Baaghi TV

Category: جرائم و حادثات

  • گوجرہ:سی سی ڈی کا بڑا کریک ڈاؤن، اغوا برائے تاوان اور کمسن بچے کے قتل کا مرکزی ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

    گوجرہ:سی سی ڈی کا بڑا کریک ڈاؤن، اغوا برائے تاوان اور کمسن بچے کے قتل کا مرکزی ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ):سی سی ڈی ٹوبہ ٹیک سنگھ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان اور کمسن بچے کے قتل کے مقدمے میں مطلوب مرکزی ملزم کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ نمبر 31/26 بجرم 365-A/302/201 ت پ تھانہ نواں لاہور میں مطلوب مرکزی ملزم ذوالقرنین ولد ضیاء اللہ قوم کمبوہ، سکنہ 339 ج ب گوجرہ سی سی ڈی ٹوبہ کی ٹیم کے ساتھ مبینہ مقابلے میں مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی پولیس ملزمان اور ناجائز اسلحہ فروشوں کی تلاش میں چک نمبر 364 ج ب کے قریب گشت کر رہی تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار تین مشتبہ افراد نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دو ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم تھانہ نواں لاہور کی حدود میں اغوا برائے تاوان کے بعد کمسن بچے کے بہیمانہ قتل کا مرکزی کردار تھا۔ ملزم کے قبضے سے ناجائز پسٹل 30 بور بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے کی اسلام آباد خودکش حملے کی شدید مذمت

    جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے کی اسلام آباد خودکش حملے کی شدید مذمت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر):جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ میں ہونے والے خوفناک خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    اپنے مذمتی بیان میں ایسوسی ایشن نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا بدترین دہشت گردی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ تنظیم نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

    جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو مزید مؤثر اور تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

    بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر مضبوط اور مستقل پالیسیوں کی ضرورت ہے، جبکہ سکیورٹی اداروں کو مزید وسائل اور اختیارات فراہم کیے جائیں تاکہ ایسے واقعات کا سدباب ممکن ہو سکے۔

    تنظیم نے میڈیا برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ ذمہ دارانہ اور محتاط رپورٹنگ کے ذریعے دہشت گرد عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرے اور قومی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے۔

    آخر میں جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

  • دراہمہ میں ڈاکو راج، پولیس ناکام، شہری غیر محفوظ

    دراہمہ میں ڈاکو راج، پولیس ناکام، شہری غیر محفوظ

    دراہمہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدعلی مکھن) علاقہ میں ڈاکو راج قائم ہو چکا ہے، ایک ہی واردات میں تین ہنڈا 125 موٹر سائیکلیں اور درجنوں قیمتی موبائل فون چھین لیے گئے۔ تھانہ دراہمہ پولیس اور موجودہ ایس ایچ او جرائم کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہے ہیں، جس کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ٹھہڑی کے قریب میرو مائنر پر دوست کی شادی سے واپس آنے والے تقریباً ایک درجن افراد کو پانچ مسلح ڈاکوؤں نے گھیر لیا۔ زنگلانی ہاؤس کے قریب ڈاکو اسلحہ کے زور پر تین عدد ہنڈا 125 (ماڈل 2026)، نقدی اور آدھے درجن سے زائد موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے، حتیٰ کہ متاثرین کی جیکٹس تک اتار لی گئیں۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پانچ سے زائد موٹر سائیکلیں اور درجنوں موبائل فون لوٹے جا چکے ہیں، جبکہ اوورسیز پاکستانی خاص طور پر ڈاکوؤں کے نشانے پر ہیں۔ مزاحمت پر ایک نوجوان کے قتل کا واقعہ بھی پیش آ چکا ہے، مگر پولیس تاحال نہ ملزمان کو گرفتار کر سکی اور نہ ہی لوٹا گیا سامان برآمد ہو سکا۔

    واقعے کی اطلاع پر ڈی ایس پی صدر سرکل اور سی سی ڈی انچارج زاہد خان لغاری موقع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے، تاہم عملی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ ایس ایچ او کی ناقص حکمت عملی کے باعث جرائم پیشہ عناصر بے خوف ہو چکے ہیں اور علاقہ عملاً ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے۔

    شہریوں نے آئی جی پنجاب، آر پی او ڈیرہ غازی خان اور ڈی پی او سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ دراہمہ میں فوری طور پر مؤثر پولیسنگ یقینی بنائی جائے، موجودہ ایس ایچ او کی کارکردگی کا جائزہ لے کر سخت کارروائی کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے.

