔ سیشن عدالت میں مکمل ٹرائل کے بعد جرم ثابت ہونے پر عدالت نے سزا کا فیصلہ سنایا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اوکاڑہ نے کیس کی مؤثر تفتیش پر تفتیشی افسر اور لیگل ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ کسی بے گناہ کو قتل کرنے والا کسی رعایت کا مستحق نہیں۔

  • اوکاڑہ: بارش کے باعث چھت گرنے سے 5 سالہ بچی جاں بحق، دو زخمی

    اوکاڑہ: بارش کے باعث چھت گرنے سے 5 سالہ بچی جاں بحق، دو زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے نواحی علاقے بنگلہ گوگیرہ کی بستی ریاض احمد میں بارش کے باعث بانسوں سے بنی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 سالہ بچی دعا فاطمہ جاں بحق جبکہ 6 سالہ ارم اور 7 سالہ مہوش شدید زخمی ہو گئیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تینوں بچیاں کمرے میں بیٹھ کر سپارہ پڑھ رہی تھیں۔ اچانک موسلا دھار بارش کے دوران کمزور چھت زمین بوس ہو گئی جس کے نیچے آ کر بچیاں ملبے میں دب گئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کی مدد سے بچیوں کو ملبے سے نکالا۔ زخمی بچیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق بچی کی نعش بھی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ہسپتال بھجوا دی گئی۔ واقعے پر علاقے میں گہرے دکھ اور افسوس کی فضا ہے۔

  • گھوٹکی: بھٹہ برادری کی بھینسیں اور موٹر سائیکلیں برآمد ،جلد ملزمان کی گرفتاری متوقع

    گھوٹکی: بھٹہ برادری کی بھینسیں اور موٹر سائیکلیں برآمد ،جلد ملزمان کی گرفتاری متوقع

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کر لی۔ تھانہ ریتی کی حدود میں بھٹہ برادری اور چارن برادری کے درمیان ذاتی جھگڑے کے نتیجے میں بھٹہ برادری نے چارن برادری کی دو خواتین، بھینسیں اور موٹر سائیکلیں لے لی تھیں۔ واقعے کے بعد چارن برادری نے تھانہ ریتی میں کرائم نمبر 14/2025 کے تحت دفعات 365B، 452، 395، 436، 114، 337h2، 147، 148، اور 149 کے تحت 32 نامزد اور 15 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔

    آج پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھٹہ برادری سے بھینسیں اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں، جنہیں قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کر دیا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • ٹھٹھہ: بلڈر مافیا کا غریب شہری کی زمین پر مبینہ قبضہ، مکان بھی گرا دیا گیا

    ٹھٹھہ: بلڈر مافیا کا غریب شہری کی زمین پر مبینہ قبضہ، مکان بھی گرا دیا گیا

    ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں)گھارو شہر کے رہائشی محمد ایوب خانیو نے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ گھارو کے بااثر لینڈ گریبر عالم شیر ہديو نے ان کی ذاتی زمین پر نہ صرف غیرقانونی قبضہ کر لیا ہے بلکہ وہاں غیرقانونی پلاٹنگ بھی شروع کر دی ہے۔ ایوب خانیو نے پریس کانفرنس کے دوران شدید رنج اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میں ایک غریب انسان ہوں، 8 ایکڑ پر مشتمل یہ زمین میں نے 30 سالہ لیز پر حاصل کی تھی، میرے پاس تمام قانونی دستاویزات موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود طاقت کے زور پر قبضہ کر کے میرا مکان بھی گرایا گیا۔”

    متاثرہ شہری نے بتایا کہ مذکورہ زمین گھارو پمپ ہاؤس کالونی کے قریب جعفر گوٹھ میں واقع ہے جہاں قبضہ مافیا نے سرعام نہ صرف ان کی ملکیت چھینی بلکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ ظلم ہے، قانون کی آنکھوں کے سامنے میرا مکان گرایا گیا اور میں انصاف کے لیے دربدر پھر رہا ہوں۔”

    ایوب خانیو نے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ، اسسٹنٹ کمشنر ساکرو، ایس ایس پی اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر نوٹس لیں، غیرقانونی قبضہ ختم کرائیں اور غیرقانونی پلاٹنگ بند کروائیں۔ انہوں نے عوام کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "یہ زمین میری ذاتی ملکیت ہے، اس پر کوئی بھی فرد پلاٹ خریدتا ہے تو وہ مکمل طور پر غیرقانونی عمل تصور ہو گا اور قانونی کارروائی اس خریدار کے خلاف کی جائے گی۔”

