Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • احمدپور شرقیہ: باراتی بس گرڈ اسٹیشن کے قریب الٹ گئی، 3 خواتین زخمی

    احمدپور شرقیہ: باراتی بس گرڈ اسٹیشن کے قریب الٹ گئی، 3 خواتین زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی/نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے مبارک پور کے قریب گرڈ اسٹیشن کے پاس باراتیوں کی بس حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں تین خواتین زخمی ہو گئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق بارات والی بس چوک بھٹہ احمد پور شرقیہ سے مبارک پور کی جانب جا رہی تھی کہ اچانک ڈرائیور کے مطابق اسٹیئرنگ لاک ہو گیا، جس کے باعث بس بے قابو ہو کر سڑک پر الٹ گئی۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والی خواتین میں زرینہ بی بی زوجہ محمد صادق، عمر 38 سال، شامل ہیں، جنہیں دائیں ٹانگ میں فریکچر کا شبہ ہے۔ انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا گیا۔

    دیگر زخمیوں میں نسیم بی بی زوجہ عبدالرحمن، عمر 50 سال، اور رضیہ بی بی زوجہ محمد یعقوب، عمر 35 سال شامل ہیں، جنہیں معمولی خراشیں اور پٹھوں میں درد کی شکایت تھی۔ دونوں خواتین کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    ریسکیو عملہ حادثے کے بعد طویل وقت تک جائے وقوعہ پر موجود رہا اور بس کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کروائی۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم واقعے نے باراتیوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔

  • اوکاڑہ،رینالہ خورد: پولٹری فارم کی عمارت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، 5 زخمی

    اوکاڑہ،رینالہ خورد: پولٹری فارم کی عمارت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، 5 زخمی

    اوکاڑہ،رینالہ خورد (نامہ نگار+سٹی رپورٹر) اوکاڑہ کے علاقے شیر گڑھ روڈ پر واقع ایک پولٹری فارم کی عمارت مرمتی کام کے دوران اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر ایک مزدور جاں بحق جبکہ 5 مزدور شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولٹری فارم کی عمارت پر مرمت کا کام جاری تھا کہ اچانک عمارت زمین بوس ہو گئی، جس کے باعث وہاں کام کرنے والے 6 مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال 22 ریسکیو اہلکاروں اور جدید مشینری کے ہمراہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد اور پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی نگرانی میں ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران ملبے تلے دبے تمام مزدوروں کو باہر نکالا گیا۔ حادثے میں 35 سالہ مزدور شاہد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 28 سالہ شعیب، 42 سالہ عباس، 32 سالہ عرفان، 55 سالہ اکرم اور 30 سالہ رمضان شامل ہیں۔

    ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد ضروری کارروائی مکمل کرتے ہوئے جاں بحق مزدور کی لاش اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر ریسکیو ٹیم بروقت موقع پر نہ پہنچتی تو جانی نقصان مزید بڑھ سکتا تھا۔ شہریوں نے ریسکیو اہلکاروں کی فوری کارروائی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • کندھ کوٹ: امدادی رقوم کی ادائیگی، بینک اسلامی اور ہینڈز این جی او پر سنگین الزامات

    کندھ کوٹ: امدادی رقوم کی ادائیگی، بینک اسلامی اور ہینڈز این جی او پر سنگین الزامات

    کندھ کوٹ (باغی ٹی وی،نامہ نگار)کندھ کوٹ میں واقع بینک اسلامی کی ایک برانچ اور معروف فلاحی ادارے HANDS NGO کے خلاف امدادی رقوم کی ادائیگی کے عمل میں مبینہ رشوت خوری، بدانتظامی اور مستحق افراد کے استحصال سے متعلق نہایت تشویشناک شکایات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد شہری حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امدادی اقساط کے حصول کے لیے بینک آنے والے مستحق خواتین اور مردوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں بینک اسلامی کی متعلقہ برانچ کے باہر موجود مبینہ ایجنٹوں کے ذریعے رقم ادا کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے، جس کے بعد ہی ان کی امدادی رقم جاری کی جاتی ہے۔ متاثرین کے مطابق غریب اور نادار افراد صبح سویرے سے شام تک طویل قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور ہوتے ہیں، جہاں انہیں نہ صرف شدید ذہنی اذیت بلکہ توہین آمیز رویے کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ امدادی رقوم کے حصول کے لیے آنے والے مستحق افراد سے مختلف بہانوں کے تحت پیسے طلب کیے جاتے ہیں، جو فلاحی نظام کی روح کے سراسر منافی اور کھلی ناانصافی کے مترادف ہے۔ شکایات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بعض افراد کو ادائیگی کے بغیر بار بار واپس بھیج دیا جاتا ہے جبکہ رشوت دینے والوں کو فوری سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

