Baaghi TV

Category: اہم خبریں

  • وزیرِ اعظم کاسیلابی صورتحال کے پیش نظر  زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کی اصولی منظوری کا اعلان

    وزیرِ اعظم کاسیلابی صورتحال کے پیش نظر زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کی اصولی منظوری کا اعلان

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
    وزیرِ اعظم نے ملک بھر میں رواں برس مون سون اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر کلائیمیٹ ایمرجنسی اور زرعی ایمرجنسی کے نفاذ کی اصولی منظوری کا اعلان کر دیا،وزیرِ اعظم چاروں صوبوں کے وزراء اعلی اور متعلقہ حکام پر مشتمل اجلاس کی جلد صدارت کریں گے جس میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے مزید نقصانات میں کمی کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی

    وفاقی کابینہ کو ملک میں سیلاب کی موجودہ صورتحال اور نقصانات پر بریفنگ دی گئی اور سیر حاصل مشاورت کے بعد ایمرجنسی کی اصولی منظوری کا فیصلہ کیا گیا. کابینہ ارکان نے ملک میں لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی اور فصلوں کے نقصانات پر روشنی ڈالی اور انفراسٹرکچر کی بحالی و زراعت میں ہونے والے نقصانات کے ازالے اور کسانوں کی معاونت کے حوالے سے بھی تجاویز دیں.

    وفاقی کابینہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شہداء اور افواجِ پاکستان کے مخالف تضحیک آمیز مواد و بیان نشر کرنے کی بھرپور الفاظ میں مزمت کی، پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت میں دن رات مصروف عمل افواج پاکستان کے افسران و جوانوں کو اور ملک میں امن کے قیام کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا. وفاقی کابینہ نے ایسے شر پسند عناصر کے سد باب کیلئے سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی. اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایسے عناصر کی ہر فورم پر حوصلہ شکنی اور انکی تضحیک آمیز مہم کا جواب ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے. انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی. مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے. وفاقی کابینہ نے بنوں آپریشن میں عظیم قربانی دینے والے میجر عدنان اسلم شہید کیلئے بلندی درجات کی دعا کی.

    وفاقی کابینہ نے وفاقی وزیرِ سمندری امور جنید انور چوہدری کی مرحومہ والدہ، وزیرِ مملکت غذائی تحفظ ملک رشید احمد خان کے مرحوم بڑے بھائی حاجی حنیف خان اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے مرحوم والد آصف سنجرانی کیلئے بھی دعائے مغفرت کی.

    وزیراعظم نے گزشتہ روز دوحہ میں اسرائیلی فورسز کی طرف سے غیر قانونی اور گھناؤنی بمباری کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور املاک کو نقصان پہنچا۔ وزیرِ اعظم نے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عزت مآب امیرِ قطر، قطری شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

    وزیرِ اعظم کی ہدایت پر عوامی ریلیف کیلئے ایک بڑا اقدام. وفاقی کابینہ نے وزارت پیٹرلیم کی سفارش پر گیس کنکشنز کے منتظر صارفین کو RLNG کنکشنز کی فراہمی کی منظوری دے دی. منظوری کے بعد سوئی سدرن اور سوئی نادرن گیس کمپنیاں کنکشنز کی فراہمی کا عمل شروع کریں گی. کابینہ کو بتایا گیا کہ ان کنکشنز کے ذریعے ملنے والی RLNG پر صارفین کی LPG سے 30 فیصد کم لاگت آئے گی. وفاقی کابینہ نے وزارت ریلوے کی سفارش پر ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے مابین مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر سہ فریقی حکومتی فریم ورک معاہدے کی بعد از وقوع توثیق کی گئی۔ اس معاہدے پر دستخط گزشتہ ماہ ہوئے تھے اور یہ علاقائی تجارت و رابطہ کاری کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے۔ کابینہ کی توثیق اس اسٹریٹیجک منصوبے کی تکمیل کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ ہے۔

    وفاقی کابینہ نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)، بین الحکومتی تجارتی لین دین (سی سی او آئی جی سی ٹی) اور قانون سازی کیسز (سی سی ایل سی) سے متعلق کابینہ کمیٹیوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

