Baaghi TV

Category: اہم خبریں

  • اسلام آباد میں 15 فروری کو بلدیاتی انتخابات کا اعلان

    اسلام آباد میں 15 فروری کو بلدیاتی انتخابات کا اعلان

    الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

    الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 فروری کو ہونگے،الیکشن کمیشن نے بلدیاتی قانون 2015 کے مطابق انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 140(A) اور 219(d)، الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 219، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 اور متعلقہ رولز کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے شیڈول جاری کیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں امیدواروں کی نامزدگی، چھان بین، فہرستوں کی اشاعت اور پولنگ تک کا مکمل انتخابی ٹائم لائن جاری کیا گیا ہے۔نامزدگی فارم جاری کرنے کی تاریخ 19 دسمبر 2025تک ہے،امیدواروں کے نامزدگی فارم جمع کرانے کا مرحلہ
    22 دسمبر 2025 سے 27 دسمبر 2025 تک ہے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 دسمبر 2025 سے 3 جنوری 2026 تک کی جائے گی،ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی مدت 5 جنوری 2026 سے 8 جنوری 2026 تک ہو گی،اپیلیٹ اتھارٹی کی جانب سے اپیلیں نمٹانے کی تاریخیں 9 جنوری 2026 سے 13 جنوری 2026 تک ہوں گی،نظرِ ثانی شدہ امیدواروں کی فہرست کی اشاعت 14 جنوری 2026 کو کی جائے گی،امیدواروں کی حتمی فہرست کی اشاعت 15 جنوری 2026 کو ہو گی،الیکشن نشان الاٹ کرنے اور امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے کی تاریخ 16 جنوری 2026ہے،

    نوٹیفکیشن کے دوسرے حصے میں الیکشن کمیشن نے شفافیت یقینی بنانے کے لیے اہم ہدایات بھی جاری کی ہیں جس کے مطابق تمام وفاقی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کوئی ترقیاتی منصوبہ یا سرکاری وسائل استعمال کرکے انتخابی عمل پر اثرانداز نہ ہوں۔سرکاری ملازمین کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کوئی اہلکار اپنے عہدے کے اختیار کا غلط استعمال کرکے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔الیکشن پروگرام کے اجراء کے بعد حکومتی اشتہارات، ترقیاتی اعلانات اور غیر ضروری سرکاری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔

  • انڈونیشیا کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں پروقار استقبالیہ تقریب

    انڈونیشیا کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں پروقار استقبالیہ تقریب

    انڈونیشیا کے صدر پرابوووسوبیانتو کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ تقریب وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر پرابوووسوبیانتو کا وزیراعظم ہاؤس کے مرکزی دروازے پر پُرتپاک استقبال کیا،اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے انڈونیشیا کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا ۔دونوں ملکوں کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔معزز مہمان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر کا وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام سے تعاارف کر ایا ۔معزز مہمان نے اپنے وفد کا تعارف وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کرایا ۔

    صدر پرابوووسوبیانتو نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔انڈنیشیا کے صدر کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے اعتماد کے رشتے پر قائم تعلقات کا فروغ مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔ صدر پَروبووو کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی جہت دینے، شراکت داری میں وسعت اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا،

  • ترقی کی سمت میں گامزن معیشت کےحوالے سے ابھی مزید محنت درکار ہے،وزیراعظم

    ترقی کی سمت میں گامزن معیشت کےحوالے سے ابھی مزید محنت درکار ہے،وزیراعظم

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پاکستان کی معاشی ترقی کا خواب ان شاء اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔

    آئی ایم ایف کا حکومتی معاشی اصلاحات اور اقدامات کے مؤثرنفاذ سے جاری پروگرام کے تحت مالی اجرا پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈےکے نفاذ اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی معاونت کا کلیدی کردار ہے، آئی ایم ایف کا اظہاراطمینان معاشی ٹیم بالخصوص وزیر خزانہ کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان معاشی استحکام اور ترقی کے لیے ضروری اقدامات پر عملدرآمد کر رہا ہے،ڈیفالٹ کے دہانے سے ملک کو استحکام اور ترقی کی سمت گامزن کرنا ایک کٹھن مرحلہ تھا جس کے لیے سب نے مل کر قربانی دی، سیاسی جماعتوں نے سیاست کی قربانی دے کر اور قوم نے معاشی مشکلات برداشت کرکے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کامیاب کیس اسٹڈی کے طور پر دنیا بھر میں مثال بن گئی ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کا خواب ان شاء اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہوگا،استحکام کے بعد ترقی کی سمت میں گامزن معیشت کےحوالے سے ابھی مزید محنت درکار ہے، بطور خادم پاکستان، پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ملک کی بیرونی قرضوں سے مکمل نجات تک محنت جاری رکھوں گا، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان قرضوں سے مکمل نجات حاصل کرکے معاشی طور پر خود کفیل ہوگا۔

