Baaghi TV

Category: بہاولپور

  • احمد پور شرقیہ: ٹرین کے نیچے آ کر نامعلوم شخص کی خودکشی، لاش مسخ

    احمد پور شرقیہ: ٹرین کے نیچے آ کر نامعلوم شخص کی خودکشی، لاش مسخ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)احمد پور شرقیہ میں ریلوے ٹریک پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں فوڈ کلب کے قریب ایک نامعلوم شخص نے اسلام آباد سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کے آگے آ کر خودکشی کر لی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق، 35 سالہ شخص نے جیسے ہی خود کو ٹرین کے آگے پھینکا، ٹرین کی زوردار ٹکر سے اس کی لاش بری طرح مسخ ہو گئی، جس کے باعث فوری شناخت ممکن نہ ہو سکی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا گیا۔

    پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور لاش کی شناخت کے لیے مقامی افراد سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر خودکشی کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں۔

  • احمد پور شرقیہ: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق، ڈرائیور فرار

    احمد پور شرقیہ: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق، ڈرائیور فرار

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) احمد پور شرقیہ کے علاقے میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ حادثے کے بعد ٹریکٹر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

    یہ واقعہ کندے والا پل، ہیڈ راجکاں روڈ پر پیش آیا، جہاں 40 سالہ بیپلا رام ولد لکھو رام، جو کہ چک نمبر 101/DN کا رہائشی تھا، پیدل چل رہا تھا کہ ایک نامعلوم ٹریکٹر ٹرالی نے اسے کچل دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، بیپلا رام موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے لاش کو لواحقین کے حوالے کیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے ہیں اور فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    اس واقعے پر لواحقین اور مقامی شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور سڑکوں پر ٹریفک کے حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

  • بہاولپور: دریائے ستلج میں 16 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق، 21 گھنٹے بعد لاش برآمد

    بہاولپور: دریائے ستلج میں 16 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق، 21 گھنٹے بعد لاش برآمد

    بہاولپور (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)دریائے ستلج میں 16 سالہ چرواہا لڑکا ڈوب کر جاں بحق، 21 گھنٹے بعد لاش برآمد
    ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروائی، لاش 2 کلومیٹر دور سے نکالی گئی

    ماڑی قاسم شاہ جھنگی والا روڈ، بہاولپور کے قریب دریائے ستلج میں 16 سالہ چرواہا لڑکا اسد ولد اللہ دتہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسد اپنی بھینسوں کو پانی پلانے دریا کے کنارے لے گیا تھا اور وہ جانوروں کے پیچھے گہرے پانی میں چلا گیا۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق متوفی لڑکا تیرنا نہیں جانتا تھا۔ جب بھینسیں گہرائی میں پہنچیں تو اسد نے انہیں واپس لانے کی کوشش کی لیکن خود پانی میں ڈوب گیا۔ اس کے نانا نے فوری بچاؤ کی کوشش کی مگر بے سود رہی۔

    ایمرجنسی کال موصول ہوتے ہی واٹر ریسکیو وین سمیت BPA-05، BR-1، BR-2 اور دیگر ریسکیو گاڑیاں صرف آٹھ منٹ میں موقع پر پہنچ گئیں۔ ٹیموں نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر 21 گھنٹے تک مسلسل تلاش جاری رکھی اور آخرکار اسد کی لاش تقریباً دو کلومیٹر دور سے برآمد کر لی گئی، جسے ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

    ریسکیو ٹیموں کی اس کارروائی کو مقامی افراد نے خراج تحسین پیش کیا، جب کہ حکام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دریا کے کنارے جانے میں خصوصی احتیاط برتیں، خصوصاً بچوں اور غیر تیراک افراد کو گہرے پانی سے دور رکھیں۔

  • غیرت کے نام پر شادی شدہ خاتون قتل، شوہر سمیت تین افراد گرفتار

    غیرت کے نام پر شادی شدہ خاتون قتل، شوہر سمیت تین افراد گرفتار

    بہاولپور کے علاقے تلہڑ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں غیرت کے نام پر ایک شادی شدہ خاتون کو اس کے شوہر، سسر اور دیور نے مبینہ طور پر جان سے مار دیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے شک کی بنیاد پر خاتون کو پھندا لگا کر قتل کیا،پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد ملزمان لاش کو دفنانے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