  • گوجرہ:شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب نے اسلام آباد امام بارگاہ دھماکے کی شدید مذمت، فوری کارروائی کا مطالبہ

    گوجرہ:شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب نے اسلام آباد امام بارگاہ دھماکے کی شدید مذمت، فوری کارروائی کا مطالبہ

    گوجرہ (نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) شیعہ علماء کونسل وسطی پنجاب کی صوبائی، ڈویزنل اور ضلعی قیادت نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں واقع امامبارگاہ خدیجہ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر سید آصف شیرازی، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری سید طاہر کاظمی، ڈویزنل صدر سبطین رضا اور ضلعی صدر سید ثقلین کاظمی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اس بزدلانہ دہشتگردی میں بے شمار بے گناہ نمازی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ دورانِ نماز کلمہ گو مسلمانوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔

    سید آصف شیرازی نے کہا کہ یہ کارروائی کرنے والے عناصر کالعدم دہشتگرد تنظیمیں اور فتنۂ خوارج ہیں، جنہوں نے ماہِ رمضان سے قبل ملک کے دارالحکومت کی پُرامن فضا کو خون میں نہلا دیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ امامبارگاہ سانحہ میں ملوث ذمہ داران کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور تمام کالعدم تنظیموں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے جو دہشتگردوں کو پروان چڑھا رہی ہیں۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ اسلام آباد میں بعض کالعدم تنظیموں کے افراد کھلے عام اجتماعات اور اہلِ تشیع مخالف نعرے بازی کرتے رہے، جس پر فوری کارروائی نہ ہونا تشویشناک ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مؤثر اقدامات نہ کیے تو احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔

  • اوچ شریف:اڈہ محمود شہید پر دو موٹر سائیکلیں تصادم، 5 افراد زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اڈہ محمود شہید چوک، بھٹہ روڈ سے ملکانی پوسٹ کوٹلہ موسیٰ خان روڈ پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث دو موٹر سائیکلیں آمنے سامنے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں خواتین اور ایک کمسن بچی سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا، جہاں دونوں موٹر سائیکلیں تیز رفتار ہونے کی وجہ سے بے قابو ہو کر آپس میں ٹکرا گئیں۔ موقع پر پہنچنے والی ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔

    زخمیوں میں حضور بخش (50 سال)، عدنان (20 سال)، شہناز بی بی (35 سال)، نگینہ بی بی (18 سال) اور چار سالہ ہانیہ شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے، تاہم طبی نگرانی جاری ہے۔

  • رینالہ خورد: سیل شدہ دکان ،ڈی سیل کرنے پر ایک شہری کے خلاف کارروائی، دیگرمحفوظ

    رینالہ خورد: سیل شدہ دکان ،ڈی سیل کرنے پر ایک شہری کے خلاف کارروائی، دیگرمحفوظ

    رینالہ خورد (نامہ نگار) موبائل مارکیٹ میں سیل شدہ دکان استعمال کرنے پر ایک شہری کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ متاثرہ دوکاندار نے میونسپل کمیٹی کے انفورسمنٹ انسپکڑ کاشف شریف کی جانب سے دوہرا معیار اپنانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، تقریباً ایک سال قبل پرانی سبزی منڈی رینالہ خورد کی اراضی پر دوکانات تعمیر کی گئیں اور ان کی نیلامی کی گئی۔ چند ماہ بعد زائد کرایہ کی عدم ادائیگی پر ان دوکانوں کو سیل کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق، متعدد دوکانداروں نے مبینہ طور پر سیل شدہ دوکانیں خود ہی ڈی سیل کرکے استعمال شروع کر دیا، مگر خلاف ورزی کرنے والے دیگر دوکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے، صرف ایک دوکاندار، سابق فوجی محمد اکرم، کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔

    محمد اکرم نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر ساہیوال، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے میں یکساں اور شفاف کارروائی کی جائے تاکہ کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو۔

  • ٹھٹھہ: گٹروں کا زہریلا پانی گھار مسان شاخ میں چھوڑ دیا گیا، شہری مضرصحت پانی پینے پر مجبور

    ٹھٹھہ: گٹروں کا زہریلا پانی گھار مسان شاخ میں چھوڑ دیا گیا، شہری مضرصحت پانی پینے پر مجبور

    ٹھٹھہ (بلاول سموں) ٹھٹھہ شہر کے مین گٹر اور سیم نالوں کا زہریلا اور گندا پانی گھار مسان شاخ میں چھوڑے جانے کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ شہری آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں، جس سے نہ صرف ان کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے بلکہ زرعی زمینیں اور فصلیں بھی شدید نقصان کا شکار ہو سکتی ہیں۔