  • خیبرپختونخوا،بلوچستان،تین کمانڈروں سمیت 17 سے زائد دہشتگرد ہلاک،مسجدپر حملہ کرنیوالے گرفتار

    خیبرپختونخوا،بلوچستان،تین کمانڈروں سمیت 17 سے زائد دہشتگرد ہلاک،مسجدپر حملہ کرنیوالے گرفتار

    خیبرپختونخوا ،بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں

    ایف سی بلوچستان نے پنجگور کے علاقے سرّاک میں ایک بڑی خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی کے دوران تقریباً 4.9 ارب روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلیں۔ حکام کے مطابق کارروائی میں 570 کلو گرام افیون اور 491 کلو گرام کوکین پاؤڈر قبضے میں لیا گیا، جبکہ دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ منشیات ایسے نیٹ ورکس سے تعلق رکھتی ہیں جن کی آمدنی خطے میں شدت پسند اور دہشت گرد سرگرمیوں کی مالی مدد کرتی ہے۔ حکام کے مطابق اس نوعیت کی کارروائیوں کا مقصد منظم اسمگلنگ نیٹ ورکس کو توڑنا اور دشمن عناصر کے مالی ذرائع بند کرنا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور گرفتار شدگان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

    سریاب روڈ کے علاقے ولی جٹ کی زرائیت کالونی کے گیٹ پر دستی بم کا دھماکہ ہوا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے زرائیت کالونی کے مرکزی دروازے پر دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔ بم گیٹ کے قریب گرا اور زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے مقامِ حادثہ کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد جمع کرنا شروع کر دیے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی موقع کا جائزہ لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ دستی بم کے پھینکے جانے کے باعث ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے لیکن کوئی زخمی نہیں ہوا۔ سیکیورٹی اداروں نے اسے علاقے کا امن خراب کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

    لوئے سم علاقے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بڑی دہشت گردانہ سازش ناکام بنادی اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی لوئے سم پولیس اسٹیشن کی حدود میں کی گئی۔ دورانِ کارروائی فورسز نے دو آئی ای ڈیز، دو فائر شدہ مارٹر شیلز اور ایک ڈرم قبضے میں لیا۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے تمام مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا۔ علاقے میں سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔

    ٹانک میں مقامی امن کمیٹی کے دفتر پر مبینہ دہشت گرد ڈرون حملہ کیا گیا جس کے بعد علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھرا ڈرون دفتر سے ٹکرا کر پھٹ گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈی پی او ٹانک شبیر شاہ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق ڈرون کے استعمال اور ذمہ دار گروہ کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

    پولیس نے نصرت خیل علاقے کی مسجد پر دستی بم حملے اور فائرنگ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے کلاشنکوف، پستول اور استعمال شدہ دستی بم بھی برآمد ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تین روزہ ریمانڈ کے دوران ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لکی مروت میں ایک کمپاؤنڈ پر ہونیوالے درست نشانے والے حملے میں سات ٹی ٹی پی دہشت گرد مارے گئے، جن میں تین اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں کمانڈر موسیٰ، کمانڈر احمد اور کمانڈر "لمبے” شامل ہیں۔ حملے میں شدت پسندوں کا ٹھکانہ مکمل تباہ ہوگیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی ٹی ٹی پی کے مقامی ڈھانچے کے لیے بڑا دھچکہ ہے کیونکہ یہ کمانڈر حالیہ دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

    سر ڈگ کے علاقے سپین وام میں دہشت گردوں نے عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے ڈرون حملہ کیا جس میں 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جن میں مرد و خواتین شامل ہیں۔ ڈرون ایک دکان پر گرا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ حکام کے مطابق حملہ جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ تحقیقات جاری ہیں۔

