Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • اوکاڑہ: ٹریفک حادثے پر ڈاکٹر افتخار امجد کا اظہار افسوس، ہیوی ٹریفک پر پابندی کا مطالبہ

    اوکاڑہ: ٹریفک حادثے پر ڈاکٹر افتخار امجد کا اظہار افسوس، ہیوی ٹریفک پر پابندی کا مطالبہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)سابق صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع اوکاڑہ اور معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر افتخار امجد نے کہا ہے کہ دو روز قبل ہونے والے المناک ٹریفک حادثے میں محمد ندیم اور اس کے تین بچوں کی ہلاکت نے ضلع بھر کی فضاء کو سوگوار کر دیا ہے۔ شہری حدود میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات ضلعی پولیس اور ٹریفک حکام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔

    صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر افتخار امجد نے کہا کہ اوکاڑہ شہر میں ہیوی ٹریفک کی بلا روک ٹوک آمد و رفت انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے، جس کے سدباب کے لیے فوری اور موثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ٹریفک پولیس افسر سے مطالبہ کیا کہ شہری اور تعلیمی اداروں کی حدود میں ہیوی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی جائے، اور ان گاڑیوں کے لیے کوئی مخصوص وقت مقرر کیا جائے تاکہ ایسے اندوہناک حادثات سے بچا جا سکے۔

    ڈاکٹر افتخار امجد نے زور دیا کہ ٹریفک کے بگڑتے ہوئے نظام کو قابو میں لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، جیسے اسپیڈ کیمرے، مانیٹرنگ سسٹمز، اور خودکار چالاننگ کا استعمال کیا جائے تاکہ تیز رفتاری، بے ہنگم ڈرائیونگ اور غلط اوور ٹیکنگ جیسے عوامل پر قابو پایا جا سکے۔

    انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس سنگین مسئلے پر سنجیدگی سے توجہ دے، تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے محمد ندیم اور ان کے بچوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

  • اوکاڑہ: سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ، دو گرفتار، ایک فرار، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد

    اوکاڑہ: سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ، دو گرفتار، ایک فرار، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان کراس فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو گرفتار کر لیے گئے جبکہ ایک ڈاکو موقع سے فرار ہوگیا۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق، سی سی ڈی ٹیم اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے دیا رام پل پر موجود تھی کہ اسی دوران لکڑانوالہ کی جانب سے تین موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد نمودار ہوئے۔

    سی سی ڈی ٹیم نے رکنے کا اشارہ کیا تو ڈاکوؤں نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ موٹر سائیکل تیزی سے موڑتے ہوئے پھسل گئی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی ہو کر زمین پر گر پڑا، جسے فوراً گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار زخمی ڈاکو کی شناخت محمد ارشد عرف صدی، سکنہ لکڑانوالہ کے نام سے ہوئی ہے۔

    سی سی ڈی ٹیم نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے دوسرے ساتھی کو بھی تعاقب کر کے گرفتار کر لیا، جس کی شناخت احمد شہزاد، سکنہ 56 ڈی پاکپتن کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لیا گیا ہے، جو بعد ازاں چیکنگ پر چوری شدہ نکلا۔

    فرار ہونے والے تیسرے ڈاکو کی تلاش کے لیے سی سی ڈی اور مقامی پولیس کا مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ سی سی ڈی پولیس کی ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ زخمی ڈاکو کو علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • ڈسکہ: بیٹے نے معمولی تکرار پر قینچی مار کر باپ کو قتل کر دیا

    ڈسکہ: بیٹے نے معمولی تکرار پر قینچی مار کر باپ کو قتل کر دیا

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران) ڈسکہ میں باپ بیٹے کے درمیان گھریلو جھگڑا خونی صورت اختیار کر گیا، معمولی تکرار کے بعد ناخلف بیٹے نے قینچی کے وار سے اپنے ضعیف والد کو قتل کر دیا۔ واقعہ تھانہ سٹی کے علاقے محلہ حاجی پورہ میں پیش آیا جہاں ارشد محمود نامی بزرگ شہری کا اپنے حقیقی بیٹے ثمران سے گھریلو تنازع ہو گیا۔ تکرار کے دوران بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور ثمران نے غصے میں آ کر زمین پر پڑی قینچی اٹھا کر اپنے باپ کے سینے میں گھونپ دی۔

    شدید زخمی ارشد محمود کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا، جب کہ ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اہل علاقہ نے افسوسناک واقعے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: عابدی گینگ کے 3 خطرناک ڈاکو گرفتار

    سیالکوٹ: عابدی گینگ کے 3 خطرناک ڈاکو گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) عابدی گینگ کے 3 خطرناک ڈاکو گرفتار، لاکھوں کا مالِ مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ عابدی گینگ کے سرغنہ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران صدر سرکل کے ڈی ایس پی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کوٹلی سید امیر سب انسپکٹر طیب حسین نے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے یہ کارروائی کی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹتے تھے اور واردات کے بعد فرار ہو جاتے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ان ملزمان نے درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، جن سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کو توقع ہے کہ تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات اور برآمدگیاں سامنے آئیں گی۔