  • وزیراعظم  کا سندھ بالخصوص کراچی میں سیلابی صورتحال کا نوٹس

    وزیراعظم کا سندھ بالخصوص کراچی میں سیلابی صورتحال کا نوٹس

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نےسندھ بالخصوص کراچی میں سیلابی صورتحال کا نوٹس لیا ہے

    وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں سیلاب کے پیش نظر امدادی کاروائیوں کے لیے صوبائی حکومت اور سندھ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے کراچی میں متحرک امدادی کاروائیوں پر ریسکیو 1122، پاک فوج اور رینجرز کی پزیرائی کی،وزیراعظم نے گڈاب ندی میں شہریوں کے ڈوبنے پر اظہار افسوس کیا،وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو سیلاب میں لا پتہ افراد کو جلد از جلد تلاش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کو سیلابی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے اگاہی مہم کو مزید متحرک کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری سیلاب سے بچ سکیں،

    وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ نظام مواصلات کی جلد از جلد بحالی کے لیے اقدامات لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاق اور سندھ حکومت مکمل طور پر متحرک ہیں،کراچی میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور بحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات لیے جائیں،

  • نفرت کارڈ ناقابل قبول ،دہشتگردی کے فتنے کو ختم کرنا ہو گا۔وزیراعظم

    نفرت کارڈ ناقابل قبول ،دہشتگردی کے فتنے کو ختم کرنا ہو گا۔وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف کا امریکا کیساتھ اچھے تعلقات بنانے ہیں اور چین کیساتھ اسٹریٹجک تعلقات میں بہتری لانی ہے۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا میجر عدنان اسلم نے خوارج سے لڑتے ہوئے جان کی قربانی دی، میجر عدنان اسلم کے والد نے کہا کہ بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، شہید کی بہنوں نے کہا کہ ہم بہت دلیر بھائی کی بہنیں ہیں، ہم بھی اس راہ میں قربانی دیں گے۔ ہماری سکیورٹی فورسز نے قربانی کی تاریخ رقم کی ہے، جو قربانی دیتا ہے اس کی کیفیت کو کوئی نہیں جان سکتا، افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، ہمیں اپنے شہدا کا شکر گزار ہونا چاہیے۔ آج کچھ لوگ ملک کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر بیٹھے، بیرون ملک بیٹھے ان افراد کی شناخت کریں، افواج پاکستان اور ان کی لیڈر شپ کو مطعون کیا جا رہا ہے، لوگ سوشل میڈیا پر اداروں کی تضحیک کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر زہریلے پروپیگنڈے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہمارا اولین فرض ہے کہ فتنے کی مکمل بیخ کنی کریں، نفرت کارڈ ناقابل قبول ہے، ہمیں آخری حد تک جا کر دہشتگردی کے فتنے کو ختم کرنا ہو گا۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین کا حالیہ دورہ کامیاب رہا، ہمارا بزنس ایونٹ انتہائی کامیاب تھا، لیکن اگر فالواپ نہیں ہوگا تو زیرو ہوگا، قومی ترقیاتی منصوبوں میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔مائن اینڈ منرل کے حوالے سے امریکی کمپنیوں کے ساتھ ایم او یو سائن کیے ہیں، بلوچستان، چترال اور گلگت بلتستان میں خزانے دفن ہیں، ہمیں امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات بنانے ہیں، چین کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات میں بہتری لانی ہے پنجاب میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، سیلاب سندھ میں داخل ہورہا ہے، سیلاب سے بے پناہ تباہی ہوئی ہے، موسمیاتی تبدیلی سے راتوں رات نہیں نمٹ سکتے، پنجاب میں ہزاروں ایکڑ پر فصلیں زیر آب ہیں، سیلاب سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ہے، اللہ سے دعا ہے کہ سندھ میں سیلاب سے کم نقصانات ہوں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ قطر میں اسرائیلی بربریت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، فلسطین میں بے گناہ خون بہایا جا رہا ہے،دنیا کی تاریخ میں اس سے زیادہ بربریت کی نذیر نہیں ملتی، قطر پر حملے پر کل فی الفور بیان جاری کیا، قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے، قطر کے امیر کویقین دہانی کرائی کہ مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہیں۔

  • صنعتکاروں کو نیب، ایف آئی اے سے بچانے کا حکومتی فیصلہ

    صنعتکاروں کو نیب، ایف آئی اے سے بچانے کا حکومتی فیصلہ

    حکومت نے مجوزہ صنعتی پالیسی کے تحت صنعتی بجلی کے ٹیرف سے کراس سبسڈی ختم کرنے اور پیک ریٹس کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔

    نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے قوانین میں تبدیلی لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جن میں ایک جامع انسالوینسی (دیوالیہ پن سے تحفظ) قانون متعارف کرانا شامل ہے،وزیرِاعظم کی سطح پر یہ طے پایا ہے کہ صنعتکاروں کو نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر کے براہِ راست رابطے سے محفوظ رکھا جائے گا۔ اسی مقصد کے لیے ایس ای سی پی ایکٹ 1947 کی دفعہ 41-B اور دفعہ 42-A میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے یہ لازمی ہوگا کہ وہ کسی بھی کارروائی سے قبل ایس ای سی پی کی اجازت حاصل کریں،ترمیمی مسودے کے مطابق، ریگولیٹڈ اداروں کے خلاف انکوائری، تحقیقات یا کارروائی خواہ وہ اسٹاک ایکسچینجز ہوں، سینٹرل ڈپازٹریز، کلیئرنگ ہاؤسز، نان بینکنگ فنانس کمپنیاں (روایتی یا ڈیجیٹل)، انشورنس کمپنیاں یا بروکرز،بغیر ایس ای سی پی کے ریفرنس کے کسی وفاقی یا صوبائی تحقیقاتی ادارے کی طرف سے نہیں کی جا سکے گی،اس کے علاوہ اگر کوئی معاملہ پہلے ہی ایس ای سی پی کے سامنے ہو تو کسی بھی دوسرے ادارے کے پاس اس پر کارروائی کا اختیار نہیں ہوگا۔

    ترمیمی مسودہ غیر ملکی سرمایہ کاروں (بشمول نائیکوپ ہولڈرز) کو بھی واضح قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے تاکہ بیرونی اداروں کی من مانی مداخلت سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے،حکومتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ”پاور ڈویژن صنعتی بجلی کے ٹیرف سے کراس سبسڈی ختم کرے گا اور پیک ریٹس بھی منسوخ کرے گا۔”مجوزہ صنعتی پالیسی کا مسودہ جلد جاری ہونے والا ہے،اس کے مطابق، وزارتِ تجارت نے وزارتِ خزانہ کی مشاورت اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے برآمد کنندگان کے لیے مقامی ٹیکس و لیویز کے ڈرا بیک (DLTL) اسکیم شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے،ایف بی آر نے بھی اربوں روپے کے پھنسے ہوئے ریفنڈز کی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے، جن میں سیلز ٹیکس (موخر ریفنڈ پیمنٹ آرڈرز ، کسٹمز ریبیٹس، انکم ٹیکس اور صوبائی ٹیکس شامل ہیں۔ سیلز ٹیکس ریفنڈز بروقت ادا کیے جائیں گے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس عمل کو مزید تیز بنایا جائے گا۔

  • بھارتی آبی جارحیت، مودی پر مقدمہ درج کیا جائے، مرکزی مسلم لیگ

    بھارتی آبی جارحیت، مودی پر مقدمہ درج کیا جائے، مرکزی مسلم لیگ

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھارت نے معرکہ حق کی ناکامی کا بدلہ پانی چھوڑ کر لے رہا ہے، بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں پنجاب ڈوب چکا ،حکومت خاموشی کی بجائے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلائے اور قوم کے سامنے حقائق، مضبوط لائحہ عمل رکھے،بھارتی آبی جارحیت کے نیتجے میں جانی و مالی نقصانات پر مودی کے خلاف حکومت مقدمہ درج کرے،سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا کام تیز اور متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے،مرکزی مسلم لیگ بھارتی آبی جارحیت کے خلاف قوم کو متحد کر کے تحریک چلائے گی، خیبر پختونخوا،گلگت،پنجاب میں مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار امدادی سرگرمیوں میں متحرک ہیں، متاثرین کی بحالی تک سرگرمیاں جاری رکھیں گے