    مرکزی کرم کے منٹو علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، جس میں 10 دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان شہید ہوگئے۔ فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور سرچ آپریشن تیز کر دیا۔

    میرہ خیل میں پولیس حکام اور مقامی عمائدین کا جرگہ ہوا جس میں بزرگوں نے امن برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ عمائدین نے دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

    باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے لوئے سم میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مزید دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔ کارروائی شاہ گولو اور ملحقہ علاقوں میں کی گئی۔ دو آئی ای ڈیز، دو مارٹر شیلز اور ایک ڈرم دھماکہ خیز مواد پر مشتمل تھا جسے بم ڈسپوزل ٹیم نے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کے مطابق حالیہ کارروائیاں بڑے سانحات کو روکنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔ اگرچہ باجوڑ سمیت قبائلی اضلاع کو کلیئر کر دیا گیا ہے، لیکن بھاگے ہوئے دہشت گرد اب بھی جگہ جگہ بارودی سرنگیں اور آئی ای ڈیز لگا رہے ہیں، جس سے شہریوں اور فورسز کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔ جاری کلیئرنس آپریشنز میں اب تک پانچ جوان شہید اور سو سے زائد اہلکار زخمی ہوچکے ہیں۔ 114 خطرناک علاقوں میں سے 82 مربع کلومیٹر کو کلیئر کیا جا چکا ہے، تاہم واقعات اب بھی پیش آ رہے ہیں۔ حکام نے عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے جبکہ فورسز روزانہ کی بنیاد پر علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔

  • برطانوی عدالت کا عادل راجہ کو بریگیڈیئر(ر)راشد نصیر سے عوامی سطح پر معافی مانگنے کا حکم

    برطانوی عدالت کا عادل راجہ کو بریگیڈیئر(ر)راشد نصیر سے عوامی سطح پر معافی مانگنے کا حکم

    یوٹیوبر عادل راجہ کے خلاف کیس کی لندن ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی

    عدالت نے یوٹیوبر عادل راجہ کو ریٹائرڈ بریگیڈیئر راشد نصیر سے سرعام معافی مانگنے کا حکم دے دیا۔کیس کی سماعت جج رچرڈ اسپیئر مین کی جانب سے کی گئی۔ سماعت کے بعد عدالت نے حکم نامہ جاری کیا جس میں عادل راجہ کو اپنے توہین آمیز بیانات پر عوامی معافی مانگنے کا حکم دیا گیا، عدالت نے کہا کہ یہ معافی 28 دن تک عادل راجہ کے ٹوئٹر، فیس بک، یوٹیوب اکاؤنٹس اور اس کی ویب سائٹ کے پر نمایاں طور پر جاری رہے گی۔عادل راجہ کو 50,000 پاؤنڈ ہرجانہ اور 260,000 پاؤنڈ ابتدائی اخراجات (باقی رقم بعد میں طے کی جائے گی) ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جو 22 دسمبر 2025 تک جمع کرانا ہوگا۔عادل راجہ کو دوبارہ کوئی توہین آمیز بیان دینے سے روکتے ہوئے اس کے خلاف پابندی کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔جج نے اپیل کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    عادل راجہ نے فیصلے کے خلاف اپیل کی درخواست بھی کی تھی جسے جج نے مسترد کردیا،بریگیڈیئر راشد نصیر نے عدالت سے کہا تھا کہ وہ اکتوبر میں سنائے گئے فیصلے سے متعلق آرڈر جاری کرے،جج نے حکم دیا ہے کہ عادل راجہ کو 22 دسمبر تک 50 ہزار پاؤنڈ ہرجانہ اور عدالتی اخراجات کی مد میں 2 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے ہوں گے، اضافی عدالتی اخراجات کا تخمینہ بعد میں لگایا جائے گا اور وہ بھی عادل راجہ کو ادا کرنا ہوں گے، جج نے عادل راجہ کو آئندہ ہتک آمیز بیانات نہ دہرانے کا حکم امتناع بھی جاری کردیا

    عادل راجہ کے وکیل نے اب فیصلے کے خلاف کورٹ آف اپیل میں جانے کا عندیہ دیا ہے، عادل راجہ نے بھی کہا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف کورٹ آف اپیل جاؤں گا،خیال رہے کہ اکتوبر میں سنائے گئے فیصلے میں جج نے عادل راجہ کے بریگیڈیئر (ر) راشد نصیر کے خلاف الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا، آج عدالتی فیصلہ سننے کے لیے بریگیڈ (ر) راشد نصیر عدالت میں موجود تھے جبکہ عادل راجہ کے وکلا پیش ہوئے۔

  • پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں کا انڈونیشین صدر کا استقبال

    پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں کا انڈونیشین صدر کا استقبال

    اسلام آباد: پاکستان کی فضاؤں میں آج ایک منفرد اور یادگار منظر دیکھنے میں آیا، جب پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کے سرکاری دورۂ پاکستان پر ان کے طیارے کو انتہائی پرتپاک، شاندار اور پروٹوکول سے بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا۔

    پاک فضائیہ کے 6 جدید جے ایف-17 تھنڈر جنگی طیارے جیسے ہی انڈونیشیا کے صدر کے طیارے کے قریب پہنچے، انہوں نے خصوصی فارمیشن بنا کر معزز مہمان کو فضائی سلامی پیش کی۔یہ شاندار فلائی پاسٹ نہ صرف دفاعی مہارت کا مظہر تھا بلکہ دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا عملی اظہار بھی تھا۔ جنگی طیاروں نے انڈونیشی صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر مخصوص پروٹوکول فارمیشن میں مختلف زاویوں سے سلامی دی، جو کسی بھی ملکی مہمان نوازی کا اعلیٰ ترین اعزاز سمجھا جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق صدر پرابوو سوبیانتو نے اس غیرمعمولی اور پرتپاک استقبال پر پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت، پاک فضائیہ اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا شاندار استقبال پاکستان اور انڈونیشیا کی قربت، بھائی چارے اور باہمی اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    پاک فضائیہ کی جانب سے یہ شاندار خیرمقدمی فلائی پاسٹ دونوں ممالک کے دیرینہ سفارتی، عسکری اور عوامی روابط کی مضبوط بنیادوں کی عکاسی کرتا ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان کی طرف سے یہ اعلیٰ پروٹوکول "جذبۂ خیر سگالی” اور باہمی احترام کی روایات کے عین مطابق ہے۔پاکستان کی فضائی سرحد میں داخل ہونے والے برادر ممالک کے سربراہان کو فضائی سلامی دینا ایک اعزاز بھی ہے اور روایت بھی۔انڈونیشیا جیسے قریبی دوست ملک کے صدر کو اس قدر شاندار انداز میں خوش آمدید کہنا دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی،اسٹریٹجک شراکت دار ی اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط کرتا ہے۔انڈونیشیا کے صدر کا یہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز تصور کیا جا رہا ہے، جس میں دفاع، تجارت، ٹیکنالوجی اور خطے میں امن کے لیے مزید تعاون کے امکانات بڑھیں گے۔

  • بھارت سن لے ،اگلی بار پاکستان کا جواب مزیدبرق رفتار اور شدید ہوگا،فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

    بھارت سن لے ،اگلی بار پاکستان کا جواب مزیدبرق رفتار اور شدید ہوگا،فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

    چیف آف دی آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب میں کہا ہے کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے ،

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بڑھتے اور بدلتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید بہتر کریں، ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیلی کی جانب ایک ضروری قدم ہے، ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کیلئے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی، ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشن کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا،بالا کمانڈ کی یکجہتی کے ساتھ ساتھ تینوں افواج اپنی اندرونی خود مختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی ،بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے ، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا، طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ان کے پاس فتنہ آل خوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ،میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے تاہم کسی کو بھی پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت پر آنچ اور ہمارے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،تمام یہ جان لیں کہ پاکستان کا تصور ناقابل تسخیر ہے اور اس کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے

  • انڈونیشیا کے صدر پاکستان پہنچ گئے

    انڈونیشیا کے صدر پاکستان پہنچ گئے

    انڈونیشیاکے صدرپرابووو سوبیانتو پاکستان کے 2روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نورخان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا، وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام بھی انڈونیشیاکے صدر کے استقبال کیلئے موجود تھے۔