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے کل 8 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ اشیاء میں دو عدد مسروقہ موٹر سائیکلیں، باسٹھ ہزار روپے نقدی، تین عدد قیمتی سمارٹ موبائل فونز، دو عدد الیکٹرک موٹریں، طلائی زیورات اور تین عدد ناجائز پسٹل 30 بور بمعہ متعدد گولیاں شامل ہیں۔

    گرفتار ملزمان کی شناخت عابد عرف عابدی ولد مقبول حسین سکنہ چپراڑ، سیالکوٹ، محمد وزیر علی عرف بیدی ولد باغ علی سکنہ کل باجوہ حال مقیم پلوڑہ، اور بشارت علی ولد کرامت علی سکنہ صالح پور کے طور پر ہوئی ہے۔ ان تینوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے افسران اور جوانوں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

  • اوچ شریف: CCD پولیس کا بہادری سے بھرپور مقابلہ، خطرناک ڈاکو ہلاک

    اوچ شریف: CCD پولیس کا بہادری سے بھرپور مقابلہ، خطرناک ڈاکو ہلاک

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف کے علاقے بکھری چوک میں CCD پولیس نے ایک جری اور مؤثر کارروائی کے دوران خطرناک مسلح ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک ملزم کو ہلاک کر دیا، جبکہ دو فرار ہو گئے۔ سرکل آفیسر CCD احمد پور انسپکٹر لطیف جھورڑ کی سربراہی میں پولیس گشت پر مامور تھی جب تین مشتبہ مسلح ملزمان موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اچانک فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے لگے۔ پولیس کی جانب سے فوراً جوابی کارروائی کی گئی، جس کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے جدید خودکار اسلحہ، متعدد گولیاں، 1150 روپے نقدی اور ایک CD-70 موٹرسائیکل برآمد کر لی ہے۔ ہلاک ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد RHC اوچ شریف منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے حاصل شدہ شواہد فرانزک تجزیے کے لیے متعلقہ لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ آفیسر CCD بہاولپور عرفان اکبر خان نے پولیس کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطرناک جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے اور فرار ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا تاکہ بہاولپور ریجن کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    یہ کارروائی CCD پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت، جرأت اور عوام کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

  • اوکاڑہ: قومی شاہراہ پر حادثہ، کار کی ٹکر سے ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوکاڑہ: قومی شاہراہ پر حادثہ، کار کی ٹکر سے ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) قومی شاہراہ پر اڈہ کسان کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک نامعلوم تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی اور موٹرسائیکل سواروں کو کچلتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل نمبری AYA-8328 پر سوار 32 سالہ محمد شہزاد اور 33 سالہ محمد وسیم قومی شاہراہ پر سفر کر رہے تھے کہ اچانک ایک بے قابو کار نے اڈہ کسان کے قریب ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں محمد شہزاد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ محمد وسیم شدید زخمی ہو گیا۔

    دونوں افراد کا تعلق دبئی ٹاؤن لاہور سے بتایا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق نوجوان کی لاش اور زخمی کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جبکہ پولیس نے نامعلوم کار اور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے حادثے کی جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

  • اوکاڑہ: تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر، باپ 3 بچوں سمیت جاں بحق

    اوکاڑہ: تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر، باپ 3 بچوں سمیت جاں بحق

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ پر افسوسناک اور دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں ایک باپ اپنے تین معصوم بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر نے سب کچھ ختم کر دیا۔ حادثے میں باپ سمیت دو بیٹے اور ایک بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، واقعے نے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چک نمبر 24 ٹو آر کا رہائشی 43 سالہ محمد ندیم اپنے تین بچوں 10 سالہ آریان، 8 سالہ ایان اور 6 سالہ عائزہ فاطمہ کو موٹر سائیکل پر اسکول چھوڑنے جا رہا تھا۔ جب وہ جی ٹی روڈ پر پنجاب کالج اوکاڑہ کے قریب پہنچا تو تیز رفتار اور بے قابو ٹرالر (نمبری EA-7170) نے ان کی موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل سوار زمین پر گر گئے اور ٹرالر ان پر چڑھ دوڑا، جس کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو ضلعی ہسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے ٹرالر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

    جاں بحق ہونے والے افراد کی اطلاع ملتے ہی پورے گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ مقتول بچوں کے اسکول میں بھی سوگ کی فضا چھا گئی۔ اہل علاقہ اور عزیز و اقارب کی آنکھیں اشکبار ہیں اور ہر طرف غم و اندوہ کا سماں ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے سخت قوانین نافذ کیے جائیں اور غفلت کے مرتکب ڈرائیور کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

  • گوجرہ: دیور کے ہاتھوں بھابی قتل، مبینہ زیادتی اور بلیک میلنگ کا الزام، ملزم گرفتار