    ان خیالات کا اظہار خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ کے چئرمین شفیق الرحمان وڑائچ، مرکزی کسان لیگ کے صدر ذوالفقار اولکھ،مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل مزمل اقبال ہاشمی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ وسطی پنجاب کے صدر حمید الحسن، مرکزی ترجمان تابش قیوم بھی موجود تھے،شفیق الرحمان وڑائچ کا کہنا تھا کہ صحافی برادری سیلاب متاثرین کی آواز بنی ، انکے شکر گزار ہیں، سیلاب نے وطن عزیز کو بری طرح متاثر کیا ہے، غذر سے لے کر خیبر پختونخوا، شانگلہ ،باجوڑ، مینگورہ سمیت دیگر علاقے سیلابی صورتحال سے متاثر ہوئے، بابو سر میں کلاؤڈ برسٹ ہوا وہاں امدادی سرگرمیاں ہماری جاری تھیں کہ اطلاع ملیں کہ چناب میں پانی آ گیا، چناب نے مختلف علاقے سیالکوٹ، نارووال کو ڈبونا شروع کیا پھرپانی وزیر آباد، پنڈی بھٹیاں، سے ہوتا ہوا آگے چلا گیا، علاقے ڈوبتے چلے گئے، لاہور راوی میں سیلابی ریلا آیا، وہ علاقے ڈوبے جن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ہے، آج بھی اگر موہلنوال یا ملحقہ بستیوں‌میں جائیں تو دس دس فٹ پانی موجود ہے، کشتیوں کے ذریعے آج بھی وہاں ریسکیو جاری ہے، بدقسمتی یہ ہے کہ پانی مزید آ رہا ،راوی اور چناب کے پانی سے آگے علاقے ڈوب چکے ہیں، بڑے گاؤں زیر آب آ چکے ہیں، دریائے ستلج کو دیکھیں، گنڈا پورا سے پانی داخل ہوا تو پاکپتن بہاولنگر میلسی ہر علاقے کو ڈبو دیا، جلال پور پیر والا میں تینوں دریاؤں کا پانی اکٹھا ہوا اور وہاں خوفناک تباہی ہوئی ہے، 25 کلو میٹر تک جلال پور پیر والا میں ہم نے کشتی پر سفر کیا،ہزاروں گاؤں، لاکھوں لوگ ہیں جو پانی میں گھرے ہوئے ہیں، حکومت کو بار بار آگاہ کر رہے تھے کہ وسائل کو بروئے کار لائیں یہ پانی اب آگے بڑھ رہا ہے خان پور کا 80 فیصد علاقہ ڈوب چکا ہے، اب پانی سندھ میں داخل ہونا ہے، مرکزی مسلم لیگ لیگ کی ہر ضلع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، پیر امیڈیکل سٹاف متعلقہ علاقوں میں موجود ہے، خیبر پختونخوا میں ہم کوئی جان نہیں بچا سکے،وہ لمحوں کی تباہی تھی، بستیوں کے نام ونشان مٹ گئے، جن لوگوں کو وہاں ریسکیو کیا ان کو ادویات دیں، گھر صاف کئے، کھانا دیا، پنجاب میں اب انسانی جانوں کے ضیاع کا بہت بڑا خدشہ ہے،خیبر پختونخوا ،گلگت میں بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے،متاثرین کے گھر بنائیں گے ،روزگار کے لئے مدد کریں گے، یہ سانحہ حکومتوں کے بس کا نہیں،لیکن جو کام کر سکتے تھے اس میں غفلت کیوں ہے، جلال پور میں 11 کشتیاں ہیں جن میں سے 9 کے انجن خراب ہیں، ڈیڑھ لاکھ بندہ وہاں پھنسا ہوا اور آپ فوٹو شوٹ کروا رہے ہیں، ایک چنے کا پیکٹ دے کر کہتے ہیں کہ دس دن کی خوراک ہے، خدارا آگے بڑھیئے جانیں بچائیے، اخلاص نیت کے ساتھ کام کیجیے، ڈوبنے والے لاکھوں، بچانے والے کروڑوں ہم ایک قوم بن کر متحد کو سب کر سکتے ہیں،مرکزی مسلم لیگ کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں،80 ہزار 73 خاندانوں میں خشک راشن تقسیم کیا جا چکا ہے ، 22 لاکھ 11 ہزار 602 افرادمیں پکی پکائی خوراک تقسیم کی جا چکی،مرکزی مسلم لیگ کے میڈیکل کیموں پر 18لاکھ6 ہزار 821 مریضوں کا علاج معالجہ کیا جا چکا،کشتیوں کے‌ذریعے 70 ہزار 500 افراد کو ریسکیو کیا گیا،پنجاب میں 11 خیمہ بستیوں میں 5200 افراد مقیم ہیں،
    خیبر پختونخوا میں 36 ہزار خاندانوں میں گھریلو سامان، برتن، چار ہزار بستر، 8 ہزار مچھر دانیاں، 6 ہزار بیلچنے، 4 ہزار ہاتھ ٹرالی تقسیم کی گئی ہے.