    شہر کے سیاسی و سماجی رہنما جی ڈی اے کے شاہنواز بروہی نے اس صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گھار مسان شاخ میں ٹھٹھہ شہر کے گٹروں اور سیم نالوں کا زہریلا پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی شاخ کے پانی کو ٹھٹھہ اور مکلی کے رہائشی پینے اور زرعی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں، مگر اس میں آلودہ پانی شامل ہونے سے انسانی صحت اور جانوروں کی زندگی دونوں شدید خطرے میں ہیں۔

    شاہنواز بروہی نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر گھار مسان شاخ سے گندا پانی نکال کر صاف پانی چھوڑے تاکہ ممکنہ آلودگی سے انسانی جانوں اور فصلوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی موجودہ خاموشی ناقابل قبول ہے اور شہریوں کی زندگیوں اور معیشت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

    شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وہ سڑکوں پر نکل کر اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے خود اقدامات کرنے پر مجبور ہوں گے۔ احتجاجیوں نے حکومت اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور شہر کے مکینوں کے لیے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    ماہرین صحت بھی شہریوں کو متنبہ کر رہے ہیں کہ آلودہ پانی پینے سے مہلک بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے، جس میں ہیضہ، ڈائریا، اور دیگر وائرل انفیکشن شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ فوری طور پر پانی کے معیار کی جانچ کی جائے اور شہریوں کو صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

  • لنڈی کوتل: پولیس کی منشیات کے خلاف کارروائی، 986 ایکسٹسی گولیاں برآمد، اسمگلر گرفتار

    لنڈی کوتل: پولیس کی منشیات کے خلاف کارروائی، 986 ایکسٹسی گولیاں برآمد، اسمگلر گرفتار

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) ڈی پی او خیبر کی خصوصی ہدایات پر لنڈی کوتل پولیس نے منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر کے 986 نشہ آور ایکسٹسی گولیاں برآمد کر لی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او لنڈی کوتل زاہد اللہ کی نگرانی میں اے ایس ایچ او حضرت حسین نے دلخاد روڈ پر ناکہ بندی کی۔ اس دوران ایک مشکوک شخص اویس ولد اعتبار جان، سکنہ لنڈی کوتل کو روکا گیا اور تلاشی لی گئی۔ پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 986 عدد ایکسٹسی گولیاں برآمد ہوئیں، جو منشیات فروشوں کی مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار تھیں۔

    ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کے نیٹ ورک کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔

    مقامی مشران اور فلاحی تنظیموں نے پولیس کی کارروائی کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز اور مؤثر بنائی جائیں تاکہ علاقے میں منشیات کی فروخت اور نوجوان نسل کی تباہی کو روکا جا سکے۔

    یہ کارروائی خیبر پولیس کی ضلع میں منشیات کے خاتمے کے سلسلے میں جاری کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد نہ صرف اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو ناکام بنانا بلکہ عام شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کو برقرار رکھنا بھی ہے۔

  • صدر زرداری نے ترلائی دھماکے پر دکھ اور متاثرین کے لیے مدد کی ہدایت دی

    صدر زرداری نے ترلائی دھماکے پر دکھ اور متاثرین کے لیے مدد کی ہدایت دی

    صدر آصف علی زرداری نے ترلائی دھماکے پر گہرا دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، متاثرین کے لیے مکمل معاونت کی ہدایت دی
    صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترلائی دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
    ‎صدر کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ قوم مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

  • اوکاڑہ: پتنگ بازی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن، درجنوں مقدمات، سینکڑوں پتنگیں برآمد

    اوکاڑہ: پتنگ بازی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن، درجنوں مقدمات، سینکڑوں پتنگیں برآمد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں پتنگ بازی، پتنگ سازی اور پتنگ فروشی کے خلاف پولیس کی جانب سے بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ضلع بھر میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مؤثر اور بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

    ترجمان اوکاڑہ پولیس کے مطابق ماہِ جنوری کے دوران پتنگ بازی اور پتنگ فروشی میں ملوث 25 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران 622 پتنگیں اور 62 کیمیکل ڈور برآمد کی گئی۔

    پتنگ بازی کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو مسلسل گشت اور مؤثر نگرانی کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں حساس علاقوں کی کڑی مانیٹرنگ کے لیے ڈرون کیمروں اور سیف سٹی کیمروں کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے۔

    ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا ہے کہ پتنگ بازی، پتنگ سازی اور پتنگ فروشی پر مکمل پابندی عائد ہے، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر محفوظ پتنگ بازی انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس لیے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

    اوکاڑہ پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں پتنگ بازی جیسے خطرناک اور جان لیوا مشغلے سے دور رکھیں۔ شہریوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ پتنگ بازی کی روک تھام میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

    ترجمان اوکاڑہ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ عوامی تعاون کے بغیر اس ناسور کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