Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • ترنڈ بشارت: موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق

    ترنڈ بشارت: موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے ترنڈ بشارت میں ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں 18 سالہ محمد نوید بوہڑ بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ اہلِ خانہ اور عینی شاہدین کے مطابق محمد نوید موٹر آن کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اُسے اچانک شدید کرنٹ لگا جس سے وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گیا۔ فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

    اس اندوہناک واقعے پر پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ نوجوان کی ناگہانی موت پر اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب اور دوست احباب بڑی تعداد میں تعزیت کے لیے اُس کے گھر پہنچے اور غمزدہ خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ محمد نوید کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد اُسے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

  • کراچی: کالعدم بلوچ عسکری تنظیم کا  سہولت کار گرفتار

    کراچی: کالعدم بلوچ عسکری تنظیم کا سہولت کار گرفتار

    سندھ رینجرز اور سندھ پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے لیاری سے کالعدم بلوچ ملیٹنٹ تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزم درویش عرف ساگر کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں، درویش عرف ساگر محلہ سرگواد لیاری کراچی کا رہائشی ہے ملزم نے 2015 میں بی ایس او آزاد میں شمولیت اختیار کی اور 2018 میں کالعدم بی ایل اے کے کارندے فاروق بلوچ کے گروپ میں شامل ہو گیا وہ فاروق بلوچ اور مجید عرف بابا کے ساتھ مل کر کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف کی سہولت کاری میں ملوث رہا۔

    تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ بلوچ مسنگ پرسنز کی سرگرم رکن حیام بلوچ کا فرنٹ مین تھا اور خودکش خاتون ماہل بلوچ کی ذہن سازی اور سہولت کاری میں بھی اس کا کردار تھا، وہ بلوچ عسکریت پسند تنظیموں کو علاج معالجہ اور محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے میں بھی ملوث رہا ہے-

    پاکستان اور بھارت کا سرحد سے فوجیں واپس بلانے کا فیصلہ

    گرفتار ملزم نے بتایا کہ اس کے قریبی ساتھی فاروق بلوچ، مجید عرف بابا، فراز عرف گنج، ناصر ذکری، شہزاد ذکری سمیت دیگر بلوچستان اور کراچی میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہیں ملزم کے دو ساتھی پرویز ذکری اور ظفر عرف ماما جعفر ایکسپر یس ٹرین حملے میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔

    ملزم حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم وصول کر کے مختلف بلوچ دہشت گرد تنظیموں میں تقسیم کرنے اور سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہم چلانے میں بھی ملوث رہا ہے گرفتار ملزم کو اسلحہ و ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    مودی سرکار سچ سے خائف، سوال پوچھنے والی آوازوں کو کچلنے پر اُتر آئی

  • تنگوانی: کار چھیننے کی کوشش,فائرنگ کا تبادلہ دو ڈاکو ہلاک، تین افراد زخمی

    تنگوانی: کار چھیننے کی کوشش,فائرنگ کا تبادلہ دو ڈاکو ہلاک، تین افراد زخمی

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب جمال تھانے کی حدود میں کار چھیننے کی کوشش خونریز تصادم میں بدل گئی، ڈاکوؤں اور کار سواروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ تین شہری شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرمپور روڈ لنک پر نامعلوم ڈاکوؤں نے ایک گاڑی کو روک کر چھیننے کی کوشش کی، تاہم گاڑی میں سوار افراد نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو، عیدن نندوانی اور حامد نندوانی موقع پر ہلاک ہو گئے۔

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کار سوار تین افراد — الیاس جعفری، میر حسن جعفری اور علی گل جعفری — شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر کرمپور سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    واقعے کے بعد جمال تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کا تعلق جرائم پیشہ گروہ سے ہوسکتا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: پرانی سبزی منڈی سے مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد، دو افراد گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: پرانی سبزی منڈی سے مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد، دو افراد گرفتار

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوزرپورٹرشاہدخان) پرانی سبزی منڈی بلاک 3 اور 7 کے درمیانی روڈ پر واقع ایک دکان سے مردہ مرغیوں کا اڑھائی من گوشت برآمد کر لیا گیا۔ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر نذر حسین کورائی نے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ کی۔ دکان سے برآمد ہونے والے گوشت میں 100 کلوگرام فوری طور پر تلف کر دیا گیا جبکہ موقع پر موجود دو افراد کو گرفتار کرا دیا گیا۔

    اے سی ہیڈکوارٹر نذر حسین کورائی کے مطابق مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت انسانی صحت کیلئے سنگین خطرہ ہے، جس کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قانونی کارروائی کیلئے مقامی پولیس کو استغاثہ جمع کرا دیا گیا ہے تاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف سخت قانونی اقدام اٹھایا جا سکے۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف، حلال اور معیاری گوشت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیل چوٹی زیریں کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے گوشت، پھل، سبزیاں اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی مارکیٹوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نرخ نامے، معیار اور اشیاء کی دستیابی کا جائزہ لیا اور خریداروں سے براہ راست معلومات بھی حاصل کیں۔