    مرکزی کسان لیگ کے صدر ذوالفقار اولکھ کا کہنا تھا کہ جو حالات ہیں حکومت اگر پانچ دس فیصد بھی کام کرتی تو یہ حالات نہ بنتے،کسان تو سیلاب میں مر چکا، اللہ یہ دن کسی کو نہ دکھائے، فصلیں سب بہہ گئی ہیں،ٹربائینیں بہہ گئی ہیں،ٹریکٹر بہہ گئے،18، 18 فٹ زمین کی سطح پر پانی آیا ہے، 25 اگست سے 5 ستمبر تک حکومت نے پوچھا ہی نہیں، صرف فوٹو سیشن جہاں تک گاڑیاں‌جاتی تھیں وہاں تک کیا گیا،کسانوں کی پچھلی فصل تیار تھی تباہ ہو گئی، بھارت نے آبی جارحیت کی،بھارت نے اپنی جنگ ہارنے کا بدلہ پاکستان سے لیا ہے، شہری آبادیاں محفوظ ہیں لیکن کھیتوں میں میڈیا بھی نہیں، ہماری چیخیں سننے والا کوئی نہیں، مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان نے ہمیں سنبھالا ہے،ڈی سی نارووال ثابت کریں کوئی سرکاری کشتی نہیں گئی، کوئی امداد نہیں دی گئی،اب ہم سے بجلی کے بل مانگے جا رہے ہیں، ہم کس چیز کے بل دیں، سب کچھ ڈوب گیا،بجلی ہم چلا نہیں سکے، مطالبہ کرتے ہیں کہ زمیندار کو ریسکیو کریں،بجلی کے بل معاف کیے جائیں،زرعی قرض فوری طور پر معطل ،معاف کئے جائیں،بیج اور کھاد دیا جائے،ہمارے مطالبے نہ مانے گئے تو ہم بھر پور احتجاج کریں گے، کسان سڑکوں پر نکلیں گے، پھر دما دم مست قلندر ہو گا،

    مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں بھارت کی ناکامی کا بدلہ انہوں نے پاکستانی قوم سے لینے کا فیصلہ کیا اور پاکستان کے سب سے بڑے ڈوبے کو ڈبونے کا منصوبہ بنایا، سندھ طاس معاہدہ معطل کیا اور ڈیٹا بھی پاکستان کے ساتھ شیئر نہیں کیا، پاکستان اور بھارت میں بارشوں کا ڈیٹا دونوں حکومتوں کے پاس تھا لیکن بھارت نے ڈیٹا نہیں دیا اور پانی چھوڑ دیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ 25 اضلاع ڈوب گئے ،موجودہ صورتحال پر پاکستان کو قومی سلامتی کا اجلاس بلانا چاہے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کمزوری نہ دکھائے اور مودی پر بھارتی آبی حملے کا مقدمہ درج کیا جائے، یہ پاکستان کی عوام کا مطالبہ ہے، پاکستان کے دشمنوں کوتگڑا جواب دینا چاہئے، جن لوگوں نے ماضی میں غلطیاں کیں،جماعت علی شاہ نے غداری کی،بھارت کو ڈیم بنانے کا موقع دیاایسے لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے ، مرکزی مسلم لیگ نقصانات پر وائیٹ پیپر جاری کرے گی،سیلاب میں جس جس کا بھی نقصان ہوا سب کا ازالہ کیا جائے، پاکستان میں اناج، گندم کا جو بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اس پر فوری قابو پایا جائے، جھوٹ کی بجائے حقائق قوم کے سامنے رکھنے چاہئے، اس وقت ہندوستان حملہ‌آور ہے اور پوری پاکستانی قوم کو تیار رہنا چاہے، مرکزی مسلم لیگ بھارتی آبی جارحیت کے خلاف تحریک شروع کرنے جا رہی ہے، ہم عوام کو ساتھ لے کر دشمنوں کو ایک مضبوط اور واضح پیغام دیں گے،ہم عوام میں شعور پیدا کریں گے کہ دشمن کیا کر رہا ہے، حکومتی جو غفلت کر رہی ہے ہم مجبور کریں گے کہ پاکستانی قوم کی آواز سنے ، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بھارت نے پانی چھوڑ کر آبی جارحیت کی ہے، پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے غلط فہمیوں کو ختم کرنا چاہئے، جو سندھ یا دریائے کابل پر بن سکتے ہیں ان ڈیموں کو بنانا چاہئے،تا کہ بارشوں کے پانی کو کنٹرول کیا جا سکے،جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو گا بھارت آبی جارحیت کرتا رہے گا،اس وقت لوگوں کی زندگیاں بچانا اہم ہے، قومی سطح پر کام کرنے والے رفاہی اداروں کو کام کرنے کی مکمل اجازت ہونی چاہئے،

