Baaghi TV

Category: اہم خبریں

  • وانا میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی،دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام

    وانا میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی،دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام

    سکیورٹی فورسزنے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی سے وانا اور گردونواح کی شہری آبادی کو ایک بڑی ممکنہ تباہی سےبچا لیا گیا-

    تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسزنے جنوبی وزیرستان لوئر کےعلاقے وانا (غواخوا) میں بارودی مواد سے بھری گاڑی خودکش حملے سے پہلےہی تباہ کردی کامیاب کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے بارود سے بھری گاڑی اورموٹر سائیکل تباہ کر دیے جس میں ایک خارجی جہنم واصل اور 5 زخمی ہوئے، گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد کسی ممکنہ بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا سکیورٹی فورسز نے خودکش حملے کیلئے تیارگاڑی کی مسلسل تین دن نگرانی کی اور آبادی سے دور جانے پر ہی اسے نشانہ بنایا،دہشتگردی کیخلاف یہ کامیاب کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سکیورٹی فورسز امن دشمن عناصر کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

    واضح رہے کہ جنوبی اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں شدت سے جاری ہیں آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ ماہ فورسز نے کاروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا 13 جون کو شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران 21 دہشت گرد ہلاک کیے گئے ہیں۔ کارروائیوں میں میران شاہ اور گرد و نواح میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

  • بدخشان میں طالبان مخالف جنگجوؤں کا ضلعی ہیڈکوارٹر پر علامتی قبضہ، اپنا پرچم  لہرا دیا

    بدخشان میں طالبان مخالف جنگجوؤں کا ضلعی ہیڈکوارٹر پر علامتی قبضہ، اپنا پرچم لہرا دیا

    افغانستان کے صوبہ بدخشان میں طالبان کی اقتدار میں واپسی کے تقریباً 5 سال بعد پہلی مرتبہ طالبان مخالف مسلح جنگجوؤں نے یفتلِ سفلی ضلع کے ہیڈکوارٹر پر عارضی قبضہ کر لیا۔

    افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے شمال مشرقی صوبے بدخشان میں طالبان مخالف مسلح جنگجوؤں نے یفتلِ سفلی ضلع کے ہیڈکوارٹر پر حملہ کر کے چند گھنٹوں کے لیے کنٹرول حاصل کر لیا، جسے طالبان کی اگست 2021 میں اقتدار میں واپسی کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا بڑا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کی صبح 20 سے 25 مسلح افراد نے ضلع کے انتظامی کمپاؤنڈ پر دھاوا بول دیا مختصر جھڑپ کے بعد حملہ آوروں نے ضلعی انتظامیہ کی عمارت، پولیس ہیڈکوارٹر اور انٹیلی جنس دفتر پر قبضہ کر لیا اور کمپاؤنڈ پر اپنا پرچم بھی لہرا دیا۔

    ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے طالبان اہلکاروں کو غیر مسلح کیا، اسلحہ، گولہ بارود، فوجی سازوسامان اور سرکاری گاڑیاں اپنے قبضے میں لیں، جس کے بعد وہ چند گھنٹوں بعد علاقے سے نکل گئے بعض مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور اپنے ساتھ طالبان کے چند اہلکاروں کو بھی لے گئے، تاہم اس دعو ے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی حملے کی ذمہ داری خود کو ’پیٹریاٹک سولجرز فرنٹ‘ کہنے والے ایک گروپ نے قبول کی ہے۔

    واقعے کے بعد طالبان نے صوبائی دارالحکومت فیض آباد سے اضافی نفری یفتلِ سفلی روانہ کر دی، جبکہ ضلع کے اوپر طالبان کے ہیلی کاپٹر گشت کرتے رہے اور علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی یفتلِ سفلی، فیض آباد کے قریب واقع بدخشان کا ایک اہم اور تزویراتی ضلع سمجھا جاتا ہے، جس کے باشند ے ماضی میں بھی صوبے کی سیاسی اور مقامی طاقت کے توازن میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق حالیہ مہینوں میں بدخشان افغانستان کے نسبتاً غیر مستحکم صوبوں میں شامل ہو چکا ہے، جہاں طالبان مخالف مسلح سرگرمیوں کے علاوہ مقامی طالبان کمانڈروں اور دیگر صوبوں سے آنے والی فورسز کے درمیان اختلافات، سونے اور قیمتی پتھروں کی کانوں پر کنٹرول، پوست کی کاشت اور منشیا ت کی اسمگلنگ سے متعلق تنازعات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

    مقامی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بدخشان سے باہر کے طالبان اہلکاروں کی بڑی تعداد میں تعیناتی پر عوامی بے چینی میں اضافہ ہوا ہے، جس سے صوبے کی سکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

  • پاکستان کا سعودی عرب پر حوثی حملوں پر اظہارِ تشویش، ریاض کو ریڈ لائن قرار دے دیا

