Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • گوجرانوالہ: یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سعید سنیارہ گرفتار

    گوجرانوالہ: یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سعید سنیارہ گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث انتہائی مطلوب اشتہاریوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے کے مرکزی کردار سعید سنیارہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم سعید سنیارہ ریڈ بک میں شامل انسانی اسمگلرز کی فہرست میں شامل انتہائی مطلوب ملزم تھا، جس کے خلاف شہریوں کو غیر قانونی طور پر لیبیا کے راستے اٹلی بھجوانے کے 12 مقدمات درج ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری یونان کشتی حادثے کی تحقیقات میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ یاد رہے کہ جون 2023ء میں پیش آنے والے لیبیا کشتی حادثے میں 296 پاکستانیوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد انسانی اسمگلنگ کے اس خطرناک نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات تیز کر دی گئی تھیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سعید سنیارہ کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے اور اس کے بین الاقوامی روابط اور نیٹ ورک کے بارے میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔

  • راولپنڈی: سوتیلی بہن سے زیادتی اور قتل، ملزم کو دو بار سزائے موت کی سزا

    راولپنڈی: سوتیلی بہن سے زیادتی اور قتل، ملزم کو دو بار سزائے موت کی سزا

    راولپنڈی میں سوتیلی بہن سے زیادتی اور سفاکانہ قتل کے جرم میں عدالت نے سوتیلے بھائی اظہر کو دو مرتبہ سزائے موت اور سات سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    باغی ٹی وی کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج افشاں اعجاز صوفی نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم کو پھانسی دی جائے اور اسے اس وقت تک پھندے پر لٹکایا جائے جب تک اس کی موت واقع نہ ہو۔عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم کو قتل کے جرم پر 2 لاکھ روپے جرمانہ، زیادتی پر 1 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ شواہد مٹانے کے جرم میں 7 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

    پراسیکیوشن کے مطابق، مجرم اظہر نے اپنی سوتیلی بہن نمرہ کو پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا، اور بعد ازاں انتہائی بے رحمی سے قتل کر دیا۔واضح رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ تھانہ روات کے علاقے میں 25 اگست 2023 کو پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا۔عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد مجرم کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پاکستان میں خواتین پر تشدد ، ایک سال میں 5 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

    قطر کا 400 ملین ڈالر کا تحفہ، پینٹاگون نے ٹرمپ کے لیے لگژری جیٹ قبول کر لیا

    نکسل باغیوں کی آڑ،بھارتی فورسز نے چھتیس گڑھ میں مزید 36 افراد کوقتل کردیا

    پنجاب اسمبلی میں سانحہ خضدار پر متفقہ مذمتی قرارداد سمیت 14 مسودہ قوانین منظور

  • سیالکوٹ: کار سے مرد و خاتون کی برہنہ لاشیں برآمد

    سیالکوٹ: کار سے مرد و خاتون کی برہنہ لاشیں برآمد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) کوٹلی لوہاراں کے علاقے مغربی محلہ بلووال روڈ پر کھڑی ایک کار سے مرد و خاتون کی برہنہ لاشیں برآمد ہونے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

    پولیس کے مطابق مشتبہ گاڑی سوزوکی سوفٹ (برنگ گرے) ہے جس کا نمبر LHA 8348 ہے۔ دونوں لاشیں کار کی پچھلی سیٹ سے برآمد ہوئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک لاش مرد جبکہ دوسری عورت کی ہے، تاہم تاحال ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ واقعے کی نوعیت اور محرکات جاننے کے لیے فرانزک رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اصل حقائق جلد سامنے لائے جائیں اور اگر یہ قتل کا واقعہ ہے تو ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

  • ڈی جی خان: سرور والی، بجلی کے کھمبے پر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق، عوام کااحتجاج

    ڈی جی خان: سرور والی، بجلی کے کھمبے پر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق، عوام کااحتجاج

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) سرور والی میں الیکٹرک پول پر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق، شہریوں کا واپڈا کیخلاف احتجاج

    ڈیرہ غازی خان میں سرور والی، ملتان روڈ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بجلی کے کھمبے پر بجلی کا کام کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت امین عرف مینا قریشی کے نام سے ہوئی ہے۔

    ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کال میں اطلاع دی گئی کہ ایک شخص بجلی کے پول پر کام کرتے ہوئے کرنٹ لگنے کے بعد تاروں پر لٹک گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی قریبی دستیاب موٹر بائیک ایمبولینس، ایک ایمبولینس اور سنٹرل اسٹیشن سے دو ریسکیو وہیکلز جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی گئیں۔ ساتھ ہی اسٹیشن کوآرڈینیٹر کو بھی جائے حادثہ پر بھیجا گیا۔

    واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کنٹرول روم (عبدالستار)، ڈی ای او سی اور واپڈا کے متعلقہ ایس ڈی او (سید وجاہت حسین) کو بھی فراہم کر دی گئی۔ جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ واپڈا کی ٹیم کے ساتھ آیا ہوا شخص ایک تکنیکی خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے بجلی کے پول پر چڑھا تھا جہاں اسے کرنٹ لگ گیا اور وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

    کنٹرول روم نے واپڈا سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے بجلی کی مکمل بندش کی تصدیق کی، جس کے بعد ریسکیو ٹیم نے ایکسٹینڈایبل سیڑھی (Extendable Ladder) کے ذریعے پول پر لٹکے ہوئے متوفی شخص تک رسائی حاصل کی اور لاش کو نیچے اتار کر سی پی آر بھی دی، تاہم وہ پہلے ہی فوت ہوچکا تھا۔

    واقعے کی سنگینی کے باعث مقامی افراد جائے حادثہ پر جمع ہو گئے۔ جب ریسکیو ٹیم نے میت کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تو مشتعل شہریوں نے لاش ایمبولینس سے اتار کر واپڈا کیخلاف شدید احتجاج شروع کر دیا اور ملتان روڈ کو 15 سے 20 منٹ تک بند کیے رکھا۔ پولیس کی نفری موقع پر پہنچنے پر احتجاج ختم ہوا اور متوفی کی لاش کو علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    عینی شاہدین اور شہریوں کا کہنا تھا کہ واپڈا کی غفلت اور حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے قیمتی جان ضائع ہوئی، لہٰذا ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

  • احمد پورشرقیہ: سابقہ رنجش پر فائرنگ، 50 سالہ شخص زخمی

    احمد پورشرقیہ: سابقہ رنجش پر فائرنگ، 50 سالہ شخص زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ میں واقع کچہری روڈ پر ریسٹ ہاؤس گیٹ کے بالمقابل فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 50 سالہ طالب حسین شدید زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق احمد پور کھوہنہ کے رہائشی طالب حسین موٹر سائیکل پر سوار کہیں جا رہے تھے کہ اسی دوران حافظ فیاض کے بیٹے محمد کیف، محمد اسامہ اور ان کے تین دیگر ساتھیوں نے ان کا راستہ روک لیا۔ محمد کیف نے اس موقع پر طالب حسین پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو گولیاں ان کی دائیں ٹانگ پر لگیں اور وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع پر تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی طالب حسین کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ٹی ایچ کیو) احمد پور ایسٹ منتقل کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان رنجش اُس وقت شروع ہوئی جب حافظ فیاض ایک مذہبی اجتماع کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے تھے، جس پر ان کے بیٹوں نے طالب حسین سمیت دیگر افراد پر الزامات لگا کر مقدمہ درج کرایا تھا، تاہم عدالت نے طالب حسین کو طبی بنیادوں پر بری کر دیا تھا۔

    پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ فائرنگ کے اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • اوکاڑہ:مبینہ پولیس مقابلہ ،ایک ڈاکو ہلاک

    اوکاڑہ:مبینہ پولیس مقابلہ ،ایک ڈاکو ہلاک

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) تھانہ گوگیرہ کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ گوگیرہ کی پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ جھٹیانہ پل کے قریب تین مسلح ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہوگیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عدنان عرف دانی کے نام سے ہوئی ہے، جو 19 سنگین جرائم میں مطلوب تھا اور دو مقدمات میں عدالت سے سزا یافتہ بھی قرار پایا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی دونوں ڈاکوؤں کو قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔

    ڈی پی او محمد راشد نے تھانہ گوگیرہ کی پولیس ٹیم کو بروقت کارروائی اور جرأت مندانہ اقدام پر شاباش دی ہے، اور ہدایت کی ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

  • بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج مذہبی لبادے کی آڑ میں دہشتگردی میں ملوث، ویڈیوز

    بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج مذہبی لبادے کی آڑ میں دہشتگردی میں ملوث، ویڈیوز

