Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • اوکاڑہ: گھوڑے شاہ قبرستان کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی، غیر قانونی تعمیرات ہٹا دی گئیں

    اوکاڑہ: گھوڑے شاہ قبرستان کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی، غیر قانونی تعمیرات ہٹا دی گئیں

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر گھوڑے شاہ قبرستان کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ کارروائی سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئی۔

    آپریشن کے دوران قبرستان کی چار دیواری سے متصل تمام غیر قانونی تجاوزات ہٹا دی گئیں۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے واضح کیا کہ قبرستانوں کے اطراف کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیر، قبضہ یا تجارتی سرگرمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے شہریوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آینده قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن ایک روزہ کارروائی نہیں بلکہ تجاوزات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

    وسیم جاوید نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قبرستانوں کے تقدس کا خیال رکھیں اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی سے اجتناب کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر میں نظم و ضبط اور مقدس مقامات کے احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

  • سیالکوٹ، بھکر، چارسدہ اور صوابی میں حادثات، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    سیالکوٹ، بھکر، چارسدہ اور صوابی میں حادثات، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

    پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے علیحدہ علیحدہ ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    سیالکوٹ میں بڈیانہ روڈ پر دو تیز رفتار کاروں نے مبینہ طور پر ریس کے دوران رکشے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی اور ان کا کزن شامل ہے، جبکہ حادثے کے بعد دونوں کاروں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔

    چارسدہ کے ترنگزئی بائی پاس پر اسکول وین اور ٹرک میں تصادم ہوا جس میں دو طالب علم جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے۔ زخمی بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    بھکر میں ایم ایم روڈ پر مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔

    صوابی کے شیوہ اڈہ چوک میں دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق اوور اسپیڈنگ اور لاپرواہ ڈرائیونگ حادثات کی بنیادی وجوہات ہیں۔

  • گھوٹکی: پولیس اور رینجرز کا ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن، فائرنگ کا تبادلہ جاری

    گھوٹکی: پولیس اور رینجرز کا ڈاکوؤں کے خلاف بڑا آپریشن، فائرنگ کا تبادلہ جاری

    گھوٹکی (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور اغواء کاروں کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن تیز کر دیا گیا۔ آپریشن کی قیادت ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کر رہے ہیں۔

    تھانہ آندل سندرانی کی حدود میں واقع کچے کے علاقے میں بدنام زمانہ ڈاکو اور اغواء کار بخت علی عرف بختو سندرانی کے خلاف بھاری نفری کے ساتھ پیش قدمی جاری ہے۔
    ذرائع کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم بختو سندرانی متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب ہے، جن میں اغواء برائے تاوان، پولیس اہلکاروں کی شہادتیں، پولیس مقابلے اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔

    آپریشن میں ڈی ایس پی گھوٹکی انور علی شیخ، سب ڈویژن رونتی، سب ڈویژن کچو بنڈی اور سب ڈویژن گھوٹکی کے ایس ایچ اوز سمیت پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔
    پولیس اور رینجرز کی ٹیموں کے ساتھ اے پی سی چین اور بکتر بند گاڑیاں بھی شامل ہیں، جن کے ذریعے سخت مزاحمت کا سامنا کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل ڈاکوؤں نے تھانہ اے سیکشن کی حدود میں اللہ والی مسجد کے قریب سے ایک شہری کو اغواء کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے کچے میں کارروائی مزید تیز کر دی۔

  • قصور: ڈکیتی کے دوران خاتون اغوا، نقدی و موبائل فون لوٹ لیے,چوری کی متعدد وارداتیں

    قصور: ڈکیتی کے دوران خاتون اغوا، نقدی و موبائل فون لوٹ لیے,چوری کی متعدد وارداتیں

    قصور (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو) قصور میں ڈکیتی کی سنگین واردات کے دوران ڈاکو نقدی، موبائل فون لوٹ کر ایک خاتون کو بھی اغوا کرکے لے گئے، جبکہ ضلع کے مختلف علاقوں میں چوری کی متعدد وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان غائب کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ الہ آباد کے علاقے بونگی کلیاں کے قریب خواتین کو لے کر واپس جانے والے میرکوٹ چونیاں کے رہائشی محسن خالد ولد خالد مسیح کے کیری ڈبہ کو کرولا کار سوار ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر روک لیا۔ ڈاکو 60 ہزار روپے نقدی، موبائل فون چھین کر خاتون انمول بی بی کو بھی اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔

    تلونڈی اڈا الہ آباد میں نامعلوم چور محمد نواب ولد رانا کے گھر سے 50 ہزار روپے نقدی اور قیمتی کاغذات چرا کر فرار ہوگئے۔

