Baaghi TV

Category: اہم خبریں

  • ساہیوال اور اوکاڑہ سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 2 ایجنٹ گرفتار

    ساہیوال اور اوکاڑہ سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 2 ایجنٹ گرفتار

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ساہیوال اور اوکاڑہ میں مبینہ دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے ایجنٹ ہیں

    کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کے مطابق خفیہ اطلاع پر ساہیوال میں کارروائی کے دوران 2 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت عبدالعزیز اور ولایت شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جو پشاور کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 4 کلو بارودی مواد، 3 دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، 3 کلاشنکوفیں اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے والا دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان ساہیوال اور اوکاڑہ میں دہشتگردی کی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے مبینہ منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ان کے ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔

  • بحری تجارت کے لیے بڑی کامیابی،پاکستان کو ایک دہائی بعد لائیڈز کی وار رسک فہرست سے نکال دیا گیا

    بحری تجارت کے لیے بڑی کامیابی،پاکستان کو ایک دہائی بعد لائیڈز کی وار رسک فہرست سے نکال دیا گیا

    اسلام آباد: پاکستان کے بحری شعبے اور قومی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ لندن میں قائم لائیڈز جوائنٹ وار کمیٹی نے 29 جولائی 2026 کو جاری کیے گئے سرکلر JWLA-034 کے ذریعے پاکستان کو باضابطہ طور پر Hull War, Piracy, Terrorism and Related Perils Listed Areas کی فہرست سے خارج کر دیا ہے۔

    اس فیصلے کے بعد پاکستانی بندرگاہوں پر آنے والے بحری جہازوں پر عائد اضافی وار رسک انشورنس ختم ہو جائے گی، جو گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے لاگو تھی۔ ماہرین کے مطابق اس اقدام سے شپنگ اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر بندرگاہوں کی عالمی سطح پر مسابقتی حیثیت مزید مستحکم ہوگی۔

    یہ کامیابی مربوط قومی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اس سلسلے میں پاک بحریہ کے سربراہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے برطانیہ کے سرکاری دورے کے دوران 14 جولائی 2026 کو لندن میں جوائنٹ وار کمیٹی (JWC)، لائیڈز مارکیٹ ایسوسی ایشن (LMA) اور دیگر اہم متعلقہ اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں انہوں نے پاکستان کی بحری سلامتی، بندرگاہی انتظامات اور خطے میں استحکام سے متعلق پاکستان کا جامع مؤقف پیش کیا، جسے اس تاریخی فیصلے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو وار رسک فہرست سے نکالے جانے کے بعد نہ صرف بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کے لیے پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی کم لاگت پر ممکن ہوگی بلکہ ملکی درآمدات و برآمدات، سرمایہ کاری اور بحری تجارت کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔اس پیش رفت کو پاکستان کے بحری تحفظ پر عالمی اعتماد کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے، جو اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستان بین الاقوامی تجارت کے لیے ایک محفوظ، کھلا اور مسابقتی بحری مرکز بن کر ابھر رہا ہے۔

    وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان لائیڈز جوائنٹ وار کمیٹی کے لسٹڈ ایریاز سے نکل گیا،وزیر بحری امور کی قیادت میں قائم کمیٹی کی چار مہینوں کی کوششیں رنگ لے آئیں،وزیر اعظم کی ھدایت پر کمیٹی قائم کی گئی تھی،پاکستان کی سمندری حدود کو لسٹڈ ایریاز سے نکالنا تاریخی کامیابی ہے،وزیراعظم کے وژن اور فیلڈ مارشل کی رہنمائی میں کامیابی ملی،شپنگ لائنز پر عائد وار رسک انشورنس پریمیم اور اضافی سرچارج ختم ہوں گے،شپنگ اخراجات کم ہونے سے درآمدات اور برآمدات کو فائدہ ہوگا، عالمی شپنگ کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا، کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹس کی اہمیت مزید بڑھے گی، علاقائی تجارت اور کارگو ٹرانزٹ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،

  • بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ، سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم

    بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ، سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم

    وزیرِ اعظم کی ہدایات پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سفارتخانوں میں سہولیات میں اضافے، دستاویزات کے تصدیقی عمل کی ڈیجیٹائیزیشن، شکایات کے عمل کو مزید سہل بنانے اور بیرون ملک سے پاکستان میں مختلف کاموں و ادائیگیوں کیلئے ڈیجیٹل نظام کے حوالے سے وزارت خارجہ کی وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی گئی.

    وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں پاکستان کے سفراء، وزارت داخلہ، ایف آئی اے وزارت آئی ٹی اور متعلقہ اعلی حکام نے تفصیلات سے آگاہ کیا. اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے. بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کیلئے پاؤر آف اٹارنی اور جائیداد کی خرید و فروخت کا نظام اور دستاویزات کے تصدیقی عمل کو آسان بنانے کیلئے کیو-آر کوڈ متعارف کروایا جا چکاہے. وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ کیو-آر (QR) کوڈ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج کی ڈیجیٹائیزیشن خوش آئند ہے، سفارتخانوں میں اسے آویزاں کرکے رسائی میں اضافہ کیا جائے. کیو-آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کے حوالے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی آگہی مہم چلائی جائے تاکہ ذیادہ سے ذیادہ لوگ اس نظام کے ذریعے شکایات کا اندراج کرواسکیں.

    شہریوں کی سہولت کیلئے وزارت خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں شام کی شفٹ کا حال ہی میں آغاز کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح دستاویزات کی تصدیق کی سہولت کو آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں بھی متعارف کروایا جا چکا ہے. اسکے علاوہ کورئیر کے ذریعے تصدیقی عمل متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ ہائیر ایجیوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوارڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹابیس سے منسلک کیا جا چکا ہے جس سے تصدیقی عمل مزید تیز ہوا ہے. اجلاس کو بتایا گیا اپوسٹائل کے نظام کے تحت تصدیقی عمل کو ون-اسٹپ کردیا گیا ہے. آئندہ مرحلے میں اس پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے. اس حوالے سے این آئی ٹی بی کے تعاون سے موبائل ایپلی کیشن تیار کی جاری ہے۔ جس میں برتھ/ڈیتھ سرٹیفیکیٹ، میرج رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ وغیرہ جیسے دستاویز کی بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے تصدیق ممکن ہوگی.

    اجلاس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارنہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت عون چوہدری، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.

  • پاکستان امریکا اورایران کو مفاہمتی یادداشت پر واپس لانے کیلئے سرگرم ہے ،ترجمان دفترخارجہ

    پاکستان امریکا اورایران کو مفاہمتی یادداشت پر واپس لانے کیلئے سرگرم ہے ،ترجمان دفترخارجہ

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ قانونی ویزا یا سفری دستاویزات رکھنے والے کسی افغان شہری کو پاکستان سے بے دخل نہیں کیا گیا۔

    ہفتہ وار پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ آئی ایف آر پی کے تحت تقریباً 89 ہزار افغان شہریوں کےکیسزپرکارروائی جاری ہے،انسانی بنیادوں پر 16 ہزار کے قریب خواتین، بچوں اور بزرگ افغان شہریوں کے پاکستان میں قیام میں توسیع دی جا رہی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ چترال کے قریب سرحدی علاقوں میں پیش آئے واقعے سے متعلق کوئی مصدقہ معلومات نہیں، افغانستان سے آنے والی اطلاعات کی زمینی سطح پر تصدیق ضروری ہے،غیر مصدقہ رپورٹس پر تبصرہ مناسب نہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات ہی خطے کے مسائل کا واحد حل ، پاکستان امریکا اورایران کو مفاہمتی یادداشت پر واپس لانے کیلئے سرگرم ہے ،فریقین کو اسلام آباد ایم او یو کی جانب دوبارہ لانے کی کوشش کر رہے ہیں،دونوں فریقین کو زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے،پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قطر کے ساتھ مل کر ثالثی کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    اس کے علاوہ دفتر خارجہ نے جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کی پاکستان کے جوہری پروگرام سے متعلق دستاویزی فلم کو مسترد کرتے ہوئے اسے قیاس آرائیوں پر مبنی اور گمراہ کن قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام محفوظ، ذمہ دارانہ اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق ہے، جبکہ بے بنیاد پروپیگنڈے کو حقائق سے مسخ نہیں کیا جا سکتا۔

    ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں میڈیا حکومت کے مکمل کنٹرول میں ہے، وہاں سے فری رپورٹنگ نام کی چیز نہیں ہورہی، اظہار رائے پر قدغن ہے، احتجاج کرنے والوں پر گولیاں چلائی گئیں،

  • ہنگو،دہشتگردانہ حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا،8 دہشتگرد بھی جہنم واصل

    ہنگو،دہشتگردانہ حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا،8 دہشتگرد بھی جہنم واصل

    ہنگومیں دہشتگردانہ حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، جس میں اعلیٰ پولیس و سول حکام، شہداء کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    ہنگو کے علاقے خزینہ بانڈہ میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا، جس کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔آر پی او کوہاٹ عرفان طارق کے مطابق آپریشن کے دوران ڈی ایس پی دیار خان بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 9 پولیس اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔آر پی او کے مطابق آپریشن میں ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 23 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ خزینہ چیک پوسٹ پر حملے میں مزید 5 اہلکار زخمی ہوئے۔ اس طرح زخمی پولیس اہلکاروں کی مجموعی تعداد 28 ہوگئی۔پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔

  • ایس آئی ایف سی کی امریکی وفد کو بریفنگ ، پاکستان امریکا اقتصادی روابط میں نئی پیشرفت

    ایس آئی ایف سی کی امریکی وفد کو بریفنگ ، پاکستان امریکا اقتصادی روابط میں نئی پیشرفت

    ایس آئی ایف سی کی جانب سے امریکی وفد کو بریفنگ ، پاکستان امریکا اقتصادی روابط میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے

    ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے امریکی کاروباری اور کانگریشنل وفد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے ،امریکی وفد کے دورے کا مقصد پاکستان امریکا اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری روابط کو مضبوط بنانا ہے، ایس آئی ایف سی کے زیر اہتمام امریکی وفد کے ساتھ خصوصی بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا،امریکی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، ترجیحی شعبوں اور کاروباری ماحول سے آگاہ کیا گیا ،امریکی سرمایہ کاروں کو توانائی،انفراسٹرکچر اورٹیکنالوجی کےشعبوں میں سرمایہ پر بریفنگ دی گئی،پاکستان کے معاشی امکانات، کاروباری شراکت داری، اور طویل مدتی اقتصادی تعاون پربھی تبادلہ خیال کیا گیا،امریکی وفد کا دورہ پاکستان میں سرمایہ کاری، عالمی شراکت داریوں اور معاشی ترقی کے امکانات کا عکاس ہے.

  • ہنگو میں دہشت گردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید

    ہنگو میں دہشت گردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید

    خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشت گردوں نے پولیس کی خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر بڑا حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 22 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) طارق حبیب کے مطابق دہشت گردوں نے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی سٹی دیار خان سمیت 10 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ڈی پی او کے مطابق زخمیوں میں ڈی ایس پی مجاہد حسین بھی شامل ہیں۔ تمام زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

    دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں 12 سے 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ علاقے میں مزید کارروائیاں جاری ہیں۔واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور حملے کی مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

  • سعودی عرب نے پاکستان کا 5 ارب ڈالر قرض تین سال کے لیے رول اوور کر دیا

    سعودی عرب نے پاکستان کا 5 ارب ڈالر قرض تین سال کے لیے رول اوور کر دیا

    اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کو بڑا مالی ریلیف دیتے ہوئے 5 ارب ڈالر کے قرض کی مدت مزید تین سال کے لیے بڑھا دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سعودی حکومت نے پاکستان کا 5 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اور مالی استحکام کو سہارا ملے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم سعودی عرب نے پاکستان کو متحدہ عرب امارات کو واجب الادا ادائیگیوں کے لیے فراہم کی تھی۔ ابتدائی طور پر یہ قرض صرف تین ماہ کی مدت کے لیے دیا گیا تھا، تاہم اب اس کی مدت میں مزید تین سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔

    مالیاتی ماہرین کے مطابق سعودی عرب کے اس فیصلے سے پاکستان پر فوری مالی دباؤ میں کمی آئے گی اور بیرونی ادائیگیوں کے انتظام میں بھی مدد ملے گی۔ تاہم، اس حوالے سے دونوں ممالک کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری ہونا ابھی باقی ہے۔

  • پی این ایس تیمور کا کامیاب ریسکیو آپریشن،ماہی گیروں کو بچا لیا

    پی این ایس تیمور کا کامیاب ریسکیو آپریشن،ماہی گیروں کو بچا لیا

    پاک بحریہ کے جہازپی این ایس تیمور نے کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ماہی گیروں کی کشتی کوبچا لیا۔

    پاک بحریہ کےجہازپی این ایس تیمور نے شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن کیا اور سمندرمیں پھنسے 19ماہی گیروں کوبحفاظت ریسکیو کیا،ماہی گیروں کی کشتی گوادر سے تقریباً 120ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کےباعث پھنس گئی تھی، کشتی میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہریوں سمیت 19 افرادسوار تھے،جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر نے سرچ اینڈریسکیوآپریشن کے لیے پاک بحریہ سے رابطہ کیا تھا، پاک بحریہ کے جوانوں نے کشتی کے عملےکو سمندر میں خوراک، پینےکاپانی اور طبی امداد فراہم کی،مزید براں سمندر میں انجن کی خرابی کےباعث پھنسی ہوئی کشتی کوپاک بحریہ نے بحفاظت ساحل تک منتقل کیا

  • 
کویتی وزیر خارجہ کی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

    
کویتی وزیر خارجہ کی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

    ‎کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
    ‎پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں کویت کے پاکستان میں سفیر ناصر عبدالرحمان جے المطیری بھی شریک تھے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
    ‎ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھیں گے۔
    ‎آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
    ‎اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک مشترکہ مفادات، علاقائی امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
    ‎ملاقات کو پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی اور سفارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے مستقبل میں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے رابطوں کو مزید فعال رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