    صورتحال اس وقت مزید پیچیدہ اور سنگین شکل اختیار کر گئی جب اس معاملے پر دونوں اداروں نے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال دی۔ بینک اسلامی کے عملے کا مؤقف ہے کہ بینک کے باہر موجود مبینہ ایجنٹوں کا تعلق HANDS NGO سے ہے اور بینک انتظامیہ کا ان سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ دوسری جانب HANDS NGO کی انتظامیہ دعویٰ کر رہی ہے کہ یہ افراد بینک انتظامیہ کے مقرر کردہ ہیں اور این جی او کا ان سے کوئی واسطہ نہیں۔

    دونوں اداروں کی جانب سے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کے باعث غریب اور مستحق عوام شدید ذہنی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف فلاحی اداروں اور بینکاری نظام کی ساکھ پر سنگین سوالیہ نشان ہے بلکہ مستحق افراد کے بنیادی حق پر کھلا ڈاکا بھی ہے۔

    شہریوں اور متاثرہ افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ اعلیٰ حکام اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیں، بینک اسلامی اور HANDS NGO کے کردار کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں اور اگر کسی بھی ادارے یا فرد کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئیں تو ان کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ امدادی رقوم کا مقصد غریب اور مستحق افراد کی زندگی میں آسانی پیدا کرنا ہوتا ہے، نہ کہ انہیں مزید مشکلات، ذلت اور استحصال کا شکار بنانا۔ اگر ایسے اقدامات کو روکا نہ گیا تو فلاحی نظام سے عوام کا اعتماد مکمل طور پر اٹھ جائے گا۔

  • احمدپور شرقیہ: خاتون نے خود کو آگ لگا لی، 88 فیصد جھلسنے کے بعد بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل

    احمدپور شرقیہ: خاتون نے خود کو آگ لگا لی، 88 فیصد جھلسنے کے بعد بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان)ضلع بہاولپور کی تحصیل احمدپور شرقیہ کے علاقے مہراب والا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 54 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی، جس کے نتیجے میں وہ 88 فیصد جھلس گئیں۔

    ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی گورنمنٹسکول مہراب والا کے قریب جائے وقوعہ پر ریسکیو وہیکل BPA-32 روانہ کی گئی۔ ریسکیو عملے نے فوری طور پر متاثرہ خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال احمدپور شرقیہ منتقل کیا۔

    ریسکیو اسٹاف کے مطابق متاثرہ خاتون کے بیٹے نے بیان دیا کہ گھر میں کسی قسم کی لڑائی یا جھگڑا نہیں ہوا تھا، تاہم ان کی والدہ پر نامعلوم افراد کی جانب سے تعویز اور عاملانہ عمل کروایا گیا تھا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ اہل خانہ کے مطابق اسی ذہنی کیفیت کے تحت خاتون نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔

    ٹی ایچ کیو ہسپتال احمدپور شرقیہ میں ابتدائی طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے خاتون کی حالت نازک قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر بہاول وکٹوریہ ہسپتال (BVH) ریفر کر دیا، جہاں وہ برن یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

    ریسکیو رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون کے جسم کا تقریباً 88 فیصد حصہ شدید طور پر جھلس چکا ہے، جس میں زیادہ تر جلنے کی نوعیت Superficial (جلد کی سطحی مگر وسیع جلن) بتائی جا رہی ہے۔

    متاثرہ خاتون کی شناخت سکینہ بی بی زوجہ خادم حسین، عمر 54 سال کے طور پر ہوئی ہے، جو بستی رنگ پور، مہراب والا، احمدپور شرقیہ کی رہائشی ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات متعلقہ ادارے کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ خاتون کن حالات اور عوامل کے باعث اس انتہائی اقدام تک پہنچیں۔

  • فلپائن میں کشتی ڈوبنے سے 15 افراد ہلاک ، 28 لاپتہ

    فلپائن میں کشتی ڈوبنے سے 15 افراد ہلاک ، 28 لاپتہ

    فلپائن میں کشتی ڈوبنے سے 15 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 28 افراد لاپتہ ہیں۔

    عالمی میڈیا کے مطابق جنوبی فلپائنی صوبے باسیلان کے قریب حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بردار کشتی بندرگاہی شہر زمبوانگا سے جنوبی سولو کے جزیرے جولو جا رہی تھی،فلپائنی کوسٹ گارڈ کے مطابق بحری جہاز 349 افراد سوار تھے جن میں 332 مسافر اور عملے کے 27 ارکان تھے ، کشتی کو حادثہ رات گئے پیش آیا،فلپائنی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ 316 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 28 لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان میں ہیلمٹ پابندی ختم کرنے کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان میں ہیلمٹ پابندی ختم کرنے کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی/نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈیرہ غازی خان شہر کے اندر موٹر سائیکل سواروں پر عائد ہیلمٹ پابندی ختم کرنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ شہریوں کا مؤقف ہے کہ ڈیرہ غازی خان ایک چھوٹا اور محدود رقبے پر مشتمل شہر ہے، جہاں اندرونِ شہر سفر نہایت کم وقت میں مکمل ہو جاتا ہے، اس لیے بڑے شہروں کی طرز پر سخت ہیلمٹ پابندی شہریوں کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔

    شہریوں کے مطابق ڈیرہ غازی خان شہر کا مجموعی رقبہ تقریباً دو سے اڑھائی کلومیٹر پر محیط ہے، جہاں قادریہ چوک سے گھنٹہ گھر، گھنٹہ گھر سے کلمہ چوک، کلمہ چوک سے گولائی کمیٹی، گولائی کمیٹی سے ٹریفک چوک اور ٹریفک چوک سے لاری اڈا جیسے مصروف روٹس پر سفر عموماً دو سے چار منٹ جبکہ زیادہ سے زیادہ پانچ منٹ میں طے ہو جاتا ہے۔ ایسے مختصر فاصلے اور کم دورانیے کے سفر میں ہیلمٹ پابندی کو شہری غیر عملی قرار دے رہے ہیں۔

    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کو ملتان یا لاہور جیسے بڑے شہروں کے ساتھ موازنہ کرنا درست نہیں، کیونکہ یہاں کی جغرافیائی ساخت، ٹریفک کا دباؤ اور شہری ضروریات یکسر مختلف ہیں۔ بڑے شہروں میں طویل فاصلے، شدید ٹریفک رش اور حادثات کی شرح زیادہ ہوتی ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں اندرونِ شہر ٹریفک کی نوعیت اور فاصلوں کی صورتحال اس کے برعکس ہے۔

    شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان شہر کی حدود میں ہیلمٹ پابندی پر نظرثانی کی جائے اور مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کیا جائے، تاکہ عوام کو روزمرہ کے مختصر سفروں میں سہولت میسر آ سکے اور غیر ضروری جرمانوں اور مشکلات سے نجات حاصل ہو۔

  • رینالہ خورد: ڈرینوں کی تعمیر میں مبینہ کرپشن اور مجرمانہ بے ضابطگیاں، عمارتیں گرنے کا خدشہ

    رینالہ خورد (باغی ٹی وی/نامہ نگار)رینالہ خورد میں جاری ڈرینوں کی تعمیر کے دوران ناقص میٹریل کے استعمال اور بنیادوں (بیڈز) کی غیر معیاری کمپیکشن کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث نہ صرف قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے بلکہ مستقبل میں کروڑوں روپے مالیت کی تجارتی عمارتوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی جانب سے شہروں میں بیوٹیفیکیشن منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت بازاروں میں ڈرینوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ رینالہ خورد کے مصروف ترین علاقوں صدر بازار، پھاٹک بازار اور گوشت مارکیٹ میں بھی ڈرینوں کی تعمیر جاری ہے۔ تاہم شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں اور ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے ڈرینوں کے بیڈز کی کمپیکشن مناسب طریقے سے نہیں کی جا رہی اور تعمیر میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے۔

    شہری حلقوں کے مطابق غیر معیاری تعمیر کے باعث ڈرینوں میں بہنے والا سیوریج اور بارشی پانی مستقبل میں ڈرینوں کے کناروں پر واقع دکانوں اور عمارتوں کی بنیادوں کو کمزور کر سکتا ہے، جس سے بڑے مالی نقصانات اور حادثات کا خدشہ بڑھ جائے گا۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اصلاح نہ کی گئی تو یہ مسئلہ آنے والے وقت میں ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