  • پاک فوج نے پھر اپنے ایک بہادر بیٹے کو وطن پہ قربان کیا،خواجہ آصف

    پاک فوج نے پھر اپنے ایک بہادر بیٹے کو وطن پہ قربان کیا،خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی فائرنگ میں زخمی ہو کر شہادت کا رتبہ پانے والے میجر عدنان اسلم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افغان ہماری دھرتی پر روزی کما رہے ہیں اور افغان سر زمین سے دہشت گرد ہمارے بچوں کے خون سے ہولی کھیلنے آتے ہیں۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج نے پھر اپنے ایک بہادر بیٹے کو وطن پہ قربان کیا، 5 دہشت گردوں میں سے 3افغان تھے جب کہ 2 کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا،ہم نے جن کے لیے 2 طویل جنگیں لڑیں، اپنا امن اور اپنی معیشت تباہ کر لی، لاکھوں شہید ہوگئے، 60، 70 لاکھ افغان ہماری دھرتی پہ موجود ہیں، روزی کما رہے ہیں، بڑے بڑے ٹرانسپورٹر اور ارب پتی ٹھیکیدار ہیں۔ فغان سر زمین سے ہمارے بچوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشت گرد اور افغان شہری آتے ہیں، دنیا کی تاریخ میں اتنی محسن کشی کبھی نہیں ہوئی۔

  • شہباز شریف کا امیرِ قطر سے رابطہ،پاکستان کی قطر پر اسرائیلی بمباری کی مذمت

    شہباز شریف کا امیرِ قطر سے رابطہ،پاکستان کی قطر پر اسرائیلی بمباری کی مذمت

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے رابطہ کرکے دوحہ میں حماس قیادت پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعظم نے امیرِ قطر، شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر سے جانی اور مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسرائیل کی دوحہ میں غیر قانونی اور سنگین بم باری کی شدید مذمت کی۔وزیرِ اعظم نے جانی نقصان اور شہری املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، پاکستان قطر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ امیرِ قطر نے اظہارِ یکجہتی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اظہارِ تشکر کیا۔ا س موقع پر دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے رابطے میں رہنے پر اتفاق بھی کیا۔

    اس سے قبل پاکستان نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں اسرائیلی فوج کی بمباری کی شدید مذمت کی جس میں ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوا۔

    وزیر اعظم کے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ غیر قانونی اور بزدلانہ کارروائی نہ صرف قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔

    وزیر اعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ ساتھ فلسطینی عوام کی بھی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اسرائیلی اقدام کو غیر ضروری اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔

    ایشیا کپ 2025: بھارتی کپتان محسن نقوی سےمصافحہ کرنے پر غدار قرار

    قطر پر اسرائیلی حملے پر اقوامِ متحدہ کی شدید مذمت

  • 9مئی کیس کا ایک اور فیصلہ،قریشی بری، یاسمین راشد،محمود الرشید،عمر سرفراز چیمہ کوسزا

    9مئی کیس کا ایک اور فیصلہ،قریشی بری، یاسمین راشد،محمود الرشید،عمر سرفراز چیمہ کوسزا

    لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے ایک اور مقدمے میں بری کر دیا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔

    لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو مال روڈ پر سپریم کورٹ کے جج کے اسکواڈ کی گاڑی جلانے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔ میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو بھی 10،10 سال قید جبکہ خدیجہ شاہ کو 5 سال قید کی سزا سنادی گئی،عدالت نے روبینہ جمیل اور افشاں طارق کو کیس میں بری کردیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ شیر پاؤ پل کیس میں شاہ محمود قریشی کو بری جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

