Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • ڈسکہ: شادی ہالز میں چھاپہ، صفائی کی خرابی و ون ڈش خلاف ورزی پر جرمانہ

    ڈسکہ: شادی ہالز میں چھاپہ، صفائی کی خرابی و ون ڈش خلاف ورزی پر جرمانہ

    ڈسکہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار ملک عمران)ڈسکہ میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی نے ڈیلائٹ مارکی سمیت شہر کے مختلف شادی ہالز پر اچانک چھاپے مارے۔ چھاپوں کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور ون ڈش پالیسی کی کھلی خلاف ورزی سامنے آئی، جس پر متعلقہ شادی ہالز کو بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے۔

    معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہالز میں موجود کچن ایریا، واش رومز، کھانے کی تیاری و تقسیم کے مقامات اور مہمانوں کے بیٹھنے کے انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض ہالز میں صفائی کے انتہائی خراب حالات تھے، جبکہ متعدد جگہوں پر ون ڈش کی بجائے کئی اقسام کے کھانے پیش کیے جا رہے تھے جو حکومتی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    عثمان غنی نے موقع پر موجود شادی ہالز کے منتظمین کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جاری کردہ ون ڈش پالیسی اور صفائی سے متعلقہ قواعد کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف غیر ضروری اسراف کو روکنے بلکہ عام شہریوں کو صاف ستھرا ماحول مہیا کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈسکہ میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کے مرتکب شادی ہالز کے خلاف آئندہ بھی سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    شہری حلقوں کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کی اس کارروائی کو سراہا جا رہا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف قانون کی بالا دستی قائم ہوگی بلکہ شادی ہالز میں بے ضابطگیوں پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔

  • اوچ شریف: دھوڑکوٹ بند پر درختوں کی غیرقانونی کٹائی، ہوٹل مالکان ملوث

    اوچ شریف: دھوڑکوٹ بند پر درختوں کی غیرقانونی کٹائی، ہوٹل مالکان ملوث

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے دھوڑکوٹ سرکاری بند پر درختوں کی بےدردی سے کٹائی جاری ہے۔ مقامی ہوٹل مالکان مبینہ طور پر ایندھن کے لیے بڑے پیمانے پر درخت کاٹ رہے ہیں، جس سے ماحولیاتی توازن اور سیلابی تحفظ دونوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

    شہریوں نے اس عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیں اور متعلقہ محکمے غیر قانونی درختوں کی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ درخت بند کو مضبوط رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف قدرتی ڈھال کا کردار ادا کرتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق درختوں کی کٹائی کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے لیکن متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ ماہرین ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو علاقہ شدید ماحولیاتی خطرات کی زد میں آ سکتا ہے۔ شہریوں نے بند پر دوبارہ شجرکاری کر کے سرکاری اثاثے کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  • سیالکوٹ:چونڈہ روڈ پر ٹریفک حادثہ، کار کی ٹکر سے 5 افراد زخمی

    سیالکوٹ:چونڈہ روڈ پر ٹریفک حادثہ، کار کی ٹکر سے 5 افراد زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) پسرور چونڈہ روڈ پر بٹر اسٹاپ کے قریب تیز رفتار کار نے رکشہ کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 5 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب رکشہ پسروڑ سے چونڈہ جا رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی کار نے زور دار ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہو گئی۔

    زخمیوں میں فریحہ زوجہ قیصر (27 سال)، امیر علی ولد فقیر احمد (23 سال)، محمد بشیر ولد اللہ لوک (65 سال)، ابیحہ دختر محمد قیصر (5 سال) اور شہناز بی بی زوجہ محمد بشیر (55 سال) شامل ہیں، تمام کا تعلق گاؤں ڈھینگ سے ہے۔ ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال پسروڑ منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی ہے اور فرار ہونے والی کار کی تلاش جاری ہے۔

  • سیالکوٹ: بیوٹی پارلر کی مالکہ پر تشدد، ملزم گرفتار ، خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: ڈی پی او فیصل شہزاد