    گوجرہ: دیور کے ہاتھوں بھابی قتل، مبینہ زیادتی اور بلیک میلنگ کا الزام، ملزم گرفتار

    گوجرہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے میں لرزہ خیز واقعہ، جہاں دیور نے مبینہ طور پر اپنی بھابی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا، جبکہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ منتقل کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، چک نمبر 250 گ ب کے رہائشی ابو سفیان، جو لاہور میں ملازمت کرتا ہے، کی اہلیہ سونیا بی بی کو اس کے دیور کاشف رحمان نے اپنے گاؤں چک نمبر 159 گ ب بلایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، وہاں کاشف نے مبینہ طور پر سونیا بی بی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں چھری کے پے درپے وار کر کے قتل کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر گوجرہ کی پولیس موقع پر پہنچی، ملزم کو حراست میں لے کر آلہ قتل برآمد کر لیا اور نعش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

    ابتدائی تفتیش میں ملزم نے پولیس کو بتایا کہ مقتولہ کے پاس اس کی نازیبا تصاویر موجود تھیں، جن کی بنیاد پر وہ اسے بلیک میل کر رہی تھی اور رقم کا مطالبہ کرتی تھی۔ پولیس نے اس دعوے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔

    تھانہ صدر گوجرہ کی پولیس نے واقعے کی مکمل تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ مقتولہ کے ورثاء کی جانب سے بھی قانونی چارہ جوئی متوقع ہے۔ واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مجرم کو سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے سنگین جرائم کی روک تھام ہو سکے۔

  • ریپ و بدفعلی کے عادی مجرمان کوالیکٹرک بینڈ پہنائے جائیں گے

    ریپ و بدفعلی کے عادی مجرمان کوالیکٹرک بینڈ پہنائے جائیں گے

    لاہور: ریپ اور بدفعلی کے عادی مجرمان کی کڑی نگرانی کے لیے سی سی ڈی ایسے مجرمان کو الیکٹرک بینڈز پہنائے گی تاکہ ان کی حرکات و سکنات پر مکمل نظر رکھی جا سکے۔

    ذرائع کے مطابق جدید ممالک کی طرز پر یہ بینڈز مجرمان کے ٹخنوں پر فکس کیے جائیں گے ابتدائی طور پر دو یا اس سے زائد ریپ کیسز میں ملوث افراد کو یہ بینڈز لگائے جائیں گے یہ بینڈز سی ایس ڈی کے کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے اور ان کے ذریعے ہر گھنٹے بعد مجرمان کی لوکیشن اور دیگر اپڈیٹس سسٹم میں موصول ہوں گی مجرم اگر بینڈ خراب کرنے یا اتارنے کی کوشش کرے گا تو فوری الرٹ جاری ہو جائے گا۔

    بالائی علاقوں سمیت اسلام آباد اور راولپنڈی میں آندھی اور تیز بارش

    پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ ایسے مجرمان کو ایک مخصوص علاقے تک محدود رکھا جائے گا،اور بہتر چال چلن کی صورت میں ایک مخصوص مدت کے بعد بینڈ ہٹا دیا جائے گامنصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 30 بینڈ لاہور کو دیے گئے ہیں جبکہ 100 الیکٹرک بینڈز صوبہ بھر میں تقسیم کیے جائیں گےالیکٹرک بینڈز لگانے کا عمل آئندہ 1 سے 2 روز میں شروع کر دیا جائے گا، جس کا مقصد خواتین، بچوں اور معاشرے کو ان خطرناک مجرمان سے تحفظ دینا ہے۔

    پسند کی شادی کا خواب مہنگا پڑا، باپ نے بیٹی کی جان لے لی

  • سیالکوٹ: عدالت کا بڑا فیصلہ،بھائی کے قاتل کو سزائے موت کا حکم

    سیالکوٹ: عدالت کا بڑا فیصلہ،بھائی کے قاتل کو سزائے موت کا حکم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) تھانہ کوتوالی کے علاقے وزیر پورہ میں وراثتی جائیداد کے تنازع پر سگے بھائی کو چھریوں کے وار سے بے رحمی سے قتل کرنے والے مجرم ٹیپو تنویر کو عدالت نے سزائے موت اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد فاروق کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔

    یہ اندوہناک واقعہ ایک سال قبل پیش آیا جب گھریلو جھگڑے کے دوران ملزم نے اپنے بھائی محسن تنویر کو قتل کر دیا جبکہ ان کا بھانجا تیمور پاشا بھی زخمی ہوا۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 693/23 بجرم 302/324/34 ت پ تھانہ کوتوالی میں درج کیا گیا۔

    سب انسپکٹر جہانزیب احمد خان نے پیشہ ورانہ مہارت، قانونی تقاضوں اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں کیس کی مکمل اور مؤثر تفتیش کی۔ عدالت میں مضبوط دلائل کی بدولت ملزم کو سزا سنائی گئی۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا ہے کہ مظلوم کو بروقت انصاف کی فراہمی اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سیالکوٹ پولیس پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے جرائم کے خلاف بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہے۔