  • سیالکوٹ: نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان  ڈوب گئے

    سیالکوٹ: نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) نہر اپر چناب میں نہاتے ہوئے دو نوجوان دوست ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ تھانہ ہیڈ مرالہ کی حدود میں واقع گاؤں راول ککر کے قریب پیش آیا، جہاں 20 سالہ اذان اور 23 سالہ شہباز نہاتے ہوئے گہرے پانی کی لپیٹ میں آ کر ڈوب گئے۔ دونوں نوجوان قریبی گاؤں چک ہڑو کے رہائشی تھے اور آپس میں گہرے دوست بتائے جاتے ہیں۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کی تلاش کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔ تاحال دونوں نوجوانوں کی لاشیں نہ مل سکیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں نہر کنارے موجود ہیں۔

    متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے ریسکیو آپریشن میں تیزی لائیں تاکہ بچوں کی لاشیں جلد از جلد نکالی جا سکیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: سی ای او میونسپل کارپوریشن کی مبینہ غفلت ، دو سیورمین جان کی بازی ہار گئے

    ڈیرہ غازی خان: سی ای او میونسپل کارپوریشن کی مبینہ غفلت ، دو سیورمین جان کی بازی ہار گئے

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) ڈیرہ غازی خان میں میونسپل کارپوریشن کی مجرمانہ غفلت ایک بار پھر انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنی۔ جَامپُور روڈ پر سیوریج لائن کی صفائی کے دوران حفاظتی اقدامات کے بغیر مین ہول میں اترنے والے دو نوجوان سیورمین محمد آصف ولد واحد بخش بعمر26 سال سکنہ رازی کالونیاور صابر حسین ولد بشیر احمد عمر30 سالہ، رہائشی شمس آبادکالونی) دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 کو ر اطلاع ملی کہ دو افراد گٹر کی صفائی کے دوران بے ہوش ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کی 6 گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احمد کمال کی نگرانی میں کیا گیا، لیکن دونوں کو مردہ حالت میں نکالا گیا۔ لاشیں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

    مبینہ طور پر یہ افسوسناک واقعہ سی ای او میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کی کھلی نااہلی اور لاپرواہی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جن کی نااہلی کی وجہ سے بغیر کسی حفاظتی سامان کے مزدوروں کو جان لیوا ماحول میں اتارا گیا۔ یہ پہلا سانحہ نہیں ہے اس سے قبل بزدار دور حکومت میں بھی فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دو سیورمین ڈیرہ غازی خان میں ہی دوران صفائی دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ ایک اور دل دہلا دینے والے واقعے میں مقامی نوجوان سیورمین کی لاش اس کے بوڑھے والد نے خود مین ہول سے نکالی تھی۔ ان تمام حادثات کے باوجود سی ای او میونسپل کارپوریشن کے خلاف آج تک کوئی محکمانہ انکوائری نہیں کی گئی اور ہر بار ان انسانی المیوں کو دبا دیا گیا۔

    شہریوں اور سماجی حلقوں نے حکومت پنجاب، وزیراعلیٰ مریم نواز اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سی ای او میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کے خلاف فوری انکوائری کی جائے، انہیں برطرف کیا جائے اور غفلت برتنے والے دیگر اہلکاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مزید برآں، سیوریج ورکرز کے لیے حفاظتی سامان، تربیت اور انشورنس کا مستقل بندوبست کیا جائے تاکہ مزید کسی مزدور کی جان ضائع نہ ہو۔

    یہ سوال اب جواب مانگتا ہے کہ کب تک غریب مزدور اپنی جانیں گنواتے رہیں گے اور نااہل افسران عہدوں پر براجمان رہیں گے؟

  • سیالکوٹ: ڈی او ریسکیو 1122 نارووال انجینئر نعیم اختر دورانِ ڈیوٹی حادثے میں شہید

    سیالکوٹ: ڈی او ریسکیو 1122 نارووال انجینئر نعیم اختر دورانِ ڈیوٹی حادثے میں شہید

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض)ڈی او ریسکیو 1122 نارووال انجینئر نعیم اختر دورانِ ڈیوٹی حادثے میں شہید

    نارووال ریسکیو 1122 کے ضلعی آفیسر انجینئر نعیم اختر دورانِ ڈیوٹی سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ ککے موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار بس کی ٹکر سے وہ شدید زخمی ہوئے اور ہیڈ انجری کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق انجینئر نعیم اختر ایک ذمہ دار، دیانتدار اور پیشہ ور افسر کے طور پر جانے جاتے تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی انسانی جانیں بچانے اور خدمت خلق کے لیے وقف کی۔ ان کی ناگہانی موت پر ریسکیو کمیونٹی اور شہریوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی قربانی نہ صرف ادارے کے لیے بلکہ انسانیت کے لیے ایک مثال ہے۔ ریسکیو 1122 کے افسران اور اہلکاران نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