    یہ واقعہ ایک بار پھر ملک میں بڑھتے ہوئے غیرت کے نام پر قتل کے واقعات کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔ چند روز قبل 17 جولائی کو راولپنڈی میں بھی جرگے کے حکم پر ایک شادی شدہ خاتون کو گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا، جس نے معاشرتی برائیوں پر روشنی ڈالی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

  • اوچ شریف: جلالپور روڈ پر تیز رفتاری کے باعث کار اور ٹرک میں تصادم، تین افراد زخمی

    اوچ شریف: جلالپور روڈ پر تیز رفتاری کے باعث کار اور ٹرک میں تصادم، تین افراد زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے جلالپور روڈ نزد چوک بھٹہ روڈ پر تیز رفتاری ایک بڑے حادثے کا سبب بن گئی، جہاں سامنے سے آنے والے ٹرالر سے کار ٹکرا گئی، حادثے میں ایک مرد، ایک خاتون اور ایک کمسن بچی زخمی ہو گئی۔

    حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مبارک پور کے رہائشی خضر حیات اپنی بہن اقصیٰ بی بی اور تین سالہ ذائشہ بی بی کے ہمراہ علی پور میں واقع اپنے دوسرے گھر جا رہے تھے۔ خاتون مریضہ کے مطابق اوچ شریف چوک بھٹہ روڈ کے سامنے جلالپور روڈ پر چھڑتے ہوئے ان کی کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق، زخمیوں میں:
    * خضر حیات ولد شبیر خان(عمر 26 سال) شامل ہیں، جنہیں سر پر چوٹ اور نچلے ہونٹ پر گہرا زخم آیا، وہ بے ہوش پائے گئے؛
    *اقصیٰ بی بی دختر شبیر خان (عمر 28 سال) کے سر پر چوٹ لگی تاہم وہ ہوش میں تھیں؛
    * جبکہ ذائشہ بی بی دختر محمد واجد (عمر 3 سال) کو معمولی خراشیں آئیں۔

    ریسکیو ٹیم نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تمام زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔ خوش قسمتی سے تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

    علاقہ مکینوں اور حادثے کے عینی شاہدین نے مطالبہ کیا ہے کہ جلالپور روڈ پر حد رفتار کی پابندی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف: تیز رفتار موٹرسائیکل اور کار میں خوفناک تصادم، ایک شخص شدید زخمی

    اوچ شریف: تیز رفتار موٹرسائیکل اور کار میں خوفناک تصادم، ایک شخص شدید زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف روڈ پر ایک ہولناک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار موٹرسائیکل اور آلٹو کار کے درمیان ہونے والے تصادم میں 55 سالہ محمد اقبال ولد پیرن دتہ شدید زخمی ہو گئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب موٹرسائیکل (نمبر BRQ-8810) سوار محمد اقبال روڈ کراس کر رہے تھے۔ اسی دوران اوچ شریف سے جلال پور کی جانب جانے والی آلٹو کار (نمبر ALR-458) نے انہیں ٹکر مار دی۔

    تصادم کے نتیجے میں محمد اقبال کو شدید چوٹیں آئیں۔ ان کی ناک کی ہڈی فریکچر ہو گئی، جسم پر گہری خراشیں آئیں، اور دائیں پاؤں کی دو درمیانی انگلیاں بھی ضائع ہو گئیں۔ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر محمد اقبال کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔

  • اوچ شریف: حضرت محبوب سبحانیؒ کے مزار پر جعلی خلیفوں کی وحشیانہ یلغار، زائرین پر تشدد، انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی

    اوچ شریف: حضرت محبوب سبحانیؒ کے مزار پر جعلی خلیفوں کی وحشیانہ یلغار، زائرین پر تشدد، انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف میں صوفی بزرگ حضرت مخدوم سید محبوب سبحانیؒ کے مقدس مزار پر جعلی خلیفوں کے ایک منظم گروہ نے دہشت گردی کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے مزار کے تقدس کو پامال کیا اور معصوم زائرین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس شرمناک واقعے نے اوچ شریف کے روحانی ماحول کو داغدار کر دیا ہے اور مقامی انتظامیہ کی غفلت پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    سندھ کے شہر گھوٹکی سے آئے ہوئے عقیدت مندوں پر خود ساختہ خلیفوں نے وحشیانہ تشدد کیا، زبردستی چندہ مانگا اور انکار کرنے والوں کو بدترین بدسلوکی اور مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کے مطابق، یہ جعلی خلیفے مسلح گروہ کی صورت میں مزار پر قابض ہیں اور زائرین کو لوٹنے کے لیے منظم جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے زائرین پر دباؤ ڈالا کہ وہ مزار کے چندہ بکس میں زبردستی "چراغی” ڈالیں اور انکار کرنے والوں پر حملہ کیا۔ اس حملے میں متعدد زائرین شدید زخمی ہوئے، جبکہ خواتین اور بچوں سمیت دیگر عقیدت مندوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

