Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • ریاضی کا پرچہ خراب ہونے پر طالبہ نےخودکشی کرلی

    ریاضی کا پرچہ خراب ہونے پر طالبہ نےخودکشی کرلی

    کولکتہ:ریاضی کا پرچہ خراب ہونے پر دسویں جماعت کی طالبہ نے اپنے کمرے کی چھت سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں پیش آیا ا والدین کسی کام سے باہر گئے ہوئے تھے اور گھر میں صرف ایک بہن اور دادی موجود تھیں شام کو والدین گھر واپس لوٹے اور جب کافی دیر تک بیٹی کمرے سے باہر نہ آئی تو دروازہ کھٹکھٹایا لیکن کوئی جواب نہیں آیا جس پر اہل خانہ نے دروازہ توڑ دیا اہل خانہ کمرے میں داخل ہوئے تو بیٹی کو دوپٹے کے ذریعے پنکھے سے لٹکا ہوا پایا اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں موت کی تصدیق کردی گئی۔

    والدین نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی دسویں کلاس میں پڑھتی تھی اور اس کے تمام پیپرز بہت اچھے ہوئے تھے لیکن ریاضی کا پرچہ خراب ہونے پر وہ ہر وقت افسردہ رہتی تھی اس نے مایوسی کے عالم میں دو دن سے کھانا پینا چھوڑ دیا تھا اور کمرے میں ہر وقت اکیلی رہتی تھی۔

    مراد سعید نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ خودکشی کا کیس لگتا ہے لیکن مقدمے کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہےتعلیمی ماہرین کے بقول بھی امتحانات کے دوران طلبا کو شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے خاص طور پر جب وہ نتائج کے بارے میں غیر معمولی فکرمند ہوں،ماہرین والدین اور اساتذہ کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ بچوں کی ذہنی کیفیت پر نظر رکھیں اور انہیں ناکامی یا کم نمبروں کی صورت میں بھی حوصلہ دیں۔

    وزیر اعظم معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں،صدر مملکت

  • انسٹاگرام سے شروع ہونے والی محبت سیپٹک ٹینک میں لاش ملنے پر ختم

    انسٹاگرام سے شروع ہونے والی محبت سیپٹک ٹینک میں لاش ملنے پر ختم

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوبال میں ایک سنسنی خیز قتل کا انکشاف ہوا ہے جہاں 33 سالہ خاتون کی مسخ شدہ لاش خالی پلاٹ میں قائم سیپٹک ٹینک سے برآمد ہوئی۔

    پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس اندوہناک واردات کو 24 گھنٹوں کے اندر ٹریس کر لیا گیا، جس کی کہانی محبت، دھوکہ، بلیک میلنگ اور قتل جیسے پہلوؤں پر مشتمل ہے۔پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت اشرفی عرف سیا کے نام سے ہوئی ہے جو ریاست مہاراشٹر کے ضلع گونڈیا کی رہائشی تھیں۔ تحقیقات کے مطابق سیا کو پیر کے روز اس کے شادی شدہ عاشق سمیر نے مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کیا، جس میں اس کے اہلِ خانہ نے بھی معاونت کی۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک سال قبل سیا اور سمیر کی ملاقات سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ہوئی۔ ابتدا میں عام نوعیت کی گفتگو جلد ہی معاشقے میں بدل گئی۔ محبت میں اندھی سیا تقریباً تین ماہ قبل اپنا گھر چھوڑ کر بھوبال منتقل ہو گئی اور سمیر کے ساتھ رہائش اختیار کر لی، یہ سمجھتے ہوئے کہ وہ اپنی زندگی کا نیا آغاز کر رہی ہے۔تاہم سمیر پہلے سے شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ تھا۔ جب سیا اس کے علاقے کملہ نگر کے گھر میں رہنے لگی تو روزانہ کی بنیاد پر جھگڑے شروع ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سیا اور سمیر کی بیوی کے درمیان اکثر تلخ کلامی ہوتی تھی جبکہ پڑوسیوں نے بھی گھر میں کشیدگی اور چیخ و پکار کی آوازیں سننے کی تصدیق کی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سیا سمیر پر شادی کے لیے دباؤ ڈال رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس نے شادی سے انکار کی صورت میں پانچ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی۔ گھریلو حالات مزید کشیدہ ہو گئے اور سمیر کی بیوی مبینہ طور پر حالات سے تنگ آ کر اپنے میکے جَبَل پور چلی گئی۔پیر کی شام سیا اور سمیر کے درمیان ایک اور شدید جھگڑا ہوا۔ پولیس کے مطابق طیش میں آ کر سمیر نے سیا کا گلا دبا دیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ بعد ازاں شواہد مٹانے کے لیے سمیر نے مبینہ طور پر اپنے بھائی، والدہ اور بہن کی مدد سے لاش کو ایک لوہے کے صندوق میں بند کیا اور پیر اور منگل کی درمیانی شب گھر کے قریب ایک خالی پلاٹ میں موجود سیپٹک ٹینک میں پھینک دیا۔جمعرات کی شام قریبی علاقے میں کھیلنے والے بچوں نے ٹینک سے اٹھنے والی شدید بدبو کی شکایت کی۔ مکینوں نے اندر لوہے کا صندوق تیرتا دیکھا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تلاشی لی تو صندوق کے اندر سے سیا کی بری طرح مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔لاش کافی حد تک گل چکی تھی جس کے باعث واضح زخموں کے نشانات نظر نہیں آ رہے تھے، تاہم ہاتھ پر بنے چراغ کے مخصوص ٹیٹو اور تاریخ "26 مئی 1992” سے شناخت ممکن ہوئی، جو غالباً اس کی تاریخ پیدائش تھی۔

    نشات پورہ تھانے کے انسپکٹر منوج پٹوا کے مطابق لاش تین سے چار روز پرانی معلوم ہوتی ہے اور ابتدائی شواہد گلا دبانے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ پولیس نے سمیر کے بھائی، والدہ اور بہن کو لاش ٹھکانے لگانے میں مدد دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم سمیر تاحال مفرور ہے۔ اس کی بیوی سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد کو بھی علم تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق سیا کی ذاتی زندگی بھی پیچیدہ تھی اور اس کی اس سے قبل تین شادیاں ہو چکی تھیں، جن میں سے بعض ریاست مہاراشٹر اور راجستھان میں ہوئیں۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اصل محرک اور واقعات کی مکمل ترتیب فرانزک رپورٹ اور پوسٹ مارٹم کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم کی تلاش تیز کر دی ہے جبکہ علاقے میں اس لرزہ خیز واقعے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا ہے

  • کراچی میں چور سنار کی دکان کا صفایا کر گئے

    کراچی میں چور سنار کی دکان کا صفایا کر گئے

    کراچی میں ایک بار پھر چوری کی بڑی واردات نے تاجروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے سنار کی دکان کا صفایا کر دیا اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے اُڑے۔

    پولیس کے مطابق واردات شہر کے علاقے ملیر سٹی میں قائم گھانچی مارکیٹ میں پیش آئی۔ ملزمان نے رات کی تاریکی میں دکان کے تالے کاٹ کر اندر داخل ہونے کے بعد سنار کی تجوری اٹھا لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق چور انتہائی مہارت سے کارروائی کر کے فرار ہوئے۔
    تھانہ پولیس حکام کے مطابق تجوری میں تقریباً 850 گرام سونا اور 15 لاکھ روپے نقد رقم موجود تھی۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مارکیٹ کے چوکیدار کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ واردات میں کسی اندرونی مدد کے امکان کو بھی جانچا جا سکے۔

    دوسری جانب متاثرہ سنار کا کہنا ہے کہ اس کی دکان میں 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور دیگر قیمتی زیورات موجود تھے اور مجموعی نقصان پولیس کے ابتدائی اندازے سے کہیں زیادہ ہے۔ سنار نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے لوٹا گیا مال برآمد کیا جائے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت کے لیے مارکیٹ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے جبکہ فرانزک ٹیم نے بھی شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں اور جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ پانچ روز قبل بھی کراچی کے علاقے سعید آباد میں اسی نوعیت کی واردات پیش آئی تھی، جہاں ملزمان سنار کی دکان کے تالے کاٹ کر 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات لے گئے تھے۔ اس واقعے کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج ہے تاہم تاحال ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے۔تاجروں اور دکانداروں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی کے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • اوگاہوں ڈیم میں نہاتے ہوئے دو کمسن طالب علم زندگی کی بازی ہار گئے

    اوگاہوں ڈیم میں نہاتے ہوئے دو کمسن طالب علم زندگی کی بازی ہار گئے

    گوجرخان کے نواحی علاقے میں اوگاہوں ڈیم کا افسوسناک سانحہ دسویں جماعت کے دو طالب علم پانی میں ڈوب کر جاں بحق، علاقے میں کہرام
    اوگاہوں ڈیم میں حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان، دو ہنستے بستے گھروں کے چراغ گل، شہریوں کا ضلعی انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ
    گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان کے نواحی علاقے میں واقع اوگاہوں ڈیم ایک دل خراش سانحے کا منظر پیش کرنے لگا جہاں نہاتے ہوئے دو نوجوان پانی کی بے رحم لہروں کی نذر ہو گئے۔ افسوسناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں ڈبو دیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق عرفان اور شاہزیب نامی دو کمسن طالب علم، جو دسویں جماعت میں زیرِ تعلیم تھے، گرمی کے باعث ڈیم میں نہانے کے لیے اترے۔ اچانک پانی کی گہرائی اور تیز بہاؤ کے باعث دونوں نوجوان ڈوب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور مقامی افراد کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔کچھ دیر کی جدوجہد کے بعد دونوں نوجوانوں کی نعشیں پانی سے نکال لی گئیں۔ جانبحق ہونے والے دونوں طالب علموں کی میتوں کو قانونی کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان منتقل کر دیا گیا۔

    جیسے ہی حادثے کی خبر پھیلی علاقے میں کہرام مچ گیا اور اہلِ خانہ پر قیامت صغریٰ ٹوٹ پڑی۔ ہر سو رنج و الم کی فضا قائم ہو گئی جبکہ تعلیمی ادارے اور مقامی افراد بھی غم میں ڈوب گئے۔مقامی شہریوں نے اس المناک سانحے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیم اور دیگر آبی مقامات پر مؤثر حفاظتی اقدامات، وارننگ بورڈز اور سیکیورٹی عملہ تعینات کیا جائے تاکہ مستقبل میں قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ یہ سانحہ ایک بار پھر اس امر کی یاد دہانی ہے کہ تفریحی مقامات پر حفاظتی تدابیر اور احتیاطی شعور کی کمی کس طرح لمحوں میں خوشیوں کو ماتم میں بدل دیتی ہے۔

  • 
چولستان جیپ ریلی میں حادثہ، تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پولیس افسر جاں بحق

    
چولستان جیپ ریلی میں حادثہ، تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پولیس افسر جاں بحق

    
چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کے دوران پیش آنے والے حادثے میں ایک پولیس افسر جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد انتظامیہ نے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے۔
    تفصیلات کے مطابق حادثہ ریلی ٹریک کے مڈ پوائنٹ پر اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار جیپ بے قابو ہو کر ڈیوٹی پر موجود پولیس افسر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ پری پیئرڈ کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ کے دوران قلعہ جام گڑھ کے مقام پر پیش آیا۔
    ‎ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افسر کی شناخت بشیر کرم خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ان کی میت کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
    ‎حادثے کے بعد انتظامیہ نے ریلی ٹریک پر سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے شائقین کو حفاظتی وجوہات کی بنا پر ٹریک سے دور منتقل کر دیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • کراچی،مشرف کالونی میں گولیاں چل گئیں،میاں بیوی،بیٹے کی موت

    کراچی،مشرف کالونی میں گولیاں چل گئیں،میاں بیوی،بیٹے کی موت

    کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں صبح سویرے اندوہناک فائرنگ کے واقعے میں میاں، بیوی اور ان کا کمسن بیٹا جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔

    واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا، پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمی خاتون کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں عابد نامی شخص، اس کی اہلیہ اور ان کا بیٹا شامل ہیں۔ عابد پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور تھا اور اس کا تعلق مانسہرہ سے بتایا جاتا ہے۔ فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والی خاتون مقتول عابد کی سالی ہے جو واقعے کے وقت گھر میں بطور مہمان موجود تھی۔

    زخمی خاتون نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ حملہ آور عابد کا ہم زلف دانش تھا۔ اس کے مطابق عابد نے اپنی ایک بیٹی دانش کو گود دے رکھی تھی، تاہم بعد ازاں اسی معاملے پر دونوں کے درمیان تنازع پیدا ہو گیا تھا۔ زخمی خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم دانش رات تقریباً تین بجے عابد کے گھر آیا تھا اور بعد ازاں صبح فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔پولیس حکام کے مطابق علاقہ مکینوں نے بھی بیان دیا ہے کہ انہوں نے ملزم دانش کو واردات کے بعد عابد کے گھر سے فرار ہوتے دیکھا۔ پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے فارنزک تجزیے کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • دوپٹہ موٹرسائیکل کے پہیے میں پھنس گیا،کالج روڈ فلائی اوور سے خاتون گر کر جاں بحق

