Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • دھوڑ کوٹ پولیس کا منشیات فروشوں پر کریک ڈاؤن، 100 لیٹر شراب برآمد، 2 گرفتار

    دھوڑ کوٹ پولیس کا منشیات فروشوں پر کریک ڈاؤن، 100 لیٹر شراب برآمد، 2 گرفتار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) ضلع بہاولپور میں تھانہ دھوڑ کوٹ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرتے ہوئے دو مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران 100 لیٹر دیسی شراب برآمد کر لی، جب کہ دو منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں آئیں، جن سے شراب کی ترسیل کی بڑی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔

    سب انسپکٹر خدا بخش کی قیادت میں پولیس ٹیم نے گشت کے دوران موضع خیرپور ڈاہا کے قریب مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے محمد اسماعیل ولد غلام رسول ساکن موچی پنواں کو گرفتار کر لیا۔ اس کے قبضے سے دو نیلے جیری کینز برآمد کیے گئے جن میں 50 لیٹر دیسی شراب موجود تھی۔ کارروائی میں کانسٹیبل شاہنواز اور سجاد خان نے حصہ لیا۔

    اسی روز اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالمجید کی سربراہی میں ٹیم نے بیٹ لنگاہ، پتن دریا کے مقام پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم اعجاز بلوچ ولد غلام علی، ساکن عمر کوٹ، کو دھر لیا۔ پولیس ٹیم میں عامر اصغر، فیض اللہ، وقار حسین اور ڈرائیور محمد ارشد شامل تھے۔ ملزم کے قبضے سے بھی 50 لیٹر دیسی شراب برآمد ہوئی۔

    دونوں مقدمات میں پولیس نے شراب کے 10،10 اونس نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کو بھجوا دیے ہیں، جب کہ باقی مقدار ثبوت کے طور پر محفوظ کر لی گئی ہے۔ ملزمان کے خلاف امتناعِ منشیات ایکٹ کی دفعہ 3/4 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔

    ایس ایچ او سجاد حسین لغاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس علاقے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ سماج دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔

  • اوچ شریف میں ڈاکو راج: ماں پر تشدد، 12 سالہ بچی اغوا، پولیس بے خبر

    اوچ شریف میں ڈاکو راج: ماں پر تشدد، 12 سالہ بچی اغوا، پولیس بے خبر

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں محلہ شمیم آباد میں دن دہاڑے مسلح ڈاکو گھر میں گھس آئے، اہلِ خانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا، زیورات لوٹے، خاتون کو زخمی کیا اور 12 سالہ بچی کو اغوا کرکے فرار ہو گئے۔ واقعے نے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جب کہ پولیس حسبِ روایت تاخیر سے پہنچی اور اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

    متاثرہ خاتون سلمیٰ زوجہ غلام شبیر عمر تقریباً 33 سال اپنی بچی کو بچانے کی کوشش میں زخمی ہو گئیں۔ ڈاکو ان کے کانوں سے بالیاں نوچ کر لے گئے جس سے بائیں کان کی لو شدید زخمی ہو گئی۔ اہلِ محلہ کے مطابق خاتون کی چیخ و پکار سن کر علاقہ لرز اٹھا لیکن پولیس اور ایس ایچ او موقع پر تاخیر سے پہنچے اور ڈاکو بچی سمیت فرار ہو چکے تھے۔

    زخمی خاتون کو ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم اغوا شدہ بچی کا کوئی سراغ نہ لگایا جا سکا۔ شہریوں نے بڑھتے ہوئے جرائم پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بچی کی بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ اوچ شریف میں ڈاکو راج قائم ہو چکا ہے اور پولیس جرائم کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ پولیس کی کارکردگی کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

  • ڈیرہ غازی خان: غیر قانونی ذبح شدہ گوشت کی فروخت پر تین قصاب گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: غیر قانونی ذبح شدہ گوشت کی فروخت پر تین قصاب گرفتار