    پولیس تھانہ بی ڈویژن کے علاقے لطیف پورہ میں چور محمد رمضان ولد جلال دین کے کارخانے کی دیوار پھلانگ کر 45 ہزار روپے مالیت کا سامان، جن میں 15 ایٹم سول جل، چھت والا پنکھا، جوکی مشین کی موٹر، بجلی کی وائرنگ اور سولر بلب شامل ہیں، لے اڑے۔

    پتوکی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم چور محمد شفقت ولد محمد اکرم کی موٹرسائیکل لے گئے جبکہ کوٹ سلیم حیدر سے بھی محمد آصف ولد محمد منشا کی موٹرسائیکل چوری کرلی گئی۔

    پولیس تمام واقعات کی تفتیش کر رہی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • اوکاڑہ:2 بھائیوں کی فائرنگ، سوتیلا باپ قتل، مرکزی ملزم گرفتار

    اوکاڑہ:2 بھائیوں کی فائرنگ، سوتیلا باپ قتل، مرکزی ملزم گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے علاقے 7 فور ایل میں دو سگے بھائیوں نے فائرنگ کرکے اپنے سوتیلے باپ کو قتل کر دیا۔ مقتول محمد بشیر نے ملزمان کی والدہ سے پسند کی شادی کی تھی جس کا دونوں بھائیوں کو رنج تھا۔ واردات پر ڈی پی او راشد ہدایت نے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔

    ایف آئی آر کے مطابق 37 سالہ بشیر کو اس کے سوتیلے بیٹوں عمران اور وسیم نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور مقتول کے کزن خوشی محمد کی درخواست پر مقدمہ نمبر 470/25 درج کر لیا گیا۔

    پولیس نے مرکزی ملزم کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

  • واربرٹن: دن دیہاڑے فائرنگ سے شخص قتل،ڈاکو فرار، ڈی پی او کا نوٹس

    واربرٹن: دن دیہاڑے فائرنگ سے شخص قتل،ڈاکو فرار، ڈی پی او کا نوٹس

    واربرٹن (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالغفار چوہدری) تھانہ واربرٹن کی حدود میں دن دیہاڑے فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص قتل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو ضلع شیخوپورہ کے علاقے بھکھی میں واردات کے بعد ننکانہ صاحب کی حدود میں داخل ہوئے تھے۔ مقتول جمشید اکرم نے تعلق دار کی اطلاع پر ملزمان کو روکنے کی کوشش کی جس پر ڈاکوؤں نے گھونہ ٹبہ روڈ پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش شروع کردی۔ ڈی پی او ننکانہ فراز احمد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جائے گی۔

  • جتوئی: سکول رکشوں کی ریس کے دوران خوفناک تصادم، 9 سالہ طالبہ جاں بحق، 13 طلبہ زخمی

    جتوئی: سکول رکشوں کی ریس کے دوران خوفناک تصادم، 9 سالہ طالبہ جاں بحق، 13 طلبہ زخمی

    جتوئی (باغی ٹی وی)مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں صبح کے وقت افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں طلبا و طالبات کو اسکول لے جانے والے دو رکشے مبینہ طور پر ریس لگاتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے نتیجے میں 9 سالہ طالبہ انشراح راشد موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ 13 طلبا و طالبات زخمی ہوئے۔

    پولیس کے مطابق دونوں رکشے تیز رفتاری کے باعث ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔ واقعے کے فوراً بعد ریس لگانے میں ملوث دونوں رکشہ ڈرائیورز کو رکشوں سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    زخمی بچوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال جتوئی منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس حادثے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

    والدین اور شہریوں نے اسکول وین رکشوں کی بے احتیاط ڈرائیونگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اوکاڑہ: صنعتی یونٹس میں فائر سیفٹی کا معائنہ، نوٹسز جاری

    اوکاڑہ: صنعتی یونٹس میں فائر سیفٹی کا معائنہ، نوٹسز جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے اوکاڑہ کی صنعتی یونٹس میں فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور بہتری کے لیے نوٹسز جاری کیے۔

    معائنے کے دوران کرمانوالہ رائس مل، اقبال رائس مل اور قمر فلور مل میں آگ بجھانے والے آلات، فائر الارم سسٹم، ایمرجنسی ایگزٹ راستے، فائر بالز، ہائیڈرنٹس اور دیگر حفاظتی انتظامات کی موجودگی اور فعالیت کا جائزہ لیا گیا۔

