Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • اوچ شریف: بستی مقبول آرائیں میں دن دیہاڑے ڈکیتی، 40 ہزار نقدی اور موبائل فونز لوٹ لیے

    اوچ شریف: بستی مقبول آرائیں میں دن دیہاڑے ڈکیتی، 40 ہزار نقدی اور موبائل فونز لوٹ لیے

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) نواحی علاقے بستی مقبول آرائیں میں دن دہاڑے ہونے والی مسلح ڈکیتی کی واردات نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی۔ واردات اس وقت پیش آئی جب کوک وین کا عملہ معمول کے مطابق مشروبات کی ترسیل میں مصروف تھا۔

    دو نامعلوم مسلح افراد، جو نقاب پہنے موٹر سائیکل پر سوار تھے، اچانک موقع پر پہنچے اور اسلحے کے زور پر عملے کو یرغمال بنا کر تقریباً 40 ہزار روپے نقدی اور دو قیمتی موبائل فونز لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    متاثرہ ڈرائیور محمد ساجد نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان نہایت منظم، تربیت یافتہ اور جدید اسلحے سے لیس تھے، جنہوں نے چند لمحوں میں پوری واردات مکمل کر کے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔ ان کے مطابق نقاب کی وجہ سے ڈاکوؤں کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد گرفتاری کی توقع ہے۔

    دوسری جانب شہریوں نے واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دن دیہاڑے ہونے والی یہ واردات سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ مقامی مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے تاکہ ایسے جرائم کا سدباب ہو سکے۔

  • سکھر: بیٹی کی بازیابی کیلئے خواتین کا رات بھر قرآن اٹھا کر احتجاج

    سکھر: بیٹی کی بازیابی کیلئے خواتین کا رات بھر قرآن اٹھا کر احتجاج

    سکھر، باغی ٹی وی( نامہ نگار مشتاق علی لغاری) سکھر کے علاقے نیوپنڈ، حد مائکرو کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں جتوی برادری کی خواتین نے اپنی لاپتہ بیٹی کی بازیابی کے لیے رات کے سناٹے میں سڑکوں پر احتجاج کیا۔ ہاتھوں میں قرآن پاک تھامے، اپنی ننھی بچیوں اور چھوٹے بچوں کے ہمراہ یہ خواتین رات کے چار بجے جب پورا شہر نیند کی آغوش میں تھا، اپنی فریادیں لے کر نکل آئیں۔ ان کی آنکھوں میں آنسو تھے، زبان پر دعائیں تھیں اور دل میں ایک ہی پکار تھی: "ہماری بیٹی واپس دلاؤ!”

    مظاہرین خواتین کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی اپنے شوہر کے گھر سے لاپتہ ہو گئی ہے اور اب اس کے سسرال والے ان پر الٹا دباؤ ڈال رہے ہیں کہ "بہو واپس کرو”، جبکہ وہ خود اس صورتحال سے لاعلم اور سخت پریشان ہیں۔

    ایک بوڑھی ماں نے قرآن کو سینے سے لگاتے ہوئے دردناک انداز میں چیخ کر کہا، "ہمیں کیوں سزا دی جا رہی ہے؟ ہماری بیٹی غائب ہے اور ہم پر ظلم ہو رہا ہے! یا اللہ انصاف کر!”

    احتجاج کے دوران مظلوم عورتوں نے پولیس حکام سے پرزور اپیل کی:

    "ہم ایس ایس پی سکھر، ڈی آئی جی سکھر، اور آئی جی سندھ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں انصاف دلایا جائے۔”
    "ہماری بیٹی کو ان ظالموں سے بازیاب کروایا جائے۔”
    "ہماری فریاد سنی جائے، ہمیں تحفظ دیا جائے۔”
    خواتین نے خبردار کیا کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا تو وہ قرآن پاک سر پر رکھ کر مزید سخت احتجاج پر مجبور ہوں گی۔ یہ احتجاج حکام کی توجہ مبذول کرانے اور اپنی لاپتہ بیٹی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرنے کے لیے ایک علامتی لیکن شدید اقدام تھا۔

