سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں چھوٹے ڈرونز کے ذریعے حملوں کی ناکام کوشش کی، تاہم پاکستان کے جدید اینٹی ڈرون سسٹمز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بزدلانہ کوششیں ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ تاہم الرٹ سیکیورٹی اداروں نے فوری رسپانس دیتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ ان تمام واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچا۔ اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی مؤثر کارکردگی کے باعث ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کارروائیاں افغان سرزمین پر موجود عناصر کی سرپرستی میں کی گئیں، جو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لے رہے ہیں۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات ایک بار پھر افغان طالبان رجیم اور پاکستان میں دہشت گردی کے درمیان گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرتے ہیں۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹے کمرشل ڈرونز کو اسلحے کے طور پر استعمال کرنے کا رجحان خطے میں ایک نیا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے، تاہم پاکستان نے حالیہ برسوں میں اینٹی ڈرون سسٹمز، ریڈار کوریج اور الیکٹرانک وارفیئر صلاحیتوں میں نمایاں بہتری لائی ہے، جس کے باعث دشمن کی ایسی کوششیں ناکام ہو رہی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو بروقت ناکام بنایا جا سکے.