    سیالکوٹ: بیوٹی پارلر کی مالکہ پر تشدد، ملزم گرفتار ، خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: ڈی پی او فیصل شہزاد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ سبز پیر پولیس نے کنگرا بازار میں بیوٹی پارلر کی مالکہ خاتون پر تشدد کرنے والے ملزم عمر ٹھاکر کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا جہاں معمولی تلخ کلامی کے بعد ملزم نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس کو سخت کارروائی کا حکم دیا تھا، جس پر سبز پیر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ خواتین پر تشدد کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ خواتین کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور ایسے عناصر کو قانون کے مطابق عدالت سے سخت سزا دلوانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ :ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، قتل کے دو ملزمان بیرون ملک فرار کی کوشش میں گرفتار

    سیالکوٹ :ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، قتل کے دو ملزمان بیرون ملک فرار کی کوشش میں گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، قتل کے دو ملزمان بیرون ملک فرار کی کوشش میں گرفتار

    ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ ایئرپورٹ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔

    گرفتار ملزمان کی شناخت جمشید اشرف اور فہد جمشید کے نام سے ہوئی ہے، جو فلائٹ نمبر G9-533 کے ذریعے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق دونوں افراد تھانہ ٹانڈا ضلع گجرات کو قتل کے مقدمے میں مطلوب تھے۔

    حکام نے گرفتار ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ ایف آئی اے کی بروقت کارروائی کو سیکیورٹی اداروں اور عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔

  • سینٹرل جیل خیرپور میں فائرنگ 1قیدی ہلاک

    سینٹرل جیل خیرپور میں فائرنگ 1قیدی ہلاک

    سینٹرل جیل خیرپور میں گولیاں چل گئیں،مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 1 قیدی ہاشم رند ہلاک جبکہ 2 قیدی زخمی ہو گئے-

    ایس ایس پی خیرپور کے مطابق جیل میں فائرنگ سے 1 قیدی ہلاک جبکہ 2 قیدی زخمی ہوئے ہیں، جبکہ پولیس کی بھاری نفری سینٹرل جیل پہنچ گئی مسلح ملزمان باہر سے جیل میں آ کر چھپ گئے تھے، قیدی کو عدالت سے جیل لایا گیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جیل کے اندر مسلح ملزمان کیسے داخل ہوئے، اس حوا لے سے تفتیش جاری ہے۔

    تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل خیرپور میں جیل کوارٹرز کے پاس دیوار گری ہوئی تھی وہاں سے ملزمان جیل میں داخل ہوئے مسلح افراد 1 قیدی کو ہلاک اور 2 کو زخمی کرنے کے بعد فرار ہو گئے –

    دوسری جانب دادو میں نامعلوم افراد نے پرنٹنگ پریس پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 صحافی زخمی ہوگئے پولیس کے مطابق دادو پریس کلب کے قریب شادی کے کارڈ کی پرنٹنگ پریس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کردیا جبکہ دو صحافی زخمی بھی ہوئے۔

    پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں صحافی نیاز چانڈیو اور صحافی رفیق چنہ شامل ہیں جبکہ فائرنگ سے جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • اوکاڑہ: اے سی رب نواز کی چیکنگ، ریٹ لسٹ نہ لگانے پر دکاندار جرمانے کا شکار

    اوکاڑہ: اے سی رب نواز کی چیکنگ، ریٹ لسٹ نہ لگانے پر دکاندار جرمانے کا شکار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے پٹرول پمپس، کریانہ سٹورز اور بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے انسداد تجاوزات اور قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے چیکنگ کی۔ راوی روڈ پر اشیائے خورونوش کی ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے پر کریانہ سٹور مالکان کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    انہوں نے گول چوک اور راوی روڈ پر دکانوں کی انسپیکشن کے دوران تجاوزات کے خلاف کارروائی بھی کی اور ایک دکاندار کو جرمانہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور مقررہ نرخوں کے مطابق اشیاء کی فروخت کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • سیالکوٹ: چوہوں کی بھرمار، شہری خوفزدہ، انتظامیہ خاموش