    پاکستان کا سعودی عرب پر حوثی حملوں پر اظہارِ تشویش، ریاض کو ریڈ لائن قرار دے دیا

    ‎پاکستان نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ایک پاکستانی عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور فوجی قیادت نے ایران کو اعلیٰ ترین سطح پر یہ پیغام دیا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کی ریڈ لائن ہےاور اس پر ہونے والا کوئی بھی حملہ پاکستان کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔
    ‎روئٹرز کے مطابق پاکستانی حکام نے اس سے قبل بھی رواں سال سعودی عرب پر ایران سے منسوب حملوں پر اپنی تشویش اور ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ تاہم اس بیان پر پاکستان کی جانب سے باضابطہ سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔
    ‎ادھر یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہر ابہا کے ہوائی اڈے کو متعدد بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد حوثیوں کی جانب سے جاری بیان میں سعودی فضائی حدود استعمال کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ ان کے انتباہ کو سنجیدگی سے لیں۔
    ‎رپورٹس کے مطابق حوثیوں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی یمن کی سعودی حمایت یافتہ حکومت کی جانب سے ایک روز قبل صنعا ایئرپورٹ پر کیے گئے حملے کے جواب میں کی گئی۔
    ‎دوسری جانب خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے سعودی عرب پر ہونے والے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے حوثی ملیشیا کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
    ‎جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق ایسے حملے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے اور معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش ہیں۔

  • بلاول بھٹو کا مذاکرات پر زور، کشمیر کے لیے ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن کی تجویز

    بلاول بھٹو کا مذاکرات پر زور، کشمیر کے لیے ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن کی تجویز

    ‎پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ صورتحال پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہر مسئلے کا پائیدار حل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت اور احتجاج کرنے والے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا راستہ اختیار کریں جس سے عام شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
    ‎بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومتی اقدامات کے اثرات صرف احتجاج میں شریک افراد تک محدود نہیں بلکہ عام شہری بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق سڑکوں کی بندش اور دیگر رکاوٹوں کے باعث روزمرہ زندگی، کاروباری سرگرمیوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے، جس کا بوجھ عام لوگوں کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے اور ریاستی ادارے دونوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مفاد کو ترجیح دیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی تجویز قابل قبول نہیں تو پھر اس کا کوئی مؤثر متبادل حل پیش کیا جانا چاہیے تاکہ موجودہ تعطل کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
    ‎چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس صورتحال کا سب سے زیادہ نقصان کشمیری عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق ایسا احتجاج مناسب نہیں جس کے نتیجے میں راشن، ادویات، ایندھن اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل متاثر ہو، کیونکہ اس کا براہ راست اثر عام لوگوں کی زندگیوں پر پڑتا ہے۔
    ‎بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کے معاملے پر ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کمیشن کا مقصد تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر لانا اور مسائل کا قابل قبول حل تلاش کرنا ہونا چاہیے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ ان کی رائے میں کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے تک احتجاج کو مؤخر کر دیا جانا چاہیے تاکہ مذاکرات اور مشاورت کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو سکے۔ بلاول بھٹو کے مطابق اب تک نہ حکومت کی جانب سے ان کی تجویز پر کوئی باضابطہ جواب دیا گیا ہے اور نہ ہی احتجاج کرنے والے گروپوں نے اس حوالے سے کوئی ردعمل ظاہر کیا ہے۔

  • وزیراعظم کی کاروباری آسانیوں سے متعلق اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت

    وزیراعظم کی کاروباری آسانیوں سے متعلق اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت

    ‎وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مقصد سے ایز آف ڈوئنگ بزنس ایکٹ 2025 پر تیزی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مؤثر اقدامات یقینی بنانے ہوں گے۔
    ‎وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کاروباری آسانیوں سے متعلق کیے جانے والے اقدامات کی مؤثریت اور عمل درآمد کا جائزہ بین الاقوامی اداروں سے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے ذریعے بھی لیا جائے تاکہ اصلاحات کے حقیقی نتائج کا شفاف انداز میں تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے تمام پالیسی اقدامات پر عمل درآمد کی جامع رپورٹ جلد از جلد پیش کی جائے۔
    ‎اجلاس کے دوران وزیراعظم نے وزارت قانون و انصاف، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC)، بورڈ آف انویسٹمنٹ، وزارت تجارت، وزارت صنعت و پیداوار اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں نے کاروبار دوست قوانین اور پالیسیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس سے ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے۔
    ‎اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کاروبار کو آسان بنانے کے لیے مختلف قواعد، ضوابط، کاغذی کارروائی اور منظوری کے طریقہ کار کو سادہ بنانے کے مقصد سے 558 اصلاحات پر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے 71 اصلاحاتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد ہو چکا ہے، جبکہ 272 مزید اقدامات پر تیزی سے عمل جاری ہے۔
    ‎حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں کاروباری برادری کو مختلف ضوابط اور شرائط کی مد میں تقریباً 468.7 ارب روپے کی بچت ہونے کا تخمینہ ہے، جس سے کاروباری لاگت میں کمی اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے۔
    ‎وزیراعظم شہباز شریف نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں کے افسران کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے وقت کاروباری آسانیوں سے متعلق اصلاحات پر عمل درآمد اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کو اہم معیار بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اصلاحاتی عمل جاری رکھے گی۔