    دوپٹہ موٹرسائیکل کے پہیے میں پھنس گیا،کالج روڈ فلائی اوور سے خاتون گر کر جاں بحق

    لاہور کے علاقے کالج روڈ فلائی اوور پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 58 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب خاتون اپنے بیٹے کے پیچھے موٹر سائیکل پر بیٹھی ہوئی تھیں اور فلائی اوور سے گزر رہی تھیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق دورانِ سفر خاتون کا دوپٹہ اچانک موٹر سائیکل کے پچھلے پہیے میں پھنس گیا، جس کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور فلائی اوور سے نیچے جا گریں۔ بلندی سے گرنے کے باعث خاتون شدید زخمی ہوئیں اور موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ریسکیو 1122 کو واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کی لاش کو تحویل میں لے کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سفر کرتے وقت خواتین کو خاص طور پر دوپٹے یا لمبے لباس کو سنبھال کر رکھنا چاہیے تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔یہ واقعہ ایک بار پھر اس امر کی یاد دہانی ہے کہ معمولی سی لاپرواہی یا حفاظتی غفلت بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

  • کراچی: بلیک میل کرنے پر سیکیورٹی گارڈ نے خاتون کو قتل کر دیا

    کراچی: بلیک میل کرنے پر سیکیورٹی گارڈ نے خاتون کو قتل کر دیا

    پاپوش نگر صرافہ بازار میں واقع نجی بینک کے باہر سیکیورٹی گارڈ صادق ولد حاجی خان نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کر دیا-

    پولیس کے مطابق پاپوش نگر تھانے کے علاقے پاپوش نگر صرافہ بازار میں واقع نجی بینک کے باہر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا تاہم شدید زخمی خاتون دوران علاج دم توڑ گئی مقتولہ خاتون اور گرفتار سیکیورٹی گارڈ مبینہ طور پر آپس میں دوست تھے اور دوران تفتیش گرفتار گارڈز نے بتایا کہ مقتولہ خاتون اسے بیلک میل کر رہی تھی اور اسی وجہ سے اس نے فائرنگ کی۔

    مقتولہ خاتون کی شناخت 32 سالہ زاہدہ زوجہ آصف کے نام سے کی گئی، مقتولہ خاتون چاندنی چوک کی رہائشی تھی فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کیا۔

    ایس ایچ او پاپوش نگر نے بتایا کہ مقتولہ خاتون نے گزشتہ ماہ گرفتار سیکیورٹی گارڈ سے 50ہزار روپے لیے تھے اور مزید رقم کا تقاضا کر رہی تھی، مقتولہ کے پاس گرفتار سیکیورٹی گارڈ کی ویڈیو موجود تھی اور مزید رقم نہ ملنے پر گارڈ کو ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل کر رہی تھی جس کی وجہ سے گرفتار سیکیور ٹی گارڈ پریشان تھا جمعرات کو گرفتار سیکیورٹی گارڈ نے رقم دینے کے بہانے خاتون کو فون کال کرکے بلوایا اور اسے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا، پولیس نے گرفتار سیکیورٹی گارڈ کے قبضے سے اسلحہ اور جائے وقوع سے چلیدہ خول بھی برآمد کیے ہیں جبکہ مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • ‎کراچی: انڈے کے تاجر سے 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی

    ‎کراچی: انڈے کے تاجر سے 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی

    ‎کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں ایک انڈے کے تاجر سے 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
    ‎تاجر اصغر نے بتایا کہ دو ملازمین، عامر اور عمران، 30 لاکھ روپے تھیلے میں بھر کر بینک جمع کروانے جا رہے تھے کہ کورنگی ڈھائی نمبر کے مقام پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے انہیں روک لیا۔ ملزمان نے اسلحہ دکھا کر رقم سے بھرا تھیلا اور موبائل فون چھین لیا۔
    ‎پولیس حکام نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک اور ہیلمٹ پہن رکھے تھے اور جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔

  • غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، کروڑوں کی کرنسی برآمد

    غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، کروڑوں کی کرنسی برآمد

    کراچی میں ایف آئی اے نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائیاں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے مشترکہ طور پر کیں،گرفتار ملزمان میں سہیل اور سہروش شامل ہیں، جنہیں ناظم آباد اور گارڈن ایسٹ کراچی سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کر رہے تھے۔

    کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، جس میں 20050 امریکی ڈالر، 2170 برطانوی پاؤنڈ، 1000 یورو، 8001 قطری ریال، 13600 چینی یوآن، 7800 سعودی ریال، 2000 ترک لیرا، 1300 یو اے ای درہم، 81 بحرینی دینار، 465 ملائیشین رنگٹ، 50 آسٹریلین ڈالر اور 59 لاکھ 33 ہزار سے زائد پاکستانی روپے شامل ہیں، اس کے ساتھ ساتھ موبائل فون اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق اہم شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