  • سیالکوٹ: ایف آئی اے اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی، قتل و اقدام قتل کے 3 بین الاقوامی اشتہاری ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ: ایف آئی اے اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی، قتل و اقدام قتل کے 3 بین الاقوامی اشتہاری ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ایف آئی اے اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی، قتل و اقدام قتل کے 3 بین الاقوامی اشتہاری ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن اور انٹرپول نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل اور اقدام قتل کے سنگین مقدمات میں ملوث 3 بین الاقوامی اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت آفتاب افضل، ارمان گورائیہ اور محمد امین کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ملزمان کو ریڈ نوٹسز کے تحت متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر کے سیالکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں ایف آئی اے امیگریشن نے انہیں قانونی کارروائی کے لیے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔ آفتاب افضل 2022 سے تھانہ کینٹ گوجرانوالہ، ارمان گورائیہ 2024 سے تھانہ علی پور چھٹہ، جبکہ محمد امین 2020 سے تھانہ صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ کو مطلوب تھا۔

    یہ گرفتاری ایف آئی اے، انٹرپول اسلام آباد، انٹرپول ابوظہبی اور امیگریشن سیالکوٹ کے مابین قریبی رابطہ کاری کا نتیجہ ہے، جسے حکام نے پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ایل پی جی گیس لیکیج، ریسکیو 1122 کا بروقت آپریشن، بڑا حادثہ ٹل گیا

    ڈیرہ غازی خان: ایل پی جی گیس لیکیج، ریسکیو 1122 کا بروقت آپریشن، بڑا حادثہ ٹل گیا

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواد اکبر) پل شوریا، جامپور روڈ نزد ٹول پلازہ پر اس وقت خطرے کی گھنٹی بجی جب ایک ایل پی جی کیپسول سے گیس کا شدید اخراج شروع ہو گیا۔ گیس لیکج کسی بھی لمحے خوفناک دھماکے میں تبدیل ہو سکتی تھی، تاہم ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان نے برق رفتاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممکنہ تباہی کو ٹال دیا۔

    کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی فوری ردعمل دیتے ہوئے دو فائر وہیکلز (KCF&R-01، DGF-01) اور ایک ریسکیو وہیکل جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئیں، جو صرف 13 منٹ میں موقع پر پہنچ گئیں۔ ٹیم نے حفاظتی اقدامات کے تحت فوری آپریشن کا آغاز کیا اور گیس کے پھیلاؤ کو محدود کرتے ہوئے علاقے کو محفوظ بنانے کی کوششیں شروع کر دیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جناب احمد کمال خود موقع پر موجود رہے اور پورے ریسکیو آپریشن کی براہ راست نگرانی کی۔ ان کی قیادت میں ریسکیو ٹیم نے نہ صرف جائے وقوعہ کو کلیئر کیا بلکہ اطراف کے علاقے سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ کسی بھی ممکنہ دھماکے سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے، جس سے بڑی انسانی و مالی تباہی سے بچا جا سکا۔

    ریسکیو 1122 کے اس بروقت اور مؤثر رسپانس پر احمد کمال، اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، اور سی ڈی او عمران مہدی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ریسکیو 1122 تاخیر سے پہنچتی تو حالات انتہائی خطرناک ہو سکتے تھے۔

    شہریوں نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ویلڈن ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان آپ نے ثابت کر دیا کہ مستعدی، مہارت اور جذبے سے کسی بھی بڑے سانحے کو روکا جا سکتا ہے۔

  • اوچ شریف اور خیرپور ٹامیوالی میں خوفناک ٹریفک حادثات: ایک جاں بحق، چار زخمی

    اوچ شریف اور خیرپور ٹامیوالی میں خوفناک ٹریفک حادثات: ایک جاں بحق، چار زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) جنوبی پنجاب کے دو مختلف علاقوں اوچ شریف اور خیرپور ٹامیوالی میں تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ایک بار پھر انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن گئی۔ دو الگ الگ حادثات میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو 1122 نے فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا۔

    اوچ شریف کے علاقے للو والی موری میں موٹر سائیکل اور رکشہ کے درمیان تصادم اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل رکشہ سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان محمد فیصل ولد کریم بخش، قوم لنگاہ، عمر تقریباً 25 سال شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد دی اور RHC اوچ شریف منتقل کیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    دوسرا المناک حادثہ خیرپور ٹامیوالی کے علاقے میں فوجی والا پل کے قریب پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلیں تیز رفتاری کے باعث آمنے سامنے آ گئیں۔ شدید تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے، جن میں بزرگ شہری محمد امیر ولد لال خان، عمر 60 سال، سکنہ بستی جھوک لال، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں محمد نعمان اور عمر فاروق ولد زاہد سلیم شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر THQ خیرپور ٹامیوالی منتقل کیا۔

    حادثات کے بعد دونوں علاقوں میں کہرام مچ گیا جبکہ اہل علاقہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