    زخمی زائرین نے بتایا کہ یہ جعلی خلیفے نہ صرف مزار کے تقدس کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ باقاعدہ طور پر لوٹ مار اور دہشت گردی میں ملوث ہیں، جس کی وجہ سے مزار پر آنے والے عقیدت مندوں کی تعداد میں واضح کمی آ رہی ہے۔

    مقامی شہریوں اور زائرین نے انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اوقاف اور مقامی پولیس اس منظم جرائم کے گروہ کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی خاموشی جعلی خلیفوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، جو مزارات کے تقدس کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ سیاحتی اور مذہبی سرگرمیوں کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔

    زائرین نے صوبائی حکومت، محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جعلی خلیفوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، ان کے گروہوں کو گرفتار کیا جائے اور مزارات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں تاکہ عقیدت مند بلا خوف و خطر اپنی عقیدت کا حق ادا کر سکیں۔

    اوچ شریف کے شہریوں نے حکومت پاکستان اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے فوری ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ اگر مقدس مقامات کی بے حرمتی کرنے والوں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو زائرین اور مقامی لوگ اپنے تحفظ کے لیے خود اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ شہریوں نے اس واقعے کو نہ صرف اوچ شریف بلکہ پورے ملک کے لیے شرمناک قرار دیا، کیونکہ مقدس مقامات پر اس قسم کی غنڈہ گردی اور دہشت گردی ناقابل برداشت ہے۔

    زائرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ سے بھی اپیل کی کہ مزارات کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر ایک جامع پالیسی بنائی جائے اور جعلی خلیفوں کے اس منظم نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔ اس واقعے نے نہ صرف اوچ شریف کے روحانی تشخص کو دھچکا پہنچایا ہے بلکہ حکومتی اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ خطرہ ہے کہ دیگر مزارات بھی اسی طرح کی یلغار کا شکار ہو سکتے ہیں۔

  • اوچ شریف: عباسیہ لنک کینال کے کنارے تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، کروڑوں کی سرکاری اراضی واگزار

    اوچ شریف: عباسیہ لنک کینال کے کنارے تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، کروڑوں کی سرکاری اراضی واگزار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)ضلعی انتظامیہ نے اوچ شریف میں عباسیہ لنک کینال کے اطراف قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ آپریشن کے دوران نہر کے کنارے قائم گھروں، دکانوں، چھپروں اور پختہ تعمیرات کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔

    اس کارروائی میں پولیس، واٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، اس آپریشن کا مقصد سرکاری اراضی کو واگزار کرانا اور نہر کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا کرنے والی تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کا کہنا ہے کہ "ہم نے تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی ہے، اور یہ آپریشن آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔”

    ذرائع کے مطابق، آپریشن کے نتیجے میں کئی کنال قیمتی سرکاری زمین واگزار کرائی گئی ہے جس کی مالیت کروڑوں روپے میں بتائی جاتی ہے۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی سے قبل متاثرہ افراد کو نوٹس جاری کیے گئے تھے، تاہم بعض شہریوں نے اس کارروائی پر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کی وجہ سے نہری نظام، صفائی، ماحولیاتی توازن اور شہری سہولیات متاثر ہو رہی تھیں، جنہیں اب بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ایسے آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ اوچ شریف کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔

    آخر میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات سے باز رہیں، اور کسی بھی شکایت کی صورت میں دفتر اسسٹنٹ کمشنر سے فوری رابطہ کریں، جہاں ان کی درخواست پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

  • اوچ شریف :سجاد عرف کالے خان نے مسجد میں کھلے عام توبہ کر کے نئی زندگی کا آغاز کر دیا