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) سلاٹر ہاؤس میں مویشی ذبح نہ کرنے اور بغیر ویٹرنری مہر کے گوشت مارکیٹ میں فروخت کرنے پر تین قصابوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نذر حسین کورائی نے کی۔

    پتھر بازار، فوارہ چوک، قادریہ چوک اور دیگر مقامات پر اچانک معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ بعض دکانوں پر فروخت ہونے والے گوشت پر ویٹرنری ڈاکٹر کی تصدیقی مہر موجود نہیں تھی، جس سے یہ بات سامنے آئی کہ مویشی سلاٹر ہاؤس کے بجائے غیر قانونی طریقے سے ذبح کیے جا رہے تھے۔

    اسسٹنٹ کمشنر نذر حسین کورائی نے بتایا کہ تمام قصابوں کو پہلے ہی پابند کیا گیا تھا کہ وہ صرف سلاٹر ہاؤس میں جانور ذبح کریں اور گوشت پر ویٹرنری ڈاکٹر کی مہر لازمی ثبت ہو۔ مہر کے بغیر گوشت غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔

    انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو صحت مند اور معیاری گوشت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ غیر قانونی مذبحہ خانوں کے خلاف بھی آپریشن تسلسل سے جاری رہے گا۔

  • کراچی میں لرزہ خیز واردات: بیٹوں نے باپ کو کمانے کا کہنے پر قتل کر دیا

    کراچی میں لرزہ خیز واردات: بیٹوں نے باپ کو کمانے کا کہنے پر قتل کر دیا

    کراچی کے علاقے ایف بی ایریا میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں دو سگے بیٹوں نے معمولی جھگڑوں سے تنگ آ کر اپنے ہی والد کو قتل کر دیا۔

    باغی ٹی وی کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق قتل کی یہ لرزہ خیز واردات محض اس بات پر انجام دی گئی کہ والد اپنے بیٹوں کو روزگار اختیار کرنے کی تلقین کرتا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمان، ابراہیم اور افضل، اکثر والد سے جھگڑتے تھے۔ واردات والے دن پہلے انہوں نے اپنے والد کو کھانا کھلایا، بعد ازاں ایک بیٹے نے والد کے منہ پر تکیہ رکھ دیا جبکہ دوسرے نے چاقو کے پے در پے 17 وار کر کے قتل کر دیا۔

    قتل کے بعد دونوں ملزمان نے لاش کو بوری میں بند کیا اور موٹر سائیکل پر لے جا کر ٹھکانے لگانے کی کوشش کی۔ تاہم، پولیس نے مشکوک حرکات کے باعث انہیں روک کر تلاشی لی تو بوری سے مقتول کی لاش برآمد ہوئی۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    آپریشن بنیان مرصوص،تباہ شدہ بھارتی طیاروں کی تعداد سات ہو گئی

    عمران خان کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کی اجازت

    بھارتی ایس-400 سسٹم تباہ ،پاکستان کے عالمی برادری کو شواہد بھی پیش

    اسلام آباد یونائیٹڈ میں رسی وین ڈر ڈوسن اور ایلکس ہیلز کی واپسی

    پاک بھارت کشیدگی،برطانوی وزیر خارجہ کا16 مئی کو پاکستان پہنچنے کا امکان

  • گھوٹکی: شر، ماچھی اور میرانی گینگز کے خلاف کچے میں پولیس کا ٹارگیٹڈ آپریشن

    گھوٹکی: شر، ماچھی اور میرانی گینگز کے خلاف کچے میں پولیس کا ٹارگیٹڈ آپریشن

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی ہدایات پر ضلع گھوٹکی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور ٹارگیٹڈ آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں سب ڈویژن رونتی کے تھانہ شہید دین محمد لغاری کی حدود میں شر، ماچھی اور میرانی گینگز کے اغواکاروں و ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر انہیں مسمار اور نذر آتش کر دیا ہے۔ ان مقامات سے مغویوں کے موبائل فون اور تصاویر بھی برآمد ہوئی ہیں، جن سے بازیابی کی امید مزید بڑھ گئی ہے۔

    آپریشن میں ڈی ایس پی اباوڑو عبدالقادر سومرو، ڈی ایس پی رونتی زاہد حسین میرانی، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، بھاری پولیس نفری، بکتر بند اور اے پی سی گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔ کچے کے علاقے میں مکمل گھیراؤ اور سخت سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    ڈی آئی جی سکھر نے کہا ہے کہ جب تک تمام اغواکاروں اور ڈاکوؤں کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ٹارگیٹڈ آپریشن بلاتعطل جاری رہے گا۔

  • سیالکوٹ: قتل، اغوا، فائرنگ اور قحبہ خانے پر چھاپہ، شہر میں خوف و ہراس

    سیالکوٹ: قتل، اغوا، فائرنگ اور قحبہ خانے پر چھاپہ، شہر میں خوف و ہراس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ میں ایک ہی دن کے دوران قتل، بہیمانہ تشدد، قحبہ خانے پر پولیس چھاپہ اور ڈی ایس پی دفتر کے باہر فائرنگ جیسے متعدد سنگین واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ دوبرجی ملیاں میں پولیس نے قحبہ خانے پر کارروائی کرتے ہوئے تین خواتین سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔ پتوکی کی رہائشی یاسمین نامی خاتون کرائے کے مکان میں غیرقانونی دھندہ چلا رہی تھی جو مختلف شہروں سے لڑکیاں بلا کر قحبہ خانہ چلاتی تھی۔ پولیس نے سب انسپکٹر عدیل فاضل کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    تھانہ نیکاپورہ کے علاقے میں پسند کی شادی کی رنجش پر ملزم حمزہ بٹ نے اپنے بہنوئی محمد ابرار کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ اپنی بیوی کی وفات کے بعد قبرستان جا رہا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈی ایس پی سٹی طارق محمود ڈھڈی کی نگرانی میں تفتیش مکمل کی، جس پر عدالت نے قاتل کو سزائے موت سنا دی۔

    ادھر جامکے چیمہ میں گوجرانوالہ پولیس سے برخاست ہونے والے سابق انسپکٹر ملک عرفان نے موبائل چوری کے شبے میں اپنے ڈیرے پر کام کرنے والے نوجوان کاشف مسیح کو روایتی پولیس طریقے سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث نوجوان موقع پر دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا مگر مرکزی ملزم تاحال گرفتار نہ ہو سکا۔ واقعے کے خلاف مقامی مسیحی برادری نے سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔

    اسی روز ڈی ایس پی پسرور کے دفتر کے باہر دیرینہ دشمنی پر مخالف فریق نے فائرنگ کر کے چار افراد کو زخمی کر دیا، جن میں تین افراد عدالت میں پیشی کے لیے آئے تھے جبکہ ایک زخمی عرضی نویس تھا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر سیالکوٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ان پے در پے واقعات نے سیالکوٹ میں امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں جبکہ شہری حلقے پولیس سے بھرپور کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

  • سکھر: کچے میں پولیس آپریشن، 12 مغوی بازیاب، ڈاکو فرار

    سکھر: کچے میں پولیس آپریشن، 12 مغوی بازیاب، ڈاکو فرار

    سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی ہدایت پر سکھر اور خیرپور پولیس کی جانب سے بھاگڑجی کے کچے کے علاقے میں دو روز سے جاری پولیس آپریشن میں ڈاکوؤں پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ تابڑ توڑ کارروائیوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ڈاکوؤں نے گزشتہ شب جوابی کارروائی کے طور پر سکھر سے تین اور خیرپور سے نو افراد کو اغوا کر لیا تھا۔

    ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی قیادت میں پولیس نے کچے کے علاقے میں فوری ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اغوا کار مغویوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس سے آمنا سامنا ہو گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو زخمی ہوئے۔

    ڈاکوؤں نے بھاری ہتھیاروں سے پولیس کی بکتر بند اے پی سی گاڑیوں پر فائرنگ کی، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ تاہم پولیس کے مؤثر ردعمل کے بعد ڈاکو مغویوں کو چھوڑ کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جنگلات کی طرف فرار ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے۔

    بازیاب ہونے والے مغوی افراد میں 9 کا تعلق ضلع خیرپور جبکہ 3 کا تعلق ضلع سکھر سے ہے۔ بازیاب نوجوانوں میں وہ تین افراد بھی شامل ہیں جنہیں گزشتہ شب بچل شاہ میانی کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا اور جن کا تعلق سولنگی برادری سے ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور سکھر رینج پولیس کے حوصلے بلند ہیں۔ ڈاکوؤں کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: ڈی جی پی ایچ اے جنید تاج بھٹی کی مبینہ خودکشی کی کوشش

    سیالکوٹ: ڈی جی پی ایچ اے جنید تاج بھٹی کی مبینہ خودکشی کی کوشش

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈی جی پی ایچ اے جنید تاج بھٹی کی مبینہ خودکشی کی کوشش، حالت تشویشناک

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) سیالکوٹ کے ڈائریکٹر جنرل جنید تاج بھٹی نے اپنے دفتر میں مبینہ طور پر خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی ہے۔ واقعے کے فوراً بعد انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

    واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے، جبکہ فرانزک اور تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد اصل حقائق منظرعام پر لائے جائیں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت، وجوہات اور محرکات کو سامنے لانے کے لیے مکمل شفاف تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • سیالکوٹ: چھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والا دو سالہ بچہ مردہ حالت میں تالاب سے برآمد، تحقیقات کا آغاز

    سیالکوٹ: چھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والا دو سالہ بچہ مردہ حالت میں تالاب سے برآمد، تحقیقات کا آغاز

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے سے چھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والا دو سالہ محمد ولی مردہ حالت میں ایک تالاب سے برآمد ہو گیا۔ معصوم بچہ کھیلتے کھیلتے گھر سے باہر نکلا تھا اور اس کے بعد سے لاپتہ تھا۔ اس واقعہ کی ایف آئی آر بچے کے والد غلام فرید کی مدعیت میں تھانہ کوٹلی لوہاراں میں درج کی گئی تھی۔

    اہل علاقہ کے مطابق تالاب کی صفائی کے دوران بچے کی نعش اچانک برآمد ہوئی، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں یہ طے کیا جائے گا کہ یہ قتل ہے یا کوئی حادثہ۔

  • کشمور: قبائلی دشمنی، نوجوان کو بچوں کے سامنے گولیاں مار کر بےدردی سے قتل کر دیا گیا

    کشمور: قبائلی دشمنی، نوجوان کو بچوں کے سامنے گولیاں مار کر بےدردی سے قتل کر دیا گیا

    کشمور ( باغی ٹی وی رپورٹ) کشمور کے نواحی علاقے بڈانی کے قریب مزاری پل پر قبائلی دشمنی کے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں بھٹو برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو بچوں کے سامنے بےدردی سے قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بڈانی کشمور لنک روڈ پر بنگوار اور بھٹو برادری کے درمیان جاری خونی تنازعے کے نتیجے میں بنگوار برادری کے موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نوجوان اللہ جیوایو ولد امان اللہ بھٹو کو اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جب وہ کشمور سے اپنے بچوں کے ہمراہ بڈانی واپس جا رہا تھا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقتول کے ورثاء نے لاش کو اٹھا کر قریبی تھانے پہنچایا، جہاں ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں برادریوں کے درمیان پرانا زمینی تنازعہ چلا آ رہا ہے، جو اب سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس دل خراش واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