  • بنوں خودکش حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، 24 خوارج ہلاک

    بنوں خودکش حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، 24 خوارج ہلاک

    بنوں میں حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں، پولیس پر حملوں اور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کیے گئے خودکش حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس پر مبنی مشترکہ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں ضلع اور ملحقہ علاقوں میں شدید جھڑپوں کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے،ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے یہ دہشتگرد متعدد دہشتگرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے اور حالیہ دہشت گرد حملوں کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

    فیلڈ مارشل عاصم منیر 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

    فیلڈ مارشل عاصم منیر 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔ ترکیہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکیہ کی عسکری اور سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • آپریشن شعبان  جاری،مزید 3 خارجی دہشتگرد ہلاک،تعداد 105 ہو گئی

    آپریشن شعبان جاری،مزید 3 خارجی دہشتگرد ہلاک،تعداد 105 ہو گئی

    پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شعبان مشترکہ طور پر جاری ہے۔

    سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے تازہ کارروائیوں میں مزید 3 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے، جس کے بعد آپریشن شعبان میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد67 ہو گئی ہے جبکہ 5 جولائی سے اب تک 105 خوارج کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن شعبان میں سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کیا ہے محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی مشترکہ کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں، افسران اور جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے، قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں اور جاری رہیں گی۔

  • جیو نیوز کی معطلی ختم، ایک کروڑ جرمانہ عائد، پیمرا کا فیصلہ جاری

    جیو نیوز کی معطلی ختم، ایک کروڑ جرمانہ عائد، پیمرا کا فیصلہ جاری

    مذہبی تصویر کشی – جیو نیوز بندش کیس پیمرا اتھارٹی نے جیو نیوز کی بابت حتمی فیصلہ جاری کر دیا –

    معاملہ جیو نیوز کے پروگرام “سفر عشق” کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویری کشی سے متعلق تھ،اتھارٹی نے 11 جولائی کو ہونے والے اپنے 191ویں اجلاس میں معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا،اجلاس میں کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کے ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کے تحریری و زبانی مؤقف اور پیمرا آرڈیننس 2002، متعلقہ قواعد اور الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹس) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی متعلقہ شقوں کو مدنظر رکھا گیا

    کونسل نے اس معاملے پر بالترتیب 30 جون، 2 جولائی اور 10 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے اپنے 127ویں، 128ویں اور 129ویں اجلاسوں میں غور کیا،لائسنس ہولڈر کے نمائندگان کا مؤقف سننے، ریکارڈ کا جائزہ لینے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو مدنظر رکھنے کے بعد کونسل نے اپنی سفارشات اتھار ٹی کو پیش کیں-

    فیصلے میں کہا گیا کہ جیو نیوز اور اس کے نمائندگان کو وضاحت کا مناسب موقع فراہم کیا گیا، اتھارٹی نے قرار دیا کہ مذکورہ خلاف ورزی سنگین نوعیت کی ہے جو ذمہ دارانہ نشریات کے تقاضوں اور پیمرا قوانین کے تحت لائسنس ہولڈر کی ذمہ داریوں کے منافی ہے-

    پیمرا نے جیو نیوز کی جانب سے غفلت تسلیم کرنے، اظہار ندامت اور تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط معذرت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں تخفیفی عوامل قرار دیا تاہم واضح کیا کہ یہ عوامل خلاف ورزی یا اس کے قانونی نتائج کو ختم نہیں کرتے-

    فیصلے کے مطابق 27 جون 2026 کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم صحیح قرار دیامعطلی آج رات 12 بجے تک برقرار رہے گی چینل کی نشریات معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی بحال کی جا سکیں گی-

    پیمرا نے ہدایت کی کہ جیو نیوز انتظامیہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر متعلقہ افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی مکمل کر کے ان کو بر طرف کرے، کارروائی کے نتیجے میں ملازمت سے فارغ کیے جانے والے افراد پیمرا کے زیر نگرانی کسی بھی لائسنس یافتہ، رجسٹرڈ یا مجاز سروس سے براہ راست یا بالواسطہ کسی حیثیت میں دوبارہ منسلک نہیں ہو سکیں گے جیو نیوز کو مطلع کیا جاتا ہے کہ اگر آئندہ ایسی غفلت برتی گئی تو ان کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا-

    پیمرا نے ہدایت کی کہ جیو نیوز سمیت تمام لائسنس یافتگان غیر جانبدار اور باصلاحیت ان ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی یا ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیں تمام چینلز یہ تفصیلا ت پیمرا کو فراہم کریں اور ہر نشریاتی مواد کی پیشگی ادارتی جانچ یقینی بنائیں،تمام لائسنس یافتگان کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس نمبر 28 آف 2018 (PLD 2019 SC 1) کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے علیحدہ ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا-

    پیمرا نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے-