Baaghi TV

غزہ میں بارش کے بعد خستہ حال عمارت گرنے سے دو فلسطینی جاں بحق


غزہ میں تباہ شدہ عمارتیں شہریوں کے لیے جان لیوا خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔ بارش کے بعد ایک کمزور اور لرزتی عمارت گر گئی، جس کے نتیجے میں دو فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ علاقے میں پہلے ہی درجنوں عمارتیں شدید بمباری کے باعث غیر محفوظ ہو چکی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سردی میں اضافے نے خیموں میں رہنے والے خاندانوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ بارش اور کم درجۂ حرارت کے باعث بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے حالات نہایت سخت ہو گئے ہیں۔
‎ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے، جن کے دوران خاتون صحافی سمیت درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس دوران اتوار کو اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کی تدفین میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جہاں فضا سوگ اور غصے سے بھری رہی۔
‎اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت نے غیرقانونی یہودی آباد کاروں کو بھاری ہتھیار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے علاقے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

More posts