  • ملک بھر میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    ملک بھر میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

    لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں آر سی ڈی شاہراہ پر ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

    باغی ٹی وی کے مطابق وزیرآباد میں گیمن پل کے قریب مسافر بس نے موٹرسائیکل سوار دو نوجوانوں کو کچل دیا، دونوں جاں بحق ہو گئے۔چوبارہ میں مسافر وین اور رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے۔ٹیکسلا میں بدر موڑ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے ایک خاتون کو کچل دیا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

    ادھر ڈہرکی میں قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری، حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا.مٹیاری میں قومی شاہراہ پر آموں سے بھرا ہوا مزدا الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے۔زخمیوں میں سے 2 افراد کی حالت نازک ہونے پر انہیں حیدرآباد ریفر کیا گیا، جبکہ باقی کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    مردان میں چارسدہ روڈ پر تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ٹریفک پولیس اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کرنے اور تیز رفتاری سے گریز کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ان المناک حادثات سے بچا جا سکے۔

    پاکستان کی شاندار فتح، بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست

    پنجاب تنظیم پر پی ٹی آئی میں اختلافات، کمیٹی میں ترمیم، نیا نوٹیفکیشن جاری

    مسجد الحرام میں جمعہ کی نماز، 15 لاکھ سے زائد عازمین کی شرکت

    شدید گرمی اور ذہنی صحت، عالمی منصوبہ بندی میں اہم پہلو نظر انداز

  • تنگوانی: ڈاکو چرواہے کو گولی مار کر بکری لے اڑے، ہائی وے پر وینیں لوٹ لی گئیں

    تنگوانی: ڈاکو چرواہے کو گولی مار کر بکری لے اڑے، ہائی وے پر وینیں لوٹ لی گئیں

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی اور گردونواح میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری بڑھتی جارہی ہے، شبیر آباد اور ڈیرہ سرکی تھانہ کی حدود میں پیش آنے والے دو مختلف وارداتوں نے عوام کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ پولیس مکمل طور پر خاموش تماشائی بنی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق تنگوانی کے نواحی علاقے شبیر آباد تھانے کی حدود میں موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ڈاکوؤں نے چرواہے پر حملہ کرتے ہوئے مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا اور اس کی بکری لے کر با آسانی فرار ہوگئے۔ زخمی چرواہے کو فوری طور پر سکر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ضلعی سطح پر شہریوں کی جان و مال غیر محفوظ ہوچکی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر غیر فعال نظر آ رہے ہیں۔

    دوسری طرف، آج دن کے وقت ڈیرہ سرکی تھانے کی حدود میں صیفل اسٹاپ کے مقام پر ہائی وے پر مسافر وینوں کو روک کر ڈاکوؤں نے متعدد افراد سے نقدی اور موبائل فونز لوٹ لیے۔ واردات کے دوران پولیس کچھ فاصلے پر موجود ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہ کر سکی۔ متاثرہ مسافروں نے واقعے کے فوراً بعد سڑک پر احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جان و مال کی حفاظت کے لیے خود سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    مسلسل وارداتوں اور پولیس کی مجرمانہ خاموشی نے عوام کو شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں امن و امان کی بحالی اور ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: چچا نے بھتیجے کو قتل کر دیا، باپ اور دوسرا بیٹا زخمی

    سیالکوٹ: چچا نے بھتیجے کو قتل کر دیا، باپ اور دوسرا بیٹا زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، مدثر رتو) تھانہ حاجی پورہ کے علاقے مبارک پورہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چچا نے فائرنگ کر کے اپنے بھتیجے زویار کو قتل کر دیا، جبکہ مقتول کا والد سفیان اور چھوٹا بھائی اذان گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق زویار کی عمر تقریباً 25 سال تھی، جو موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

