Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • آسمانی بجلی کا قہر، یزمان میں 2 افراد جاں بحق، اوچ شریف میں قیمتی مویشی ہلاک

    آسمانی بجلی کا قہر، یزمان میں 2 افراد جاں بحق، اوچ شریف میں قیمتی مویشی ہلاک

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب آسمانی بجلی نے تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں اور قیمتی مویشیوں کا نقصان ہوا۔ بہاولپور کی تحصیل یزمان اور اوچ شریف کے نواحی علاقوں میں پیش آنے والے ان المناک واقعات نے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور کی تحصیل یزمان کے نواحی علاقے 98 ڈی بی میں رات 11 بج کر 59 منٹ پر آسمانی بجلی گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ریسکیو 1122 بہاولپور کے مطابق، چار افراد کھیتوں میں کام مکمل کرنے کے بعد ایک درخت کے نیچے بیٹھے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ دو دیگر معمولی زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال یزمان منتقل کیا۔

    دوسری جانب اوچ شریف کے نواحی گاؤں دھوڑکوٹ کے ٹبی وارن میں کسان مولوی محمد قاسم کے صحن میں موجود کھجور کے درخت پر آسمانی بجلی گری۔ اس درخت کے نیچے بندھے دو قیمتی مویشی آسمانی بجلی کی خوفناک آواز اور لپیٹ سے موقع پر ہلاک ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق رات گئے طوفانی بارش اور گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی نے کھجور کے درخت کو نشانہ بنایا، جس سے کسان کا قیمتی سرمایہ لمحوں میں تباہ ہو گیا۔ مولوی محمد قاسم اس نقصان سے شدید صدمے میں ہیں۔

    اسی طرح اوچ شریف کے علاقے مخدوم پور میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے کھجور کے کئی درختوں میں آگ لگ گئی۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن درختوں کو شدید نقصان پہنچا۔

    ان واقعات نے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور متاثرین کی مالی امداد کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

  • تنگوانی: نوجوان کی خودکشی اور موبائل مارکیٹ میں چوری کی واردات

    تنگوانی: نوجوان کی خودکشی اور موبائل مارکیٹ میں چوری کی واردات

    تنگوانی، باغی ٹی وی( نامہ نگارمنصور بلوچ)نوجوان کی خودکشی اور موبائل مارکیٹ میں چوری کی واردات

    تنگوانی اور اس کے قریبی علاقوں میں دو الگ الگ واقعات نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ پہلے واقعے میں ایک نوجوان نے مبینہ طور پر گھریلو پریشانیوں کے باعث خودکشی کر لی جبکہ دوسرے واقعے میں چوروں نے شہر کی موبائل مارکیٹ میں تین دکانیں لوٹ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق تنگوانی کے قریب جمال تھانے کی حدود میں واقع گاؤں اللہ ورایو نندوانی میں 16 سالہ نوجوان غلام یاسین ولد حاجی پریو نندوانی نے پسٹل سے فائر کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق نوجوان گھریلو پریشانیوں سے تنگ تھا، جس کے باعث اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ واقعے کے بعد اس کے گھر میں ماتم کا سماں ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    دوسری جانب تنگوانی شہر کی مصروف موبائل مارکیٹ میں نامعلوم چوروں نے رات کے وقت تین دکانیں لوٹ لیں۔ چوروں نے دکاندار ظفر ملک، محمد بخش لاشاری اور ایک دیگر دکان کے تالے توڑ کر موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی اشیا چوری کیں اور فرار ہو گئے۔ شہریوں نے پولیس کی خاموشی پر سوالات اٹھائے ہیں تاہم پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے چوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • حافظ آباد: ٹارگٹ کلرز کا انوکھا وار، رشتہ داروں کے گھر گھس کر خواتین کو گولیوں کا نشانہ بنایا

    حافظ آباد: ٹارگٹ کلرز کا انوکھا وار، رشتہ داروں کے گھر گھس کر خواتین کو گولیوں کا نشانہ بنایا

    حافظ آباد،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ) ٹارگٹ کلرز کا انوکھا وار، رشتہ داروں کے گھر گھس کر خواتین کو گولیوں کا نشانہ بنایا

    حافظ آباد کے پوش علاقے چوک فاروق اعظم میں ٹارگٹ کلرز نے ایک سنسنی خیز اور منفرد طریقہ کیا، جس میں انہوں نے رشتہ دار کے گھر گھس کر اسلحہ کے زور پر دو خواتین کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ زخمی خواتین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، دوپہر کے وقت نامعلوم ٹارگٹ کلرز نے زرگر اسحق خان کے گھر میں گھس کر تمام اہلِ خانہ کو یرغمال بنا لیا۔ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر اسحق خان کے فون سے ان کی ہمشیرہ اور بھانجی کو فوری طور پر گھر آنے کی کال کی، یہ بتاتے ہوئے کہ اسحق کی طبیعت شدید خراب ہے۔ دونوں خواتین جیسے ہی گھر پہنچیں، ٹارگٹ کلرز نے ان پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق، دو نامعلوم ملزمان گھر کے باہر پہرہ دے رہے تھے، جو واردات کے دوران فرار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔

    متاثرہ خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ اس ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے معیز پٹھان نامی ایک اوورسیز پاکستانی کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یہ واقعہ شہر میں خوف و ہراس کا باعث بن گیا ہے، اور شہریوں نے حکام سے تحفظ اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • مظفرگڑھ: چور گینگ کے تین ملزمان گرفتار، 8 لاکھ روپے مالیت کی چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور اسلحہ برآمد

    مظفرگڑھ: چور گینگ کے تین ملزمان گرفتار، 8 لاکھ روپے مالیت کی چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور اسلحہ برآمد

    مظفرگڑھ (باغی ٹی وی،نامہ نگار) تھانہ سٹی مظفرگڑھ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران چور گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے پانچ عدد چوری شدہ موٹرسائیکلیں، اسلحہ اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔ اس کارروائی کا آغاز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ ڈاکٹر رضوان احمد خان کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔

    ایس ایچ او تھانہ سٹی مظفرگڑھ افتخار ملکانی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس کامیاب کارروائی کو انجام دیا، جس میں ملزمان طیب، شہباز آصف اور سرفراز کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے تین عدد پسٹل اور بھاری مقدار میں گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ اس کے علاوہ، پولیس ٹیم نے ملزمان کے قبضے سے پانچ عدد چوری شدہ موٹرسائیکلیں مالیتی تقریباً 8 لاکھ روپے اور ایک لاکھ روپے نقد رقم بھی برآمد کی۔

    ایس ایچ او افتخار ملکانی نے اس موقع پر بتایا کہ ملزمان شہر میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے، اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور بھلائی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

    یہ کارروائی پولیس کی جانب سے شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کے خلاف اٹھائے گئے اہم قدم کی عکاسی کرتی ہے، اور پولیس کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہے کہ شہر میں جرائم کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، ناقص مشروبات تیار کرنے والی فیکٹریوں پر جرمانے

    اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، ناقص مشروبات تیار کرنے والی فیکٹریوں پر جرمانے

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک ظفر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات تیار کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چک نمبر 1/4 ایل اور صمد پورہ روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع دو سوڈا واٹر فیکٹریوں پر چھاپے مارے، جہاں ناقص صفائی، مصنوعی اجزاء کی ملاوٹ اور غیر معیاری پیداوار کا انکشاف ہوا۔

    کارروائی کے دوران ٹیموں نے دونوں فیکٹریوں سے 150 لٹر ناقص اور مضر صحت مشروبات موقع پر ہی تلف کر دیے، جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات، مصنوعی کیمیکلز کے استعمال اور خوراک کے معیار کی سنگین خلاف ورزیوں پر دونوں فیکٹریوں کو 20، 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کے مطابق فیکٹریوں میں سوڈا واٹر کی تیاری کے دوران صحت دشمن کیمیکلز اور ملاوٹ شدہ اجزاء کا استعمال کیا جا رہا تھا، جب کہ پروڈکشن ایریا میں صفائی ستھرائی کا کوئی مناسب نظام موجود نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے ملاوٹ شدہ مشروبات کو فوری تلف کر کے عوام کو ممکنہ نقصان سے بچایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گرمیوں کے موسم میں ناقص مشروبات کے باعث صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر پنجاب فوڈ اتھارٹی ایسے غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

  • ننکانہ صاحب: دریا، نہروں اور جھیلوں میں نہانے پر پابندی عائد,ریسکیو 1122 کا انتباہ

    ننکانہ صاحب: دریا، نہروں اور جھیلوں میں نہانے پر پابندی عائد,ریسکیو 1122 کا انتباہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب میں ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔ اجلاس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوآرڈینیٹر سعید احمد، میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر اور دیگر ریسکیو افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اپریل 2025 کے دوران ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کو مجموعی طور پر 14525 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 3371 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان پر 3556 متاثرین کو بروقت ریسکیو سروس فراہم کی گئی۔ ان واقعات میں 763 روڈ ٹریفک حادثات، 2057 میڈیکل کیسز، 134 آتشزدگی، 5 پانی میں ڈوبنے کے واقعات، 72 لڑائی جھگڑے اور 340 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے موسمِ گرما کے دوران ڈوبنے کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا کہ دریا، نہروں اور جھیلوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیرنے کی مہارت نہ ہونا، پانی کے بہاؤ اور گہرائی کا غلط اندازہ، پانی میں چھپی خطرناک اشیاء سے لاعلمی، اور غیر سنجیدہ رویہ اکثر جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ ایسی صورتوں میں ریسکیو ٹیموں کو کئی کئی دنوں تک تلاش اور بازیابی کے پیچیدہ مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے والدین، اساتذہ، کمیونٹی رہنماؤں اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے شعور بیدار کریں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔ اجلاس کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ اپریل میں 1276 زخمیوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی جبکہ 2194 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ 86 افراد جانبر نہ ہو سکے، جب کہ 334 مریضوں کو ضلعی سطح پر سہولیات نہ ہونے کے باعث لاہور اور فیصل آباد منتقل کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ ریسکیو 1122 اپنی خدمات بلا تعطل جاری رکھے گی، مگر عوامی تعاون کے بغیر انسانی جانوں کو بچانا ممکن نہیں۔ پانی کے خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کریں اور بچوں کو خاص طور پر اس سے دور رکھیں۔

  • گوجرانوالہ: خاتون سے زنا بالجبر کرنے والا اشتہاری گرفتار

    گوجرانوالہ: خاتون سے زنا بالجبر کرنے والا اشتہاری گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) تھانہ سوہدرہ پولیس نے ایک سال قبل خاتون سے گھر میں گھس کر زنا بالجبر کرنے والے اشتہاری مجرم احمد علی کو گرفتار کر لیا۔ سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم کی جانب سے تھانہ سوہدرہ میں کھلی کچہری کے دوران ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے پولیس نے کامیاب کارروائی کی۔

    ملزم احمد علی نے ایک سال قبل تھانہ سوہدرہ کی حدود میں ایک خاتون کے گھر میں داخل ہو کر زبردستی زیادتی کی تھی، جس کے بعد سے وہ روپوش تھا اور اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا۔ پولیس نے مسلسل محنت اور جدید طریقہ تفتیش سے بالآخر ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ درندہ صفت مجرم معاشرے کا ناسور ہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

    ملزم کی گرفتاری پر علاقہ مکینوں، سیاسی و سماجی تنظیموں نے تھانہ سوہدرہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مظلوموں کو انصاف کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔

    ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق ملزم کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گوجرانوالہ پولیس اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔

  • گوجرانوالہ: 25 لاکھ کی چوری میں ملوث خاتون سی سی ٹی وی فوٹیج سے گرفتار، رقم برآمد

    گوجرانوالہ: 25 لاکھ کی چوری میں ملوث خاتون سی سی ٹی وی فوٹیج سے گرفتار، رقم برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) تھانہ اروپ پولیس نے شاندار کارروائی کرتے ہوئے گھر سے 25 لاکھ روپے چوری کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے جدید سائنسی طریقہ کار اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمہ مسرت بی بی کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، جس کے قبضے سے چوری شدہ تمام رقم برآمد کر لی گئی۔ بعد ازاں ملزمہ کو جیل روانہ کر دیا گیا۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کی ہدایات پر ضلع بھر میں چوروں اور ڈکیتوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس پی سول لائن شاہد رشید کی ہدایت اور ڈی ایس پی کینٹ سرفراز احمد رانجھا کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ اروپ انسپکٹر زبیر سیال اور ان کی ٹیم نے انتہائی مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اس کیس کو حل کیا۔

    تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مسرت بی بی گھروں میں خیرات اور صدیقہ کے بہانے داخل ہو کر الماریوں کے تالے توڑتی اور موقع پاکر نقدی لے کر فرار ہو جاتی تھی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمہ سابقہ چور بھی ہے اور متعدد وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔

    عوام نے تھانہ اروپ پولیس کی اس کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ چور و ڈکیت معاشرے کا ناسور ہیں، ان کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کیس میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر ایس ایچ او انسپکٹر زبیر سیال اور ان کی ٹیم کو شاباش بھی دی۔

  • بہاولپور :ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق

    بہاولپور :ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق

    تفصیل کے مطابق یکم مئی 2025 کو رات 10 بج کر 19 منٹ پر ریسکیو 1122 بہاولپور کے کنٹرول روم کو ایک افسوسناک حادثے کی اطلاع موصول ہوئی جس میں ایک ٹرین کی ٹکر سے ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی۔

    کنٹرول روم سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق یہ حادثہ مبارک پور کے قریب پُل نمبر 35 کے نزدیک بستی سیالاں میں پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی گاڑی BPA-10 کو فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا جس نے 23 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    ریسکیو عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بتایا کہ ہزارہ ایکسپریس جو کراچی سے راولپنڈی کی طرف جا رہی تھی جب مبارک پور کے قریب پہنچی تو ایک 17 سالہ نوجوان محمد سمیر ولد امیر بخش جو مبینہ طور پر کانوں میں ہیڈ فون لگائے ہوئے تھا، ٹرین کی آمد سے بے خبر رہا اور ٹرین کی زد میں آ گیا۔ اس المناک حادثے کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو عملے نے ضروری کارروائی کے بعد نوجوان کی لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔نوجوان کی موت سر پر شدید چوٹ اور دونوں ٹانگوں (ٹیبیا اور فیبولا) کے فریکچر کی وجہ سے ہوئی۔

  • شرط  لگاکر شراب پینے والا 21 سالہ نوجوان ہلاک

    شرط لگاکر شراب پینے والا 21 سالہ نوجوان ہلاک

    بھارت میں صرف 10 ہزار روپے کی شرط لگا کر شراب پینے والا ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نوجوان شراب کی پانچ بوتلیں پینے کے بعد شدید بیمار ہو گیا، جس کے بعد اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ،دوران علاج وہ دم توڑ گیا، ہلاک نوجوان کی شادی کو ایک سال ہوا تھا اور اس کی بیوی نے آٹھ دن پہلے ہی ایک بچے کو جنم دیا تھا۔ ہلاک نوجوان نے اپنے دوستوں سے کہا تھا کہ وہ شراب کی پانچ بوتلیں پانی میں ملا کر پی سکتا ہے، جس پر ایک دوست نے کہا کہ اگر اس نے ایسا کیا تو وہ اسے 10,000 روپے دیں گے۔

    ہلاک نوجوان کے دوستوں سمیت 6 افراد کے خلاف پولس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا، دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس دیگر ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق تقریباً 2.6 ملین لوگ ہر سال شراب نوشی سے مرتے ہیں جو کہ عالمی اموات کا 4.7 فیصد بنتا ہے۔

    بارش کے دوران حادثات، 5 افراد جاں بحق

    ڈیم پر سیر کیلئے جانے والی کشتی ڈوب گئی، 6 افراد سوار

    کشیدگی کے باوجود پاکستان کا پرچم بردار بحری جہاز بھارتی بندرگاہ پر موجود

    پی ڈی ایم اے کا گرج چمک کیساتھ بارشوں کا الرٹ جاری