    انڈونیشیاکے صدر طیارے سے باہر آئےتو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نےان سے پرجوش مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انڈونیشیاکے صدرپرابووو سوبیانتو کو پھول پیش کئے۔انڈونیشیا کے صدر کا اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم سے خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ دونوں ملکوں کے پرچم تھامے بچوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انڈونیشیا کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ انڈونیشیا کے صدرکووزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورے کی دعوت دی تھی۔صدر پرابووو سوبیانتو کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ انڈونیشیا سے آخری صدارتی دورہ 2018 میں صدر جوکو ویدودو نے کیا تھا۔ یہ دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ اس سال پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔اپنے قیام کے دوران صدر پرابووو سوبیانتو وزیرِاعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔

    دورے کے دوران دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی سطح پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر جامع تبادلہ خیال کریں گے۔ پاکستان اور انڈونیشیا قریبی، خوشگوار اور دیرینہ تعلقات کے حامل ہیں جو مشترکہ اقدار اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں۔ صدر پرابووو سوبیانتو کا یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے کا اہم موقع فراہم کرے گا، جو دونوں ممالک کی شراکت داری کے مسلسل فروغ میں مددگار ثابت ہوگا-

  • جی ایچ کیومیں چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب

    جی ایچ کیومیں چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب

    راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو باقاعدہ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    قومی عسکری روایات کے مطابق گارڈ آف آنر کی یہ تقریب نہ صرف ان کی اعلیٰ عسکری خدمات کا اعتراف ہے بلکہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مضبوط دفاعی اتحاد کی علامت بھی ہے۔تقریب کے دوران تینوں مسلح افواج،پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو روایتی فوجی سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہ بھی موجود تھے، جنہوں نے فیلڈ مارشل کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا۔بعد ازاں آڈیٹوریم میں ’معرکۂ حق‘ کے دوران شاندار خدمات انجام دینے والے پاک فضائیہ کے پائلٹس کو اور پاک بحریہ کے آفسران کو چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے سووینئرز (Souvenirs) پیش کیے گئے۔

    جی ایچ کیو کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی تقریب کا ماحول قومی جوش، پیشہ وارانہ مہارت اور عسکری نظم و ضبط کا خوبصورت عکاس تھا، جبکہ ملٹری بینڈ نے سلامی کے دوران قومی دھنیں بجا کر تقریب کو مزید دلکش بنا دیا۔دوسری جانب یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ معرکۂ حق کے تاریخی تناظر نے اس تقریب کو مزید اہمیت بخشی۔ اس معرکے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی براہِ راست قیادت میں پاکستان نے بھارت کو فیصلہ کن اور ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا تھا۔ اس آپریشن میں نہ صرف دشمن کے جدید فضائی دفاعی نظام کو ناکام بنایا گیا بلکہ بھارتی فضائیہ کے 7 جدید ترین جنگی طیارے بھی مار گرائے گئے، جسے عسکری ماہرین پاکستان کی جانب سے ایک غیر معمولی اسٹریٹجک کامیابی قرار دیتے ہیں۔

  • وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس،گوادر ،گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری

    وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس،گوادر ،گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری

    وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل کو ختم کرنے کے لیے جامع منصوبہ پر فوری عملدرآمد کی منظوری دی گئی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ گوادر پورٹ سٹی کو بلاتعطل، مناسب قیمت اور قابل بھروسہ بجلی فراہمی کے منصوبوں پر تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کریں،100 میگاواٹ سولر پروجیکٹ سے گلگت بلتستان میں ماحولیاتی اعتبار سے صاف بجلی کی بلاتعطل اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جائے، گلگت بلتستان میں سو میگاواٹ کے سولر پروجیکٹ پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے،گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گلگت بلتستان میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں،ہ بجلی مسائل کو حل کرنے کے لیے احسن اقبال کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی اور وزارت توانائی کی سفارشات اور اقدامات قابل تحسین ہیں، تیار کردہ جامع حکمت عملی میں شامل فوری، قلیل و طویل مدتی پروجیکٹس پر وزارت توانائی مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ملکی معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری میں ترقی کو یقینی طور پر بڑھانے کا سبب بنے گی، صنعتوں، سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں قائم کردہ صنعتوں کے لیے بجلی کی فراہمی کو علاقائی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جائے، بجلی کی بلاتعطل فراہمی، دیگر سہولتوں سے گوادر کی بندرگاہ دنیا کی بہترین بندرگاہ اور مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گی.