    سیالکوٹ: چوہوں کی بھرمار، شہری خوفزدہ، انتظامیہ خاموش

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ شہر میں چوہوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً گھوئینکی، کوٹلی بھاگو، حاجی پورہ، رنگپورہ، کچہری روڈ، پیرس روڈ، اڈہ پسروریاں اور پرانے بازار چوہوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ چوہے گھروں، گلیوں، بازاروں اور دفاتر میں کھلے عام گھومتے ہیں، خوراک، کپڑوں اور برقی آلات کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جبکہ بچوں کو کاٹنے کے واقعات بھی سامنے آ چکے ہیں۔ چوہوں کی موجودگی نہ صرف شدید گندگی کا باعث ہے بلکہ ہیضہ، بخار اور دیگر متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔

    ماہرین صحت کے مطابق اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورتحال صحتِ عامہ کے بڑے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دے اور چوہوں کی افزائش روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ فی الحال انتظامیہ کی خاموشی شہریوں کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔

  • احمد پور شرقیہ: پسند کی شادی میں ناکامی پر نوجوان کی خودکشی، ورثہ کا پوسٹ مارٹم سے انکار، احتجاج

    احمد پور شرقیہ: پسند کی شادی میں ناکامی پر نوجوان کی خودکشی، ورثہ کا پوسٹ مارٹم سے انکار، احتجاج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تھانہ دھوڑکوٹ کی حدود میں موضع ودھنور کے رہائشی نوجوان نے پسند کی شادی نہ ہونے اور والد کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی دوا پی کر خودکشی کر لی۔ متوفی کی شناخت 22/23 سالہ عبدالحمید ولد سعید احمد، قوم حسام کے طور پر ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالحمید نے گھریلو رنجش اور مرضی کی شادی میں ناکامی پر گھر میں موجود فصلِ کپاس پر استعمال ہونے والی زہریلی اسپرے پی لی۔ تشویشناک حالت میں اسے فوری طور پر بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع پر مقامی پولیس افسر خدا بخش ایس آئی نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے احمد پور شرقیہ ہسپتال منتقل کیا۔

    تاہم لواحقین نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا اور مطالبہ کیا کہ لاش بغیر پوسٹ مارٹم کے حوالے کی جائے۔ پولیس نے قانونی تقاضوں کے تحت پوسٹ مارٹم کو ضروری قرار دیا جس پر متوفی کے ورثہ نے سول ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔ احتجاج کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی احمد پور شرقیہ فوری طور پر موقع پر پہنچے، ورثہ سے مذاکرات کیے اور انہیں اعتماد میں لے کر روڈ کھولوا دیا۔

    پولیس اور ورثہ کے درمیان جاری کشیدگی وقتی طور پر ختم کر دی گئی ہے، جبکہ قانونی کارروائی جاری ہے۔

  • ڈسکہ: 90 لاکھ کی چوری چند گھنٹوں میں حل، بھتیجا گرفتار، مال برآمد

    ڈسکہ: 90 لاکھ کی چوری چند گھنٹوں میں حل، بھتیجا گرفتار، مال برآمد

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے شہری غلام رسول کے گھر ہونے والی 90 لاکھ روپے مالیت کی بڑی چوری کا معمہ چند گھنٹوں میں حل کر لیا۔ واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے تمام مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔ چوری کی یہ واردات تھانہ صدر کے علاقہ شیرا دا کوٹ میں پیش آئی جہاں نامعلوم افراد نے 25 تولے سونے کے زیورات اور نقدی چرا لی تھی۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر سرکل کو ہدایات دیں کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے چوری شدہ سامان اصل مالک کو واپس کیا جائے۔ ڈی پی او کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ صدر نے جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جو متاثرہ شہری کا سگا بھتیجا نکلا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم نے گھر والوں کی غیر موجودگی میں واردات کی اور زیورات بینک لاکر میں چھپا دیے تھے۔

    پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر تمام مسروقہ مال، جس کی مالیت تقریباً 90 لاکھ روپے ہے، برآمد کر کے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی فوری اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