  • وزیراعظم سے قازقستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی ملاقات

    وزیراعظم سے قازقستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی ملاقات

    قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ جناب مورات نورتیلو ( Mr. Murat Nurtleu) جو پاکستان کے سرکاری دورے پر وزارتی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، نے آج سہ پہر وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔  

    وزیراعظم نے قازقستان کے نائب وزیر اعظم کا پاکستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے،صدر قاسم جومارت توکایوف (Kassym Jomart-Tokayev) کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا، جن سے حال ہی میں انہوں نے چین میں ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک میں مشترکہ دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی باہمی خواہش ہے۔ وزیراعظم نے قازقستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں (فضائی، ریل اور سڑک کے ذریعے) اور عوام سے عوام کے تبادلے میں پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے صدر کے دورے کو بہت اہمیت دے رہا ہے۔ وزیر اعظم نے مختلف مفاہمتی یادداشتوں اور زیر غور معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک وفد آستانہ بھیجنے کی پیشکش کی۔ دونوں فریق پچھلے کئی مہینوں سے باقاعدہ بات چیت کرتے رہے ہیں اور توقع ہے کہ اس سال کے آخر میں قازقستان کے صدر کے دورہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم مفاہمتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔  

    قازقستان کے نائب وزیر اعظم نے گرمجوش مہمان نوازی پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ساتھ اپنی تفصیلی بات چیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ صدر توکایوف کا آئندہ دورہ اسلام آباد انتہائی تاریخی اور کامیاب ہو گا اور اس سے پاکستان اور قازقستان تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

     نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر مواصلات عبد العلیم خان، وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ نے بھی ملاقات میں موجود تھے۔

  • خیبرپختونخوا میں 8 ہزار سے زیادہ فتنہ الخوارج دہشتگردوں کا انکشاف

    خیبرپختونخوا میں 8 ہزار سے زیادہ فتنہ الخوارج دہشتگردوں کا انکشاف

    سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 8 ہزار سے زیادہ فتنہ الخوارج دہشتگرد موجود ہیں جو عام آبادی میں پناہ لے کر فورسز پر حملے کرتے ہیں۔

    سرکاری حکام کے مطابق فتنہ الخوارج غیرمعروف راستوں کے ذریعے افغانستان سے پاکستان آئے ہیں، 8 ہزار سے زائد دہشتگرد پشاور، ٹانک، ڈی آئی خان، بنوں، لکی مروت، سوات، شانگلہ اورضم اضلاع میں ہیں جب کہ باجوڑ اور خیبر میں 800 سےزیادہ دہشتگرد موجود ہیں،دہشتگرد سی پیک روڈ، ڈی آئی خان تا بنوں اور ٹانک میں ناکے بھی لگاتے ہیں، عام آبادی میں پناہ لیے دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملےکرتے ہیں جس کے باعث سکیورٹی فورسز کو جوابی کارروائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جوابی کارروائی میں مسائل کےباعث فورسز نےجانی نقصان بھی اٹھایا ہے،وزیراعلیٰ کے پی کی زیرصدارت جرگوں میں قبائلی عمائدین افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی پر نالاں تھے، قبائلی عمائدین نے وزیراعلیٰ سے دراندازی کا معاملہ افغان حکومت کے ساتھ اٹھانےکا مطالبہ کیا،شمالی وزیرستان اورباجوڑ میں چند ہفتوں میں سکیورٹی فورسز نے دراندازی کرنے والے 80 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

    اس حوالے سے آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی میں فتنہ الخوارج کی موجودگی اور دہشتگرد کارروائیوں سے آگاہ ہیں، ڈی آئی خان، لکی مروت، باجوڑ، وزیرستان، خیبر، بنوں اور دیر میں متعدد خوارج کو ہلاک کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ ماہ 190 آپریشنز میں 39 خوارج کو مارا اور 110 کو گرفتار کیا گیا،فتنہ الخوارج کی جانب سےسڑکوں پر ناکے لگانےکا سختی سے نوٹس لیا ہے، سی پیک پر موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر دن رات گشت شروع کردیا ہے۔

    دوسری جانب مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ دہشتگرد افغانستان سے آرہے ہیں جن کے خلاف لڑ رہے ہیں، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فتنہ الخوارج کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