    ایوب خانیو نے عوام سے اپیل کی کہ سازشوں اور فراڈ سے بچیں اور ایسی کسی بھی غیرقانونی سکیم کا حصہ نہ بنیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ ان کی فریاد سنے گی اور انہیں ان کا حق واپس دلایا جائے گا۔

  • اوچ شریف: بیوہ خاتون کا مکان چھین لیا گیا، جان کو خطرہ، انصاف نہ ملا تو خودسوزی کا اعلان

    اوچ شریف: بیوہ خاتون کا مکان چھین لیا گیا، جان کو خطرہ، انصاف نہ ملا تو خودسوزی کا اعلان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اسلام نگر اوچ شریف کی رہائشی بیوہ خاتون کوثر بی بی انصاف کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ آنکھوں میں آنسو، زبان پر فریاد، اور دل میں خوف لیے کوثر بی بی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ اُسے تحفظ دیا جائے اور اُس کا چھینا گیا مکان واپس دلوایا جائے۔

    کوثر بی بی کے مطابق اُس کے شوہر سید محمد رمضان شاہ نے اپنی زندگی میں ہی ڈھائی مرلہ مکان اس کے نام کر دیا تھا تاکہ وہ بیوی کی حیثیت سے باعزت زندگی گزار سکے۔ مگر شوہر کی وفات کے بعد اس کے بھائی، دوسری بیوی، بیٹے اور سوتن کے دیور اختر نے مبینہ طور پر گٹھ جوڑ کر کے مکان پر قبضہ جما لیا اور اُسے زبردستی بے دخل کر دیا۔

    بیوہ خاتون کا کہنا ہے کہ صرف بے گھر ہی نہیں کیا گیا بلکہ اب ان افراد کی جانب سے روزانہ حراساں کیا جا رہا ہے۔ کوثر بی بی نے بتایا کہ وہ مسلسل دھمکیوں، کردارکشی اور عزت پامال کیے جانے جیسے حالات کا شکار ہے۔

    اپنی تحریری درخواست میں کوثر بی بی نے تمام شواہد بھی پیش کیے ہیں اور کہا ہے کہ اگر اُسے انصاف نہ ملا تو وہ خود سوزی پر مجبور ہو جائے گی۔ اس کا کہنا تھا: "کیا بیوہ ہونا جرم ہے؟ کیا ہم اس معاشرے میں صرف مرنے کے لیے رہ گئے ہیں؟”

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کوثر بی بی نہایت شریف اور سادہ لوح خاتون ہے جس کے ساتھ شدید ظلم روا رکھا جا رہا ہے۔ اگر مقامی انتظامیہ نے فوری مداخلت نہ کی تو یہ معاملہ ریاستی نااہلی اور انسانیت سوز غفلت کی علامت بن جائے گا۔

  • کراچی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے 4 دہشتگرد گرفتار

    کراچی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے 4 دہشتگرد گرفتار

    کراچی: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے کراچی کے علاقے قائدآباد سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے کام کرنے والے چار دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

    ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار دہشتگرد 2024 میں دہشتگردی کی تربیت حاصل کرنے کے لیے سجاول کے راستے بھارت گئے تھے۔ایس ایس پی شعیب میمن نے مزید کہا کہ گرفتار دہشتگرد بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے خفیہ ایجنٹ ہیں جو ملک کے خلاف سازشوں میں ملوث تھے۔ ملزمان کے خلاف جاری تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ وہ بھارت میں ایک کرنل سے رابطے میں تھے جو انہیں دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں کی ہدایات فراہم کرتا تھا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے ان کے موبائل فونز برآمد کیے گئے جن سے ملک دشمن مواد، مشکوک رابطے، اور دہشتگردانہ منصوبوں کی تفصیلات حاصل ہوئی ہیں۔ ان مواد کی مدد سے مزید انکشافات متوقع ہیں جو دہشتگرد نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

    اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق یہ گرفتاری ملک میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ایک بڑا قدم ہے۔ ایس ایس پی شعیب میمن نے کہا کہ ایس آئی یو اپنی کارروائیاں تیزی سے جاری رکھے گی تاکہ ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