    تاجروں اور شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر ساہیوال، اینٹی کرپشن، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ڈرینوں کی تعمیر کو معیاری اصولوں کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ شہر اور شہریوں کو ممکنہ نقصانات سے بچایا جا سکے۔

  • ننکانہ صاحب: رحمت سنٹر میں ریسکیو 1122 کی فائر سیفٹی موک ایکسرسائز، ڈپٹی کمشنر کا معائنہ

    ننکانہ صاحب: رحمت سنٹر میں ریسکیو 1122 کی فائر سیفٹی موک ایکسرسائز، ڈپٹی کمشنر کا معائنہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فائر سیفٹی اقدامات کو عملی شکل دینے کے لیے ریسکیو 1122 کی جانب سے ننکانہ صاحب لاری اڈا کے قریب واقع رحمت سنٹر میں فائر سیفٹی موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس موک ایکسرسائز کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 محمد اکرم پنوار نے کی، جس میں ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز اور ایمرجنسی ٹیموں نے فرضی آتشزدگی کی صورتحال میں بروقت رسپانس، ریسکیو اور فائر فائٹنگ کا بھرپور عملی مظاہرہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا، ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہا اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید بہتر انداز میں ادا کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کمرشل عمارتوں، مارکیٹوں اور ہائی رائز بلڈنگز میں فائر سیفٹی آلات کی دستیابی، کلیئر ایگزٹ و انٹری پوائنٹس اور حفاظتی سائن ایج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر لائحہ عمل اور حفاظتی انتظامات نا مکمل ہونے کی صورت میں متعلقہ عمارت کو سیل کیا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ فائر سیفٹی ضوابط پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ ادارے باقاعدگی سے فائر ڈرلز اور موک ایکسرسائزز کا انعقاد یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر فائر سیفٹی کے حوالے سے آگاہی انتہائی ضروری ہے، جس کے لیے انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موک ایکسرسائز کا مقصد کسی بھی ممکنہ آتشزدگی کی صورت میں فوری رسپانس، ریسکیو آپریشن اور فائر فائٹنگ کے طریقہ کار کو جانچنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 جدید آلات اور تربیت یافتہ عملے کے ساتھ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ فائر ایمرجنسی کے تناظر میں ضلع بھر میں فائر سیفٹی اقدامات، فائر آڈٹ اور موک ایکسرسائزز کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ صاحب: تھانہ سٹی پولیس کی بڑی کارروائی، 40 لاکھ مالیت کی چوری شدہ گاڑی سمیت ملزم گرفتار

    ننکانہ صاحب: تھانہ سٹی پولیس کی بڑی کارروائی، 40 لاکھ مالیت کی چوری شدہ گاڑی سمیت ملزم گرفتار

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈی پی او ننکانہ فراز احمد کی ہدایات پر تھانہ سٹی ننکانہ پولیس نے بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو روز قبل 40 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے چوری شدہ گاڑی برآمد کر لی ہے۔ اس کارروائی کو ننکانہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم عدیل اسلم نے تھانہ سٹی کے علاقہ کرمانوالا کوٹ شورہ کوٹھی روڈ سے رینٹ اے کار کے ذریعے حاصل کی گئی گاڑی چوری کی اور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا اور جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت کی مدد سے قلیل وقت میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عدیل اسلم ایک ریکارڈ یافتہ ملزم ہے جس کے خلاف اغواء سمیت 5 مقدمات درج ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے اور ننکانہ پولیس شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

  • راولپنڈی: بچوں کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والا ملزم گرفتار

    راولپنڈی: بچوں کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والا ملزم گرفتار

    راولپنڈی:نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا ۔

    این سی سی آئی اے کے مطابق راولپنڈی میں بڑی کارروائی کی گئی ہے اور معصوم بچوں کا استحصال کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا ہے پی ڈبلیو ڈی میں چھاپہ مارا گیا اور کم سن بچے کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے والا شعیب برت کو دھر لیا گیا اور ان کے قبضے سے دو موبائل فونز برآمد کرلیے گئے ہیں، کارروائی کے دوران ملزم کا معصوم بچوں کی ویڈیوز رکھنے کا انکشاف ہوا ہے تاہم ​این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کی سخت دفعات شامل کی گئی ہیں، ​انسپکٹر محمد توصیف کی سربراہی میں کارروائی کے دوران ملزم سے برآمد ہونے والے موبائل فونز فرانزک لیبارٹری روانہ کردیے گئے ہیں جہاں مزید انکشافات متوقع ہیں۔