    اسلام آباد:بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج مذہب کے نام پر دہشتگردی اور مساجد کی بے حرمتی میں ملوث ہیں جس کی ویڈیوز بھی سامنے آگئیں۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج نہ صرف شریعت بلکہ انسانی قوانین کی بھی مسلسل خلاف ورزی میں ملوث ہیں،بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج مساجد کو پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ان کا تقدس پامال کرتے ہیں جبکہ مسجد میں جوتے پہن کر گھومتے ہیں اور اندر سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ بھی کرتے ہیں۔

    https://x.com/kirannaz_KN/status/1925150248206299443

    سکییورٹی فورسز کے محاصرے میں آنے پر بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج مساجد کو ڈھال بنا لیتے ہیں اور بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج یہ جانتے ہیں کہ مساجد کی حرمت کے پیش نظر فورسز جوابی کارروائی نہیں کریں گی،بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج ہمیشہ سے مقدس مقامات اور معصوم لوگوں کو شیلڈ کے طور پر استعمال اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے کرتے آئے ہیں۔

    https://x.com/PTVNewsOfficial/status/1925158587141087650

  • گھوٹکی: درندوں کو مات، بھینس کی زبان کاٹ دی گئی، مقدمہ درج

    گھوٹکی: درندوں کو مات، بھینس کی زبان کاٹ دی گئی، مقدمہ درج

    میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق لغاری)گھوٹکی میں درندوں کو مات ہوگئی،ظالموں بے بھینس کی زبان کاٹ دی گئی، مقدمہ درج

    تفصیل کے مطابق گھوٹکی کے نواحی علاقے سردار گڑھ میں درندگی کی انتہا کرتے ہوئے نامعلوم افراد نے ایک بے زبان بھینس کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی زبان کاٹ دی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    مقامی ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ انسانی بے حسی اور سفاکیت کا کھلا ثبوت ہے، جس نے شہریوں کو شدید غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جانوروں کے ساتھ اس قسم کے سلوک کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انسانی حقوق کے کارکنوں اور ویٹرنری ماہرین نے بھی سخت ردعمل دیا ہے۔

  • بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ، 2 اہلکار شہید

    بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ، 2 اہلکار شہید

    بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔

    ڈی پی او بنوں کے مطابق دہشتگردوں نے نیو سبزی منڈی پولیس چوکی کے مرکزی گیٹ کو بارودی مواد سے اڑایا، جس کے بعد دہشتگرد اندر گھس گئے اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،دہشتگردوں کی فائرنگ سے قریبی دکانوں کے شیشے اور سولر پلیٹوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق پولیس چوکی میں نصب بجلی ٹرانسفارمر کھمبے سے نیچے گر گیا۔جس کے سبب نیو سبزی منڈی کی بجلی سپلائی منقطع ہوگئی اور پولیس چوکی کے اندر تباہی مچ گئی۔

    گزشتہ ماہ بھی بنوں میں موٹر سائیکل پو سوار 8 دہشتگردوں نے پولیس چوکی دھڑے پل پر حملہ کیا تھا جسے پولیس نے بروقت کارروائی کرکے پسپا کر دیا تھا۔

  • شالیمار ایکسپریس ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، 12 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 5 زخمی

    شالیمار ایکسپریس ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، 12 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 5 زخمی

    فیصل آباد(باغی ٹی وی رپورٹ) ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرانے کے باعث شالیمار ایکسپریس حادثے کا شکار، متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، ریلوے ٹریفک معطل

    فیصل آباد کے نواحی علاقے چک جھمرہ کے گاؤں چھوٹی گھرتل کے قریب شالیمار ایکسپریس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جب ٹرین ایک کچے ریلوے پھاٹک پر کھڑی اینٹوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے لاہور جانے والی مسافر ٹرین ٹریک پر موجود رکاوٹ سے ٹکرا گئی، جس کے باعث انجن سمیت 12 سے زائد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور ٹرین تقریباً ایک کلومیٹر تک الٹتی چلی گئی۔

    ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ٹرین کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور سمیت کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ متعدد مسافروں کو بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے سے چند لمحے قبل ٹریکٹر ٹرالی ریلوے لائن پر پھنس گئی تھی۔ جب ڈرائیور نے دور سے آتی ٹرین کو دیکھا تو اس نے عجلت میں ٹریکٹر کو ٹرالی سے الگ کر کے فرار ہو گیا، تاہم تیزی سے آتی ہوئی ٹرین اینٹوں سے بھری ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں خوفناک تباہی ہوئی۔

    حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور متاثرہ مسافروں کو امدادی ٹرین کے ذریعے روانہ کر دیا گیا۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی بنیادی وجہ ٹریکٹر ٹرالی میں آئل ختم ہونا بنی، جس کے باعث وہ پھاٹک پر رک گئی تھی۔ ڈرائیور حادثے کے فوراً بعد موقع سے فرار ہو گیا۔

    حادثے کے باعث ساہیانوالہ سے سالار والا تک ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے سبب فیصل آباد سے لاہور اور وزیرآباد کے درمیان ٹرینوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹریک کی بحالی میں کم از کم چھ گھنٹے لگیں گے، جب کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