  • سیالکوٹ: عید پر شراب سپلائی کی کوشش ناکام، 150 بوتلیں برآمد، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: عید پر شراب سپلائی کی کوشش ناکام، 150 بوتلیں برآمد، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ پولیس نے ڈی پی او سیالکوٹ کے خصوصی احکامات پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے شراب کی بڑی کھیپ لا کر عید پر فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تھانہ صدر کے ایس ایچ او میاں عبدالرزاق کی سربراہی میں ہونے والی کارروائی میں ملزم راہول مسیح کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم عید کے موقع پر سیالکوٹ میں قیمتی شراب فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ دورانِ تلاشی ملزم کے قبضے سے 150 بوتلیں ولایتی شراب برآمد کی گئیں، جب کہ شراب کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

    پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ عید جیسے مذہبی تہواروں پر ناقص یا زہریلی شراب کے استعمال سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ رہتا ہے، جس کے پیش نظر ڈی پی او سیالکوٹ نے تمام تھانوں کو منشیات فروشوں اور شراب سپلائرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایکشن جاری رہے گا۔

  • حافظ آباد: تھانہ سٹی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، 2 گرفتار

    حافظ آباد: تھانہ سٹی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، 2 گرفتار

    حافظ آباد(باغی ٹی وی،خبر نگارشمائلہ) تھانہ سٹی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، 2 گرفتار، 50 لیٹر دیسی، 11 بوتلیں ولایتی شراب برآمد

    تفصیل کے مطابق تھانہ سٹی حافظ آباد کی منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائی، ایس ایچ او انسپکٹر مذمل عباس اور انچارج چوکی اے ڈویژن سب انسپکٹر محمد عمران کی قیادت میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں عظمت مسیح ولد اکبر مسیح اور آقاش ولد یونس مسیح ساکنان محلہ خانپورہ شامل ہیں۔

    کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 50 لیٹر دیسی شراب اور 11 بوتلیں ولایتی شراب برآمد کی گئیں۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 1050/25 درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    حافظ آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو منشیات جیسے مہلک ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے اور نوجوان نسل کا مستقبل بچایا جا سکے۔

  • اوچ شریف:دریائے ستلج،بیٹ لنگاہ پل ٹوٹ پھوٹ کا شکار، آمدورفت معطل، فوری مرمت کا مطالبہ

    اوچ شریف:دریائے ستلج،بیٹ لنگاہ پل ٹوٹ پھوٹ کا شکار، آمدورفت معطل، فوری مرمت کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) دریائے ستلج پر واقع تاریخی بیٹ لنگاہ پل شدید خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث علاقے کے ہزاروں مکین آمد و رفت کے بنیادی حق سے محروم ہو چکے ہیں۔ عوامی شکایات کے باوجود کئی برسوں سے اس پل کی مرمت یا ازسر نو تعمیر کی جانب کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا، جس پر شہریوں اور دیہی علاقوں کے رہائشیوں نے شدید احتجاج اور فوری نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔

    پل کے متعدد تختے اور لکڑیاں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں، جبکہ مقامی افراد کے مطابق حالیہ دنوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے پل کے بعض حصے چرا لیے گئے، جس سے پیدل چلنے والوں تک کے لیے گزرنا جان جوکھوں کا کام بن گیا ہے۔ نہ صرف موٹر سائیکل، رکشہ یا ٹریکٹر جیسی سواریوں کا گزرنا ممکن نہیں رہا بلکہ اسکول جانے والے بچے، بزرگ، مریض اور خواتین سب شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

    بیٹ لنگاہ پل، احمدپور شرقیہ کے ساتھ ساتھ قریبی دیہات کو اوچ شریف اور دیگر شہری مراکز سے ملانے والا واحد اور اہم ذریعہ ہے۔ پل کے غیر فعال ہونے کی وجہ سے اب لوگوں کو دریائے ستلج کے پار جانے کے لیے طویل راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں، جس سے وقت اور پیسے دونوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔

    مقامی دیہاتیوں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ بیٹ لنگاہ پل صرف لکڑی کے تختوں سے تعمیر کردہ ایک عارضی ڈھانچہ رہ گیا ہے جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔ عوامی حلقے حکومتِ پنجاب، محکمہ ہائی وے، محکمہ انہار اور ضلعی انتظامیہ بہاولپور سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر پل کی حالت کا نوٹس لیں اور اس کی فوری مرمت یا ازسرنو تعمیر کا کام شروع کریں۔

    شہریوں نے منتخب نمائندوں، بالخصوص ایم این اے، ایم پی اے، اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ زمینی حقائق کا خود مشاہدہ کریں اور اس اہم پل کو علاقائی ترقی اور عوامی فلاح کے تناظر میں ترجیحی بنیادوں پر بحال کریں۔ یہ پل صرف ایک گزرگاہ نہیں بلکہ ہزاروں لوگوں کے روزمرہ کے مسائل، تعلیم، صحت اور تجارت سے جڑی معاشی زندگی کا بنیادی سہارا ہے۔

    اگر بیٹ لنگاہ پل کی فوری بحالی نہ کی گئی تو عوام شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان: اے سی ہیڈکوارٹر کا مختلف بازاروں پر چھاپہ، گرانفروشی پر مرغی فروش گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: اے سی ہیڈکوارٹر کا مختلف بازاروں پر چھاپہ، گرانفروشی پر مرغی فروش گرفتار

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نذر حسین کورائی نے شہر کے مختلف علاقوں اور بازاروں کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران گرانفروشی ثابت ہونے پر ایک مرغی فروش کو گرفتار کروا دیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نذر حسین کورائی نے خیابان سرور، سمینہ چوک، چورہٹہ، گولائی کمیٹی اور دیگر مقامات کا دورہ کیا جہاں پھل، سبزیوں، گوشت کے معیار اور نرخوں کی جانچ پڑتال کی گئی، جبکہ ہوٹلوں کا بھی معائنہ کیا گیا۔

    انہوں نے دکانوں میں سرکاری نرخ نامے کی دستیابی، پرائس کنٹرول ایکٹ پر عمل درآمد اور دیگر متعلقہ معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اے سی ہیڈ کوارٹر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر پرائس کنٹرول ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

    انہوں نے تمام دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں اور مقررہ نرخوں پر ہی پھل، سبزی، گوشت اور دیگر اشیائے خوردونوش فروخت کریں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: پولیس حراست سے فرار ہونے والا ملزم نسیم اختر دوبارہ گرفتار

    سیالکوٹ: پولیس حراست سے فرار ہونے والا ملزم نسیم اختر دوبارہ گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف: شاہد ریاض) ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی بروقت نگرانی، مؤثر حکمت عملی اور ہدایات کی روشنی میں پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، تھانہ کوٹلی سید امیر کی پولیس حراست سے عدالت میں پیشی کے دوران فرار ہونے والا ملزم نسیم اختر دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملزم نسیم اختر، جو مقدمہ نمبر 106/25 بجرم 379 (چوری) اور مقدمہ نمبر 187/25 بجرم 380 (رہائشی یا نجی جگہ سے چوری) میں زیرِ تفتیش تھا، گزشتہ روز عدالت میں پیشی کے دوران پولیس کی گرفت سے فرار ہوگیا تھا۔ واقعہ کے فوری بعد ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فرائض میں غفلت برتنے والے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کروایا اور ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

    پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلیجنس اور پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے مسلسل چھاپے مارے اور بالآخر فرار ہونے والے ملزم کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم اس وقت پولیس کی حراست میں ہے، اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی اس کامیاب کارروائی کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت قانون سے فرار کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیالکوٹ پولیس اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں اور ہر قیمت پر قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