    اوچ شریف :سجاد عرف کالے خان نے مسجد میں کھلے عام توبہ کر کے نئی زندگی کا آغاز کر دیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) سجاد عرف کالے خان نے مسجد میں کھلے عام توبہ کر کے نئی زندگی کا آغاز کر دیا

    دھوڑ کوٹ میں آج ایک اہم اور روحانی منظر اس وقت سامنے آیا جب موضع ودھنور جھنگڑا شرقی سے تعلق رکھنے والے سجاد عرف کالے خان نے مسجد میں کھلے عام توبہ کرتے ہوئے اپنی سابقہ زندگی سے مکمل رجوع کا اعلان کیا۔

    یہ تاریخی لمحہ سابق پارلیمانی سیکرٹری سردار عامر یار وارن کے ڈیرے کے ساتھ واقع مسجد میں بعد نماز جمعہ پیش آیا، جہاں امام مسجد مولانا عبداللہ عباسی نے سجاد خان سے اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر توبہ کا حلف لیا۔

    سجاد عرف کالے خان نے مسجد میں سب کے سامنے کہاکہ”میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر اپنی مکمل توبہ کا اعلان کرتا ہوں، آج کے بعد میری نئی زندگی کا آغاز ہے۔”

    توبہ کے اس اعلان کی گواہی سردار جہانگیر وارن، صمد یار وارن اور درجنوں مقامی افراد نے دی۔ اس موقع پر خصوصی دعا بھی کی گئی۔ تمام متعلقہ ادارے، بشمول سی سی ڈی، تھانہ دھوڑ کوٹ، اسپیشل برانچ اور دیگر محکمے اس توبہ کا نوٹس لیں۔

    یہ اقدام نہ صرف ایک فرد کی اصلاح کی علامت ہے بلکہ سردار عامر یار وارن اور ان کے خاندان کی مثبت قیادت، اصلاحی سوچ اور علاقے میں امن و رواداری کے فروغ کا مظہر بھی ہے۔ علاقے میں اس کھلے عام توبہ کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔

  • اوچ شریف: بستی لکھویرا میں جھکا ہوا بجلی کا پول موت کا پیغام، واپڈا کی سنگدل غفلت پر شہری سراپا احتجاج

    اوچ شریف: بستی لکھویرا میں جھکا ہوا بجلی کا پول موت کا پیغام، واپڈا کی سنگدل غفلت پر شہری سراپا احتجاج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی/نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے مانک نوشہرہ کی بستی لکھویرا میں ایک خطرناک حد تک جھکا ہوا بجلی کا پول علاقہ مکینوں کے لیے موت کا سایہ بن گیا ہے۔ اس پول پر نصب ہائی وولٹیج مین سپلائی کی تاریں اور بجلی کے میٹر نہ صرف قریبی گھروں کو مسلسل خطرے میں ڈال رہے ہیں بلکہ کسی بھی وقت ایک بڑے سانحے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق پول کی بنیادیں مکمل طور پر کھوکھلی ہو چکی ہیں، سریے زنگ آلود ہو کر باہر نکل چکے ہیں اور یہ کسی بھی لمحے زمین بوس ہو کر درجنوں جانیں نگل سکتا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار واپڈا حکام کو اس صورتحال سے آگاہ کر چکے ہیں، مگر افسوسناک حد تک کسی قسم کا کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

    اہل علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واپڈا پر مجرمانہ غفلت کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واپڈا حکام کو انسانی جانوں کی کوئی پروا نہیں۔ شہریوں نے میڈیا کے سامنے چیخ چیخ کر سوال اٹھایا کہ کیا متعلقہ ادارے صرف اس وقت جاگیں گے جب کوئی خونریز حادثہ پیش آ جائے گا؟

    بستی لکھویرا میں اس صورتحال کے باعث شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔ بچے اسکول جانے سے ہچکچا رہے ہیں، بزرگ گھروں سے نکلنے سے گریزاں ہیں جبکہ خواتین ہر وقت کسی بھی ممکنہ حادثے کے ڈر سے سہمے ہوئے ہیں۔

    مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور خطرناک پول کی فوری مرمت یا تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس جان لیوا خطرے کو فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو آئندہ پیش آنے والا کوئی بھی سانحہ مکمل طور پر واپڈا کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کا نتیجہ ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