    سول ڈیفنس آفیسر نے صنعتی یونٹس کے مالکان اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی پلان کو بہتر بنایا جائے، آلات کو فعال رکھا جائے اور ملازمین کی باقاعدہ ٹریننگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جان و مال کے تحفظ کے لیے فائر سیفٹی لازمی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    مزید برآں، سول ڈیفنس کے ٹیکنیکل سٹاف نے صنعتی یونٹس کے عملے کو فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کی۔ سول ڈیفنس آفیسر نے کہا کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • مریدشاخ اور نواحی علاقوں میں بدامنی میں خطرناک اضافہ

    مریدشاخ اور نواحی علاقوں میں بدامنی میں خطرناک اضافہ

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی کے شہر مریدشاخ اور اس کے نواحی علاقوں میں بدامنی میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں ڈکیتی اور دیگر سنگین وارداتوں کا سلسلہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے جبکہ کنبھڑا پولیس عملی کارروائی کے بجائے دفتر تک محدود دکھائی دے رہی ہے۔

    تازہ واقعہ دن دہاڑے اس وقت پیش آیا جب دو موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر لوہے کے دکاندار محمود میمن سے 20 لاکھ روپے نقدی اور دو اے ٹی ایم کارڈ چھین لیے۔ واردات کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے محمود میمن اور ان کے بھائی لیاقت میمن پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں بھائی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    عینی شاہدین اور اہلِ علاقہ کے مطابق واردات کی اطلاع فوراً کنبھڑا پولیس کو دی گئی، مگر پولیس اہلکار طویل انتظار کے باوجود موقع پر نہ پہنچے، جس سے عوام میں شدید غم و غصے اور خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث علاقہ جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

    شہریوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی گھوٹکی سے مطالبہ کیا ہے کہ کنبھڑا تھانے کے ایس ایچ او کو فوری طور پر ہٹایا جائے، لوٹی گئی رقم کی برآمدگی کو یقینی بنایا جائے اور واردات میں ملوث ملزمان کی فی الفور گرفتاری عمل میں لائی جائے۔

    علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر پولیس نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو وہ احتجاجی مظاہروں پر مجبور ہو جائیں گے۔

  • کندھ کوٹ :کچے میں راکٹ گولہ پھٹنے سے 4 بچے جاں بحق

    کندھ کوٹ :کچے میں راکٹ گولہ پھٹنے سے 4 بچے جاں بحق

    کندھ کوٹ (نامہ نگار)سندھ کے ضلع کشمور کے علاقے کندھ کوٹ میں انڈس ہائی وے کے قریب کچے کے گاؤں میں زنگ آلود راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے چار کم عمر بچے جاں بحق ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ آج 24 نومبر 2025 کی دوپہر پیش آیا، جس نے پورے علاقے کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا۔

    واقعے کے مطابق 8 سے 10 سال کی عمروں کے چار بچے مویشی چرانے کے لیے قریبی جنگل کی جانب گئے ہوئے تھے۔ جنگل کے ایک حصے میں جھاڑیوں کے پاس انہیں ایک زنگ آلود اور پرانا راکٹ گولہ ملا، جسے بچوں نے لاعلمی میں کھلونا سمجھ کر اٹھا لیا اور اس کے ساتھ کھیلنا شروع کر دیا۔ کچھ ہی دیر بعد گولہ اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں چاروں بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ دھماکے کی آواز دور دراز تک سنائی دی، جس پر اہل علاقہ جائے وقوعہ کی طرف دوڑ پڑے، مگر بچے جاں بحق ہو چکے تھے۔

    تمام بچے ایک ہی قبیلے سے تعلق رکھتے تھے جس کے باعث گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ لواحقین اور اہل علاقہ نے انتظامیہ سے کچے میں موجود پرانے اسلحے اور دھماکہ خیز مواد کی مکمل صفائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کشمور ایاز علی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے۔ ایس ایس پی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ راکٹ گولہ ممکنہ طور پر ماضی کے کسی پولیس یا فوجی آپریشن، یا جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کے دوران یہاں آ کر پڑا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے میں اسلحے کی باقیات ملنے کے واقعات افسوسناک طور پر عام ہیں، جس کے لیے جامع حکمت عملی ضروری ہے۔

    لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کشمور اور کندھ کوٹ کے علاقوں میں راکٹ شیل اور بارودی مواد پھٹنے کے سنگین واقعات رونما ہو چکے ہیں، جن میں 2023 کے سانحے میں آٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ مقامی آبادی نے ایک بار پھر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں غیر پھٹے بارودی مواد کی تلاش اور تلفی کے لیے فوری مہم چلائی جائے تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ سکیں۔